جنوری 10, 2025

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

07فروری2020:آج ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کےضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے

اربوں روپے کی اراضی جعلی انتقالات کے ذریعے قبضہ مافیا کوکوڑیوں کے دام فروخت ہونے کا انکشاف سامنے آگیا

ڈیرہ اسماعیل خان :جی پی او چوک ڈیرہ کے قریب اربوں روپے کی اراضی جعلی انتقالات کے ذریعے قبضہ مافیا کوکوڑیوں کے دام فروخت ہونے کا انکشاف سامنے آگیا، جوڈیشل مجسٹریٹ ڈیرہ نے استغاثہ کی درخواست پر قبضہ مافیا کے سرغنہ سمیت 26 افراد کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیر کی جانب سے انکوائری مکمل ہونے بغیر این او سی جعلی اور بوگس انتقالات پرموجودہ رجسٹرار سمیت چاررجسٹرار اور تین وثیقہ نویسوں کے خلاف محکمہ انکوائری کی سفارش کردی گئی ،قبضہ مافیا اور ان کی پشت پناہی کرنے افسران نے بچاﺅ کے لئے بھاگ دوڑ شروع کردی ۔استغاثہ کے مطابق ڈیرہ کے نواحی علاقہ کوکار کے رہائشی ڈاکٹر حضرت خان کی جانب سے سول کورٹ ڈیرہ میں ڈاکٹر حضرت خان بنام حسین جان وغیرہ کے عنوان سے تکمیل معاہدہ کے ساتھ جوڈیشل مجسٹریٹ ڈیرہ کی عدالت میں استغاثہ زیر دفعات420,406.427,452,506,500,148,149.161 ت پ کے تحت دائر کیا جس میں موقف اختیار کیا کہ جی پی او چوک کے قریب واقع پلاٹ 01 تا14 اور 16.18.20 سال 2012 میں حسین جان سے سٹہ پر لی لیکن اس نے زائد رقم کے لالچ میں بقایا رقم لینے سے انکار ی ہوگیا جس کے خلاف سول عدالت نے دعویٰ تکمیل معاہدہ میں حکم امتناعی جاری کیا لیکن محکمہ ریونیو ڈیرہ کی ملی بھگت سے کنٹونمنٹ بورڈ ڈیرہ سے این او سی حاصل کیے بغیر اس نے مذکورہ پلاٹس قبضہ مافیا کے نام انتقال کردیئے ، استغاثہ کے دوران باربار نوٹسز جاری ہونے کے باوجود ملزمان کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے 26 افراد کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری کے احکامات جاری کردیئے ہیں ،دوسری جانب ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے درخواست پر پلاٹس کی منتقلی کے حوالے سے انکوائری مکمل کرکے 26.02.19 کو اپنی رپورٹ میں پلاٹس کے انتقالات کو بوگس اور جعلی قراردے دیا اور انسپکٹر جنرل آف رجسٹریشن ریونیواینڈ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کو ڈیرہ کے موجودہ رجسٹرار سمیت چار رجسٹراروں اور تین وثیقہ نویسوں کے خلاف محکمانہ کاروائی کی سفارشات ارسال کر دی ہیں ،


قاتلانہ حملے میں سکول ٹیچر سمیت تین افراد شدید زخمی ہوگئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تھانہ صدر کی حدود لنک روڈ گمل کلاں پر مسلح افراد نے لاتوں مکوں اور لاٹھیوں کے وار سے سکول استاد سمیت تین افراد پر قاتلانہ حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کردیا ،سکول استاد کے بازو اورٹانگیں توڑ دی گئی ،ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ،سکول استاد کی حالت تشویشناک ،پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق گورنمنٹ سکول کورائی میں تعینات سکول ٹیچر 52 سالہ رحمت اللہ ولد ہوت خان بلوچ سکنہ گمل کلاں دیگر دو ساتھیوں قاری عثمان اور حضر ت علی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر گھر سے کورائی آرہا تھا کہ لنک روڈ پر ان کے مخالف ملزمان نے انہیں روک لیا اور لاتوں مکوں اور لاٹھیوں سے ان پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں تینوں شدید زخمی ہوگئے ،ملزمان ارتکاب جرم کے بعد موقع سے فرار ہوگئے،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے جہاں سکول ٹیچررحمت اللہ کی حالت انتہائی تشویشناک بیان کی گئی ہے جس کے دونوں بازو اورٹانگیں ٹو ٹ گئی ہیں۔پولیس نے زخمی رحمت اللہ کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا،وجہ عداوت اراضی پر تنازع بتائی گئی ہے۔


سلح ملزمان اپنے ساتھی منشیات فروش کو پولیس سے چھڑا کر ساتھ لے جانے میں کامیاب

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) پولیس کی کاروائی کے دوران منشیات فروشوں کا پولیس اہلکاروں پر اچانک حملہ ، مسلح ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے گرفتاربدنام زمانہ فروش کو پولیس کے قبضہ سے چھڑا کر اپنے ساتھ لے جانے میں کامیاب ہوگئے ،ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا،ذرائع کے مطابق پنیالہ کے علاقہ رحمانی خیل میں بدنام زمانہ منشیات فروش شاہ آفریدی کی موجود گی اور علاقہ میں منشیات فروخت کرنے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اسے قابوکرکے گرفتارکرلیا۔اس دوران اس کے دیگر مسلح ساتھی ملزمان نے پولیس پر اچانک حملہ کردیا اور فائرنگ کرتے ہوئے منشیات فروش کو پولیس کے قبضہ سے چھڑا لیا اور اسے اپنے ساتھ لے جانے میں کامیاب ہوگئے ، پنیالہ پولیس نے منشیات فروش اور اس کے دیگر ساتھیوں غلام جیلانی ،غلام یزادی ،ہمایوں ،حمزہ علی ،مدثر ساکنان رحمانی خیل سمیت دس افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا


منگنی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ پر نوجوان کو گرفتار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)منگنی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ پر نوجوان کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیاگیا ،پولیس نے نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے حوالات میں بند کردیا ، پولیس نے علاقہ وانڈہ کالی میں نعمان نامی شخص کی منگنی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ ہونے کی اطلاع پر علاقہ میں چھاپہ مارا جہاں ملزم عبدالرحیم ولد سید رسول قوم مروت سکنہ وانڈہ جمال ہوائی فائرنگ کرتا ہوا پایاگیا ،پولیس نے ملزم کو موقع سے رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے ایک پسٹل تیس بور اور تین کارتوس برآمد کرلیے ۔پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے حوالات میں بند کردیاہے۔


سود خور دکاندار گرفتارکرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سود خود وں کے خلاف پولیس کا گھیرا تنگ کردیاگیا ،پولیس نے خوردنی اجناس سود پر دینے کے الزام میں دکاندار کے خلاف سود ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے گرفتارکرلیا ،پولیس ذرائع کے مطابق کلاچی پولیس نے کاروائی کے دوران سود خور دکاندار ضیاءالرحمٰن سکنہ محلہ شیخی کلاچی کو گرفتار کرکے اس کے خلاف سود ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزم طویل عرصہ سے اپنی دکان میں چینی ،باجرہ ،آٹا اور دیگر اشیاءخوردنی سود پر دینے کا مکروہ دھندہ کرتاتھا۔


جعلی رجسٹری کرانے کے الزام میں وثیقہ نویس اور خاتون سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)مکان فروخت کرکے دھوکہ دہی سے جعلی بوگس کاغذات بنوا کر جعلی رجسٹری کرانے کے الزام میں وثیقہ نویس اور خاتون سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق محلہ چمن چوک سٹی ڈیرہ کے رہائشی محمد زاہد ولد محمد یٰسین راجپوت نے تھانہ کینٹ میں رپورٹ درج کرائی کہ ملزمان سے مریالی میں واقع مکان 17 لاکھ روپے کے عوض خریدا ،رہائش کے لئے ملزمان سے مکان وآپس مانگا توا نہوںنے دھوکہ دہی سے بوگس کاغذات بنوا کر جعلی رجسٹری کرالی ہے۔پولیس نے متاثرہ شہری کی رپورٹ پر ملزمان محمد لقمان ،تصور حسین ،ارشد پرویز ،شاہراہ بی بی اور وثیقہ نویس اصغر عباس شاہ سمیت پانچ افراد کے خلاف دھوکہ دہی جعلسازی اور فراڈ کا مقدمہ درج کرلیاہے۔


انتقال پرملال

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ایڈیشنل سیشن جج IV ڈیرہ کے ریڈر عمرجان کی اکلوتی چھ ماہ کی بیٹی علالت کے بعد ملتان میں انتقال کرگئی ،بچی کی نماز جنازہ ادا کرکے اسے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا ہے،اس موقع پر ان کے سٹاف ممبر نائب قاصد ہدایت اللہ گنڈہ پور ،سٹینو گرافر عبدالباقی ،جونیئر کلرک عماد کے علاوہ دیگر جوڈیشری سٹاف نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے بچی کے درجات کی بلندی اور والدین کے صبروجمیل کی دعاءکی ہے۔
٭٭٭
[07/02, 11:40 p.m.] Gohar Ghuncha: غیر قانونی ڈیزل وگریس سمگل کرنے کی کوشش ناکام

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کروڑوں روپے مالیت کاغیر قانونی ڈیزل وگریس سمگل کرنے کی کوشش ناکام ،ڈیرہ پولیس نے کاروائی کے دوران علاقہ گنڈی عاشق کے قریب چالیس ہزارلیٹر نان کسٹم پیڈ ایرانی ڈیزل اور ڈیڑھ سو کاٹن گریس برآمد کرکے انہیں کسٹم حکام کے حوالے کردیا ،پولیس ذرائع کے مطابق دسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان کیپٹن (ر) واحد محمود کی ہدایات پر ضلع بھر میں امن وامان کے قیا م ، انسداد جرائم اور سمگلنگ کے لیے موثر پولیس گشت اور ناکہ بندیاں قائم کر کے سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ چیکنگ کے اس تسلسل میںایس ایچ او تھانہ درابن انسپکٹر محمد رمضان خان معہ پارٹی پولیس نے درابن کے علاقے گنڈی عاشق کے مقام پر ہینو ٹرک نمبر TLC/166 کو روک کر تلاشی کے دوران ٹرک میں 40 ہزار لیٹر نان کسٹم پیڈ ایرانی ڈیزل اور 150 کاٹن گریس برآمد کیا گیا ۔ جو کہ ملکی خزانے کو نقصان پہنچاتے ہوئے کسٹم ڈیوٹی ادا کیے بغیر سمگل کیا جارہا تھا ۔ پولیس نے سمگل شدہ سامان موقع پر کسٹم حکام کے حوالے کر دیا ہے ۔


فصلوں پر ٹڈی دل کے شدید حملہ سے نمٹنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے محمد عمیر

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا ہے کہ درابن کے علاقہ میں فصلوں پر ٹڈی دل کے شدید حملہ سے نمٹنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے ہیں، محکمہ زراعت کی 4ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پران علاقوں میں سپرے کر رہی ہیں،انشاءاللہ اس مشکل پر جلد مکمل طور پر قابو پالیا جائے گا، میلہ اسپان کے انعقاد سے جہاں لوگوں کو بہتر تفریحی مواقع میسر آتے ہیں وہیں ڈیرہ اسماعیل خان کی ثقافت بھی اجاگر ہوتی ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میلہ اسپان جو کہ ہر سال منعقد کیا جاتا ہے اس میں مختلف مقابلوں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ دیگر تفریحی سرگرمیاں بھی شامل ہوتی ہیں جن میں کشتی (دودا)، کیٹل شو، سٹون لفٹنگ، کتا ریس، بیل گاڑی ریس، والی بال، گھڑ دوڑ، نیزہ بازی کے علاوہ جھومر، اتنڑ و دیگر روایتی و ثقافتی رقص شال ہوتے ہیں جبکہ بسنت کے حوالے سے مختلف گلوکاروں کے پروگرامز بھی ترتیب دئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ماضی کی طرح امسال بھی میلہ اسپان ماہ مارچ کے آخری عشرے میں منعقد کیا جائیگا جبکہ 23مارچ (یوم پاکستان) بھی میلے کے دوران منایا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن اور محکمہ سپورٹس کے زیر اہتمام میلے کے دوران 25مختلف ایونٹس منعقد کئے جائیں گے جس میں مختلف سکولوں کے طلباءکی جانب سے تقاریر و مشاعرے کے مقابلے اور پی ٹی شوز بھی شامل ہوں گے۔ مزید بتایا گیا کہ میلے کے دوران مختلف محکموں کی جانب سے معلوماتی سٹالز بھی لگائے جائیں گے جس سے لوگوں کی آگاہی میں مزید اضافہ ہو گا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے کہا کہ میلہ اسپان جیسی تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد خوش آئند بات ہے جبکہ اس سے ثقافت کو بھی فروغ ملتا ہے۔


دکان میں آتشزدگی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) دکان میں آتشزدگی کے دوران ہزاروں روپے مالیت کا ڈرائی فروٹ و دوکان میں موجود دیگر سامان جل کر راکھ ہوگیا،اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پاکر مزید نقصان ہونے سے بچالیاگیا، مقامی ذرائع کے مطابق درابن چونگی آڑہ روڈپر مدرسہ مولانا علاو¿الدین کے قریب دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے پوری دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور دکان میں موجود ہزاروں روپے مالیت کا ڈرائی فروٹ اوردوکان کا دیگر سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔


صاف پانی میں سیوریج کا پانی شامل ہونے لگا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)شہر وگردونواح کے ہزاروں باسی گندا پانی پینے پر مجبور ،سیوریج کی پائپ لائنیں جگہ جگہ سے لیک ہونے کی وجہ سے صاف پانی میں سیوریج کا پانی شامل ہونے لگا ،ڈیرہ شہر کے باسی گندا بدبودار ،مضر صحت پانی پینے پر مجبور ،منرل واٹر فروخت کرنے والوں کی چاندی ،غریب عوام صاف پانی کے لئے دربدر ،خواتین اور بچے واٹر فلٹریشن پلانٹس پر پانی لینے جائیں تووہاں لمبی قطاروں میں کھڑا ہونا پڑتاہے،شہر کے مختلف علاقوں میں لگے واٹر فلٹریشن پلانٹس کے واٹر فلٹر تبدیل نہ ہونے کے باعث وہ خاموش زہر اور قاتل بن چکے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ کی طرف سے کوئی بھی بندوبست نہیں کیا جارہا جس کے باعث پانی میں بیماریاں پھیلانے والے جراثیم شامل ہورہے ہیں ۔اندرون شہر کے علاقہ مکینوں نے بتایا کہ واٹر سپلائی کی لائنیں زنگ آلود ہونے کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے سیوریج کا گندہ پانی واٹر سپلائی کے پانی میں شامل ہوکر گھروں میں سپلائی کیا جارہا ہے ،شہری اس پانی کو امرت سمجھ کر پینے پر مجبور ہیں ،ڈیرہ شہر کے شہری بنیادی سہولتوں سے بری طرح محروم ہوچکے ہیں ،منتخب عوامی نمائندوں نے شہریوں کے مسائل حل کرنے کی بجائے راہ فرار اختیار کررکھی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں شہری خطرناک موذی امراض میںمبتلا ہورہے ہیں ،شہریوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیرہ شہر کے شہریوں کو بنیادی سہولتیں مہیا کی جائیں تاکہ گندہ پانی پینے کی وجہ سے موذی امراض سے محفوظ رہ سکیں ۔


جعلی کھاد ،بیج ،زرعی ادویات کی مہنگے داموں فروخت جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ میں جعلی کھاد ،بیج ،زرعی ادویات کی مہنگے داموں فروخت جاری ،ڈیرہ کے مضافاتی علاقوں کے زمینداروں کی بڑی تعداد نے صحافیوں کو بتایا کہ محکمہ زراعت کے افسران وعملے کی غفلت اور بے حسی کے باعث کسانوں کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا ،ڈیرہ شہر وگردونواح میں جعلی کھاد ،بیج اور زرعی ادویات کے استعمال سے فصلیں تباہ ہونے کے ساتھ ساتھ زراعت سے وابسطہ سینکڑوں کسان وکاشتکار بدحالی کا شکار ہوچکے ہیں ،قیمتوں میں مصنوعی اضافے کی وجہ سے کسان ،طبقہ قرض کی دلدل میں پھنسے جارہا ہے اور زراعت کا مستقبل مخدوش ہوتا چلا رہا ہے۔ضلع بھر میں محکمہ زراعت کی کارکردگی سوالیہ نشان بن کر رہ گئی ہے ،کاشتکاروں نے صوبائی وزیر زراعت وسیکرٹری زراعت اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ جعلی کھاد ،بیج اور زرعی ادویات پر کنڑول اور مہنگے داموں کھاد بیج ،زرعی ادویات فروخت کرنے والے بااثر دکانداروں کے خلاف کاروائی عمل میں لاکر فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ کاشتکاروں کی معاشی بدحالی پر قابو پایا جاسکے ۔


زرمبادلہ کے ذخائر میں 35 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر میں 35 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوگیا ، جس کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر کا مجموعی حجم 18ارب 64 کروڑ 45 لاکھ ڈالر ہوگیا ہے، مرکزی بینک کے ذخائر 12ارب 27کروڑ 37 لاکھ ڈالر کے ہوگئے۔ مرکزی بینک کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں زرمبادلہ کے ذخائر میں 35 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوگیا ہے۔ایک ہفتے میں زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں 28 کروڑ 18لاکھ ڈالر کا اضافہ ہو اہے۔زرمبادلہ کے ذخائر کا مجموعی حجم 18ارب 64 کروڑ 45 لاکھ ڈالر ہوگیا ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مرکزی بینک کے ذخائر 12ارب 27 کروڑ 37 لاکھ ڈالر کے ہوگئے۔ مرکزی بینک کے ذخائر میں 35 کروڑ 85 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔کمرشل بینکوں کے ذخائر کا حجم 7کروڑ 67 لاکھ ڈالر کی کمی سے 6ارب 37 کروڑ8 لاکھ ڈالر رہ گیا ہے۔دوسری جانب فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں20 پیسے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالر کی قیمت خرید154.40روپے سے بڑھ کر154.60روپے اور قیمت فروخت 154.50روپے سے بڑھ کر154.70روپے ہوگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید154.30روپے اور قیمت فروخت 154.60 روپے مستحکم رہی۔ دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت خریدایک روپے کی کمی سے 170روپے سے گھٹ کر169روپے اور قیمت فروخت 50 پیسے کی کمی سی171.50روپے سے گھٹ کر 170.50 روپے ہوگئی جب کہ برطانوی پاو¿نڈ کی قیمت خرید 50 پیسے کی کمی سی199.80روپے سے گھٹ کر199.30روپے اورقیمت فروخت40 پیسے کی کمی سے 201.40 روپے سے گھٹ کر201 روپے ہوگئی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق سعودی ریال کی قیمت خرید41 روپے سے گھٹ کر40.90 روپے اور قیمت فروخت 41.30 روپے سے گھٹ کر41.20 روپے ہوگئی جب کہ یو اے ای درہم کی قیمت خرید 42 روپے سے گھٹ کر41.95 روپے اور قیمت فروخت 42.30 سے گھٹ کر42.25 روپے ہوگئی۔ چینی یو ا?ن کی قیمت خرید 22 روپے سے گھٹ کر21.50 روپے ہوگئی اور قیمت فروخت 23 روپے مستحکم رہی۔


پاکستان میں پٹرول 27 روپے فی لیٹر تک سستا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 23 فیصد تک کمی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھنے کو آئی ہے، خام تیل کی قیمتیں 23 فیصد تک کم ہوگئی ہیں جس کے بعد امید ظاہر کی جارہی ہے کہ پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد حکومت کو بھی چاہیئے کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو فوری طور پر کم کیا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے۔اگر اس طرح حساب لگایا جائے تو پاکستان میں پٹرول 27 روپے فی لیٹر تک سستا ہوسکتا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے فروری کے ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، اوگرا نے ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں اضافے اور پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی کی تجویز دی تھی جسے مسترد کر دیا گیا۔وفاقی حکومت نے فروری کے ماہ میں تمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔یوں رواں ماہ پٹرول کی قیمت 116 روپے 60 پیسے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل 127 روپے 26 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل 84 روپے 51 پیسے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 99 روپے 45 پیسے فی لیٹر کی سطح پر برقرار رہے گی۔ اب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 23 فیصد تک کمی ہوگئی ہے، اگر اس حساب سے پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اندازہ لگایا جائے تو پاکستان میں پٹرول 27 روپے فی لیٹر تک سستا ہوسکتا ہے، جس کے بعد پٹرول کی قیمت 90 روپے فی لیٹر ہوسکتی ہے، جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 29 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے، جس کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 98 روپے فی لیٹر ہوسکتی ہے۔


ٹی ایم اے ڈیرہ اسماعیل خان کرپشن کا گڑھ بن گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ٹی ایم اے ڈیرہ اسماعیل خان کرپشن کا گڑھ بن گیا، چار سو سے زائد بھرتی ملا زمین میں سے چند ملازمین ہی حاضر ہوتے ہیں ، شہر اور مضا فات گندگی کے ڈھیر بن گئے ٹی ایم اے کے نگرا نی کر نے والے ٹی ایم او ڈیرہ روزا نہ اپنے دفتر میں بیٹھنے کی بجا ئے ایک بنگلے میں ہی دفتر قائم کررکھا ہے جہا ں پر عام شہر یو ں اور سائلین کا دا خلہ ممنو ع ہے صرف مخصوص لو گ ہی وہا ں جا سکتے ہیں اور وہ فو ن بھی خصوصی اہمیت کے حا مل افراد کا اٹینڈ کر تے ہیں سٹیزن پورٹل پر آ نے والی شکا یا ت پٹوار یو ں سے اپنی مر ضی کی رپورٹس لے کر فائل کر دیتے ہیں ہیڈ کلر ک دفتر امور نمٹانے کے بجا ئے ٹی ایم او کے منشی کا کر دار ادا کر رہا ہے اور ٹی ایم او کو اپنی شکا یا ت کے سلسلے میں ملنے کیلئے آنے والے سائلین کو یہ کہہ کر سارا دن ٹالتا رہتا ہے کہ ٹی ایم او سائٹ پر ہیں ،میٹنگ پر گئے ہیں، انکی طبیت نا سا ز ہے اور مخصوص افراد کو ٹی ایم او کے پاس بنگلے بھجوا دیاجاتا ہے، محکمہ اینٹی کرپشن خا مو ش تما شا ئی کر کر دار ادا کر رہا ہے پریشان حا ل عوام کی کو ئی شنوا ئی نہیں ہو رہی، ٹی ایم اے کے چہیتے افسر اور ملا زمین گھر بیٹھ کر تنخوا ہیں وصول کر رہے ہیں ٹی ایم او اور ٹی او آر کا کو ئی اوقات کار مقرر نہیں کہ وہ عوامی شکا یا ت کس وقت سنیں گے ،سائلین اور شہریوں نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ اور سیکرٹری بلدیاتی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔


گزارہ الاونس کی مد میں فی کس سالانہ ادائیگی 12 ہزار سے بڑھا کر 24 ہزار کردی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبرپختونخوا زکواة وعشر کونسل نے صوبہ بھر کے لئے زکواة فنڈ کے اجراءکی منظوری دے دی۔ ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے کے تمام اضلاع کو آبادی کے لحاظ سے فنڈز فراہم ہونگے۔ یہ منظوری زکواة و عشر کونسل نے پشاور میں ہونے والے اپنے 52 ویں اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر بننے والی صوبائی اصلاحاتی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں اصلاحات کے بعد دی۔اجلاس میں سیکرٹری محکمہ زکواة، عشر و سماجی بہبود محمد ادریس، ایڈیشنل سیکرٹری زکواة فیاض خان، ڈپٹی سیکرٹری شبیر احمد اور کونسل ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں گزارہ الاونس کی مد میں فنڈز کا حجم 60 فیصد سے بڑھا کر 68 فیصد کردیا گیا، کونسل نے احساس کفالت پروگرام کے طرز پر صوبے میں گزارہ الاونس کی مد میں فی کس سالانہ ادائیگی 12 ہزار سے بڑھا کر 24 ہزار کردی گئی۔جس سے ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبہ بھر میں 27 ہزار 767 مستحق خاندانوں کو سالانہ 24 ہزار روپے ادا کئے جائینگے۔ کونسل نے تعلیم کی مد میں انٹرمیڈیٹ کے طلباءوطالبات کے لئے سالانہ مالی معاونت 12 ہزار سے بڑھا کر 24 ہزار روپے، اور بی ایس پروگرام میں زیر تعلیم طلبہ کے لئے مالی معاونت 24 ہزار سے بڑھا کر 36 ہزار روپے کردئے۔ اسی طرح دینی مدارس کے طلباءوطالبات دور حدیث کے لئے بھی سالانہ مالی معاونت 12 ہزار سے بڑھا کر 24 ہزار اور دور حدیث سے اوپر درجوں میں زیر تعلیم طلباءوطالبات کے لئے 24 ہزار سے بڑھا کر 36 ہزار کردئے گئے۔اجلاس میں جہیز کی مد میں مالی معاونت کی رقم بھی 20 ہزار سے بڑھا کر 30 ہزار روپے کرنے کی منطوری دے دی گئی اجلاس میں ہنگو اورشمالی وزیرستان کے لئے چیئرمینوں کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفئیر محمد ادریس کا کہنا تھا کہ زکواة فنڈ میں نئے ضم شدہ اضلاع پر خصوصی توجہ دی جائیگی۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ زکواة فنڈ سے علاج معالجے کی سہولت حاصل کرنے والے افراد کا ڈیٹا آن لائن فراہم کرنے کے حوالے سے اقدامات پر عمل درآمد تیز کریں، تاکہ نظام میں شفافیت کو فروغ دیا جاسکے اور مستحقین کو ان کا حق ملے۔انہوں نے محکمہ زکواة کو مستحقین کے لئے رمضان پیکج فراہم کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ چیرمین انجنیئر محمد فاروق کا کہنا تھا کہ گزارہ الاونس میں مالی معاونت کی رقم بڑھانے سے مستحقین کو اپنے بنیادی مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے سرکاری ہسپتالوں میں زکواة فنڈ سے علاج معالجے کا نظام مزید بہتربنانے کی ہدایت کی۔


کرپشن اور بدعنوانیوں سے متعلق شکایات کے اندراج کے لیے خصوصی کیٹییگری متعارف

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں پاکستان سیٹیزن پورٹل پر کرپشن اور بدعنوانیوں سے متعلق شکایات کے اندراج کے لیے خصوصی کیٹییگری متعارف کرائی گئی،جس میں عوام کی سہولت کے لئے اس کو مزید چھ درجہ بندی میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں مالی کرپشن ، فراڈ ، میرٹ کی خلاف ورزی ، اختیارات کا غلط استعمال اور نا اہلی شامل ہے۔اس سے پہلے کرپشن سے متعلق شکایات کے لیے جنرل کیٹیگری کا استعمال ہوتا تھا۔ سیٹیزن پورٹل انتظامیہ کی جانب سے یہ اقدام عوام کی جانب سے اندراج کی جانے والی شکایات کو مد نظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیاہے۔ حکومتی منصوبوں اور اداروں میں کرپشن سے متعلق شکایات کے اندراج کے لئے مالی کرپشن کی کیٹییگری مخصوص کی گئی ہے۔اختیارات کے ناجائز اور غلط استعمال پر اب عوام اس سے متعلقہ کیٹیگری میں شکایت درج کراسکتے ہیں۔فراڈ ، دھوکا دہی ،دستاویزات میں رد و بدل اورجعلی کوائف کے لئے بھی خصوصی کیٹیگریز متعارف کرائی گئی ہیں۔ پاکستان سیٹیزن پورٹل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور عوامی اعتماد کے تناظر میں یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ ادارہ دن رات وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق عوام کی شکایات حل کرنے کے لیے مصروف عمل ہے۔ کرپشن کیٹیگری متعارف کرانے سے نہ صرف عوام اداروں پر چیک اینڈ بیلینس رکھ سکیں گے بلکہ کرپشن کرنے والوں کو بھی احتساب کے عمل میں لا سکیں گے۔


سی این جی کٹس کے استعما ل اور بچوں کے بستے گاڑیوں کی چھتوں پر رکھنے پر پابندی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پشاور ہائی کورٹ پشاور کے احکامات کی پیروی کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ اپنے اضلاع میں سکولوں کے طلباء کو لے جانے والی گاڑیوں میں سی این جی کٹس کے استعما ل اور بچوں کے بستے گاڑیوں کی چھتوں پر رکھنے پر پابندی عائد کریں۔اس حکم کی خلاف ورزی پر دفعہ 188کے تحت کارروائی کی جائے گی۔


سپریم کورٹ کا خیبر پختونخوا میں سپیشل سیکرٹری کا عہدہ تخلیق کرنے کا نوٹس

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سپریم کورٹ کا خیبر پختونخوا میں سپیشل سیکرٹری کا عہدہ تخلیق کرنے کا نوٹس، چیف سیکرٹری، صوبائی سیکرٹری قانون اور ایڈووکیٹ جنرل سے جواب طلب ،سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا میں سپیشل سیکرٹری کا عہدہ تخلیق کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری، صوبائی سیکرٹری قانون اور ایڈووکیٹ جنرل سے جواب طلب کر لیا ہے۔ جمعرات کو عدالت عظمی کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فوجداری مقدمہ میں دائر درخواست ضمانت پر سماعت کی۔دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بتایا جائے کہ خیبر پختونخوا میں کتنے محکموں میں سپیشل سیکرٹری کا عہدہ قائم کیا گیا ہے، پشاور ہائی کورٹ ضمانت کے ہر کیس میں ٹرائل کورٹ سے ریکارڈ کیوں مانگتی ہی کیس ریکارڈ ہائی کورٹ میں ہونے سے ٹرائل رک جاتا ہے، چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ ریکارڈ منگوانے کے معاملے کا جائزہ لیں، توقع ہے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ ججز کو مناسب ہدایات جاری کرینگے۔جسٹس فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ کیا رولز آف بزنس میں سپیشل سیکرٹری کے عہدہ ہی ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے عدالتی استفسار پر بتایا کہ رولز میں سپیشل سیکرٹری کا کوئی عہدہ نہیں ہے۔ جسٹس فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ صوبائی حکومت کے پاس سپیشل سیکرٹری کا عہدہ قائم کرنے کا اختیار نہیں۔


کرونا وائرس لاعلاج مگر98 فیصد کیسز میں ازخود ختم ہوتا ہے‘ طبی ماہرین

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کرونا وائرس لاعلاج مگر98 فیصد کیسز میں ازخود ختم ہوتا ہے‘ طبی ماہرین ۔یہ مریض کسی کو منتقل ہوجائے تو 6فٹ کے دائرے کے اندر اس کے پھیلنے کے امکانات بہت زیادہ ہیں گھبرائیں نہیں، صفائی اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے مرض سے بچا جاسکتا ہے‘ ماہرین صحت نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سانس کے ذریعے پھیلنے والی نئی بیماری ہے اس کا فی الحال دنیا میں کوئی علاج نہیں 98فیصد افراد میں اس کا وائرس خود ہی ختم ہوجاتا ہے مگر صفائی اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرکے اس موذی مرض سے بچا جاسکتا ہے۔ کرونا وائرس کا تعلق کرونا فیملی سے ہے جس میں سارس اور مرس پہلے 2002اور 2012 میں ظاہر ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی علامات اے ٹائپ نمونیا ، بخار اورفلو ہیں۔ عام طور پر نمونیا کی دواو¿ں سے اس کا علاج کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اس کا فی الحال دنیا میں کوئی علاج موجود نہیں صرف علامتی علاج کیا جاتا ہے جس میں بخار کی شدت میں کمی ، سانس کی بحالی کیلئے آکسیجن اور دیگر اقدامات کئے جاتے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عام طور پر کرونا وائرس کے ظاہر ہونے میں 2سے 14دن لگتے ہیں اور اس کے ٹھیک ہونے کا کوئی عرصہ مقرر نہیں ،یہ مختلف انسانوں کی قوت مدافعت پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ یہ مریض کسی کو منتقل ہوجائے تو 6فٹ کے دائرے کے اندر اس کے پھیلنے کے امکانات بہت زیادہ ہیں دنیا میں سب سے زیادہ جو بیماریاں تیزی سے پھیلتی ہیں ان میں سانس کی بیماریاں ہیں اس لئے ضروری ہے کہ اس کا علاج کرنیوالے ڈاکٹر اور عملے کا ایک خاص محفوظ لباس رکھا جائے جبکہ مریض اور عملے سمیت تمام افراد ماسک کا استعمال کریں انہوں نے کہا کہ ہاتھ اچھے طریقے سے دھو کر اور جانوروں سے فاصلہ رکھ کر اس قسم کے وائرس سے بچا جاسکتا ہے۔جانوروںکو چھونے میں کوئی ہرج نہیں مگر اس کے بعد ہاتھ دھونا لازمی ہے۔ بتایاگیا ہے کہ آج تک کے اعداد و شمار کے مطابق کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 575کے لگ بھگ ہے جبکہ اس سے ٹھیک ہونیوالوں کی تعداد 1261ہے جبکہ 28ہزار سے زائد لوگ دنیا کے 25ملکوں میں اب تک اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اس لحاظ سے اگر دیکھا جائے تو اس بیماری کے ٹھیک ہونے کے امکانات زیادہ ہیں ، اگر احتیاطی تدابیر پر عمل اور ضروری اقدامات کئے جائیں تو اس موذی مرض سے نمٹا جاسکتا ہے۔اس سے قبل جو دنیا میں وبائی امراض پھیلے ہیں ان میں ایبولا سے ہلاکتوں کی تعداد 40فیصد ہے اس لئے گھبرانے کی نہیں، اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چین نے اس مرض سے نمٹنے کیلئے تیزی سے اقدامات کئے ، سارس کی طرح اس مرتبہ انہوں نے مرض کو چھپانے کی غلطی نہیں کی اس وقت چین میں 4کروڑ 60لاکھ افراد کو محصور کردیا گیا ہے یہ بہت بڑا اقدام ہے لوگوں کی اتنی بڑی تعداد کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے سے روکنا انسانی آزادی کے خلاف تصور کیا جاتا ہے لیکن چین نے یہ اقدام کرکے بہت زیادہ انسانوں میں یہ مرض پھیلنے سے روک دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کا ٹیسٹ بہت زیادہ احتیاط سے کیا جاتا ہے اس کا سیمپل زیادہ درجہ حرارت پر ناکارہ ہوجاتا ہے اس لئے اسے مائنس 70ڈگری پر محفوظ کرنا ضروری ہے ،پاکستان میں اس وقت نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد میں کرونا وائرس کی ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے مگر وہاں تک سیمپل کا پہنچانا ایک مشکل عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم عمر افراد یا بوڑھے کینسر یا شوگر کے مریض اس انفیکیشن سے جلدی متاثر ہوسکتے ہیں۔ ابتدائی طور پر اس کا علامتی علاج زیادہ مشکل نہیں تاہم پھیپھڑوں میں سوزش کی صورت میں یہ مرض پیچیدہ ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائنا سے آنیوالی اشیاءیا پارسل تحائف وغیرہ سے ڈرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ بے جان اشیاء اور طویل دورانیے میں کرونا وائرس زندہ نہیں رہ سکتا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭

About The Author