نادرا ای سہولت پروگرام ڈیرہ کے انچارج نے لوٹ مار کابازار گرم کرلیا ،سیماب خان گنڈہ پور
ڈیرہ اسماعیل خان : نادرا ای سہولت پروگرام اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈیرہ کے انچارج نے لوٹ مار کابازار گرم کررکھا ہے ،
اختیارات کا ناجائز استعمال ،کمیشن مافیا کا سرغنہ اور من پسند افراد کو نوازنے کا سلسلہ کھلے عام جاری ہے ،
بااثر افسران کی پشت پناہی کے باعث انہیں حصہ بقدر جثہ پہنچانے کے باعث کسی کو خاطر میں نہ لانا اس کا وطیرہ بن چکا گیاہے ۔
ان خیالات کا اظہار ڈیرہ شہر کے مرکز توپانوالہ چوک پر واقع زیڈ ایس موبائل ہٹ شاپ کے اونر سیماب گنڈہ پور نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کی سہولت کے لئے نادرا کی جانب سے ان کی موبائل شاپ میں نادرا ای سہولت پروگرام اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا سسٹم لگایا گیا اور اس سلسلے میں انہیں بائیو میڑک ڈیوائس بھی فراہم کی گئی
جس سے ڈیرہ شہر اور کینٹ کے رہائشی مستفید ہورہے تھے اور لوگوں کو بہت زیادہ سہولت میسر تھی لیکن نادرا کے ای سہولت پروگرام کے انچارج عمران نے اپنے اختیارات سے کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سینہ زوری کے ذریعے بغیر کسی وجہ اور شکایت کے ان کا نادرا سسٹم بلاک کردیا
اور شاپ میں موجود بائیو میٹرک ڈیوائس اٹھالی گئی ،ان کا کہناتھا کہ نادرا سسٹم کے تحت تمام ادائیگیاں ایڈوانس میں کی جاتی ہیں جس کی وجہ سے ان کے ذمہ نادرا کے کوئی بقایاجات بھی موجود نہیں ہیں ،
موصوف انچارج نے خود کو نادرا کا ایمپلائی سمجھنے کی بجائے اسے اپنی ذاتی جاگیر بنا رکھا ہے اور بھاری کمیشن کے عوض نادرا سسٹم ایسے من پسند افراد کو دے رکھے ہیں
جو کہ گھروں میں انہیں رکھ کر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگی میں سائلین سے بھاری رقوم کمیشن کے طور پر وصول کررہے ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ بارہا دفعہ شکایات کرنے پر افسران کے کان پر جوں تک نہیں رینگی
کیونکہ موصوف کا دعویٰ ہے کہ اس کی پہنچ بہت اوپر تک ہے اور اس نے اپنے افسران کو خوش کرنے کی خاطر کوئی کسر نہیں چھوڑ رکھی لہذا اس کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔
انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ نادرا کو اپنی جاگیر سمجھنے والے موصوف انچارج کے خلاف اوپن انکوائری مکمل کرکے اس کے خلاف سخت قانونی کاروانی عمل میں لائی جائے۔
قتل اور اقدام قتل کا اشتہاری ملزم ضمانت پر رہا ہونے میں کامیاب
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ایڈیشنل سیشن جج ڈیرہ سید عارف شاہ نے ایک بھائی کو قتل اور دوسرے کو زخمی کرنے کے مقدمہ میں گرفتار ملزم محمد یوسف کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے دو لاکھ روپے دونفری ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے ،ملزم کی جانب سے فاروق اختر ایڈوکیٹ نے درخواست کی پیروی کی ۔استغاثہ کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ اس نے دیگر ساتھی ملزمان کے ہمراہ سال 2017 کے دوران علاقہ مقیم شاہ میں 30 سالہ محمد الطاف ولد عبدالرزاق قوم کلیرا سکنہ بڈھ کو فائرنگ سے قتل جبکہ اس کے بھائی محمد اسلم کو شدید زخمی کردیا ،زخمی محمد اسلم نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے بھائی کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار اپنی اراضی واقع مقیم شاہ سے چاول کا ناڑ ٹریکٹر پر لوڈ کرنے کے لئے جا رہا تھا کہ اراضی کے قریب پہنچنے پر مسلح ملزمان نے ان دونوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں محمد الطاف موقع پر جانبحق جبکہ اس کا بھائی محمد اسلم شدید زخمی ہو گیا۔ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔پولیس نے زخمی کی رپورٹ پر چار ملزمان خان زمان، اسلم ،یوسف اور پنل اقوام کلیرا ساکنان بڈھ کے خلاف قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کر لیا ۔وجہ عداوت سابقہ قتل مقاتلہ کی دیرینہ دشمنی بتائی گئی ۔مقدمہ میں نامزد دو ملزمان اسلم اور پنل پہلے ہی گرفتار ہوکر مقدمہ سے بری جبکہ تیسر ا ملزم خان زمان ضمانت پر رہائی پاچکا ہے ۔ صدر پولیس نے گزشتہ ماہ سنیپ چیکنگ کے دوران مقدمہ میں نامزد چوتھے مفرور اشتہاری ملزم محمد یوسف ولد مشتاق قوم کلیرا سکنہ بڈھ کو گرفتارکرلیا،ملزم کی درخواست ضمانت پر بحث کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ ایف آئی آر میں دونوں چاروں ملزمان کو دونوں بھائیوں پر فائرنگ کرنے کا کردار دیاگیا لیکن یہ تعین نہیں کیاگیاکہ مقتول کس کی گولی سے جاں بحق اور اس کابھائی زخمی ہوا ،عدالت نے بحث مکمل ہونے پر ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے دو لاکھ روپے دو نفری ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کردیا ،
٭٭٭
اسلحہ کی نوک پر شہری کو لوٹ لیاگیا
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈیرہ میں ڈکیتی کی ایک اور واردات ،نامعلوم ملزمان نے اسلحہ کی نوک پر شہری سے نقدی ،موبائل ،موٹرسائیکل چھین لیا،ڈاکو موٹرسائیکل راستے میں پھینک کا بھاگ گئے ،شہری کی رپورٹ پر نامعلوم ڈاکوﺅں کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ پروآ کی حدود میں انڈس ہائی وے پر علاقہ رشید میں ڈسٹری نمبر17 کے قریب نامعلوم ملزمان نے موٹر سائیکل سوار شہری اقبال ڈھول ولد غلام حسین کو روک کر اس سے موٹر سائیکل ماڈل2013، سترہ ہزار روپے نقدی، موبائل فون اورقومی شناختی چھین کر لے گئے بعدازاں اس کا موٹرسائیکل راستے میں پھینک کر بھاگ گئے ۔ پولیس نے شہری کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔
٭٭٭
سینکڑوں مردہ مرغیوں کو ٹھکانے لگا کر انہیں فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی ڈیرہ نے ٹریفک حادثے میں ہلاک ہونے والی سینکڑوں مردہ مرغیوں کو ٹھکانے لگا کر انہیں ہوٹلوں اور کارو باری مراکز میں فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنادی ، ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی ڈیرہ کو اطلاع ملی کہ انڈس ہائی وے مفتی محمود چوک کے قریب ٹریفک حادثے میں مرغیوں سے لوڈ گاڑی الٹ گئی جس سے سینکڑوں مرغیاں ہلاک ہوگئی ہیں جن کا ہوٹلوں اور کاروباری مراکز میں سپلائی ہونے کا خدشہ ہے ۔فوڈ اتھارٹی کی ٹیم اطلاع پر فوری موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر ان ہلاک شدہ مردہ مرغیوں کی سپلائی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ا نہیں جدید طریقہ کار کے ذریعے ٹھکانے لگادیا گیا ہے۔
٭٭٭
میلہ اسپان کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا ہے کہ میلہ اسپان کے انعقاد سے جہاں لوگوں کو بہتر تفریحی مواقع میسر آتے ہیں وہیں ڈیرہ اسماعیل خان کی ثقافت بھی اجاگر ہوتی ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے آج اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں میلہ اسپان کی تیاریوں اور انتظامات سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی فیصل امین گنڈہ پورکے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ز، محکمہ کھیل، لائیوسٹاک، تعلیم، پولیس، صحت، زراعت ، خوراک، ٹی ایم اے، سول ڈیفنس، وائلڈ لائف، ریسکیو1122 و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران شرکاءکو بتایا گیا کہ میلہ اسپان جو کہ ہر سال منعقد کیا جاتا ہے اس میں مختلف مقابلوں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ دیگر تفریحی سرگرمیاں بھی شامل ہوتی ہیں جن میں کشتی (دودا)، کیٹل شو، سٹون لفٹنگ، کتا ریس، بیل گاڑی ریس، والی بال، گھڑ دوڑ، نیزہ بازی کے علاوہ جھومر، اتنڑ و دیگر روایتی و ثقافتی رقص شال ہوتے ہیں جبکہ بسنت کے حوالے سے مختلف گلوکاروں کے پروگرامز بھی ترتیب دئے جائیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی میلہ اسپان ماہ مارچ کے آخری عشرے میں منعقد کیا جائیگا جبکہ 23مارچ (یوم پاکستان) بھی میلے کے دوران منایا جائیگا جس میں مختلف سکولوں کے طلباءکی جانب سے تقاریر و مشاعرے کے مقابلے اور پی ٹی شوز بھی شامل ہوں گے۔ مزید بتایا گیا کہ میلے کے دوران مختلف محکموں کی جانب سے معلوماتی سٹالز بھی لگائے جائیں گے جس سے لوگوں کی آگاہی میں مزید اضافہ ہو گا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی فیصل امین گنڈہ پور نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان ایک بڑا ضلع ہے تاہم میلہ اسپان کے انعقاد کا مقصد یہاں کی ثقافت کو ملکی سطح پر اجاگر کرنا ہے اور اس میلے کے کامیاب انعقاد کی خاطر تمام متعلقہ محکموں کو باہمی تعاون اور تیار کردہ لائحہ عمل کے تحت ذمہ داریاں سرانجام دینا ہوں گی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے کہا کہ میلہ اسپان جیسی تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد خوش آئند بات ہے جبکہ اس سے ثقافت کو بھی فروغ ملتا ہے۔انہوں نے محکمہ پولیس کو ہدایت کی کہ میلے کی سیکورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔
٭٭٭
سابق پولیس موٹر ٹرانسپورٹ آفیسرڈیرہ بقضائے الٰہی وفات پاگئے
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) سابق پولیس موٹر ٹرانسپورٹ آفیسرڈیرہ رحمت اللہ خان گنڈہ پور انتہائی مختصر علالت کے دوران بقضائے الٰہی وفات پاگئے ہیں، ان کی نماز جنازہ وینسم کالج کے سبزہ زاد میں ادا کی گئی جس میں محکمہ پولیس کے افسران و اہلکاروں کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات ، قریبی رفقاء،عزیز واقارب ،دوست احباب اور معززین علاقہ نے کثیر تعداد موجود تھے ۔ بعدازاں آشکبار آنکھوں کے ساتھ انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ہے ۔ مرحوم کانسٹیبل صدام خان گنڈہ پورکے والد ، سابق ایس پی حافظ گلزار حسن مرحوم کے سالے اور ان کے بیٹوں کاشف گلزار،عاطف گلزار عدنان گلزار اور کنعان گلزار کے ماموں اور ان کی اہلیہ پی ٹی آئی کی رکن صوبائی اسمبلی مدیحہ نثار کے ماموں سسر تھے۔ مرحوم کی روح کے ایصال و ثواب کیلئے قرآن خوانی بروز جمعہ بعد ازنماز جمعہ جامع مسجد چاہ گلے والا نزد شیخ حمید پیٹرول پمپ میں ہوگی۔ اس موقع پر ڈیرہ پریس کلب کے صدر محمد یاسین قریشی، جنرل سیکرٹری شیخ توقیر اکرم، سینئر صحافیوں محمد ریحان، محمد فضل الرحمن اور دیگر نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم رحمت اللہ گنڈہ پور کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
٭٭٭
پٹواری کو گالم گلوچ کرنے اور دھمکانے پر مقدمہ درج
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) پولیس نے رتہ کلاچی کے پٹواری کوگالم گلوچ کرنے ، جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے اور کار سرکار میں مداخلت کے الزام میں تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان موضع رتہ کلاچی کے پٹواری محمد شریف نے تھانہ صدر میں رپورٹ درج کرائی کہ تین مسلح افراد پٹوار خانہ نزد ڈیفنس کالونی بنوں روڈ میں آئے اور گالم گلوچ کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے کار سرکار میں مداخلت کی ۔ صدر پولیس نے پٹواری کی رپورٹ پر تین ملزمان طارق حبیب مروت سکنہ نیازی آباد اور اسرار سمیت تین افراد کیخلاف مقدمہ جرم زیر دفعات 506-186/34 ت پ درج کرلیا ہے ۔
٭٭٭
منشیات فروش سلاخوں کے پیچھے
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) منشیات فروشوں کے خلاف گھیر ا تنگ ، مدینہ کالونی چوک پر منشیات فروش کو گرفتار کرکے ایک کلو گرام سے زائد چرس اور آئس نشہ برآمد کرلی گئی ،پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا،پولیس ذرائع کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف سخت کاروائیاں جاری ہیں ،کینٹ پولیس نے منشیات کیخلاف کاروائی کے دوران مدینہ کالونی چوک پرکچی پائند خان کے رہائشی منشیات فروش ملزم عدنان ولد جمشید کو گرفتارکرکے اس کے قبضہ سے ایک کلو گرام سے زائد چرس اور 15گرام آئس نشہ بر آمد کرلیا ،پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے حوالا ت میں بند کردیاہے۔
٭٭٭
سپرنٹنڈنٹ پولیس( ایف آر پی) دفتر ڈیرہ میں فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) سپرنٹنڈنٹ پولیس( ایف آر پی) دفتر ڈیرہ میں دہشت گردوں کے حملے سے نمٹنے کے لیے فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا ، جس میں پولیس جوانوں کی پیشہ وارانہ استعدادی صلاحیتوںکو بڑھانے اور کسی بھی ممکنہ گڑ بڑ کی صورت میں عوام کی جان و مال اور سرکاری و نجی املاک کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ فرضی مشقوں کے دوران پولیس جوانوں نے مزاحمت کاروں کے خلاف طاقت کے استعمال اور اُن کی گرفتاری عمل میں لانے کے علاوہ پولیس کے ساتھ مزاحمت کے دوران زخمی ہونے والے افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور مزاحمت کاروں کے حملے سے خود کو محفوظ رکھنے کی ڈرل دہرائی اور مختلف فارمیشنز کا عملی مظاہرہ پیش کیا ۔ پولیس کی فرضی مشقوں کے تمام تر عوامل کی نگرانی ڈی پی او ڈیرہ نے کی ۔اس موقع پر ایس پی ایف آر پی توحید خان ، ڈی ایس پی ایلیٹ فورس یوسف خان اور مقامی تھانہ کینٹ کے ایس ایچ او نے انسداد دہشت گردی کی مشق کے آپریشنل دستوں کی کمانڈ سنبھا ل رکھی تھی ۔ اِس موقع پر ڈی پی او ڈیرہ نے پولیس جوانوںپر زور دیا کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے منعقد مشقوں میں حاصل تجربے کو عوام کے بہتر مفاد کے لیے بروئے کار لائیں اور علاقے میں امن کی فضاءقائم رہے ۔
٭٭٭
افغانی باشندوں کی بھر مار ،شہریوں کا اظہار تشویش
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ضلع بھر میں افغانی باشندوں کی بھر مار ،شہریوں کا اظہار تشویش ،وفاقی وزارت داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے نوٹس لینے کا مطالبہ ،تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں افغانی باشندوں کی تعداد ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جارہی ہے جو باعث تشویش ہے ۔پولیس نے چند ماہ قبل تک سرچ آپریشن جاری رکھا پچھلے کچھ عرصوہ سے نامعلوم وجوہات کی بناءپر کرایہ داری ایکٹ کے مطابق آپریشن کرنا بند کررکھے ہیں ۔ایک مرتبہ پھر مضافاتی علاقوں میں غیر قانونی افغانی باشندوں کی آمدورفت شروع ہوچکی ہے جبکہ بیشتر افغانیوں نے یونین کونسلز کے سیکرٹریوں کے ساتھ معاملات طے کرکے باقاعدہ پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کررکھے ہیں اور گنجان آباد علاقوں میں رہائشیں اختیار کرکے کاروباری مراکز میں براجمان ہیں جس کی وجہ سے شہری حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ افغانی باشندے شہریوں کو نقصان پہنچانے کے بعد افغانستان روپوش ہوجاتے ہیں جن کا مقامہ پولیس کے پاس کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہوتا ۔شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہیے کہ کرایہ داری ایکٹ کے مطابق مکان کرائے پر دینے والے مالکان اور غیر مقامی طریقوں سے مقیم افغانی باشندوں کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے مقدمات درج کیے جائیں تاکہ شہریوں میں پائے جانے والے خوف کا خاتمہ ممکن ہوسکے ۔
٭٭٭٭٭٭
سرکاری دفاتر میں افسران واہلکاروں کی تاخیر سے آمد معمول بن گئی
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)سرکاری دفاتر میں افسران واہلکاروں کی تاخیر سے آمد معمول بن گئی ،سائلین ذلیل وخوار ،شہریوں کا ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ ،تفصیلات کے مطابق سرکاری اداروں کے افسران نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے ،سرکاری محکموں کے افسران واہلکاروں کا دیر سے آنا اور سائلین کو گھنٹوں انتظار کروانامعمول بن گیا ،محکمہ مال ،ڈسٹرکٹ اکاﺅنٹ آفس ،محکمہ صحت ،محکمہ تعلیم ،میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر سرکاری اداروں میں تعینات افسران واہلکار بروقت دفتروں میں پہنچنے کی بجائے تاخیر سے پہنچنا فیشن بناچکے ہیں جس کی وجہ سے ضلع ڈیرہ کی تمام تحصیلوں سے آنے والے سائلین کو افسران واہلکاروں کی آمد کا گھنٹو ں انتظار کرنا پڑتا ہے ۔اس حوالے سے دوردراز علاقوں سے آنے والے افراد کا کہنا ہے کہ نماز فجر کی ادائیگی کے فوراًبعد بسوں میں سوار ہوکر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر کے دفتر میں داد رسی کے لئے پہنچتے ہیں لیکن افسران واہلکاروں کے تاخیر سے آ نے کے باعث مسائل کے حل کرنے کی بجائے دوبارہ آنے کے احکامات جاری کردیئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے وقت اور پیسے کا ضیاع ہورہا ہے ۔سائلین نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری دفاتر میں تعینات افسران وملازمین کوڈیوٹیوں پر بروقت آنے کا پابند بنایا جائے تاکہ سائلین کے مسائل وقت پر حل ہوسکیں ۔
٭٭٭
لاغرجانوروں کا گوشت مہنگے داموں فروخت کیا جانے لگا
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ شہر و گردونواح میں ناقص و غیر معیاری گوشت کی فروخت دھڑلے سے جاری، لاغرجانوروں کا گوشت مہنگے داموں فروخت کیا جانے لگا ، شہری مختلف موذی امراض میں مبتلا ہونے لگے، شہریوں نے ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر و گردونواح کے قصابوں نے لاغر، بیمار، نیم مردہ جانوروں کو سستے داموں خرید کر ناقص گوشت کو پانی لگا کر مہنگے داموں فروخت کرنا روز انہ کا معمول بنا لیا ہے ، اندرون شہر میں قصابوں نے جالیاں لگائے بغیر گوشت کی فروخت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بااثر قصاب لاغر ، بیمار ، نیم مردہ جانوروں کوانتہائی سستے داموں خرید کر گھروں میں لے آتے ہیں جہاں انہیں ذبح کرکے نالوں پر قائم دکانوں پر لٹکا کر فروخت کردیا جاتا ہے ، ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران قصابوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں ، جبکہ شہر سے ملحقہ آبادیوں کے قصاب سلاٹر ہاﺅس میں جانورذبحہ کرنے کی بجائے گھروں میں جانور ذبحہ کرکے فروخت کر رہے ہیں جن کے استعمال سے شہری مہلک بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ ڈیرہ کے شہریوں نے ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران کو شہر کے گندے نالوں پر قائم دکانوں اور لاغر، بیمار، نیم مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔
٭٭٭
50 ہزار روپے سے زائد کی خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط لاگو ہوگئی
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک بھر میں 50 ہزار روپے سے زائد کی خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط رواں ماہ سے لاگو ہوگئی۔ انتہائی باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایف بی آرکی طرف سے قانون نافذ ہونے کے بعد اب تک اس ضمن میں دی گئی مہلت گزشتہ ماہ ختم ہو گئی تھی ،قانون کی خلاف ورزی پر ایف بی آر کارروائی کر سکے گا۔ زرائع کے مطابق دس کروڑ سالانہ ٹرن اوور والا تاجر ود ہولڈنگ ایجنٹ نہیں ہوگا۔زرائع نے انکشاف کیا ہے کہ10 کروڑ تک کی ٹرن اوور رکھنے والے تاجروں پر ٹرن اوور ٹیکس کی شرح کم کردی گئی ہے،ٹرن اوور ٹیکس کی شرح 1.5 فیصد سے کم کرکے 0.5 فیصد کی گئی ہے۔ ایف بی آر کے مطابق10 کروڑ تک کی ٹرن اوور والا ٹریڈر ودہولڈنگ ایجنٹ نہیں ہوگا،سیلز ٹیکس میں رجسٹریشن کے لیے سالانہ بجلی کے بل کی حد 6لاکھ روپے سے بڑھا کر 12لاکھ روپے کر دی گئی۔دوسری جانب تاجروں کا کہنا ہے کہ اس شرط سے کا رو با ر ی سر گر میوں پر منفی اثرات مرتب ہو ں گے پہلے ہی کا رو با ر ی سر گر میاں جمو د کا شکا ر ہیں حکومت کی طرف سے خر ید ار ی کیلئے کمپیو ٹر را ئزڈ شناختی کار ڈ کی شرط بھی ناقابل قبو ل ہے ،
٭٭٭
تبدیلی سرکار نے عوام کو لوٹنے کے نئے نئے طریقے متعارف کروائے ہیں ،پیر صدام حسین زکوڑی ایڈوکیٹ
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ممتاز قانون دان پیر صدام حسین زکوڑی ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار نے 22کروڑ عوام کو لوٹنے کے نئے نئے طریقے اس انداز میں متعارف کروائے ہیں کہ قوم کے سر چکرانے لگے ہیں بجلی کی مد میں لوٹ مار کے بعد اب سوئی گیس کے بلوں میں ٹیرف تبدیل کر کے سلیپ کے نام پر فراڈ کر کے قوم سے کھربوں روپیہ سوئی گیس کے بلوں میں وصول کر لیا مہنگائی اور بے روزگاری کی دلدل میں پھنسی قوم بھوکا مرنے اور خود کشیاں کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں ‘ حکومت، سپریم کورٹ آف پاکستان اور چیف جسٹس آف پاکستان صاحبان خدارا قوم کے حال پر رحم کریں اور ہمیں حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں سے نجات دلائیں ،انہوں نے کہا کہ آسمان کو چھوتی ہوئی مہنگائی اور پھر بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کے بعد اب سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ نے تو رہی سہی کسر بھی پوری کر دی ہے ایک سو روپے کی جگہ ہزار روپے بل اور ہزار کی جگہ دس ہزار روپے بلکہ اس سے بھی زائد بل اس دفعہ آئے ہیں تبدیلی کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم ہے کوئی پوچھنے والا نہیں تمام ادارے خاموشی سے عوام کو ذبح ہوتے دیکھ رہے ہیں ،
٭٭٭
ریڈیو کا عالمی دن 13 فروری کو منایاجائے گا
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریڈیو کا عالمی دن 13 فروری کو منایاجائے گااس دن کے منانے کا مقصد ٹیکنالوجی کے اس جدید دورمیں خبروں اور معلومات کے حصول کیلئے ریڈیو کی اہمیت کو موثر طور پر اجاگر کرنا ہے اس دن کی مناسبت سے ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک بھر کے تمام ریڈیو اسٹیشنز سے مختلف پروگرام نشرکیے جائیں گے جس میں ریڈیو کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا
٭٭٭
نجی کوریئر کمپنیوں کی بجائے پاکستان پوسٹل سروس استعمال کرنے کے احکامات پر عمل درآمد نہ ہوسکا
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)سرکاری وخودمختیار اداروں میں نجی کوریئر کمپنیوں کی بجائے پاکستان پوسٹل سروس استعمال کرنے کے احکامات پر عمل درآمد نہ ہوسکا، حکومت نے ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ریجن کے تمام سرکاری و خود مختار اداروں میں نجی کورئیر کمپنیوں کی بجائے پاکستان پوسٹل سروسز استعمال کرنے کے حوالے سے جاری احکامات جاری کیے جس پر مناسب عملدرآمد نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے ضلعی سربراہان سے کہا گیا کہ پوسٹ آفس ایکٹ کے تحت تمام ادارے صرف پاکستان پوسٹ کی سروس ہی استعمال کرنے کے پابند ہیں اور یہ ادارہ اصلاحات کے بعدملک کے اندر اور بیرون ممالک وسیع پیمانے پرمناسب خرچ پر سہولیات دے رہا ہے ،جس پر وفاقی حکومت نے نجی کورئیر سروسز کا استعمال منسوخ کرنے کے احکامات جاری کئے تھے جن پر عملدرآمد نہیں ہو سکا، ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے ضلعی سربراہان نجی کورئیر کمپنیوں کی سروسزفوری طور پر بند کر کے پاکستان پوسٹ کی سہولیات کا حصول یقینی بناکر رپورٹ ارسال کریں بصورت دیگر ایکشن لیا جائے گا۔
٭٭٭
سوئی گیس کے بلوں نے صارفین کی چیخیں نکال دیں
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈیرہ میں سوئی گیس کی طویل بندش کے باوجود ہزاروں روپے کے بلوں نے صارفین کی چیخیں نکال دیں، صارفین نے ماہ جنوری کے دوران بھاری بھر کم گیس بلوں کو مہنگائی،غربت اور گیس کی بندش کے مارے عوام کے ساتھ سنگین ظلم وزیادتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ گیس کمپنی نے جس حساب سے ماہ جنوری کے بل صارفین کو بھیجے ہیں اس حساب سے گزشتہ 2مہینوں کے دوران گیس کے پائپوں سے صارفین کو ہوا نہیں ملی ہے پھر گیس کے یہ بل کہاں اور کس طرح چارج کئے گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہزاروں روپے کے بل بھیجواکر محکمہ سوئی گیس نے ڈیرہ کے صارفین کے ساتھ نہ صرف ظلم کیا ہے بلکہ اس عمل کے ذریعے کمپنی نے اپنی نااہلی وعوام دشمنی پر مبنی رویے کی مہر تصدیق ثبت کر لی ہے ،انہوںنے کہا گیس کمپنی بتائے کہ گزشتہ 2مہینوں کے دوران جب پورے شہر میں گیس بند یا پریشر انتہائی کم رہاتو اس دوران گیس کیسے استعمال ہوئی لوگوں نے زمانہ قدیم کی انگیٹیاں خرید کر کے لکڑیاں اور کوئلے کااستعمال شروع کیا یا پھر سلنڈروں کے ذریعے 2مہینے کاسخت ترین دور گزارا، یہ گیس کہاںگئی جس کا بل عوام سے وصول کیا جارہا ہے ،انہوں نے کہا کہیں ایسا تو نہیں کہ سوئی گیس کمپنی ڈیرہ کے عوام سے پورے ملک کے صارفین کے واجبات وصول کررہی ہے ،گیس کا استعمال صنعتوں اور دیگر صوبوں کیلئے توانائی کے شعبے میں ہوا ہے اور واجبات کی وصولی ڈیرہ کے صارفین سے کیا جارہا ہے ،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے واضح احکامات جاری کیے گئے کہ گیس کے استعمال کے مطابق صارفین کو بل دیئے جائے لیکن یہاں تو گیس نہ ہونے کے باوجود صارفین کو ہزاروں روپے کے بل بھیج دیئے گئے جو کہ عوام کے ساتھ انتہائی ظلم وزیادتی ہے جسکی محکمہ گیس کی جانب سے وضاحت ضروری ہے کہ اتنے بھاری بل کس طرح ارسال کرکے عوام کو مجبور کیا گیا کہ فوری واجبات ادا کریں،
٭٭٭٭٭
اے وی پڑھو
موہری سرائیکی تحریک دی کہاݨی…||ڈاکٹر احسن واگھا
محبوب تابش دے پرنے تے موہن بھگت دا گاون
جیسل کلاسرا ضلع لیہ ، سرائیکی لوک سانجھ دے کٹھ اچ مشتاق گاڈی دی گالھ مہاڑ