دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

05فروری2020:آج ضلع ڈیرہ غازی خان میں کیا ہوا؟

ضلع ٖڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازیخان

حکومت کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں کشمیریوں کے ساتھ یک جہتی کے اظہار کیلئے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ضلع میں چھوٹی بڑی ریلیاں نکالنے کے ساتھ تقریبات منعقد ہوئیں۔

ضلع کی مرکزی ریلی کچہری چوک سے ہسپتال چوک ڈیرہ غازی خان تک نکالی گئی جس میں وزیر مملکت زرتاج گل وزیر،ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ،ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق،سٹی صدر پی ٹی آئی ملک محمد اقبال ثاقب،

پولیٹیکل اسسٹنٹ سید موسی رضا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیع اللہ فاروق،اسسٹنٹ کمشنرز محمد اسد چانڈیہ،ملک محمد شاہد اور دیگر افسران،زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔

گاڑیاں اور موٹر سائیکل بھی مرکزی ریلی میں شریک ہوئیں۔شرکاء نے قومی اور کشمیر کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ شرکاء نے پاکستان زندہ باد،کشمیر بنے گا

پاکستان جیسے فلک شگاف نعرے لگائے۔ہسپتال چوک پر ملکی اور کشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے،

استحکام پاکستان،ملک و قوم کی ترقی،خوشحالی اور کشمیر کی آزادی کے لئے دعا کی گئی وزیر مملکت زرتاج گل وزیر،ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ،ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق،ملک محمد اقبال ثاقب اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔پانچ فروری کو تقریبات منعقد کرنے کا مقصد اقوام عالم کو باور کرانا ہے کہ

وہ کشمیریوں کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے اور اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حق خودارادیت دلائیں۔پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کیلئے ہر پلیٹ فارم سے آواز بلند کرتے رہیں گے.


ڈیرہ غازیخان

ضلعی انتظامیہ اور ڈی جی خان آرٹ کونسل کے اشتراک سے آرٹ کونسل میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کیلئے مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔وزیر مملکت زرتاج گل وزیر،ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق،

ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز و آرٹ کونسل ریاض الحق بھٹی،محبوب حسین اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور ظلم وستم بند کرے۔اقوام متحدہ کشمیریوں کی آزادی کیلئے فعال کردار اداکرے۔

اس موقع پر آرٹ کونسل کی طرف سے مقامی فنکاروں نے ”کرفیو” کے عنوان پر کشمیر میں بھارتی مظالم اور بنیادی حقوق کی پامالی کو اچھے انداز میں پیش کیا۔

بوائز سکاؤٹس نے کشمیری شہداء کو سلامی پیش کی. مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات نے تقاریر اور ملی نغمے پیش کئے۔


ڈیرہ غازیخان

بزدار حکومت کی ہدایت پر تونسہ میں بھی کشمیریوں کے ساتھ یک جہتی کیلئے ریلی اور تقریب کا انعقاد کیا گیا

جس میں اسسٹنٹ کمشنر تونسہ نوید حسین اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں کی جدو جہد کو خراج تحسین پیش کیا

مانکا کینال روڈ ڈیرہ غازیخان پر نجی سکول کے بچوں نے ہاتھوں کی زنجیر بناتے ہوئے کشمیوں کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا۔

نجی سکول نے ننھے بچوں نے ہاتھوں ہاتھ ڈال کر طویل لائن کی زنجیر بنائی۔بچوں نے کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے.


ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی کمشنر کمپلیکس ڈیرہ غازیخان میں موجود محافظ خانہ میں آتشزدگی سے قیمتی ریکارڈ خاکستر ہو گیا. اطلاع پر ریسکیو اور فائر بریگیڈ کے عملہ نے آگ بجھائی.

سول ڈیفنس، ریونیو اور بی ایم پی سمیت دیگر محکموں کے اہلکاروں نے فائلوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا. کمشنر نسیم صادق، ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق،

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ر یونیو سمیع اللہ فاروق، اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ نے متاثرہ عمارت کا دورہ کیا. ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ

محافظ خانہ میں ریونیو، کورٹس او ردیگر کاغذات تھے محافظ خانہ کی چھت لکڑی سے بنی ہونے کے باعث آگ ایک کمرے سے چار کمروں تک پھیل گئی.

کمشنر نسیم صادق اور ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے بتایا کہ تحقیقات کی جا رہی ہیں. آتشزدگی کی وجوہات سامنے آنے پر

قصور واراور غفلت کے مرتکب افسران و عملہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی.


ڈیرہ غازیخان

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازیخان میں ٹڈی دل کی تلفی کیلئے آپریشن جاری ہے.

ڈ پٹی کمشنر طاہر فاروق کی زیر نگرانی محکمہ زراعت اور دیگر ٹیمیں ٹڈی دل کے جھنڈوں پر مشینری کے ذریعے سپرے کر رہی ہیں.

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع مہر عابد حسین نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر ٹیموں نے موضع حسنی نزد چوکی ستہ یونین کونسل بیروٹ مند وانی،

موضع غازی بکری تحصیل کوہ سلیمان میں ٹڈی دل کے جھنڈوں پر سپرے کیا.


ڈیرہ غازیخان

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازیخان کے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ معیاد کے اندر مکمل کرانے کیلئے افسران کو ٹاسک دے دیاگیاہے.

ڈ پٹی کمشنر آفس میں ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ عبدالغفار کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا

جس میں صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام، کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام، ایم پی اے پیکجز، سیپ، ایم این اے پیکجز، پنجاب میونسپل سروسز پروگرام،

روڈ ایکسسی بلیٹی پروگرام اور دیگر مفاد عامہ کی سکیموں کا جائزہ لیاگیا. ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کے منصوبوں میں سست ر وی پر تحفظات کااظہار کرتے ہوئے

متعلقہ محکموں اور چیف آفیسرز کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں. ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی نے بتایاکہ

سیپ پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت وفاقی محکموں میپکو، پاک پی ڈبلیو بی کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری ضروری ہے

جس کیلئے متعلقہ محکمے اراکین اسمبلی کے ذریعے منصوبوں کی منظوری کرائیں.


ڈیرہ غازیخان

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام اہلِ کشمیر سے یکجہتی اور بھارتی درندگی، کرفیو اور محاصرے کے خلاف ٹریفک چوک پر پْرجوش مظاہرہ اور انسانی ہاتھوں کی زنجیر،

فلک شگاف نعرے اور بھارت کے خلاف جہاد کا اعلان کرنے کا مطالبہ، اس موقع پر جاوید اقبال بلوچ،شیخ عثمان فاروق،ملک محبوب ثاقب،

شیخ لیاقت رفیق،انجینئر سجاد بلوچ، منیر احمد کلاچی،شیخ سعد فاروق،قاری امیر عمر، منصور احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ

وزیراعظم اچھی تقریر سے عوام کا دل بہلانے کی بجائے عملی طور پر جہاد کا اعلان کریں اور پاک فوج کو شملہ معاہدہ کی زنجیر توڑتے ہوئے کشمیر میں داخل ہونے کا حکم

صدر پاکستان سے جاری کرائیں. ان شاء اللہ 22 کروڑ عوام فوج کے ساتھ کھڑے ہونگے،مظاہرین نے فریدی بازار، ٹریفک چوک اور جام پور روڈ پر انسانی ہاتھوں کی طویل زنجیر بنائی، قبل ازیں کوٹ چھٹہ،

گیریڑن کالج ملتان روڈ اور سمینہ میں کشمیر ریلیوں اور مظاہروں سے شیخ عثمان فاروق اور جاوید اقبال بلوچ نے خطاب کیا،

رانا انیس قمر،سعد چنگوانی،اعجاز چنگوانی،قاری محمد اویس اور دیگر مقررین نے بھی ان پروگراموں میں خطاب کیا۔


ڈیرہ غازیخان

پولیس تھانہ بی ڈویژن نے کار چور گرفتار کر لیا ترجمان پولیس کے مطابق ملزم محمد ساجد ولد حاجی اللہ بخش قوم جتوئی سکنہ دراہمہ نے ٹریفک چوک کے قریب سے لاکھوں مالیتی مہران کار چوری کر لی تھی

پولیس تھانہ بی ڈویژن نے اطلاع ملتے ہی ملزم کا تعاقب کیاملزم بخوف گرفتاری کار چھوڑ کر فرار ہو گیا تھا ایس ایچ او تھانہ بی ڈویژن نے کار کو قبضہ پولیس میں لیتے ہوئے

ملزم محمد ساجد کو بھی گرفتار کر لیامہران کار نمبری MLE /2843 اصل مالک کے حوالے کر دی ایس ایچ او تھانہ بی ڈویژن عفت عباس نے کہا کہ

ڈی پی او اسد سرفراز کی ہدایت پر وہیکل چور اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھر پور کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔


ڈیرہ غازیخان

کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نسیم صادق نے کوٹ چھٹہ کا دورہ کیا انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر ملک محمد شاہد،ایم ڈی کیٹل مارکیٹ منیجمنٹ کمپنی محمد یونس کھتران،

جنرل۔منیجر آپریشن ڈاکٹر فقیر حسین کے ہمراہ بکرمنڈی کوٹ چھٹہ کی جگہ کا بھی دورہ کیا کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ

بکرمنڈی مویشی پال حضرات اور مویشیوں کی خرید وفروخت کرنے والے افراد کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہوگی

بکر منڈیوں میں جانوروں کی خریدوفروخت کے عمل کو شفاف بنایا جائے کمشنر نے نے بکر منڈی کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا اور ہدایات جاری کیں۔


ڈیرہ غازیخان

ڈویژنل سپورٹس آفس ڈیرہ غازی خان کی دعوت پر قومی کھلاڑی و سپنر سعید اجمل ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا۔

انہوں نے چیف منسٹر کرکٹ اکیڈمی اور دیگر کھلاڑیوں کو تربیت دی۔ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ،ڈویزنل سپورٹس آفیسر عطاء الرحمن،ارشد علی اور دیگر موجود تھے۔

ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات کرہی ہے۔

کرکٹ سٹیڈیم اور کرکٹ اکیڈمی نوجوانوں کھلاڑیوں کیلئے حکومت کا تحفہ ہے۔ ڈی ایس او عطاء الرحمن نے بتایا کہ

کرکٹ سٹیڈیم ڈیرہ غازی خان کو فعال کردیا گیا ہے اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر چیف منسٹر کرکٹ اکیڈمی کے کھلاڑیوں کو مایہ ناز کوچز کے ذریعے تربیت دلائی جارہی ہے۔

قومی سپنر سعید اجمل کی تربیت سے مقامی نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحتیوں میں نکھار پیدا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ دیگر مایہ ناز کھلاڑیوں کو مدعو کیا جائیگا۔


ڈیرہ غازیخان

مشیروزیراعلی پنجاب محمدحنیف خان پتافی اور پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری محمد لطیف خان پتافی کی زیر قیادت

ضلعی سیکرٹریٹ کالج چوک سے ٹریفک چوک ڈیرہ غازی خان تک یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی

جس میں جماعت کے ورکرز اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی مشیر وزیراعلی پنجاب محمد حنیف خان کی پتافی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ

کشمیر ہمارا تھا،ہے اور ہمیشہ ہمارا ہی رہے گاانہوں نے کہا کہ اگر کسی نے کشمیر کی طرف آنکھ اٹھائی تو نشان عبرت بنادیں گے

مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کشمیر میں 180 دن سے زیادہ ہو گئے ہیں اور کشمیری ماں، باپ، بھائی،بہن کرفیو کا شکار ہیں

ضلعی جنرل سیکرٹری محمد لطیف خان پتافی نے کہا کہ کشمیریوں سے محبت کے اظہار کے لئے آج پورا پاکستان اپنے گھروں سے باہر نکل کر یومِ یکجہتی منا رہا ہے

اور اپنے کشمیریوں کو یہ پیغام دے رہا ہے کہ پاکستان کا ہر شہری ہر قدم پر آپ کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔


ڈیرہ غازیخان

دانش سکول کے قریب تیل کا بھرا ٹینکر الٹ گیا پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازیخان دانش سکول ڈی جی خان کے نزدیک بی ایم کیو کمپنی کا دس ویلر آئل ٹینکر ڈرائیور کی تیز رفتاری اور غفلت کے سبب موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گیا

اور ٹینکر میں موجود سینکڑوں لیٹر ٓائل ضائع ہو گیا واقع کی اطلاع ملنے پر انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو کی پانچ گاڑیاں اور فائر فایٹر ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں

اور جائے حادثہ پر لائن لگا کر ہر قسم کی ٹریفک کو بند کردیا تاکہ کسی قسم کے بڑے حادثہ سے محفوظ رہا جا سکے

دو گھنٹے کے آپریشن کے بعد راستہ کلیئر کر دیا گیاتاہم ڈرائیور سمیت عملہ محفوظ رہا۔


ڈیرہ غازیخان

ڈی پی او اسد سرفراز کی ہدایت پر ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے گرد گھیرا تنگ ایس ایچ او تھانہ درخواست جمال خان کی کاروائی ناجائز اسلحہ رکھنے والے 2 ملزمان گرفتار

ترجمان پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ درخواست جمال خان اور ان کی ٹیم نے دوران چیکنگ ملزمان محمد سرور ولد محمد حسین اور محمد عباس ولد محمد اقبال کو ناجائز اسلحہ 12 بور بندوق رکھنے کے الزام میں گرفتار کر کے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر دیا

اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ درخواست جمال خان ساجد فرید کا کہنا تھا کہ علاقے میں کسی قسم کے جرائم کو قبول نہیں کیا جائے گا۔جرائم کے مرتکب افراد کے لیے کوئی معافی نہیں ہے۔


ڈیرہ غازیخان

مملکت خداداد پاکستان کی تکمیل کے لئے کشمیر کی آزادی بہت ضروری ہے جہاد کشمیر ہم پر فرض بھی ہے

اور قرض بھی ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل سربراہ قاضی ذوالفقار حسین نے کلمہ چوک ڈیرہ غازی خان میں مرکزی کشمیر ریلی میں شریک مظاہرین سے خطاب کر تے ہو ئے کیا انہوں نے کہا کہ

اس وقت پاکستان سنی تحریک کے پانچ لاکھ سپاہی پا ک آرمی کے شانہ بشانہ جہاد کشمیر کے لئے تیار بیٹھے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ

آج مقبوضہ کشمیر کی بیٹی محمد بن قاسم کی منتظر ہے غزوہ ہند کی منزل قریب ہے اس موقع پر ضلعی صدر سنی تحریک محمد طفیل صدیقی،تحصیل صدر محمد ارشاد قادری،

علامہ افتخار قادری،محمد عمران قادری،قاضی محمد کریم قادر،محمد جمشید عطاری،چوہدری محمد رمضان،سید فرہاد حسین شاہ قادری،

محمد اقبال قادری،محمد نور چشتی،حمید اللہ لغاری،سردار فرحت عباس سرکانی،شاہ میر قادری،عباس چشتی،استاد عبد الرشید عرف رنگیلا،غلام رسول بھٹی اور محمد احسان عطاری نے بھی خطاب کیا۔


ڈیرہ غازیخان

تاجر رہنماء شیخ عبد الصمد کی اہلیہ،بابر غلام محمد اور میجر محمد ساجد کی والدہ طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں

ان کی نماز جنازہ عید گاہ جام پور میں ادا کی گئی نماز جنازہ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماء طارق علی خان کاکڑ،

سابق کمانڈر قومی رضاکاران محی اسلام قریشی،چیمبر آف کامرس کے سابق سینئر نائب صدر طارق اسماعیل،طاہر معراج،وکلاء تاجروں،سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی

مرحومہ جام پور کے تاجر رہنماء شیخ محمد اکبر کی خوشدامن اور چیمبر آف کامرس کے سابق سینئر نائب صدور طارق اسماعیل قریشی، زاہد نظام قریشی،

ممبر ایگزیکٹو محمدآصف رزاق، طاہر معراج،شیخ شاہد معراج اور خالد معراج کی خالہ تھیں مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے

رسم قل خوانی آج صبح نو بجے عرفان آباد کالونی جام پور کی جامع مسجد نزد جناح ایجوکیشن کالج میں منعقد ہو گی۔

About The Author