دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے

ڈیرہ پولیس کی غفلت اور نااہلی ،سرکلر روڈ پر ایک اور قیمتی جان لقمہ اجل بن گئی

ڈیرہ اسماعیل خان :ڈیرہ پولیس کی نااہلی ،غفلت اور عدم دلچسپی کے باعث سرکلر روڈ پر بھاری گاڑیوں کی آمدورفت سے حادثات آئے روز کا معمول بن گئے ،

خوشحالی بینک کے قریب ایک اور موٹرسائیکل سوار نوجوان ٹریفک کے المناک حادثے میں لقمہ اجل بن گیا ،متوفی کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی ،ڈیرہ اسماعیل خان میں سرکلر روڈ پردن کے اوقات میں بھاری گاڑیوں اور ٹریکٹر ٹرالیوںکی آمد ورفت جاری ہے جس سے اب تک متعدد افراد اپنی قیمتی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔

گزشتہ روزسرکلر روڈ ٹانک اڈہ پر واقع خوشحالی بینک کے قریب تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہوکر موٹرسائیکل سوار اٹھارہ سالہ نوجوان نورالدین ولد محمد سفیر قوم محسود قریشی سکنہ تنگی وزیر ستان حال باران آباد پر چڑھ دوڑی

***

ڈیرہ پولیس کی جانب سے ڈسٹرکٹ آڈیٹوریم ڈیرہ کھلی کچہری کا انعقاد،شہریوں نے شکایات کے انبار لگادیئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ پولیس کی جانب سے ڈسٹرکٹ آڈیٹوریم ڈیرہ کھلی کچہری کا انعقاد کیاگیا، جس میں ڈی پی او ڈیرہ حافظ واحد محمود، ڈی ایس پی سٹی محمد اقبال بلوچ، انجمن تاجران شرقی سرکلر روڈ کے صدر چوہدری جمیل احمد،جنرل سیکرٹری حاجی محمد رمضان، مرکزی تاجر اتحاد کے صدر حامد علی رحمانی، خالد ناز، دلشاد بیگم، ذیشان راج سمیت بڑی تعداد میں تاجروں، شہریوں اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں شہریوں نے پولیس سے متعلق اپنی شکایات کے انبار لگادیئے

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر) حافظ واحد محمود نے کہا ہے کہ کھلی کچہری کے انعقاد سے ناصرف لوگوں کے پولیس کے حوالے سے درپیش مسائل حل اور بعض دیگر مسائل کے حوالے سے مثبت تجاویز سامنے آتی ہیں،

***
ملاوٹ شدہ دودھ کے ٹینکر برآمد ،لاکھوں روپے جرمانے عائد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی ڈیرہ کی کاروائی ، دودھ کے 10ٹینکرز کی چیکنگ،3ٹینکرز مالکان کو پانی کی ملاوٹ اور فیٹ لیول کم ہونے پر لاکھوں روپے جرمانہ عائد کردیاگیا۔

ڈسٹرکٹ فوڈ تھارٹی ڈیرہ نے یارک کے علاقہ میں محکمہ لائیو سٹاک کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے رات گئے ناکہ بندی کے دوران پنجاب سے بنوں اور پشاور دودھ سپلائی کرنے والے 10ٹینکرز کو روک ان سے دودھ کے نمونوں کی موبائل لیبارٹری سے جانچ کی ۔

اس دوران 3ٹینکرز میں موجود دودھ میں پانی کی مقدار زیادہ ہونے اور فیٹ لیول کی کم ہونے پر مالکان کو لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کردیئے گئے۔
٭٭٭
غربت او رمہنگائی کے ہاتھوں تنگ 45 سالہ شخص نے گلے میں رسی کا پھندا ڈال کر خودکشی کرلی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)غربت او رمہنگائی کے ہاتھوں تنگ 45 سالہ شخص نے گلے میں رسی کا پھندا ڈال کر خودکشی کرلی ،متوفی کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے سپرد کردی ،

ڈیرہ کے نواحی علاقہ بختاور آباد میں پینتالیس سالہ شخص رحمت اللہ ولد عزیز اللہ قوم راجپوت سکنہ بختاور آبادنے غربت اور مہنگائی کے ہاتھوں تنگ آکر اپنے گلے میں رسی کا پھنداڈال کر خودکشی کرلی ،متوفی کی لاش کو ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں پوسٹمارٹم کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کردی گئی ہے۔

متوفی کے بیٹے نے پولیس کو بتایا کہ میں درزی کا کام کرتاہوں جبکہ اس کا والدچنگ چی چلاتاتھا ،باپ نے گھر کے خرچ کے لئے میرے سے پیسے مانگے لیکن میں اسے بتایا کہ میرے پاس موجود تمام رقم ماں کی بیماری پر خرچ ہوگئی ہے*

***

گلوبل ایف ایم ریڈیو اور ڈیرہ ڈیویلپمنٹ فورم کے زیر اہتمام سیمنار کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پاکستان فورم فار ڈیموکریٹک پولیسنگ گلوبل ایف ایم ریڈیو اور ڈیرہ ڈیویلپمنٹ فورم کے اشتراک سے سیمینار کا انعقاد,تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ آڈیٹوریم ڈیرہ میں گلوبل ایف ایم ریڈیو اور ڈیرہ ڈیویلپمنٹ فورم کے زیر اہتمام سیمنار کا انعقاد کیاجس میں ڈیرہ اسماعیل خان کی سماجی شخصیات اور تنظیموں پر مشتمل فورم کے ممبران کے علاوہ محکمہ پولیس کے حکام اور ریٹائرڈ افسران نے بھی شرکت کی, پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی محمد یعقوب شیخ ، تحصیل پہاڑپور کے ممبر صوبائی اسمبلی احتشام جاوید اکبر خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ممبر صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی نے شرکت کی

***

تھانہ صدر کی حدود چہکان اڈہ پر فائرنگ سے زخمی ہونے والا پچیس سالہ نوجوان 25 روز بعد ملتان کے نشتر ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ،مقتول کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے سپرد کردی گئی ،مقدمہ میں قتل کی دفعہ شامل کرلی گئی ،

پولیس ذرائع کے مطابق 25 روز قبل تھانہ صدر کی حدودمرحباکالونی ڈیرہ کا رہائشی پچیس سالہ بھٹہ مزدور صبح بھٹہ پر جانے کے لئے موٹرسائیکل پر گھر سے روانہ ہوا ،ڈیرہ ٹانک روڈ تھانہ صدر کی حدود چہکان اڈہ کے قریب پہنچنے پر وہاں پہلے سے موجود تین مسلح ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا ،

ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے ،زخمی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیاگیا۔

***

پولیس مقابلے کے دوران خطرناک مفرور اشتہاری ملزم زخمی حالت میں گرفتار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پولیس مقابلے کے دوران خطرناک مفرور اشتہاری ملزم زخمی حالت میں گرفتارکرلیاگیا ،زخمی مفرورتشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل ،واقعہ کی رپورٹ درج کرلی گئی ،

پولیس ذرائع کے مطابق ٹانک کے علاقہ تھانہ گل امام پولیس نے اقدام قتل ،ڈکیتی اور راہزنی سمیت دیگر سنگین جرائم میں انتہائی مطلوب مفرور اشتہاری ملزم لیاقت علی ولد غلام حبیب قوم کنڈی سکنہ پائی ٹانک کی اپنے مکان میں موجودگی کی اطلاع پر وہاں چھاپہ مارا ،

مفرور اشتہاری ملزم نے پولیس کو دیکھتے ہی اس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کرکے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے ملزم کے مکان کو گھیرے میں لے لیا۔

پولیس نے مفرور اشتہاری کی فرار ہونے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے اس پر جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا

*** 

ڈیرہ میں دو روز تک وقفے وقفے سے جاری بارش کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ،

ضلع کی چاروں تحصیلوں پہاڑپور ،کلاچی ،درابن اور پروآ سمیت کئی علاقوں میں دو روز کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہاجس کے باعث موسم کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ بارش کے بعد سورج نکلنے سے شہریوں نے طمانیت کا اظہار کیا ،

تاہم وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث ہر طرف جل تھل ہو گیا ،بارش سے کسانوں کے چہرے کھل اٹھے ۔ ہر طرف کیچڑ کے باعث صبح سرکاری ونجی سکولوں میں حاضری کم رہی ، کیچڑ اور سردی کے باعث بیشتر والدین نے بچوں کو چھٹی کرالی جوبچے سکول گئے انہیں ٹھنڈ اور کیچڑ کے باعث سخت مشکلات پیش آئیں ،

کیچڑ سے کئی بچوں کے پھسل کر زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں ،

***

خیبر پختونخوا نارکوٹکس ایکٹ 2019 کو پشاورہائیکورٹ میں چیلنج کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبر پختونخوا نارکوٹکس ایکٹ 2019 کو پشاورہائیکورٹ میں چیلنج کردیاگیاہے آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دائردرخواست میں قانون کوکالعدم قراردینے اور اس قانون کے تحت عدالت عالیہ میں زیرالتواء ضمانت پررہائی کی سینکڑوں درخواستوں کو سیشن کورٹ منتقل کرنے کے استدعا کی گئی ہے

شبیرحسین گیانی ایڈوکیٹ کی جانب سے دائررٹ پٹیشن میں خیبرپختونخواحکومت اوردیگرمتعلقہ حکام کوفریق بناتے ہوئے موقف اختیارکیاگیاہے کہ خیبرپختونخوانارکاٹکس ایکٹ2019ءکوآئین وقانون کے منافی قرار دیا جائے

کیونکہ صوبائی حکومت نے نارکوٹکس ایکٹ1997کوختم کیا کرکے نیاصوبائی قانون نافذکیاہے۔جس کے تحت لوئر کورٹس سے ضمانت کا اختیار لے لیا گیا ہے اوراس ایکٹ میں ضمانت کیلئے کوئی طریقہ کارنہیں ہے

***

ملزمان مختلف نوعیت کے مقدمات میں پروبیشن پر رہا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ پیرول اینڈ پروبیشن خیبر پختونخوا نے دسمبر 2019میں صوبہ بھر میں 183ملزمان مختلف نوعیت کے مقدمات میں پروبیشن پر رہاکئے۔

محکمہ نے جنوری 2019سے 31دسمبر 2019تک 2505ملزمان پروبیشن پر رہا کئے ہیں۔محکمہ پیرول اینڈ پروبیشن جو کہ قیدیوں کی اصلاح میں اہم اور موثرکردار ادا کرتا ہے۔ محکمہ کی کارکردگی میں اب تک کافی بہتری آئی ہے۔

محکمہ پروبیشن کی زیر نگرانی ابھی 3775ملزمان پروبیشن پر ہیں۔ جن میں 3585مرد، 79خواتین، 108بچے اور 03بچیاں شامل ہیں۔

جس سے جیلوں پر بوچھ کم اور صوبہ خیبر پختونخوا کو ماہانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوتی ہے۔ محکمے کی احسن کارکردگی کی بدولت پر رہا ہونے والے قیدیوں کی تعداد مزید بڑھ جائے گی۔
٭٭٭
ضابطہ دیوانی اور نارکاٹکس ایکٹ میں ترامیم پر خیبر پختونخوا حکومت نے نظر ثانی شروع کردی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ضابطہ دیوانی اور نارکاٹکس ایکٹ میں ترامیم پر خیبر پختونخوا حکومت نے نظر ثانی شروع کردی ہے

انسداد منشیات کے نئے قوانین کے خلاف وکلاءنے ڈیرہ سمیت صوبے بھر میں عدالتی بائیکاٹ شروع کیا ہے ،

پیر اور منگل کے روز بھی عدالتی بائیکاٹ جاری رہا جس کے باعث عدالتوں میں وکلاء پیش نہیں ہو ئے جس کے باعث جیلوں سے قیدیوں کی رہائی بھی تعطل کا شکار ہو گئی ہیں اور چند روز قبل صوبائی وزیر قانون بیرسٹر سلطان محمد خان اور وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروخ نسیم کے اس ضمن میں ملاقات بھی گزشتہ روز ہوئی تھی

ذرائع نے بتایا ہے کہ وکلاءکی ہڑتال سے پیدا ہونے والی صورتحال پرصوبائی حکومت کو بھی بریفینگ دی گئی ہے

***

بارش سے فصلوں اور بالخصوص گندم کی پیداوار پر مثبت اثرات مرتب

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ شہر اور گردونواح میںبارش سے سردی کی شدت میں اضافے ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اور گردونواح میں سوموارکو ہونے والی بارش سے موسم سرد ہو گیا،

زرعی ماہرین کے مطابق بارش سے فصلوں پر خاص طور پر گندم کی پیداوار پر مثبت اثرات مرتب ہوںگے،

محکمہ موسمیات نے آئندہ24گھنٹوں کے دوران ڈیرہ میں مزید بارش کی پیشنگوئی کی ہے جس سے سردی کی لہر میں اضافہ کا امکان ہے۔
٭٭٭
بارش نے صفائی انتظامات کی قلعی کھول دی ،گلیاں ،سڑکیں تالاب بن گئیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ شہر میں بارش نے صفائی انتظامات کی قلعی کھول دی ،گلیاں ،سڑکیں تالاب بن گئیںموسم سرما کی دوسری بارش نے شہری علاقوں میں صفائی کے انتظامات کی نفی کر دی تاہم کینٹ میں نالوں کی بروقت صفائی سے صورتحال خاصی بہتر رہی۔

شہر و کینٹ میں گذشتہ دوروز سے تیز و ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس سے درابن روڈ مشن موڑ سمیت متعدد علاقوں میں بارشی پانی جمع ہونے سے گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شہریوں نے صحافیوں کو بتایا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے ذمہ دار اداروں کی کوتاہی کے باعث نکاسی کا نظام درہم برہم ہو گیا اور کئی علاقوں میں بارشی پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا۔

***

بارش موسمی امراض سے چھٹکارے کا سبب قرار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) طبی ماہرین نے بارش کو موسمی امراض سے چھٹکارے کا سبب قرار دے دیا۔ گذشتہ شب سے جاری بارش کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔

دوسری جانب طبی ماہرین نے باران رحمت کو موسمی امراض سے چھٹکارے کا سبب قرار دیا ہے اور کہاہے کہ خشک سردی کے باعث شہری ناک ،سانس اور گلے کے امراض میں بھی مبتلا ہو رہے تھے جبکہ نزلہ ،زکام اور خشک کھانسی کی شکایات بھی عام ہو رہی تھیں۔

معروف معالج نے بتایاکہ بارش کی بدولت شہریوں کو لاحق سانس اور گلے کے امراض سے چھٹکارہ مل سکے گا۔

انہوں نے کہاکہ یکدم سردی کی شدت میں اضافے سے شہری خصوصاً بچے سینے کی سوزش سمیت مختلف امراض کا شکار ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ چھوٹے بچوں اور معمر افراد کو سردی کے باعث نزلہ ،زکام اور نمونیا لاحق ہونے کا اندیشہ زیادہ ہوتا ہے لہذا ضروری ہے۔

***

امریکی ڈالرکے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری کا تسلسل برقرار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)مقامی کرنسی مارکیٹوں میں پیر کو بھی امریکی ڈالرکے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری کا تسلسل برقرار رہا جس کے نتیجے میں انٹر بینک میں ڈالر 3پیسے جب کہ اوپن مارکیٹ میں20پیسے سستا ہوگیا۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالرکی قیمت خرید3پیسے کی کمی سی154.86روپے سے گھٹ کر154.83روپے اور قیمت فروخت154.96روپے سے گھٹ کر154.93روپے ہوگئی

جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید10پیسے کی کمی سی154.80روپے سے گھٹ کر154.70روپے اور قیمت فروخت155.20روپے سے گھٹ کر 155روپے ہوگئی۔دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت خرید30پیسے کی کمی سی171.50روپے سے بڑھ کر171.80روپے اور قیمت فروخت 173روپے سے بڑھ کر173.30روپے ہوگئی

جب کہ برطانوی پاونڈکی قیمت خرید70پیسے کی کمی سی201.50روپے سے گھٹ کر200.80روپے اورقیمت فروخت203روپے سے گھٹ کر 202.80روپے ہوگئی۔

فاریکس رپورٹ کے مطابق سعودی ریال کی قیمت خرید41.10روپے سے گھٹ کر41.05روپے اور قیمت فروخت41.40روپے سے گھٹ کر 41.35روپے ہوگئی جب کہ یو اے ای درہم کی قیمت خرید42.10روپے اور قیمت فروخت 42.40روپے مستحکم رہی۔

چینی یو آن کی قیمت خرید21.80روپے اور قیمت فروخت 23روپے برقرار رہی۔
٭٭٭٭٭٭٭

About The Author