دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

11فروری 2020:آج ضلع ڈیرہ غازی خان میں کیا ہوا؟

ضلع ڈہرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں، تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازیخان :

کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نسیم صادق نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان شہر میں صاف پانی کی وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔

سیوریج پائپ لائنز کی ہنگامی بنیاد پر صفائی کا آغاز کردیا ہے۔پانی کے ٹیوب ویل اور ڈسپوزل ورکس کے واجبات کی ادائیگی نہ ہونے پر بجلی کے کنکشن منقطع ہوجاتے ہیں۔

پانی نہ ملنے اور سیوریج لائن کی بندش سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ پانی کے کنکشن کی فیس اور واجبات فوری ادا کرکے ذمہ داری شہری کا ثبوت دیا جائے۔

کمشنر نسیم صادق نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شوریہ کینال پر نصب واٹر سپلائی کے ہر ٹیوب ویل کا تفصیلی جائزہ لیا ہے 32 میں سے 24 ٹیوب ویل تین سال سے خراب اور بند تھے۔

کمپنیوں کے عہدیداروں کو بلاکر مشینری دکھائی گئی اور بحالی کیلئے سفارشات طلب کیں انہوں نے کہا کہ کوشش ہے مرمت کرکے 28 فروری تک تمام 32 ٹیوب ویلوں سے صاف پانی کی فراہمی شروع کرائی جاسکے

جس کیلئے فنڈز کی ضرورت ہوتی ہے۔بجلی کے واجبات کی ادائیگی کیلئے شہری تعاون کریں۔پانی کنکشن کی فیس اور دیگر واجبات فوری ادا کئے جائیں۔

کمشنر نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ پانی کے غیر قانونی کنکشن کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے کنکشن منقطع کرنے کیلئے 12 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں

کنکشن منقطع کرنے کا سلسلہ بلاامتیاز جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ واجبات کی عدم ادائیگی پر سب سے پہلے کمشنر آفس میں پانی کا کنکشن منقطع ہوا

اور جرمانہ کے ساتھ واجبات کی ادائیگی کی گئی باقاعدہ درخواست پر پانی کا کنکشن بحال کرایا گیا۔


ڈیرہ غازیخان :

کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق سے پرائیویٹ سکولز مالکان اور عہدیداروں نے ملاقات کی۔اجلاس میں عوام کے مسائل کے حل کے لئے ملکر کام کرنے اور آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کیاگیا۔

کمشنرنے کہا کہ عوام کے اجتماعی مسائل کے حل کو پہلی ترجیح دی جارہی ہے۔کلین،گرین اینڈ سیف ڈی جی خان مہم کی کامیابی کیلئے ٹیم ورک کی ضرورت ہے۔

ملکر کام کرنے سے مختصر وقت میں مسائل حل ہوسکتے ہیں۔اجتماعی مسائل حل کرکے عوام کا اعتماد بحال کرایاجاسکتا ہے۔

مثبت آگاہی مہم میں نوجوان نسل کو آگے لایا جائے۔ تعلیمی اداروں میں طلباء وطالبات کی کردار سازی پر فوکس کیا جائے۔

اجلاس میں ڈیرہ غازی خان اور دیگر شہروں سے پرائیویٹ سکولوں کی انتظامیہ نے شرکت کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیع اللہ فاروق،سی ای او تعلیم شمشیر احمد،ڈی ای او سیکنڈری مہر سراج الدین،چیف آفیسر کارپوریشن اقبال فرید اور دیگر موجود تھے۔


ڈیرہ غازیخان :

پل ڈاٹ ڈیرہ غازی خان کے بعد پل پیارے والی کی کشادگی کا بھی ڈیزائن تیار کرلیا گیا۔پل چورہٹہ کی ری۔ڈیزائننگ کے احکامات جاری کردئیے گئے۔

جلد ہی مرحلہ وار تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے گا۔کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے کہا کہ عوام کو گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہنے کی اذیت سے بچانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہے ہیں۔

موجودہ پیارے والی پل کو دونوں طرف 30 فٹ تک کشادہ کرکے چاروں طرف سلپ روڈز بنائی جائیں گی۔

جنرل بس سٹینڈ،موجودہ سبزی منڈی، بس اور ویگن سٹینڈز کی وجہ سے پل پر گھنٹوں ٹریفک جام رہتی ہے خصوصاً تعلیمی اداروں کی چھٹی کے اوقات میں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

پل کشادہ ہونے سے عوام کو ذہنی پریشانی سے نجات ملے گی اور گاڑیوں کا ایندھن بھی بچے گا۔انہوں نے کہا کہ

پل چورہٹہ کو بھی ری۔ڈیزائن کیا جائے گا۔کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ پل ڈاٹ ڈیرہ غازی خان ملک کے چاروں صوبوں کی ٹریفک کا جنکشن ہے

۔بھاری گاڑیوں کی آمدورفت کئی گنا بڑھ جانے سے پل ڈاٹ کی کشادگی مجبوری بن گئی تھی۔پل کی کشادگی کیلئے حائل نجی رقبہ اور دکانیں خرید کرکے خالی کرادی گئی ہیں

جلد ہی چوک کی کشادگی شروع کردی جائے گی۔کمشنر نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان شہر کے مصروف چوکوں کے اطراف سلپ روڈز تعمیر کروائے جارہے ہیں۔


ڈیرہ غازیخان :

کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے کہا ہے کہ عمارتوں کے نقشہ اور کمرشل فیس فوری ادا کی جائے۔

پہلے سے جاری نقشہ فیس اور دیگر کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ دھوکہ دہی اور جعلسازی ثابت ہونے کارپوریشن عملہ سمیت ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔

انہوں نے یہ بات اپنے آفس میں بنک منیجرز،اکیڈمی اور دیگر کاروباری مراکز کے مالکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ واجبات کی عدم ادائیگی پر عمارتیں سربمہر کردی جائیں گی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ،

چیف آفیسر کارپوریشن اقبال فرید،ڈی او پلاننگ خورشید نصیر اور دیگر موجود تھے.


ڈیرہ غازیخان :

ڈیرہ غازی خان شہر کے ماتھے جنرل بس سٹینڈ سے ملحقہ رقبہ پر کئی سالوں سے جمع سینکڑوں ٹن کوڑا گہری خندقیں کھود کر دفن کرکے مٹی کی تہہ بنائی جانے لگی۔کمشنر نسیم صادق نے معائنہ کرکے پارک کی تیاری کی ہدایات جاری کیں۔

کمشنر نے کہا کہ کوڑا کرکٹ کی 80 کنال جگہ پر پارک بنایا جائیگا۔انہوں نے بتایا کہ کوڑا کرکٹ کی تلفی اور مٹی ڈالنے کیلئے 70 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا تھا

تاہم بہتر حکمت عملی اور شہریوں کے تعاون سے سرکاری فنڈ زخرچ کئے بغیر کوڑا تلف کرکے مٹی ڈال دی گئی۔انہوں نے کہا کہ

پی ایچ اے کی زیر نگرانی یہاں پارک بنایا جائیگا جس کیلئے بھاری مشینری پلاٹ تیار کررہی ہے اس موقع پر اے سی جی محمد یوسف چھینہ،

چیف آفسیر کارپوریشن اقبال فرید،ایکسئین زراعت انجینئرنگ چوہدری محمد ندیم اور دیگر افسران موجود تھے علاوہ ازیں کمشنر نے مانکا کینال پر گرین بیلٹس کی تیاری،

ڈی سیلٹنگ، ڈریسنگ او ردیگر کام کا جائزہ لیا انہوں نے چوک چورہٹہ کا دورہ کرتے ہوئے لنگر خانہ کی کلر سکیم کے بارے میں ہدایات جاری کیں.

کمشنر نے جنرل بس سٹینڈ میں موجود ورکشاپ کا بھی دورہ کیا او ر کارپوریشن کے مکینیکل سویپر، ٹریکٹر او ردیگر مشینری کی کلر سکیم کی تبدیلی کے عمل کا جائزہ لیا.


ڈیرہ غازیخان :

چیئر مین لینڈ ریکارڈ اتھارٹی پنجاب و ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف سردار احمد علی دریشک نے کہا ہے کہ ہمارے سیاسی مخالفین کے ایماء پر میرے خلاف منفی اور بے بنیاد الزامات لگا کر اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں

اور پارٹی کو بدنام کر نے کی سازش کی جا رہی ہے جبکہ اس ضمن میں سابق ضلعی سیکرٹری اطلاعا ت ملک محمد حنیف کا نہ صرف استعفیٰ قبول کر لیا گیا ہے

بلکہ ان کی پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت بھی معطل کر دی گئی ہے میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے انہوں نے کہا کہ مجھ پر جو الزامات لگائے گئے ہیں

ان کے اگر کسی کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائیں سردار احمد علی دریشک نے کہا کہ سابق ضلعی سیکرٹری اطلاعات کو میں نے اپنے ذاتی خرچہ پر اس کی والدہ کے ہمراہ عمرہ کے لئے سعودی عرب بھیجا

وہ محسن کش ثابت ہوا تاہم میرا ضمیر مطمئن ہے کہ میں نے ہمیشہ عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور کرتا رہوں گا

انہوں نے کہا کہ اپنے خلاف عائد ہو نے والے الزامات کے بارے میں پاکستان تحریک انصاف ضلع کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے

جس میں موجودہ صورتحال کا جائزہ لے کر ٹھوس لائحہ عمل مرتب کریں گے۔


ڈیرہ غازیخان:

انٹی کرپشن کا چھاپہ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسررشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار،نشان زدہ نوٹ برآمد،مقدمہ درج کرکے حوالات میں بند کردیا،

تفصیلات کے مطابق فریدآباد کالونی کے رہائشی شاہد عباس آرائیں نے سرکل آفیسر ارشد رند کو تحریر ی درخواست دی کہ میں محبوب آٹوز ڈی جی پر منیجر ہوں DVRsکے سلسلہ میں ایکسائز آفس موٹر سا ئیکلوں کی فائلیں جمع کراناچاہتا ہوں

تو ای ٹی او جام اجمل فی فائل کے حساب سے رشوت طلب کرتا ہے239فائلز جمع کرانی ہیں جس سرکل آفیسر نے اپنی ٹیم اے ایس آئی عبدالستار،

عمرپٹھان مجسٹریٹ گل عباس شاہ کے ہمراہ ایکسائز آفس میں چھاپہ مارا،ای ٹی او جام اجمل کو مبلغ 11ہزار لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا

اوراس کے خلاف مقدمہ نمبر 03/2020 بجرم 161/5/2/47 PCA درج کرکے حوالات میں بند کرلیا

ملزم کو آج مقامی عدالت پیش کرکے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔


ڈیرہ غازیخان:

شاکر ٹاؤن کا سیوریج سسٹم ناکارہ گلیاں گندے غلیظ پانی سے بھر گئیں۔ کھلے مین ہولز کی وجہ سے بچوں اور ضعیف افراد کا ہر وقت موت کا شکار ہونے کا خدشہ۔

تفصیل کے مطابق ڈی جی خان کی کالونی شاکر ٹاؤن کا پورا کا پورا سیوریج سسٹم ناکارہ ہو چکا ہے۔ جس کی وجہ سے گلیوں میں غلیظ اور گندہ پانی ہر وقت بھرا رہتا ہے مکینوں کا اپنے گھروں سے نکلنا محال ہے

نماز کیلئے مسجد تک جانا بھی بے حد دشوار ہو چکا ہے۔ کئی مین ہولز پر ڈھکن نہ ہونے کی وجہ سے بچوں اور ضعیف افراد کا ہر وقت موت کے منہ میں جانے کا خطرہ ہے

کئی بار ارباب اختیار کو مسئلے کی طرف توجہ دلانے کی کوشش کی گئی لیکن نہ تو مسئلہ کو ختم کرنے کی کو ئی کوشش گئی

ا ور نہ ہی مسجد اور فوجی والی گلی کے مین ہولز پر ڈھکن لگائے گئے مگر کئی ہفتے گزر جانے کے باوجود بھی شاکر ٹاؤن کا گندگی ختم کرنے کا مسئلہ ختم نہیں ہوسکا۔


ڈیرہ غازیخان :

صحابہ کرام ؓ وہ ہستیاں ہیں جن کے بارے قرآن مجید فرما رہا ہے کہ اللہ کریم ان سے راضی اور وہ رب کریم سے راضی آپؐ کی غلامی کے لیے جن اصحاب کو اللہ کریم نے منتخب فرمایا ان کے خلوص کا کوئی ثانی نہیں کہ

ایک صحابی ؓ ایک مٹھ جو،جو اللہ کی راہ میں دے اور آج کوئی احد پہاڑ کے برابر سونا دے تو وہ جَو بھاری ہو جائیگے۔اس لیے صحابہ کرام ؓ کی عظمت کو دل سے مان کر ہی اپنی بخشش کا سامان کر سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے اجتماع کے موقع پر سالکین کی بہت بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم نے اپنی عبادات اپنے اذکار کو دنیا کے ساتھ جوڑ دیا ہے اپنے اعمال کو اللہ کی رضا کے لیے اختیار کرنے کی ضرورت ہے اور یادرکھیں کہ

جو بھی نیک عمل ہوتا ہے وہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لاتا ہے۔اس لیے اپنے اذکار کو مضبوط کریں حضرت جی رحمۃ اللہ علیہ نے تصوف کے نام پر تمام خرافات کو جڑ سے صاف کیا

اور وہ تربیتی نظام دیا جو کہ اس طرح کی تمام امیزشوں سے پاک ہے۔انہوں نے کشمیراور دنیا کے مسلمانوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ

ہمارے مظلوم بھائی اپنے گھروں میں مقید ہیں اور بہت ہی مشکل حالات میں گزر بسر کر رہے ہیں اور ہم یہاں اُن کی عملی مدد کرنے کی بجائے ایک منٹ کی خاموشی اور موم بتیاں جلاتے ہیں۔

ہمارے اجداد نے تو کبھی ایسا نہیں کیا تھا ہم بحیثیت قوم اور بحیثیت امہ پستی کا شکار ہیں۔ہمیں سب سے پہلے اپنے اندر سے بے عملی کو ختم کرنا ہوگا۔

بات ہم ریاست مدینہ کی کرتے ہیں اور سود ی نظام عملی طور پر ملک میں رائج ہے۔ریاست مدینہ کے نقش قدم پر چلنے کے لیے وہی اصول اور قوانین اپنانے ہوں گے

جو مدینہ کی ریاست پر نافذ تھے۔تبھی ہم وہ تنائج حاصل کر سکتے ہیں۔اللہ کریم ہمیں صحیح شعور عطا فرمائیں۔

تصوف و سلوک بندہ مومن کی زندگی میں وہ انقلاب برپا کرتا ہے کہ اس کی تمام امیدیں اللہ وحدہ لاشریک سے وابستہ ہو جاتی ہیں اور یاد رکھیں کہ اس شعبہ کی تمام محنت بندہ کے قلب پر ہوتی ہے۔

اور اس میں کی گئی بات کا اثر براہ راست دل پر ہوتا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اس راہ کے مسافر اپنی بزرگی اور بڑائی میں نہ پڑیں۔

حتی کہ منازل و مراقبات بھی قربِ الٰہی کے حصول کے لیے ہوں۔جس طرح کسی بھی منزل پر پہنچنے کے لیے مجاہدہ ضروری ہے

بلکل اسی طرح اس شعبہ کے لیے بھی محنت و مجاہدہ شرط ہے۔آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اوراسلام کی بقا کی اجتماعی دعا فرمائی۔


ڈیرہ غازیخان :

ہمارے مطالبات چارٹر آف ڈیمانڈ جو کے حکومت کو دیا ہوا ہے کو منظور کیا جائے ہاؤس رینٹ الاؤنس کو نیو سکیل کے مطابق دیا جائے۔

ان خیالات کااظہار زونل صدر ایپکا حاجی گڈ و دستی نے اپنے مطالبات کے حق میں محکمہ اریگیشن ڈیپارٹمنٹ میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا

انہوں نے کہا کہ گروپ انشورنس کی رقم بوقت ریٹایئر منٹ جی پی فنڈ کی طرح واپس کیا جائے۔پیدا ایکٹ 2006 کو ختم کیا جائے

مہنگائی کے تناسب سے تنخواہ میں اضافہ کر کے ملازمین کو مہنگائی کی چکی سے نجات دلائی جائے احتجاجی مظاہرے میں

محمد رفیق سہرانی،محمد طارق خان،محمد سجاد کھوکھر،محمد ناصر،ملک امتیاز احمد،سجاد حسین منک وہ دیگر کثیرتعداد میں احتجای مظاہرے میں شریک تھے۔


ڈیرہ غازیخان :

پولیس تھانہ بی ڈویژن کی بڑی کاروائی، سادہ لوح شہری کی جیب کاٹنے والاجیب کترا گرفتار،تین لاکھ پچاس ہزار روپے برآمد،

مقدمہ درج تفصیلات کے مطابق کچھ روز قبل ایک مسافردین محمد ولد حاجی محمد کوہلو بلوچستان کا رہائشی بسلسلہ خریداری ڈیرہ غازی خان آیااس سادہ لوح شخص کے پاس 3 لاکھ 50 ہزار روپے تھے

جس کی رقم کو دو نا معلوم افراد دوران لفٹ موٹر سائیکل پر جیب کاٹ کر لے گئے ڈی پی او اسد سرفراز کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ بی ڈویژن نے بروقت کاروائی شروع کر دی

اور ملزم ریاض ولد رحیم بخش سہرانی کو سی سی ٹی وی فوٹیج سے ٹریس کر کے گرفتار کر لیا گیاملزم سے جیب سے کاٹی ہوئی رقم بھی برآمد کر لی گئی

گرفتار ہونے والا ملزم ریاض پولیس تھانہ سٹی کے مقدمہ میں مجرم اشتہاری بھی تھاجو پولیس تھانہ سٹی کو بھی مطلوب تھا

اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ بی ڈویژن عفت عباس کا کہنا تھا عوام الناس کے تحفظ اور خدمت کو یقینی بنایا جا رہا ہے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔


ڈیرہ غازیخان :

ڈی پی او اسد سرفراز نے تھانہ سٹی ڈیرہ کا اچانک دورہ کیادوران وزٹ حوالات میں بند قیدیوں اور ریکارڈ کو چیک کیا

زیر سماعت اور زیر تکمیل مقدمات کے متعلق دریافت کرتے ہوئے مجرمان اشتہاریوں کو جلد از جلد گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے

تھانہ کی بلڈنگ اور پولیس ملازمین کے رہنے کی جگہوں اور صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیاڈی پی او نے محرر تھانہ سٹی کو ہدایت کی کہ

تھانہ کا ریکارڈ احسن طریقے سے رکھتے ہوئے اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنائیں تھانہ میں آنے والے سائلین سے عزت و احترام ملتے ہوئے

ان کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائیں تھانہ میں صفائی ستھری کا خاص خیال رکھتے ہوئے صاف ستھرے ماحول کو برقرار رکھا جائے

انہوں نے کہا کہ وہ اسی طرح تھانوں کا اچانک وزٹ کرتے رہیں گے غفلت اور لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اس موقع پر ایس ایچ او سٹی نے انہیں بریفنگ بھی دی۔

About The Author