دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

10فروری2020:آج ضلع ڈیرہ غازیخان میں کیا ہوا؟

ڈیرہ غازیخان ():ڈپٹی کمشنرڈیرہ غازیخان طاہر فاروق کی ہدایت پر انتظامیہ کا چینی کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن،ٹمبر مارکیٹ میں 102500 کلوگرام چینی برآمد کرکے ضبط کرلی گئی اور گودام سیل کردیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ عبدالغفار اور اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے جاوید لنڈ کے گودام و دکان کو سربمہر کردیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ضلع میں چینی کی دستیابی کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے اور کسی کو مصنوعی قلت پیدا نہیں کرنے دیں گے۔ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ بلاامتیاز جاری رکھا جائے گا۔

ڈیرہ غازیخان (): ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں علاقہ کے مسائل کے حل کیلئے پہلی بار علماء سے رہنمائی لی گئی ہے.کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ علماء اور مذہبی شخصیات دینی اور دنیاوی کامیابی کیلئے انتظامیہ کی رہنمائی کریں۔کمشنر،ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز باقاعدگی سے تحصیل سطح کا دورہ کرکے علماء سے ملیں گے اور ان سے رہنمائی لیں گے۔کمشنرنے یہ بات اپنے دفتر میں ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں آر پی او عمران احمر،اسسٹنٹ کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ،اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ ملک محمد شاہد اور ڈویژن بھر سے تمام مکاتب فکر کے افرادموجود تھے۔کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ علماء رائے عامہ ہموار کرنے میں اہم کردار کرتے ہیں۔ملک میں مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے کردار ادا کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت اور حالات نے چند سال تک علماء کو ہم سے دور کردیا تھالیکن عوام کے مسائل کے حل،دینی اور دنیاوی کامیابی کیلئے مستقبل میں بھی علماء اور مذہبی شخصیات سے رہنمائی لیتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ علماء محراب و منبر سے بھائی چارہ کے فروغ کیلئے آواز بلند کریں۔کمشنر نے کہا کہ آئندہ وہ تحصیل سطح پر جاکر خود علماء سے ملاقات کرکے مسائل اور ان کے حل کے لئے رہنمائی لیں گے۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کیں کہ وہ تحصیل سطح پر علماء کے ساتھ اجلاس منعقد کریں آر پی او عمران احمر نے کہا کہ علاقہ میں امن و امان کے قیام کیلئے پولیس فورس ہرممکن وسائل استعمال میں لائے گی۔ اجلاس میں علماء نے عوام کے مسائل کے حل اور امن کے قیام کیلئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شہر اور ملک ہم سب کا ہے،ملکر ترقی کی شاہراہ پر گامزن کریں گے۔

ڈیرہ غازیخان ():وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں گندم کو کنگی سے بچانے کیلئے آگاہی اقدامات شروع کردئیے گئے ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع مہر عابد حسین نے سٹیک ہولڈرز کو تربیت دی۔آگاہی سیمینار میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ملک کلیم کوریہ اور دیگر موجود تھے۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع مہر عابد حسین نے تربیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گندم کو کنگی سے بچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں جس کے لئے آگاہی ضروری ہے۔کاشت کیلئے محکمہ زراعت کے سفارش کردہ بیج کے ساتھ پانی،کھاد اور زرعی ادویات استعمال کی جائیں۔

ڈیرہ غازیخان ():ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان طاہر فاروق نے شادن لنڈ کا دورہ کیا۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کمیٹی کے اراکین ہمراہ تھے۔رکن صوبائی اسمبلی سردار جاوید اختر لنڈ نے اپنے حلقہ کے ترقیاتی منصوبے چیک کرائے.ڈپٹی کمشنرنے دیہی پروگرام کے تحت زیر تعمیر سڑکوں پر ٹیسٹ کٹ لگائے اور کوالٹی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خامیوں کو فوری دور کرنے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ترقیاتی منصوبوں میں معیاری مٹیریل کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔ترقیاتی منصوبوں کو چیک کرنے کیلئے ضلعی سطح پر مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔کمیٹی کی سفارشات پر ناقص تعمیراتی کام اور تاخیری حربے استعمال کرنے والی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کرنے کے ساتھ جرمانے اور گرفتاریاں عمل میں لائی جاسکتی ہیں۔ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرانا متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے۔افسران اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیں.ڈپٹی کمشنر نے بوائز ڈگری کالج شادن لنڈ کے تعمیراتی کام میں سستی پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کام کی رفتار تیز تر کرنے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے ایم پی اے سردار جاوید اختر لنڈ کے ہمراہ دیہی مرکز صحت شادن لنڈ کا بھی دورہ کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری،ادویات کی موجودگی،طبی سہولیات اور دیگر ریکارڈ چیک کیا۔انہوں نے روڈز،سکول،کالج،ہسپتال،لوکل گورنمنٹ اور دیگر شعبوں کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ایم پی اے سردار جاوید اختر لنڈ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مفادکیلئے ملکر کام کریں گے۔ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کے بارے میں اراکین اسمبلی کو آگاہ کیا جائے۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل محمد عدیل،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خلیل احمد،ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام ڈاکٹر زوہیب حسن،ایگزیکٹو انجینئر ہمایوں مسرور اور دیگر افسران ہمراہ تھے.

ڈیرہ غازیخان ():ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان طاہر فاروق کا دورہ شادن لنڈ کھلی کچہری میں تبدیل ہوگیا۔ڈپٹی کمشنر نے مقامی ایم پی اے سردار جاوید اختر لنڈ کے ساتھ سائلین کے مسائل سنے،تحریری اور زبانی درخواستوں پر احکامات جاری کئے۔ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر عوام کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جارہی ہے۔اراکین اسمبلی کے تعاون سے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرانے کی کوشش کی جائے گی۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی اور دیگر افسران موجود تھے.

ڈیرہ غازیخان ():کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے روز کے معمول کے مطابق اپنے آفس کھلی کچہری لگائی۔مرد و خواتین کی تحریری اور زبانی درخواستوں پر احکامات جاری کئے کمشنر نے سائلین کی درخواستوں پر ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر افسران کو موقع کا خود معائنہ کرکے انکوئری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے ایک سائلہ کی درخواست پر آر پی او عمران احمر سے ڈکیتی کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے ٹیلی فون پر بات کی۔کمشنر نے کہا کہ جھوٹی درخواستیں دینے والوں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور جھوٹی درخواست پر دفعہ 144 کے تحت کارروائی کا بھی فیصلہ کیا۔درخواست میں جھوٹ کا شعبہ ہونے پر درخواست گزار سے اس کے خلاف کارروائی کیلئے باقاعدہ تحریرلی جائے گی۔

ڈیرہ غازیخان (): وزیر اعظم اور وزیر اعلی کی کلین اینڈ گرین مہم کی کامیابی کیلئے ڈیرہ غازی خان کو صوبہ کے دیگر اضلاع میں نمایاں مقام دلانے کیلئے ملکر کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر آفس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیع اللہ فاروق کی زیر صدارت اجلاس میں اہداف دے دئیے گئے. ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری اور نجی محکموں کے علاوہ سول سوسائٹی کے تعاون سے ضلع ڈیرہ غازی خان کو کلین اینڈ گرین کیا جائیگا۔شجرکاری،صفائی اور عمارتوں کو رنگ و روغن کیا جائے گا۔مہم سے پہلے اور بعد کا تصویری اور ویڈیو ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ہرفرد کی شمولیت سے مہم کو کامیاب کیا جاسکتا ہے جس کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔اپنے گھر،گلی اور محلہ میں سرگرمی کرکے ان کو ریکارڈ پر لایا جائے۔اجلاس میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ملک محمد رفیق،ڈپٹی ڈائریکٹر ملک محمد رمضان،ریحانہ عنبرین،رضوان جمیل،عمران لودہی،سمیرا بانو،سلیم الیاس،صدر پریس کلب سجاد احمد چنوں،حذیفہ قاسمی اور کمیٹی کے دیگر اراکین موجود تھے.

ڈیرہ غازیخان (): ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں گنا کی پیداوار اور کاشت شدہ رقبہ کے دوبارہ سروے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔ٹڈی دل کی تلفی کیلئے گاؤں سطح پر ایکشن پلان مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کمشنر نسیم صادق نے محکمہ زراعت کو ٹاسک دے دیا ہے.کمشنر نے ڈائریکٹر زراعت توسیع کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت کاشتکاروں سے ملکر گنا کی پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات کرے۔گزشتہ سال کی پیداوار کا بھی ریکاڈ پیش کیا جائے۔کمشنر نے سیڈ کارپوریشن کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بیج کی کوالٹی رپورٹ بھی طلب کرلی۔ کمشنر نے کہا کہ ٹڈی دل کی موثر تلفی کیلئے کاشتکاروں سے رہنمائی لی جائے۔ہر گاؤں اور تحصیل کیلئے الگ ایکشن پلان مرتب کیا جائے۔

ڈیرہ غازیخان ():ڈیرہ غازیخان شہر میں غیر قانونی واٹر سپلائی کے کنکشن منقطع کرنے کیلئے بارہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں غیر قانونی کنکشن کا سروے مکمل کر لیاگیا اور ٹیموں کو فہرست اور ضروری آلات فراہم کر د یئے گئے. کمشنر نسیم صادق نے ٹیموں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے علاقوں میں بلاامتیاز کریک ڈاون کریں. کنکشن منقطع کرنے کے ساتھ مکینوں کو ہدایات بھی جاری کی جائیں کہ وہ اپنے کنکشن ریگولر کرائیں جس کیلئے ان کی درخواست پر کارپوریشن 24گھنٹے کے اندر عملدرآمد کرے گی اور کنکشن لگائے جائیں گے. کمشنر نے کہاکہ کنکشن منقطع کرنے کا باقاعدہ ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے. انہوں نے کارپوریشن کے نادہندگان کو واضح پیغام دیا کہ وہ پانی کی فیس اوردیگر واجبات فوری ادا کریں. انہوں نے کہاکہ شہریوں پر فی الحال کوئی نیا ٹیکس نہیں لگا رہے. فیس بڑھانے کا بھی کوئی ارادہ نہیں تاہم نادہندگان کی طرف سے مثبت ردعمل سامنے نہ آنے پر جرمانے اور دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے.

ڈیرہ غازیخان ():ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ملک محمد شاہد کی سر براہی میں محکمہ زراعت کی ٹیم نے کوٹ چھٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے سونا یوریا، گرینولرکی چار سو بوری کھاد برآمد ہونے پر گودام سیل اور ڈیلر رانا انتظار کو بیس ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا جبکہ کھاد قبضہ میں لے لی گئی. اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع مہر عابد حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر غلام محمد بزدار او ردیگر موجو دتھے.

ڈیرہ غازیخان ():وزیر اعلی پنجا ب سردارعثمان احمد خ ان بزدار کی ہدایت پر ضلع ڈیر ہ غازیخان میں عوام کو اشیائے خوردونوش سرکاری نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فعال کر دیاگیاہے. نرخنامے نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی. ذخیرہ اندوزی او راشیاء کی مصنوعی قلت پر مقدمات اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی. ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ عبدالغفار نے کہاکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے گا. مجسٹریٹ اپنے علاقو ں میں نکلیں او رسرکاری نرخوں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں. اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیاگیا. اجلاس میں سٹی صدر پاکستان تحریک انصاف ملک محمد اقبال ثاقب اور تاجر تنظیموں کے نمائندے بھی موجو دتھے.

ڈیرہ غازیخان ():مانکا کینال سمیت ڈیرہ غازی خان شہر میں سٹریٹ لائٹس آئندہ ماہ فنکشنل کردی جائیں گی۔ٹینڈر جاری کردیا گیا ہے۔کمشنر نسیم صادق نے مانکا کینال کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں موجود ناکارہ کھمبے نکال دئیے جائیں گے۔کھمبوں کو رنگ کرنے کے علاوہ لٹکتی رسیاں اتاری جائیں گی۔انہوں نے معائنہ کے دوران ضروری ہدایات بھی جاری کیں.

ڈیرہ غازیخان ():ڈیرہ غازی خان میں سوکھے،گرے ہوئے درخت نیلام کئے جائیں گے جس کیلئے 13 فروری کو ٹینڈر جاری کیا جائے گا۔سوکھے درختوں کی جگہ ماحول دوست بڑے پودے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے کہا کہ سوکھے،گرے اور لیٹے درختوں سے حادثات کے علاوہ ٹریفک کی روانی میں خلل پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم میں علاقہ کی زمین اور پانی کو سامنے رکھتے ہوئے مکمل پرورش کے پودے لئے جائیں گے۔عوام بھی وزیر اعظم اور وزیر اعلی کی کلین اینڈ گرین مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

ڈیرہ غازیخان ():جنوبی پنجاب کے صحت افزا مقام فورٹ منرو میں سیاحوں کی سہولت کیلئے کمشنر آفس سمیت تمام سرکاری ریسٹ ہاؤس کو ہوٹلز ڈیکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے کہا کہ فورٹ منرو میں 20 کے قریب سرکاری ریسٹ ہاؤسز کو عوام کے لئے کھول دیا جائیگا۔پانی کی فراہمی،سکیورٹی اور دیگر سہولیات بہتر کی جائیں گی۔انہوں نے فورٹ منرو میں ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے پیشرفت رپورٹ اور افسران کی فورٹ منرو میں موجودگی کا ریکارڈ طلب کرلیا۔

ڈیرہ غازیخان ():ریجنل ڈائریکٹر انٹی کرپشن ڈیرہ غازیخان محمد حمزہ سالک نے کہا ہے کہ افسران سرکاری زمینوں کو واگزار کرائیں، پرانی انکوائریز کو جلد مکمل کیا جائے اور ٹریپ ریڈز عمل میں لائے جائیں تاکہ کرپشن کے خاتمہ اور عوام کو ہر ممکن انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے. انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی. اجلا س میں ریجن بھر کے افسران نے شرکت کی. ریجنل ڈائریکٹر نے اجلاس کے دوران ریجن کے افسران کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا او رکارکردگی بہتر بنانے کیلئے ہدیات جاری کیں.

ڈیرہ غازیخان ():ڈیرہ غازیخان شہر میں شادی تقریبات کے دوران روڈ پر پارکنگ کرنے والے میرج ہال مالکان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیاگیا ہے. کمشنر نسیم صادق نے مالکان کو بلا کر واضح ہدایات جاری کردیں. کمشنر نے کہاکہ مالکان پارکنگ گنجائش کو دیکھتے ہوئے بکنگ کریں. سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی نہیں ہونے دی جائیں گی. خلاف ورزی پر جرمانے اور دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے. گنجائش سے زیادہ بکنگ پر گاڑیاں روڈ پر کھڑی کر دی جاتی ہیں جس سے عوام کو آمدو رفت میں مشکلات پیش آ تی ہیں میرج ہال مالکان چار دیواری کے اندر پارکنگ کو یقینی بنائیں. میرج فنکشن آرڈیننس کے تحت غیر ضروری لائٹنگ،آتشبازی، ہوائی فائرنگ کی خلاف ورزی روکنے سمیت تقریبات د س بجے رات سے قبل ختم کر دی جائیں اور ون ڈش پابندی پر عملدرآمد کرایا جائے. اس موقع پر چیف آفیسر کارپوریشن اقبال فرید، ایگزیکٹو انجینئر زراعت انجینئرنگ چودھری ندیم اوردیگر موجو دتھے.

ڈیرہ غازیخان ():ضلع کچہری میں ریونیو ریکارڈ میں پر اسرار طور پر ہو نے والی آتشزدگی کے نتیجہ میں جلنے والے ریکارڈ کی دوباری تیاری کے لئے کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ طاہر فاروق کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی جس پر فوری طور پر ضلع بھر کے پٹواریوں کو طلب کر کے ریکارڈ مرتب کر نے کی ہدایت کر دی گئی ہے ان احکامات کی وجہ سے پٹوار خانے بند ہیں اور سائلین کو سخت دشواری کا سامنا ہے درجنوں ضمانتوں کے گوشوارے جاری نہ ہو نے کی وجہ سے التواء کا شکار ہیں دوسری طرف ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے پٹواریوں کو ریکارڈ مرتب کر نے کے احکامات کے ساتھ ہدایت کی ہے کہ ریکارڈ میں کسی قسم کی تبدیلی یا ردو بدل نہ کی جا ئے ایسی صورتحال علم میں آنے پر سخت محکمانہ کاروائی ہو گی۔

ڈیرہ غازیخان ():ٹیچنگ ہسپتال میں 20روز سے سی ٹی سکین مشین خراب مریضوں کو پرائیوٹ لیب پر ریفر کیا جانے لگا، تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ گزشتہ 20روز سی ٹی سکین مشین خراب پڑی ہے ہسپتال میں آئے مریضوں کو ہسپتال کے سامنے پرائیویٹ لیب سے سٹی سکین کروانا پڑتا ہے اور پرائیویٹ کلینکس سے 3500 سے 4000روپے وصول کئے جا رہے ہیں جو علاج معالجہ کے لئے آنے والے مریضوں کی استعداد سے باہر ہے مبینہ طور پر ہسپتال عملہ نے سی ٹی سکین مشین کو جان بوجھ کر خراب کیا ہوا ہے تاکہ وہ پرائیویٹ لیب سے اپنا کمیشن وصول کر سکیں ہسپتال میں بلوچستان اور خیبر پختون خواہ کے نزدیکی شہروں سے بھی مریض ڈیرہ ہسپتال آتے ہیں دور دراز سے آنے والے مریضوں کی واحد سرکاری علاج گاہ میں دوائی سے لیکر مختلف ٹسٹ اور ایکسرے وغیرہ کی سہولت نہ ہونے کے برابر ہے۔ تقریباََ 17لاکھ سے زائد کی آبادی والے ضلع ڈیرہ غازی خان کے باسیوں کے لیے موجود ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان میں گذشتہ ایک ماہ سے شدید زخمی و دیگر مریض اپنی بیماری کی تشخص کیلے در بدر کی ٹھوکریں کھا نا پڑتی ہیں مریضوں اور ان کے ساتھ آنے والے لواحقین کا یہاں کوئی پرسان حال نہیں ہوتا مینجمنٹ میں شامل ڈاکٹرز کا رویہ ہسپتال آنے والے لوگوں کے ساتھ نامناسب ہوتا ہے۔جبکہ حکومت پنجاب نے ہسپتال کو کروڑوں روپے کا بجٹ منظورکر کے فنڈز دیئے ہوئے ہیں۔ باوجود اس کے ہسپتال میں یہ اہم ترین بنیادی سہولیات ہسپتال میں نہ ہونے کے برابر ہیں مریضوں کے لواحقین احمد رضا، امتیار احمد، سراج الحسن، محمد ریاض وغیرہ نے کمشنر ڈیرہ اور ڈی سی او ڈیرہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور عوامی شکایات کا ازالہ کیا جائے ادھر ڈسٹرکٹ بار کے رکن ملک محمد عمر فاروق ایڈووکیٹ نے اس گھمبیر صورتحال سے کمشنر،ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام کو مسئلہ سے آگاہ کر نے کے باوجود شنوائی نہ ہو نے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ غازی خان کی عدالت میں رٹ بھی دائر کر دی ہے جس میں اندراج مقدمہ کی استدعا کی گئی ہے رابطہ کر نے پر ڈی ایم ایس،فوکل پرسن ڈاکٹر خالد تحسین نے بتایا کہ سی ٹی سکین مشین 9جنوری تک ٹھیک تھی جو کہ 20جنوری کو خراب ہو گئی متعلقہ کنٹریکٹر کو مرمت کے لئے بلوایا گیا تھا جنہوں نے رپورٹ دی کہ مشین کی پکچر ٹیوب خراب ہو گئی ہے جو سنگاپور سے منگوائی جا ئے گی پکچر ٹیوب سنگا پور سے منگوانے کے لئے آر ڈر بھجوا دیا ہے جیسے ہی پکچر ٹیوب آئے گی مشین کو مرامت کرا کر فنگشنل کر دیا جا ئے گا اس دوران ٹیچنگ ہسپتال کی طرف ایمرجنسی مریضوں کے فری سٹی سکین کے لئے متبادل نظام بھی کیا ہوا ہے مریضوں کو سی ٹی سکین کی مفت سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

ڈیرہ غازیخان (): پی ٹی آئی کی ڈسٹرکٹ باڈی ڈیرہ غازی خان کا دوسرا باضابطہ اجلاس ضلعی سکریٹریٹ کالج چوک میں ہوا جس کی صدارت ضلعی صدر احمد علی دریشک، ضلعی جنرل سیکرٹری محمد لطیف خان پتافی نے کی اجلاس میں آئے ہوئے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق سے پاکستان تحریک انصاف کے ضلع صدراحمد علی دریشک اور ضلعی جنرل سیکرٹری محمد لطیف خان پتافی سے تمام عہدیداران کا تعارف کرایا بعد ازاں ضلعی صدر نے عہدیداروں کو اجلاس کے ایجنڈے پر بریفنگ دی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحصیل لیول پر بہت جلد تنظیم سازی کی جائے گی اس موقع پر احمد علی دریشک نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب نہ صرف پارٹی ورکر کو عزت دی جائے گی بلکہ پارٹی ورکر کے تمام جائز کام بھی حل کئے جائیں گے جنرل سیکرٹری محمد لطیف خان پتافی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کارکنان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اور ہر ہفتے عہدیداران سے خصوصی میٹنگ بھی کی جائے گی۔جس میں عوام کے مسائل کے حوالے سے گفتگو بھی کی جائے گی۔

ڈیرہ غازیخان ()سنیئر صحافی چودھری اختر علی گجر کی ہمیشرہ بقضائے الٰہی انتقا ل کرگئیں ان کی نماز جنازہ گزشتہ روز گھنٹہ گھر گول باغ میں ادا کی گئی جس میں سیاسی و سماجی رہنماﺅں ،وکلاء،تاجروں اور صحافیوں سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور مرحومہ کی مغفرت کے دعا کی گئی مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی مورخہ 12فروری بروز بدھ صبح 09بجے بلاک Eکی جامع مسجد میں ادا کی جائے گی شرکت فرما کر ثواب دارین حاصل کریں

About The Author