دسمبر 28, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلے

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر منی خبریں تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان طاہر فاروق نے ای پی آئی مہم میں ویکسی نیٹرز کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پٹواری اور یونین کونسل سیکرٹریز سے مانیٹرنگ کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

ضلع کونسل ہال میں ریونیو اور لوکل گورنمنٹ سٹاف سے خطاب کرتے ہوئے انہیں اہم ٹاسک سونپ دئیے. ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ ضلع میں دوسال تک کے 8400 بچوں کو کوئی بھی حفاظتی ٹیکہ نہیں لگایا گیا

اور بدقسمتی سے دو پولیو کیس رپورٹ ہونے والی بچیوں کو بھی حفاظتی ٹیکے نہیں لگائے گئے تھے۔موجودہ پولیو مہم میں دو سال تک کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے بھی لگائے جائیں گے

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اب ناقص کارکردگی اور غلط اعداد و شمار ظاہر کرنے والے ویکسی نیٹر کو ملازمت سے فارغ کردیا جائے گا۔

انہوں نے پٹواری اور یونین کونسل کے سیکرٹریز کو کہا کہ وہ پولیو مہم میں ٹیموں اور ویکسی نیٹرز کی کارکردگی کو مانیٹر کریں۔

علما،امام مسجد،نمبردار اور دیگر معززین سے رابطہ رکھنے کے ساتھ انہیں پولیو اور ای پی آئی مہم میں تعاون کیلئے قائل کریں۔عوام کو آگاہ کیا جائے کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے بعد مطمئن نہ ہو جائیں بلکہ ہر بچہ کو کور کرنے کیلئے کردار ادا کریں

کیونکہ وائرس متاثرہ بچہ سے صحت مند بچہ میں منتقل ہوسکتاہے۔ اپنے علاقہ کی پولیو ٹیموں کے ساتھ صبح اور شام کے وقت میٹنگ کرکے خامیوں کو دور کرنے کیلئے ان کے ساتھ تعاون کریں۔

علاقہ میں موجود دو سال تک کے تمام بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرکے رپورٹ پیش کریں۔

اس موقع پر پولیٹیکل اسسٹنٹ سید موسی رضا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیع اللہ فاروق،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خلیل احمد،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ملک محمد رمضان،

اے سی صدر محمد اسد چانڈیہ،ڈی ایچ او ڈاکٹر اطہر سکھانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔


ڈیرہ غازیخان

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان کے اراکین اسمبلی کا اجلاس 18 جنوری کو بارہ بجے دن ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوگا۔

ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق اور متعلقہ افسران شریک ہوں گے۔

اجلاس میں اراکین اسمبلی کو ان کے حلقہ انتخابات میں ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت اور دیگر امور کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔


ڈیرہ غازیخان

محکمہ سول ڈیفنس ڈیرہ غازی خان کے بم ڈسپوزل سکواڈ نے شوریہ بائی پاس سے چار ہینڈ گرنیڈ برآمد کر کے ڈی فیوز کردئیے۔

سول ڈیفنس آفیسر خالد کریم کے مراسلہ کے مطابق بم ڈسپوزل سکواڈ نے13 جنوری کو اطلاع پر ہینڈ گرنیڈ برآمد اور ڈی فیوز کرکے سی ٹی ڈی کے حوالے کردئیے۔


ڈیرہ غازیخان

محکمہ مال ڈیرہ غازی میں 15 جنوری کو ہونیوالے انٹرویو ملتوی کردئیے گئے ہیں،

نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہا ہے کہ تکلیف کیلئے معذرت خواہ ہیں۔


ڈیرہ غازیخان

کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نسیم صادق نے سینئرممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب کی زیر صدارت ٹڈی دل کے حوالے سے ویڈیو لنک کانفرنس میں شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیع اللہ فاروق،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت مہر عابد حسین اور متعلقہ محکموں کے دیگر افسران موجود تھے۔

ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران ضلع ڈیرہ غازی خان سمیت صوبہ بھر میں فصلوں کو ٹڈی دل سے بچاو کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ راکھی منہ اور تحصیل تونسہ کے مختلف مقامات پر ٹڈی دل کی موجودگی کی اطلاع ہے۔

ضلع بھر میں 66 سرویلنس ٹیمیں تشکیل دیکر سپرے مہم اور احتیاطی اقدامات شروع کردئیے ہیں۔راکھی منہ کے مقامات سے 70 فیصد ٹڈی دل تلف کر دیا گیا

باقی 30 فیصد ٹڈی دل نے بلوچستان میں نقل مکانی کرلی. مٹ چاکرانی میں 90 فیصد ٹڈی دل تلف کردیا گیا۔

مختلف مقامات پر دو چھوٹے گروپ میں ٹڈی دل موجود ہے جس کی تلفی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔


ڈیرہ غازیخان

کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نسیم صادق کی سفارشات پر واسا ملتان اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی بہاولپور کی ٹیم ڈیرہ غازی خان پہنچ گئی۔

ٹیم نے کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق سے ملاقات کی،شہر کی صفائی اور سیوریج مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا

ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیع اللہ فاروق،چیف آفیسر کارپوریشن اقبال فرید،ایم ڈی بہاولپور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نعیم اختر،

واسا ملتان کے انجینئرز محمد آصف اور دیگر موجود تھے کمشنرنے کہا کہ ڈیرہ غازی خان شہر کی صفائی اور سیوریج مسائل کے حل کیلئے تعاون اور رہنمائی درکار ہے۔

شہر میں نصب بیس کے قریب ڈی واٹرنگ سیٹ ہٹانے ہیں۔سیوریج لائن کی بحالی اولین ترجیح ہے۔عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے وسائل اور تجربات کی ضرورت ہوگی۔


ڈیرہ غازیخان

ڈیرہ غازی خان شہر کی سات اہم روڈز کو دورویہ،توسیع اور بحال کرنے کی منظوری دے دی گئی۔12.51 کلومیٹر طویل روڈز کی بہتری پر 54 کروڑ 97 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔

منصوبوں کی منظوری کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نسیم صادق کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں دی گئی کمشنر نے کہا کہ

عوام کو آمد ورفت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا بزدار حکومت کی اولین ترجیح ہے۔روڈز کے منصوبوں پر جلد کام شروع کیا جائے۔

مٹیریل کے معیار اور مدت تکمیل پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔اجلاس میں جن روڈز کی منظوری دی گئی

ان میں آٹھ کروڑ 32 لاکھ 89 ہزار روپے سے 1.45 کلومیٹر ریلوے پلی چوک تا کنگن روڈ براستہ گرلز ہائی سکول نمبر دو،بائیس کروڑ 36 لاکھ روپے سے دو کلومیٹر وقار کینٹین تا گدائی چوک دو رویہ روڈ،

ایک کروڑ 67 لاکھ روپے سے مانکا کینال تا عید گاہ چوک براستہ گرلز کالج،9 کروڑ 71 لاکھ 86 ہزار روپے سے 1.86 کلومیٹر کمپری ہینسو ہائی سکول تا شاہ فیصل ٹاؤن براستہ اعوان چوک،

چھ کروڑ روپے سے تھانہ سول لائنز تا امام بارگاہ رضویہ،تین کروڑ 89 لاکھ 98 ہزار روپے سے سمینہ چوک تا ٹریفک چوک براستہ پل پیارے والی اور چار کروڑ 95 لاکھ روپے پل پیارے والی تا ملتان روڈ

براستہ شہزاد کالونی،عمر والا،گیلانی کالونی شامل ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وفنانس عبید الرشید اور دیگر افسران شریک تھے۔


ڈیرہ غازیخان

ڈائریکٹر ڈی جی خان آرٹس کونسل ریاض الحق بھٹی نے کہا کہ ڈی جی خان آرٹ کونسل مقامی فنکاروں کی ہر ممکن عملی حوصلہ افزائی کرے گی

پرفارمنگ آرٹ کے شعبے سے وابستہ سٹریٹ تھیٹر اسیٹج ڈرامہ کے مقامی فنکاروں ا ور دیگر ہنر مندوں کو ڈویژن بھر میں اپنے فن کے جوہر دکھانے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں گے.

انہوں نے ان خیالات کا اظہار کہکشاں آرٹس فلم پروڈکشن کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا وفد نے ان سے آرٹس کونسل میں ملاقات کی. اس موقع پر ریاض الحق بھٹی کو ڈائریکٹر آرٹس کونسل تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کی گئی

اور اس توقع کا اظہار کیا گیا کہ وہ ڈی جی خان آرٹس کونسل میں مثبت تفریح اصلاحی فیملی اسٹیج ڈرامے کرانے پر خصوصی توجہ دیں گے

وفد میں شامل چائلڈ آرٹسٹوں معصومہ صداق عتلہ صداق انعم صداق، مقصود عالم ماچھی نے ڈائریکٹر آرٹ کونسل ریاض الحق بھٹی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا.

وفد میں عرفان خان بزدار اعجاز اکرم لاشاری، خالد فرید،ساون ماچھی، محمد رفیق بھولہ، ندیم طارق،توقیر شیخ، ذوالفقار شیرو دیگرشامل تھے.


ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی کنٹرولر امتحانات ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈڈیرہ غازیخان شیخ امجد حسین نے کہاہے کہ انٹر میڈیٹ سپلیمنٹری امتحان 2019کے تمام امیدواروں کے رزلٹ کارڈ پرانے طریقہ کار کے تحت ان کے داخلہ فارمز پر درج پتہ جات پر ارسال کر دیئے گئے ہیں.

انہوں نے کہاکہ نئے پیٹرن کے تحت گیارہویں کلاس کے ریگولر و پرائیویٹ امیدواروں کے نتائج بورڈ کی ویب سائیٹ www.bisedgkhan.edu.pkپر اپ لوڈ کر دیئے گئے ہیں ادارہ جات اپنے ایم ایس کوڈ کے ذریعے ویب سائیٹ سے ڈاون لوڈ کر سکتے ہیں

جبکہ پرائیویٹ امیدوار اپنا نام او ررولنمبر درج کر کے رزلٹ ڈاون لوڈ کر سکتے ہیں. ڈپٹی کنٹرولر امتحانات شیخ امجد حسین نے واضح کیا کہ

گیارہویں کلاس کے رزلٹ کارڈز صرف ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کرنا ہیں او ریہی قابل قبول ہوں گے. انہوں نے بتایا کہ امتحان میں رہ جانے والے یا نمبر بہتر کرنے کی غرض سے دوبارہ امتحان دینے کے خواہشمند 28اپریل سے شروع ہونے والے انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان کیلئے داخلہ فارم و ہارڈ کاپی 30جنوری تک جمع کرا سکتے ہیں.

شیخ امجد حسین نے مزید بتایا کہ مذکورہ انٹر میڈیٹ سلپیمنٹری امتحان کا رزلٹ مکمل طو رپر آر ایل فری ہے تاہم جن امیدواروں کو اعتراضاتی مراسلہ جات بسلسلہ کمی فیس،

اہلیت، تصدیق وغیر ہ بھجوائے گئے ہیں ان کا رزلٹ بھی جاری نہیں کیاگیااو ررزلٹ کارڈ بھی روک لیے گئے ہیں

انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طو رپر دفتر بورڈ سے رجوع کریں اور اعتراضات دور کرائیں.


ڈیرہ غازیخان

کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ایم ڈی نعیم اختر، بہاولپور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے افسران محمد آصف،ایس ای پبلک ہیلتھ وسیم احمد باجوہ،چیف آفیسر کارپوریشن اقبال فرید اور دیگر افسران ہمراہ تھے.

کمشنر نسیم صادق گرلز ہائی سکول نمبر1 کی چھٹی کے وقت رش دیکھ کر گاڑی سے اتر گئے اور ایک سائیڈ پر جاکر ٹریفک مسائل،والدین اور بچیوں کی پریشانی کا جائزہ لیا۔

کمشنر نے فوری طور پر متعلقہ چوک کو کشادہ کرنے کے احکامات جاری کئے۔کمشنر نے گاڑیوں اور رکشوں کی پارکنگ کیلئے سکول سے ملحقہ واٹر سپلائی سکیم رقبہ مختص کرنے کا حکم دیا۔

کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ جھاڑیاں اور مٹیریل صاف کرکے صاف پلاٹ بنایا جائے۔کمشنر نسیم صادق نے واسا اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے افسران کو شہر کا معائنہ کرایا۔

پانی کی نکاسی،صفائی اور سیوریج مسائل کے حل کیلئے سفارشات طلب کیں۔کمشنر نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔

عوام کے ساتھ ملکر شہر کو صاف ستھرا کیا جائیگا۔کمشنر نے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے ڈی واٹرنگ سیٹ کے ذریعے پانی کی نکاسی اور دیگر معاملات کا بھی جائزہ لیا۔


ڈیرہ غازیخان

ڈائریکٹر جنرل انٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا۔ریجن کے افسران سے محکمانہ کارکردگی پر بریفنگ لی۔ریجنل ڈائریکٹر انٹی کرپشن محمد حمزہ سالک،

اسسٹنٹ ڈائریکٹر سید مسعود بخاری اور دیگر موجود تھے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی جی انٹی کرپشن نے کہا کہ سال 2019 کے دوران 100 ارب روپے کی ریکوری کرائی گئی۔

موجودہ حکومت پنجاب نے میرٹ پر کام کرنے اور کرپشن کی روک تھام کیلئے محکمہ انٹی کرپشن کو فری ہینڈ دے دیا ہے۔

صوبہ سے کرپشن کا ناسور ختم کرکے دم لیں گے س کیلئے شہریوں کا تعاون درکار ہوگا۔ڈی جی انٹی کرپشن نے کہا کہ

گزشتہ سال دو ارب چالیس کروڑ روپے کی ان ڈائریکٹ ریکوری اور 96 ارب 72 کروڑ روپے مالیت کا سرکاری رقبہ واگزار کرایا۔

انہوں نے کہا کہ پیشہ ور اور عادی درخواست گزاروں کی حوصلہ شکنی کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے۔

قانون سازی پر قومی خزانہ کے نقصان کے حامل کیسز میں انٹی کرپشن خود مدعی بنے گا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی کرپشن اور دیگر شکایات کے براہ راست اندراج کیلئے موبائل ایپ متعارف کرادی ہے۔

انٹی کرپشن کے ساتھ چلنے والوں کی قدر کریں گے۔ڈی جی انٹی کرپشن محمد گوہر نفیس نے ڈیرہ غازی خان ریجن کے افسران کیلئے سات نئی گاڑیاں آئندہ ہفتہ دینے کا اعلان کیا انہوں نے ہر ماہ ڈیرہ غازی آنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔


ڈیرہ غازیخان

:ضلع ڈیرہ غازی خان میں خصوصی پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔پانچ سال تک کے تقریباً چھ لاکھ بچوں کو پولیو کی حفاظتی ویکسین پلائی جائے گی

اور دو سال تک کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے بھی لگائے جائیں گے۔مہم میں 3400 کے قریب افرادی قوت حصہ لے رہی ہے۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر پولیو ٹیموں کی موئثر مانیٹرنگ کے انتظامات کئے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق اور دیگر انتظامی افسرانے پولیو ٹیموں کے کام کو چیک کیا سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خلیل احمد نے بتایا کہ

مہم کیلئے 1662 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 1394 موبائل ٹیمیں شامل ہیں۔ضلع کے داخلی اور خارجی مقامات کو فوکس کیا جارہا ہے۔


ڈیرہ غازیخان

جرائم پیشہ عناصر کی سر کوبی کے لیے جدید ٹیکنالوجی سسٹم کے استعمال سے مزید بہتر نتائج کا حصول ممکن ہے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کارلاکر مجرمان اشتہاریوں کے خلاف بھر پورکارروائیاں عمل میں لائی جائیں

یہ بات آرپی او عمران احمر نے پولیس آفیسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار ہوکر عوام الناس کی ہرممکن خدمات اور تعاون کو یقینی بنایا جائے

پولیس اہلکار آئے ہوئے سائلین سے بداخلاقی سے اجتناب کریں عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور مہذبانہ رویہ اپنائیںاور تھانہ جات پر عوامی مسائل کے حل کے مختص وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں

اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دیںغفلت اور کرپشن کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کو یقینی بنائیں۔


ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان طاہر فاروق نے شہر مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیع اللہ فاروق،

اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ اور دیگر افسران ہمراہ تھے.ڈپٹی کمشنر نے پل ڈاٹ اور چوک چورہٹہ کا دورہ کرتے ہوئے صفائی اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے چوک چورہٹہ پر قائم ماڈل سستا بازار کا دورہ کرتے ہوئے پھل اور سبزیوں کے معیار کا جائزہ لیا۔

انہوں نے سرکاری نرخنامے چیک کئے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماڈل سستا بازار میں صارفین کو پھل،سبزیاں اور پولٹری اشیاء مارکیٹ سے سستے داموں فراہم کئے جارہے ہیں

ڈپٹی کمشنر نے ریڑھی بانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرحلہ وار سستا بازار کو ڈویلپ کیا جائیگا۔


ڈیرہ غازیخان

بزدار حکومت کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں سپورٹس گالا 21 جنوری سے شروع ہوگا۔پہلے مرحلے میں کبڈی،

دیسی کشتیوں اور فٹبال کے مقابلے منعقد ہوں گے۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر عطاء الرحمن نے اجلاس منعقد کرکے مقابلوں کے انتظامات کو حتمی شکل دی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں کھیلوں کے فروغ دینے کے سلسلے میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اہم کردار ادا کررہا ہے انہوں نے کہا کہ

سپورٹس تنظیموں کے تعاون سے نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کریں گے۔


ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان طاہر فاروق گرانفروشوں کے خلاف خود متحرک ہوگئے مارکیٹوں کا معائنہ کرتے ہوئے

چوک چورہٹہ میں دو سبزی فروشوں محمد قاسم اور عبدالروف کو مہنگی سبزی بیچنے پر تین ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔

ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہا کہ سرکاری نرخوں پر پھل،سبزیاں اور اشیاء خوردونوش فروخت کی جائیں۔مصنوعی مہنگائی کرنے والوں سے نرمی نہیں برتی جائے گی۔


ڈیرہ غازیخان

ملک کے ناموروصدارتی ایوارڈ یافتہ منفرد لب و لہجہ کے شاعر،ادیب اور مقرر سید محسن نقوی کو اپنے مداحوں سے بچھڑے 24برس بیت گئے

ان کی غزلوں اور نظموں کے منفرد اشعار آج بھی زبان زد عام ہیں مرحوم کی 24ویں برسی آج 15جنوری کو منائی جائے گی

ان کا تعلق ڈیرہ غازیخان کی دھرتی سے تھابرسی کے سلسلہ میں مختلف سماجی و ادبی حلقوں کی طرف سے تقریبات منعقد کی جائیں گی

جس میں ان کی ادبی خدمات کوخراج عقیدت پیش کی جائے گا ان کے شعری مجموعوں میں بند قبا،برگ صحرا،

عذاب دید خیمہ جاں اورطلوع اشک سمیت دیگر شامل ہیں جن کی غزلیں اور نظمیں آج 24سال گزرنے بھی زبان زد عام ہیں

جبکہ ان کی نثری تحریریں بھی فن تخلیق کا انمول نمونہ ہیں وہ اس قدر شعلہ بیان مقرر تھے کہ محفل کے سامعین پر سحر کر دیتے تھے۔


ڈیرہ غازیخان

سٹی مانیٹرنگ آفیسر کی تعیناتی نہ ہو نے کی وجہ سے جرائم کی شرح میں بے تحاشا ہو گیا ہے تفصیل کے مطابق جرائم کوکنٹرول کر نے کے لئے سٹی ایریا میں سب انسپکٹر بلال خان تعینات تھا

جو کہ بلا نمبری گاڑیوں کے علاوہ بنک چیکنگ کو یقینی بناتے ہو ئے مشتبہ اشخاص کے خلاف کاروائیاں کرتا تھا مگر 31دسمبر کو بلال خان ریٹائر ہو گیا ہے

ان کے ریٹائر ہو نے کے بعد سٹی ایریا میں کو ئی بھی مانیٹرنگ افسر ابھی تک تعینات نہ ہو سکا ہے جس کی وجہ سے چوری کی وارداتوں میں بے تحاشا اضافہ ہو گیا ہے

اور مسلسل وارداتیں ہو رہی ہیں عوام عدم تحفظ کا شکار ہو کر رہ گئے ہیں عوامی و سماجی حلقوں نے ڈی پی او محمد اسد سرفراز خان سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ

فوری طور پر سٹی ایریا میں مانیٹرنگ آفیسر کو تعینات کیا جائے تاکہ سٹی ایریا سے جرائم کا خاتمہ ہو سکے اور عوام بھی سکھ کا سانس لے سکیں۔


ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان طاہر فاروق نے چوک چورہٹہ کے ایک گھر پر دستک دی اور موجود بچے کو پولیو کے قطرے پلائے۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیع اللہ فاروق،اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ اور دیگر ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے گھروں کے مکینوں سے پولیو ٹیموں کی آمد اور پولیو اور حفاظتی ٹیکوں کی ویکسی نیشن کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

ڈپٹی کمشنر نے مکینوں کو ترغیب دی کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ گلی،محلوں کے بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلانے میں تعاون کریں

تاکہ ملک بالخصوص ضلع ڈیرہ غازی خان کے ہر بچہ کو عمر بھر کی معذوری سے بچایا جاسکے۔


ڈیرہ غازیخان

مارکنگ سسٹم کو بہتر بنانے کے حوالے سے مارکنگ سٹاف (ہیڈ /ایگزامینر وغیرہ) کی تربیتی ورکشاپ دوسرے روز بھی جاری ماسٹر ٹرینر کا سٹاف ممبران کو لیکچر دیا

تفصیل کے مطابق ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام کنٹرولر امتحانات حبیب الرحمن کی سربراہی میں ماسٹر ٹرینر نے مارکنگ سٹاف (ہیڈ /ایگزامینر وغیرہ) کو جوابی کاپیوں کی مارکنگ کے حوالے سے لیکچر دیا

اور مارکنگ کے عمدہ طریقوں سے آگاہ کیا اس موقع پر کنٹرولر امتحانات حبیب الرحمن نے کہا کہ گورنمنٹ آف پنجاب (ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ) لاہور پی بی بی سی اور چیئر پرسن ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی ہدایت پر

میٹرک سطح پر مارکنگ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مارکنگ سٹاف کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ

وہ تسلی اور اطمینان کے ساتھ مارکنگ کریں اس موقع پر ماسٹر ٹرینر ز سجاد احمد بھٹہ، وارث شاہین، محمد سبطین گاڈی و دیگر بھی موجود تھے

تیسری ورکشاپ آج گورنمنٹ بوائز مسلم ہائی سکول چوک اعظم منعقد ہوگی۔


ڈیرہ غازیخان

ٹریفک پولیس اور عملہ سیکرٹری آرٹی اے اور عملہ کی طرف سے، ڈرائیوروں کو حراساں کرنا،روٹ پرمنٹ کینسل اورلائسنس معطل اور بلاجواز بھاری جرمانے اور نذرانے کرنے کا سلسلہ بندکیا جائے،

ورنہ داخلی و خارجی راستوں کو کنٹینروں، ٹریلروں اور ٹرکوں کے ذریعے بندکر دیں گے جس کی ذمہ دار ضلعی حکومت ہو گی یہ بات ضلعی صدرگڈز ٹرانسپورٹ عبدالسلام ناصرنے عہدیداروں کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی

اس موقع پر جنرل سیکرٹری ملک خالد محمود، حاجی بلال علیانی سینئر نائب صدر، قاری عبدالحمید، پریس سیکرٹری، ملک غلام محمد جوائنٹ سیکرٹری، اقبال خان حسنی،حاجی جان محمد، مشتاق احمد، عابد حسین، حاجی عبدالغفار خان جلبانی شیر محمد، حفیظ احمد انصاری، شبیر خان کھوسہ،

عبدالمجید، غلام یسینٰ، غلام شبیر منگلا، مشتاق احمد چانڈیہ، سردار قاسم خان قیصرانی، شیخ محمد سلیم، غلام محمد جلبانی، محمد ندیم موجود تھے عبدالسلام ناصرنے کہا کہ

ٹرانسپورٹر ز چار مرتبہ ڈی ایس پی ٹریفک مہر اسحاق سیال کو ملنے کے لئے ان دفتر گئے ہیں انہوں نے ایک دفعہ بھی ملنا گوارہ نہ کیا،

ٹریفک پولیس اور سیکرٹری آرٹی اے کا عملہ شہر کے داخلی خارجی راستوں پر کھڑا ہو کر ڈرائیوروں سے نارواسلوک کرتا ہے،ب

لاوجہ ڈرائیوروں کا لائسنس کینسل کردیا جاتا ہے اوور لوڈ کا بہانہ بنا کر بھاری چالان کرتے ہیں سیکرٹری آرٹی اے کا عملہ نذرانہ نہ ملنے پر،

گاڑی کا روٹ معطل اور پانچ ہزار سے سات ہزار جرمانہ کرتے ہیں اور ان کے عملے کا ایک رکن رشوت لیتے ہو ئے رنگے ہاتھوں گزشتہ ہفتے گرفتار بھی ہو چکا ہے

جس کی وجہ سے ڈرائیور اور ٹرانسپورٹر سخت اذیت کا شکارہیں پریس کانفرنس میں عہدیداروں نے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کی من مانیوں کا نوٹس لے ورنہ شہر بھر کے سینکڑوں ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز نے شہر کے داخلی و خارجی راستے بند کر نے کے لیے

باقاعدہ مشترکہ حکمت عملی طے کر لی ہے۔ داخلی و خارجی راستوں کو کنٹینروں، ٹریلروں اور ٹرکوں کے ذریعے بند کیا جائے گا

بلکہ ٹرانسپورٹرز اپنا کاروبار بند کر تے ہوئے بھرپور احتجاج کر یں گے جس کی ذمہ دار ضلعی حکومت ہو گی۔

About The Author