دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے

منگیتر کے غیر مرد سے تعلقات پر دلبردشتہ نوجوان کی خود کشی کرنے کی ناکام کوشش

ڈیرہ اسماعیل خان:منگیتر کے غیر مرد سے تعلقات قائم کرنے پر نوجوان نے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کی نیت سے خود کو پسٹل کے فائر سے شدید زخمی کرلیا ،زخمی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیا ،پولیس نے نوجوان کے خلاف اقدام خودکشی کا مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق علاقہ تھویا فاضل کے رہائشی پچیس سالہ نوجوان نے اپنی زندگی سے دلبرداشتہ ہوکر خود کشی کی نیت سے اپنے سر پر پسٹل کے فائرسے خودکو شدید زخمی کرلیا ،زخمی کوفوری طور پر ہسپتال منتقل کردیاگیا

جہاں پر طبی امداد کے بعد اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا ،زخمی کے باپ نے پولیس کو بتایا کہ وہ مقامی کیبل کمپنی میںبطور آپریٹر کام کرتاہے ،


ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز ) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144کے تحت ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں فوارہ چوک سے جی پی او تک سڑک کے کنارے گاڑیوں کی ڈبل پارکنگ ، رُوٹ پرمٹ کی خلاف ورزی اور عارضی تجاوزات قائم کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے

جبکہ ایک دوسرے حکمنامے کے مطابق دوسرے اضلاع کے چنگ چی مالکان اور ڈرائیورز کی طرف سے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی حدود میںچنگ چی رکشہ چلانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

فوری طور پر لاگو ہونے والے ان حکمناموں کو اطلاق 60دن تک نافذ العمل رہے گا جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔


خطرناک دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سیکورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ سرچ آپریشن میں خطرناک دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا ،

، دہشت گرد کے قبضہ سے دستی بم اور دیگر اسلحہ برآمد کرلیاگیا،پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل کلاچی کے علاقہ لونی میں سیکورٹی فورسز اور پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران خطرناک دہشتگردوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا

۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک خطرناک دہشت گرد مارا گیاجس کی شناخت انوار عرف انواری کے نام سے ہوئی ہے۔ دہشت گرد کے قبضہ سے 4دستی بم ، ایک ایس ایم جی اور وائرلیس سیٹ برآمد کرلیاگیا ،۔


ترقیاتی منصوبوں میں کام کے معیار کی جانچ پڑتال،تحقیقاتی ٹیم ڈیرہ پہنچ گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)اسسٹنٹ ڈائریکٹر انٹی کرپشن ڈیرہ عبدالحئی خان بابڑ نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران بتایا کہ ڈائریکٹر انٹی کرپشن خیبر پختونخوا عثمان خان کی خصوصی ہدایت پر انجینئراور سینئر آڈیٹر پر مشتمل ٹیم ڈیرہ اسماعیل خان پہنچ گئی ہے

جو کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں محکمہ زراعت، محکمہ بلدیات، محکمہ سپورٹس، محکمہ تعلیم، سی اینڈ ڈبلیو، محکمہ ایریگیشن اور محکمہ تحفظ اراضیات سمیت دیگر صوبائی اداروں کے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں کام کے معیار اور ان کی تکمیل میں شفایت کی جانچ پڑتال کرے گی ،

ان کا کہناتھا کہ تحقیقاتی ٹیم صوبائی محکموں کے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن اور مالی خرد برد کی تحقیقات کرے گی اور ٹیم کی رپورٹ کی روشنی میں کرپشن اور خوربردثابت ہونے پر کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی ہوگی


معمولی تکرارپر فائرنگ سے دو افراد شدید زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) معمولی تکرارپر فائرنگ سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا،

پولیس دو ملزمان کیخلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس

ذرائع کے مطابق تھانہ پہاڑ پور کے علاقہ فخر آباد میں ملزمان فرحان اور صدام پسران قیصر مروت سکنائے بستی فخر آباد نے معمولی تکرار پر ہارون مروت ولد مشعل خان اور عدیل ولد ممریز پر حملہ آور ہوکر انہیں زدوکوب کیا اور بعدازاں ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ دونوں زخمی ہوگئے ۔

پہاڑ پور پولیس نے دونوں ملزمان کیخلاف مقدمہ اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔


جماعت اسلامی کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر شیان شان طریقے سے منائے گی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)جماعت اسلامی کے زیر اہتمام رواں سال بھی یوم یکجہتی کشمیر شیان شان طریقے سے منایا جائے گا۔اس سلسلے میں جماعت اسلامی تحصیل ڈیرہ اسماعیل خان کا اھم مشاورتی اجلاس زیر صدارت امیر ضلع جماعت اسلامی بلایا گیا۔

جس میں تحصیل ڈیرہ کے امیر حاجی عقیل ڈمرہ اور ضلعی جنرل سیکریٹری محمد بشیر ھرگن بھی موجود تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئیے پاکستان بھر کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی ریلی نکالی جائے گی جو صبح دس بجے پریس کلب ٹاو¿ن ہال سے شروع ھوکر اپنے روایتی راستوں سے ھوتے ہوئےتوپانوالہ چوک پر ختتام پزیر ھو گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی سطح پر اس کی افادیت کو اجاگر کرنے کی خاطر رابطہ مہم چلای جائے گی ۔


درازندہ ڈی آر سی و پی ایل سی کے قیام کا افتتاح کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ محمد امتیاز شاہ نے نئے ضم شدہ سب ڈویژن درازندہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈی آر سی و پی ایل سی کے قیام کا افتتاح کیا اس موقع پر حلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی ۔

تقریب میں جاوید خان مروت کمشنر ڈیرہ ضلعی پولیس سربراہ ڈیرہ،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر و دیگر پولیس آفسران نے شرکت کی۔ محمد امتیاز شا ہ ریجنل پولیس آفیسر نے ڈی آر سی کے22 و پی ایل سی کے32 نو منتخب اراکین سے حلف لیا،

اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر نے ممبران کو مبارک اور تمام شرکاءو مہمانان گرامی اور علاقہ مشران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈی آر سی و پی ایل سی میں تمام اقوام درازندہ کو برابر نمائندگی دی گئی ہے اور ممبران کا انتخاب خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے


دہشت گردانہ حملے کو بھرپور دفاعی انداز میں ناکام بنانے کی غرض سے فرضی مشق

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) پولیس لائن ڈیرہ میں دہشت گردانہ حملے کو بھرپور دفاعی انداز میں ناکام بنانے کی غرض سے فرضی مشق کا انعقاد کیا گیا جس میں پولیس اور ایلیٹ فورس کے جوانوں نے حملہ آوروں کا مقابلہ کرنے اور یرغمالیوں کو بحفاظت باہر نکالنے کا عملی مظاہرہ پیش کیا ۔

فرضی مشق کے دوران پولیس جوانوں نے مزاحمت کاروں کے خلاف طاقت کے استعمال اور اُن کی گرفتاری عمل میں لانے کے علاوہ پولیس کے ساتھ مزاحمت کے دوران زخمی ہونے والے افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور مزاحمت کاروں کے حملے سے خود کو محفوظ رکھنے کی ڈرل دہرائی اور مختلف فارمیشنز کا عمالی مظاہرہ پیش کیا

پولیس لائن ڈیرہ میں منعقد فرضی مشق کے موقع پر پولیس جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لیے رکھااور حفاظتی اقدامات و ہائی الرٹ رہا


شہدائے پولیس ڈیرہ کے مسائل و تکالیف کے حل کے لیے آرڈرلی روم کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)شہدائے پولیس ڈیرہ کے مسائل و تکالیف کے حل کے لیے آرڈرلی روم کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک و قوم کی سلامتی کے لیے قیمتی جانوں کے نذارنے پیش کرنے والے ڈیرہ پولیس کے شہدائے پولیس کی فیملیز نے شرکت کی۔

آرڈرلی روم شہدائے پولیس کی اہل خانہ نے ڈی پی او اپنے مسائل اور تکالیف سے آگاہ کیا ۔جنہیں سن پر ڈی پی او نے موقع پر ہی حل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے پولیس کی لازوال قربانیوں کا کوئی نعم البدل تو ممکن نہیں

تاہم ان کے بچوں کی مکمل کفالت اور صحت و تعلیم سمیت تمام ضروریات پوری کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہداءہمارے قومی ہیرو ہیں اور ان کے بچوں کے ساتھ شفقت و محبت کا اظہار کرکے ان کو درپیش مسائل کو حل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔


ضلع بھر میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)حفاظتی اقدامات نہ اٹھانے سے ضلع بھرمیں آوارہ کتوں کی بھرمار، حفاظتی انتظامات نہ کیے جانے کی وجہ سے ضلع بھر میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوگیا ،

گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران آوارہ کتوں کے کاٹنے سے لہولہان ہونے والے 30 سے زائد افراد کو ڈی ایچ کیو ہسپتال لایا گیا ان افراد جن میں زیادہ تر بچے شامل ہیں جن کا تعلق شہر کی مختلف آبادیوں سے ہے ان میں بچے ،بوڑھے ،مردوخواتین وغیرہ شامل ہیں

ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ پروآسرکل کے افراد کو آوارہ کتوں کے کاٹنے سے زخمی ہونے کے باعث ہسپتال لایا گیا ہے ضلع بھر کے درجنوں سرکاری شفاخانوں میں اینٹی ریبیز ویکسین محدود مقدار میں دستیاب ہے لیکن یہ اتنی بڑی تعداد میں لائے گئے زخمی افراد کے لئے ناکافی ثابت ہورہی ہے


ضلعی ڈرگ انسپکٹر کے میڈیکل سٹوروں پر چھاپے،متعدد میڈیکل سٹور سربمہر کردیئے گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ضلعی ڈرگ انسپکٹر کے ڈیرہ اسماعیل خان شہر اور مضافات میں میڈیکل سٹوروں پر چھاپے ،دکاندار دکانیں بند کرکے چلے گئے،ڈرگ لائسنس نہ ہونے پر متعدد دکانیں سربمہر کردی گئیں۔

ڈرگ انسپکٹر نے ضلعی ڈرگ انسپکٹر کے ہمراہ شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں میڈیکل سٹوروں پر چھاپے مارے،چھاپوں کی اطلاع ملتے ہی متعدد دکاندار دکانیں بند کرکے چلے گئے‘اس دوران متعدد دکانداروں کے پاس ڈرگ لائسنس نہ ہونے کے باعث ان کی دکانیں سربمہر کردی گئیں۔

ڈرگ انسپکٹر نے دوا فروشوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ڈرگ لائسنس فوری طور پر حاصل کریں بغیر لائسنس کسی کو غیر قانونی کاروبار کرکے انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی‘


پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن ڈیرہ کے عہدیداران کا ہنگامی اجلاس

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن ڈیرہ کے عہدیداران کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت چیئرمین الحاج محمد رمضان منعقد ہوا ،

شرکاءنے کہا کہ آئندہ ہفتہ ضلع بھر کے دوافروشوں کا اجلاس طلب کیاجارہا ہے جس میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام شرکت کریں گے ،

انہوں نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں جعلی ،غیر معیاری ادویات کے خلاف محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے جہاد میں ان کا بھر پور ساتھ دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ میں تعینات ڈرگ انسپکٹر روزانہ کی بنیاد میں چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھے ہیں اور ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ،

ہم ان کی کارکردگی سے مکمل طور پر مطمئن ہیں اور انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں ۔


مختلف محکموں کے ساڑھے تین سو سے زائد ملازمین کو شوکاز نوٹسز جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے خیبر پختونخوا کے مختلف محکموں کے ساڑھے تین سو سے زائد ملازمین کو شوکاز نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں

جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے سرکاری افسران نے اپنے نام مشتہر ہونے سے رکوانے کے لئے وزراءاور اراکین اسمبلی سے رابطے بڑھا دیئے اور اپنے ناموں کو ہر صورت مشتہر ہونے سے روکنے کے لئے اپنا اثر ورسوخ استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک بھر کے ایک لاکھ چالیس ہزار سے زائد افسران پر الزام ہے کہ انہوںنے بے نظیر انکم سپورٹ سکیم سے ناجائز فائدہ اٹھایا جس پر وزیر اعظم نے ان کے نام مشتہر کرنے کے لئے ہدایات جاری کیں ہیں ،

بدنامی کے خوف سے ان افسران نے وزراءاور اراکین اسمبلی سے رابطے شروع کردیئے


عدالتی بائیکاٹ تیسرے ہفتے میں داخل ہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے ضابطہ دیوانی میں ترامیم اور انسداد منشیات کے نئے قوانین کے خلاف عدالتی بائیکاٹ تیسرے ہفتے میں داخل ہوگیا ہے ،

حکومت کی جانب سے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کے باوجود وکلاءبرادری ہڑتال ختم کرنے سے انکاری ہیں جس پر سائلین گزشتہ دو ہفتوں سے رل رہے ہیں جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبہ بھر کی جیلوں میں بند قیدی بھی رہائی کے انتظار میں پروانوں کی راہ تک رہے ہیں ،

وکلاءکی جانب سے پشاور ہائی کورٹ اور صوبہ بھر کی ماتحت عدالتوں میں پیش نہ ہونے کے باعث زیر التواءمقدمات اور عدالتوں پر مقدمات کے بوجھ میں بھی اضافہ ہورہا ہے ،ادھر وکلاءکے عدالتوں میں عدم پیش ہونے سے سائلین انتہائی پریشان ہیں ،


درجنوں ایلیمنٹری اور ہائی سکولوں میں سہولیات کا فقدان

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ضلع بھر کے درجنوں ایلیمنٹری اور ہائی سکولوں میں سہولیات کا فقدان ، صاف پانی فرنیچر ، بیٹ الخلاءسمیت درجہ چہارم کی خالی آسامیوں پر بھرتیاں التوا کا شکار ،

سکولوں میں زیر تعلیم طلباءوطالبات پینے کے صاف سے جبکہ متعدد سکولوں میں طلباءفرنیچر سے محروم اور بعض سکولوں میں بجلی کی سہولت اور بعض میں بیت الخلاءنہ ہونے پر طلباءکو مشکلات کاسامنا ،

تفصیلات کے مطابق ضلع بھر کے پرائمری ،مڈل وہائی سکولوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ۔ان سکولوں میں پینے کے صاف پانی ،فرنیچر ز ،بجلی اور بیت الخلاءجیسی بنیادی سہولیات نہ ہونے سے طلباءوطالبات کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے

اور جن سکولوں میں بیت الخلاءہیں ،سینٹری ورکرز نہ ہونے کی وجہ سے بیت الخلاءغلاظت وگندگی سے اٹے پڑے ہیں


ڈیرہ میں گیس کی بندش کا سلسلہ کم نہ ہوسکا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ سوئی نادرن گیس کی جانب سے ڈیرہ میں گیس کی بندش کا سلسلہ کم نہ ہوسکا ،جبکہ ایل پی جی ڈیلرز کی ملی بھگت شہر بھر میں ایل پی جی گیس تاریخ کی بلند ترین سطح پر دوسوروپے فی کلو سے بھی تجاوز کرگئی ،

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر سمیت ملحقہ آبادیوں میں گیس پریشر میں بہتری نہ آسکی ،محتلف محلوں ،آبادیوں میں بتدریج گیس کی لوڈ شیڈنگ سمیت پریشر میں کمی کے باعث علاقہ مکینوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔

اس حوالے سے صارفین کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں دس سال قبل جو لائنیں بچھائی گئی تھیں کنکشنوں میں اضافے کے باعث وہ لائنیں اب ناکافی ہوچکی ہیں جن علاقوں میں نئی لائنیں بچھائی گئی ہیں

وہاں پریشر قدرے بہتر ہے ،گیس کے پریشر میں کمی کا فائدہ اٹھار کر ایل پی جی سلنڈرز فروخت کرنے والے ڈیلرز نے من مرضی کے ریٹ مقرر کررکھے ہیں۔


مہنگائی کنٹرول نہ ہونے پر ذخیرہ اندوزوں او رمنافع خوروں کو کھلی چھٹی مل گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)مہنگائی میں پسے عوام پر وار پر وار ،بجلی ،ادویات ،آٹا ،گھی ،چینی ،دالوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں ،

حکومت کی طرف سے مہنگائی کنٹرول نہ ہونے پر ذخیرہ اندوزوں او رمنافع خوروں کو کھلی چھٹی مل گئی ،انتظامی افسران کی طرف سے سب اچھا ہے کہ رپورٹس سے غریب عوام پر مایوسیوں کے سائے طویل تر ہونے لگے ،

ملک کے دیگر شہروں کی طرح ڈیرہ ضلع بھر میں بدترین مہنگائی کا طوفان برپا ہے ،بڑھتی ہوئی مہنگائی سے شہری بلبلا اٹھے ہیں ،حکومتی دعوﺅں کے باوجود مقامی انتظامیہ کی بے حسی کے وجہ سے کمیشن ایجنٹس مہنگائی مافیا کو لوٹ مار کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ۔

بازار میں سبزیوں کی قیمتوں میں کمی نہ لائی ،منافع خور مافیا کی من مانیاں برقرر ہیں


مرغیوں کی قیمتوں میں بیس روپے فی کلو اضافہ ہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ میں مرغیوں کی قیمتوں میں بیس روپے فی کلو اضافہ ہوگیا،دو دن میں فی کلو قیمت 165سے بڑھ کر185تک پہنچ گئی ہے ،

چکن کی قیمتیں 200روپے فی کلو تک پہنچنے کاامکان ہے۔آٹا،چینی اوردیگر اشیاء خوردنوش کے ساتھ ساتھ چکن کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا،

ڈیرہ میں 48گھنٹوں میں چکن کی قیمت میں فی کلو20روپے کااضافہ ہوگیا۔چکن ڈیلرز کے مطابق چکن کی قیمتوں میں مزید اضافے کابھی امکان ہے،

کیونکہ پولٹری فارم بھی پر مہنگائی کے اثرات مرتب ہورہے ہیں ،مرغیوں کے خوراک اوردیگر اشیاء میں روزانہ کے حساب سے اضافہ ہورہاہے ،دوسری جانب سے شادیوں کا سیزن اورسردی میں اضافہ بھی چکن کی قیمتوں میں اضافے کاسبب بن رہی ہیں۔


مرغیوں میں برڈ فلو پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کی ہدایات

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)مرغیوں میں برڈ فلو پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کی ہدایات کردی گئی ہیںممکنہ برڈ فلو کے پیش نظر درجنوں مرغیاں مر گئی ہیں

برڈ فلو کے مرض کے باعث ڈیرہ سمیت صوبے کے مختلف فارموں اور دکانوں میں مرغیوں کے ہلاکت اور انڈوں کے مختلف بیماریوں کے باعث سپرے کرنے اور کام کرنے والے ملازمین کو حفاظتی اقدامات کی ہدایات کی گئی ہیں

لائیو سٹاک انتظامیہ کی جانب سے برڈ فلو کے مرض کے خطرات کے پیش نظر فارموں اور کاروبار سے وابستہ تاجروں کو ہدایات کی گئی ہے موسم سرما میں برڈ فلو کی مرض کے باعث سینکڑوں مرغیاں ہلاک ہو جاتی ہیں اورلاکھوں کی تعداد میں انڈے بھی خراب ہو جاتے ہیں


ملازمین کے بچوں کے لئے 16ہزار سے 48ہزار روپے تک سکالر شپ دینے کی منظوری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبر پختونخوا حکومت نے مختلف صوبائی محکموں میں حاضر سروس ملازمین کے بچوں کے لئے 16ہزار سے 48ہزار روپے تک سکالر شپ دینے کی منظوری دیدی ہے

ایس ایس سی کے کامیاب طلباءو طالبات کو 16ہزار روپے فی کس ، ایف اے کے کامیاب طلباءو طالبات کو 32ہزار روپے ، بی اے کے کامیاب طلباءو طالبات کو 40ہزار روپے جبکہ ایم اے کے کامیاب طلباء و طالبات کو48ہزار روپے فی کس سکالر شپ دی جائیگی

ایسے حاضر سروس مختلف صوبائی محکموں کے ملازمین جن کے بچوں نے گزشتہ سال ایس ایس سی ، ایف اے ، ایف اے سی ،بی اے ، بی ایس سی ، ایم اے ، ایم ایس سی یا پروفیشنل فنائنل امتحان کم از کم فسٹ ڈویڑن میں پاس کیا ہو وہ میرٹ سکالر شپ کے ذریعے درخواست دینے کا اہل ہو گا


دینی مدارس کو قومی دھارے میں لانے کے لیے ریجنل دفاتر قائم

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)وزارت تعلیم کی جانب سے ملک بھر کے دینی مدارس کو قومی دھارے میں لانے کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان اور پشاور میں ریجنل دفاتر کا قیام عمل میں لانا شروع کردیا ہے

پہلے مرحلے میں پشاور اور دوسرے مرحلے میں ڈیرہ اسماعیل خان میں ریجنل دفاتر کا افتتاح کیا جائے گا۔پشاور کادفتر ہزارہ ڈویژن ، پشاور ڈویژن،مردان ڈویژن ، مالاکنڈ ڈویژن جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے علاوہ جنوبی اضلاع کے لئے کام کریگا

دوسری جانب وزارت نے مدارس کے نصاب میں عدم مداخلت،مدارس کے منتخب کردہ دو اساتذہ کو ماہانہ اعزازیہ دینے،بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ہرمدرسے میں دو کمرے بنانے جبکہ رجسٹریشن کرانے والے مدارس کو بنک اکاﺅنٹس کھولنے کی اجازت اورسالانہ آڈٹ لازمی قرار دینے کا فیصلہ بھی سامنے آیاہے،


ڈالر کی قیمت 7 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈالر کی قیمت 7 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی، کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستانی کرنسی مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قدر میں 19 پیسے تک کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں پیر کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر 19پیسے کم ہوگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 10پیسے بڑھ ہوگیا۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالرکی قدر میں19پیسے کی کمی ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید154.79روپے سے گھٹ کر154.60روپے اور قیمت فروخت154.89روپے سے گھٹ کر154.70روپے ہوگئی

جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید10پیسے کے اضافے سی154.40روپے سے بڑھ کر154.50روپے اور قیمت فروخت154.70روپے سے بڑھ کر 154.80روپے ہوگئی


ماہ مبارک کے آغاز کی ممکنہ تاریخ بتا دی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) رمضان المبارک کے آغاز میں کم وقت رہ گیا، ماہ مبارک کے آغاز کی ممکنہ تاریخ بتا دی گئی، پاکستان مین رمضان کے مقدس ماہ کا چاند 23 یا 24 اپریل کو نظر آنے کا امکان، جبکہ عید الفطر 24 یا 25 مئی کو ہو سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں رمضان المبارک کے آغاز میں کم ہی وقت رہ گیا ہے۔ رمضان المبارک دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے سب سے مقدس ترین مہینہ ہے اور اہل ایمان ہر سال اس ماہ کی آمد کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔

رواں برس رمضان المبارک کے مقدس ماہ کے آغاز میں تقریباً تین ماہ کا وقت باقی رہ گیا ہے، اس لیے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرنا شروع کر دیا ہے۔ لوگوں ماہ مبارک کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں اور جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ رمضان کے ماہ کا آغاز کس تاریخ سے ہوگا ،

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک کا آغاز ممکنہ طور پر 24 یا 25 اپریل کو ہوگا۔جبکہ پھر عید الفطر بھی 24 یا 25 مئی کو ہوگی۔ ممکنہ طور پر عیدالفطر 24، 25 ، 26 مئی اتوار ، پیر منگل کو تین دن منائی جائیگی اور ان ہی ایام میں عام تعطیلات بھی ہوں گی۔

یوں ہی عیدالاضحیٰ 31 جولائی ، یکم اور 2 اگست بروز جمعہ، ہفتہ، اتوارکو منائی جائیگی۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں بھی کئی ماہ قبل ہی عید الفطر کی تاریخ کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ناصرف عید الفطر، بلکہ متحدہ عرب امارات میں سال 2020 کے لیے رمضان المبارک اور عید الاضحیٰ کی تاریخوں کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

عرب یونین اسپیس سائنس کے مطابق متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک 24 اپریل بروز جمعہ کو ہونے کا امکان ہے جبکہ ماہ مبارک کا چاند 23 اپریل کو نظر آئے گا۔ جبکہ متحدہ عرب امارات میں عید الفطر 24 مئی 2020 بروز اتوار کو ہوسکتی ہے۔

اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات عید الاضحیٰ 31 جولائی 2020 بروز جمعہ کو ہونے کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ناصرف متحدہ عرب امارات بلکہ دیگر خلیجی ممالک میں بھی مذکورہ تاریخوں پر ہی رمضان المبارک کا آغاز اور عید الفطر اور عید الاضحیٰ ہوگی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭

About The Author