ڈیرہ غازی خان
ڈیرہ کے نزدیک بستی گجوجی میں بھانے کی چھت گر گئی۔ چھت گرنے سے بھانے میں کھیلنے والے چار بچے زخمی،
ہسپتال منتقل۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقہ بستی گجوجی میں بارش کے باعث گھر میں بنائے گئے ایک بھانے کی چھت گر گئی۔
چھت گرنے سے بھانے کے نیچے باندھے ہوئے تین جانور اور چار کھیلتے ہوئے بچے سکینہ مائی،
کائنات،روبینہ،کلثوم ملبہ کی زد میں آکر زخمی ہو گئے ریسکیو اہلکاروں نے اطلاع ملنے پر زخمی بچوں کو طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔
جبکہ ویٹرنری ڈاکٹرز نے جانوروں کا معائنہ کرتے ہوئے انہیں انجکشن لگائے۔
ڈیرہ غازی خان
مرکزی جامع مسجد فاروق، نزد پل ڈاٹ شکور آباد کالونی یونین کونسل 14 مسجد کے سامنے بنائی گئی جنازہ گاہ کے اندر مانکہ کینال سے گند نکال کر جنازہ گاہ میں ڈالا جا رہا ہے
جس سے شکور آباد کالونی کے مکین انتہائی پریشان ہیں، کمشنر ڈیرہ نسیم صادق سے مطالبہ ہے کہ جنازہ گاہ کی صفائی کرائی ائے
اگر کوئی جنازہ آ جائے تو متبادل جنازہ پڑھنے کی جگہ نہ ہے۔
ڈیرہ غازی خان
ڈویژنل پبلک سکول کرکٹ گراؤنڈ پرڈیرہ غازی خان کی تاریخ میں پہلی بار سوجھلا دی گریٹ کرکٹ سیریز 2019 کا انعقاد، دی گریٹ فائٹر اور سوجھلا کرکٹ کلب کے زیر انتظام کیا گیا
اس دو روزہ ٹیسٹ سیریز میں کل 8 کلبز نے شرکت کی فائنل میچ مون کرکٹ کلب اور وکٹری کرکٹ کلب کے مابین کھیلا گیا ٹاس جیت کر وکٹری کرکٹ کلب کے کپتان محمد حسیب نے مون کرکٹ کلب کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی
مون کرکٹ کلب نے اپنی پہلی اننگز کے 60اوورز میں علی رضا 42رنز، واجد علی 41رنز اور عالمگیر 33 رنز کی مدد سے 186رنز بنائے وکٹری کرکٹ کلب کی طرف سے جہانزیب محمود نے 3، محمد شوکت نے2 جبکہ مہتاب عصمت، اعجازاور نبی بخش نے ایک ایک وکٹ حاصل کی
بعد میں وکٹری نے محمد یاسر 23رنز،جہانزیب محمود16رنز اور معاذ کاشف 14رنز کی مدد سے پوری ٹیم صرف89رنز بنا سکی مون کرکٹ کی طرف سے محمد آصف فواد نے 4، جہانگیر نے3 اور کاشف فرید نے2 وکٹس حاصل کیں دوسرے دن کی دوسری اننگز میں مون کرکٹ کلب نے اپنے 82اوورز میں عمار علی کے76رنز،
آصف فواد کے52رنز اور جہانگیر32رنز کی مدد سے8وکٹوں کے نقصان پر276رنز بنائے جس پر میچ ایمپائر ذکاء الرشید اور قاضی شہاب الدین نے کھیل ختم کرنے کاا علان کردیا
پہلی اننگز میں 97رنز کی لیڈ لے جانے پر مون کرکٹ کلب کو3 پوائنٹ کی برتری پر دو روزہ فائنل میچ کا فاتح قرار دے دیاگیا فائنل میچ کے مہمانان خصوصی محمد فیض بزدار پرنسپل ووکیشنل انسٹیوٹ ٹیوٹا، محمد اجمل بٹ،
محمد یوسف سینئر پتافی اور سید امتیاز نقوی شاہ نے دونوں ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے فائنل کے میچ آف دی میچ آصف فواد، بہترین بیٹسمین محمد عالمگیر، بہترین باولر محمد مہتاب، ایمرجنگ بیٹسمین حمزہ خالد، ایمرجنگ باؤلر کاشف فرید کو دیا گیا
فاتح ٹیم مون کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے مہمان خصوصی اور سیکرٹری دو روزہ ٹورنامنٹ سیریز قاضی شہاب الدین علوی نے کہا کہ پروفیشنل کرکٹرز کو دو روزہ کرکٹ سیریز سے مثبت نتائج مرتب ہوں گے۔
ڈیرہ غازی خان
مظفرگڑھ کے رہائشی حافظ محمد فاروق نے ملک احمد بخش بھاپا ایڈوائزر محتسب پنجاب کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ
میں نے معذور کوٹہ میں ملازمت کی خالی آسامیوں کے لیے سٹور اینڈ ورکشاپ ڈویژن مظفرگڑھ محکمہ انہار میں درخواست گزاری لیکن محکمہ نے مبینہ طور پر رشوت لے کر میرٹ کے خلاف بھرتیاں کی ہیں
جس پر محتسب احمد بخش بھاپا نے معاملہ کی انکوائری کا حکم دیاجس پر بعد انکوائری بھرتیاں کالعدم کرنے کا حکم دیا گیا
جبکہ محکمہ انہار کی طرف سے محتسب پنجاب کا حکم ہوا میں اڑا دیا گیا محمد فاروق نے مطالبہ کیا کہ محکمہ انہار کے افسران کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کی جائے۔
ڈیرہ غازیخان
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے راجن پور کے علاقے داجل میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے
لواحقین سے دلی ہمدردی اوراظہار تعزیت کیا. انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
وزیر اعلی نے صوبہ بھر میں بارشوں کی وجہ سے پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت۔انہوں نے کہاکہ
انتظامیہ، پولیس اور امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ ادارے 24 گھنٹے چوکس رہیں اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں. وزیر اعلی نے کہاکہ
انتظامیہ، امدادی ادارے اور پولیس قریبی رابطہ رکھیں اور انتظامی افسران، پولیس حکام،واسا،پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122کے حکام امدادی سرگرمیوں سے متعلق تیاری مکمل رکھیں
اوربارش کے دوران شہریوں کو آمد و رفت میں کوئی دقت پیش نہیں آنی چاہیئے.
انہوں نے کہاکہ ٹریفک حکام ٹریفک کی روانی کیلئے جامع پلان وضع کرکے عملدرآمد یقینی بنائیں۔
ڈیرہ غازیخان
بزدار حکومت کی ہدایت پر کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے آر پی او عمران احمر کے ساتھ کھلی کچہری لگائی۔
کمشنر آفس میں منعقدہ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق،ڈی پی او اسد سرفراز،ریجنل ڈائریکٹر انٹی کرپشن محمد حمزہ سالک،پولیٹیکل اسسٹنٹ سید موسی رضا،اسسٹنٹ کمشنرز محمد اسد چانڈیہ،ملک محمد شاہد،
نوید حسین اور ضلع میں تعینات محکموں کے افسران موجود تھے.کمشنر نسیم صادق اور آر پی او عمران احمر نے کھلی کچہری کے دوران سائلین کی تحریری اور زبانی درخواستوں پر احکامات جاری کئے۔
کمشنر نسیم صادق نے درخواستوں پر متعلقہ افسران سے موقع پر ہی جواب طلب کیا.کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے تمام دفاتر میں اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد کرایا جائے۔
افسران سائٹ وزٹ کرکے علاقوں کے مسائل دیکھیں اور موقع پر ممکنہ حل سمجھیں اورعوام کی مشاورت سے مسائل کا حل تلاش کیا جائے۔
افسران اور ملازمین ٹیم کے طور پر کام کریں۔آر پی او عمران احمر نے کہا کہ علاقہ میں امن وامان،ٹریفک مسائل کے حل اور ٹریفک منیجمنٹ کیلئے کام کیا جائیگا۔
ڈیرہ غازیخان
ڈیرہ غازی خان شہر کو سنوارا جائیگا۔سرکاری دفاتر اور رہائش گاہوں کو ایک ہی کلر سکیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے
کمشنر نسیم صادق نے دو روز کے اندر تمام سرکاری عمارتوں کی موجودہ صورتحال کا تصویری ریکارڈ طلب کرلیا۔
عمارتوں کیلئے کلر سیکم فائنل کی جائے گی۔کمشنر نسیم صادق نے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
شاہراہوں اور مصروف مقامات پرلگے سرکاری بورڈ دو روز کے اندر اتارکر اپ ڈیٹ کرکے عمارتوں کی دیواروں پر نصب کئے جائیں۔
سوکھے اور گرے تمام درخت اور سکریپ نیلام کیا جائے۔کلین اینڈ گرین مہم میں ہر فرد کردار ادا کرے۔ائندہ ماہ بھرپور طریقے سے شجرکاری مہم چلائیں گے۔
کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ افسران انہیں اپنی ٹیم کا رکن سمجھیں،ملکر عوام کے مسائل کا حل اور خطے کی بہتری کیلئے کام کریں گے۔
ڈیرہ غازیخان
ڈیرہ غازی خان شہر میں ترپال کے بغیر کوئی ٹرالی داخل نہیں ہوگی۔شہر میں ریت،مٹی اور دیگر تعمیراتی مٹیریل
لانے والی ٹرالیوں کی باڈی پر پھٹے اور ترپال لگانے کے ساتھ شناخت کیلئے ٹرالیوں کو ایک ہی کلر میں تبدیل کردیا جائے گا۔
کمشنر نسیم صادق نے انتظامیہ اور پولیس افسران کو ہدایات جاری کردیں کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ عمارتی مٹیریل شاہراہوں،
چوکوں اور مصروف مقامات پر ڈمپ نہیں کیا جائیگا۔میٹروپولیٹن کارپوریشن سے تعمیراتی نقشہ منظور کرانے کے ساتھ بائی لاز پر عملدرآمد کرایا جائے۔
ڈیرہ غازیخان
کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے بارش کے پانی کی فوری نکاسی کیلئے شہر کے تمام ڈسپوزل ورکس کو سوفیصد گنجائش کے مطابق چلانے کے احکامات جاری کردیئے.
کمشنر نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان شہر کی صفائی اور سیوریج مسائل کے حل کیلئے ڈیرہ غازی خان شہر کو چار حصوں میں تقسیم کرکے الگ سٹاف متعین کردیا ہے۔
عوام شہر کو صاف ستھرا کرنے اور مسائل سے چھٹکارا دلانے کیلئے تعاون کریں۔
ڈیرہ غازیخان
کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں ٹرکوں کی باڈی کی تیا ری، انڈسٹری کا درجہ رکھتی ہے۔
مناسب جگہ تلاش کرکے انڈسٹری کے فروغ کیلئے کام کیا جائیگا۔
کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں انڈسٹری کے فروغ کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
ڈیرہ غازیخان
ڈیرہ غازی خان شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن،کلین اینڈ گرین مہم میں بہتر خدمات اور کارکردگی پر کمشنر نسیم صادق نے افسران کے اجلاس میں ایگزیکٹو انجینئر زراعت انجینئرنگ
چوہدری ندیم اور اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ کو سراہا انہوں نے کہا کہ مذکورہ افسران کو تقر یب منعقد کرکے تعریفی اسناد دی جائیں گی.
ڈیرہ غازیخان
میٹرو پولیٹن کارپوریشن ڈیرہ غازی خان کے ٹریکٹر،ٹرالی اور دیگر مشینری کی مرمت اور فنکشنل کرنے کیلئے ایک ہفتہ کی ڈیڈ لائن دے دی گئی۔
کمشنر نسیم صادق نے کہ تمام ناکارہ ٹرالیوں کی مرمت،ڈینٹنگ،پینٹنگ کے احکامات جاری کردئیے انہوں نے کہا کہ
تمام ٹریکٹرز کی کلر سکیم تبدیل کرکے ٹریکرزسسٹم کی تنصیب جلد مکمل کی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ دی جائے۔
کمشنر نے کارپوریشن کے تمام رکشوں پر محکمانہ لکھائی ایک ہفتہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں
کمشنر نے حال ہی میں موصول ہونے والی ناقص میٹریل سے تیار ٹرالیاں واپس کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ڈیرہ غازیخان
کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے جنرل بس سٹینڈ پر دوبارہ کوڑا کرکٹ ڈمپ کرنے کا نوٹس لے لیا
انہوں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔
کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ جنرل بس سٹینڈ پر کئی سال سے ڈمپ کوڑا کی تلفی کیلئے سخت محنت کی جارہی ہے
۔دوبارہ کوڑا ڈالنے سے محنت ضائع نہ کی جائے۔
ڈیرہ غازیخان
بزدار حکومت کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں پولیو مہم کو کامیاب کرنے کے لئے پالیسی مرتب کرلی گئی ہے۔
کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ پولیو کے ایک ساتھ دو کیس رپورٹ ہونا شرمندگی کا باعث ہے انہوں نے افسران کو سخت محنت کرنے کی ہدایات جاری کیں.
علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ نے اپنے آفس میں تحصیل کے افسران کا اجلاس طلب کیا
انہوں نے 14 جنوری سے شروع ہونے والی خصوصی پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر کامران اصغر اور دیگر افسران موجود تھے.
ڈیرہ غازیخان
ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں عوامی خدمت میں مصروف فعال این جی اوز کی ہرممکن معاونت اور رہنمائی کی جائے گی۔
ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مہر مظہر عباس نے افسران سے این جی اوز کا ریکارڈ طلب کرلیا۔اجلاس میں سابق ڈائریکٹر فاروق احمد،
ڈپٹی ڈائریکٹر راجن پور تہمینہ دلشاد،منیجر صنعت زار چوہدری اظہر یوسف،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد اکرم،
منیجر بے نظیر ویمن کرائسز سنٹر ثریا مجید رانا،سوشل ویلفیئر آفیسر ماڈل چلڈرن ہومز محمد ابراہیم،سوشل ویلفیئرآفیسرز راجہ شہر یار،
احمد نواز اور دیگر موجود تھے۔اجلاس میں این جی اوز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ڈائریکٹر سوشل ویلفیئرمہر مظہر عباس نے کہا کہ
افسران فیلڈ میں نکلیں،این جی اوز کے ترقیاتی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کی مانیٹرنگ،ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جائے۔
ڈیرہ غازیخان
ڈیرہ غازی خان شہر کے سرکاری اور پرائیویٹ پلاٹوں میں موجود کوڑا کرکٹ کو تلف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے
کمشنر نسیم صادق نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ شہر کا سروے کرکے ایسے پلاٹوں کی فہرست مرتب کریں
کمشنر نسیم صادق نے ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کو کہا کہ وہ اس مہم کی نگرانی کریں۔انہوں نے کہا کہ پلاٹوں سے کوڑا کرکٹ اٹھایا جائیگا
یا وہیں گہری خندق کھود کر دفن کرکے اوپر مٹی کی تہہ لگائی جائے گی۔کمشنر نسیم صادق نے شہر میں موجوہوٹل، ریستوران، میرج ہال اور دیگر ایسے کاروباری مراکز کی بھی فہرست مرتب کرنے کی
ہدایات جاری کردی ہیں جن کا روزانہ کی بنیاد زیادہ کوڑا جمع ہوتا ہے۔کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ کاروباری مراکز اپنا کوڑا روزانہ کی بنیاد پر خود اٹھائیں گے
اور انتظامیہ کی نشاندہی کردہ جگہوں پر ڈمپ کریں گے۔کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ ملکر شہر کو صاف ستھرا کیا جائیگا۔
ڈیرہ غازیخان
کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا انہوں نے بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا
اور ہدایات جاری کیں کمشنر نسیم صادق نے کارپوریشن کے وئیر ہاؤس کا دورہ کرتے ہوئے پارکس اور مانکا کینال کیلئے جھولے،
بنچز اور بگھی کی تیاری کے عمل کا جائزہ لیا۔کمشنر نسیم صادق نے چوک چورہٹہ کا دورہ کرتے ہوئے ماڈل سستا بازار کیلئے پلاٹ کی تیاری کا جائزہ لیا۔
انہوں نے بوائز ڈگری کالج بلاک نمبر 17 کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر ایگریکلچر انجینئرنگ چوہدری محمد ندیم اور دیگر افسران ہمراہ تھے
ڈیرہ غازیخان
بزدار حکومت غریب عوام کو معاشی ریلیف دلانے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔
ضلع ڈیرہ غازی خان میں سرکاری ریٹ پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پرائس مجسٹریٹ فعال کردئیے گئے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ نے مارکیٹ کا دورہ کرتے ہوئے نرخنامے چیک کئے اور گرانفروشی پر دکانداروں کو پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔
ڈیرہ غازیخان
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں میں برفباری اور شدید سردی کے ایام میں بھی محکمہ لائیو سٹاک متحرک کردار ادا کررہا ہے
اور مویشیوں کی گھر کی دہلیز پر ویکسی نیشن اور علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔موبائل وٹرنری ڈسپنسری کے وٹرنری آفیسر نجیب اللہ لغاری کی سربراہی میں لائیو سٹاک کی ٹیم نے تحصیل کوہ سلیمان کے دشوار گزار راستوں سے گزر کر مویشیوں کی ویکسینیشن اور علاج معالجہ کیا۔
ڈاکٹر نجیب اللہ لغاری نے کہا کہ مویشیوں کے علاج معالجہ کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے
ڈاکٹر نجیب اللہ لغاری نے بتایا کہ مویشی پال حضرات کو برفباری اور شدید سردی کے موسم میں مویشیوں کی حفاظت اور بیماریوں سے بچاؤ کے لئے رہنمائی دی جاتی ہے
ڈیرہ غازیخان
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کے ویژن کے تحت منسٹر ی آف یوتھ افیئرز او رپنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیر انتظام پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح بے روزگار نوجوانوں کی تربیت کیلئے غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازیخان میں ای روزگار سنٹر قائم کر دیاگیا ہے
جس کا افتتاح وزیر اعلی نے اپنے حالیہ دورہ ڈیرہ غازیخان کے دوران کیا. اس موقع پر وائس چانسلر غازی یونیورسٹی ڈاکٹر محمد طفیل، سیکرٹری یوتھ افیئرز، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس، ای روزگار پروگرام کے سینئر پروگرام منیجر احمد اسلام، منیجر ٹریننگ ایولوشن حیدر علی، سٹیٹ آفیسر ڈاکٹر قیصر عباس اوردیگر موجود تھے.
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوجوانوں کو معاشی طو رپر خود مختار کرنے کے ای روزگار پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ
نہ صرف غازی یونیورسٹی کے طلباؤطالبات بلکہ ڈویژن بھر کے بے روزگار نوجوان بھی ای روزگار پروگرام سے استفادہ کرسکتے ہیں.
اسسٹنٹ پروگرام منیجر اعجاز فاروق، لیب منیجرز ملک عبدالصمد اور حسن ستار نے بتایاکہ بزدار حکومت نے جہاں عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح بنایا ہوا ہے
وہاں لوگوں کے روزگار،بنیادی سہولیات کی فراہمی اور دیگر امور پر بھر پور توجہ دی جا رہی ہے.
انہوں نے کہا کہ ای روزگار پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کی رہنمائی کر کے معاشرہ سے غربت کا خاتمہ او رفلاحی معاشرہ کے قیام کو ممکن بنایا جاسکتاہے.
ڈیرہ غازیخان
فنکار معاشرے کا حساس طبقہ ہے جسے ماضی میں نظرانداز کیا جاتا رہا ہے مگر موجودہ صوبائی حکومت کے سربراہ سردار عثمان احمد خان بزدار نے فنکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کا دور رس منصوبہ شروع کر دیا ہے
جس کے تحت سینئر، مستحق او رحقیقی فنکاروں کی مالی اعانت کا آغاز ہو چکا ہے. ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر تعلقات عامہ و آرٹس کونسل ڈیرہ غازیخان ریاض الحق بھٹی نے مقامی فنکاروں سے آج ایک ملاقات کے دوران کیا.
انہوں نے کہا کہ فنکار جہاں معاشرے کے مسائل کو اجاگر کرتے ہیں وہاں مرجھائے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے کا فریضہ بھی سرانجام دیتے ہیں.
ہم نے مل کر فن و ثقافت کے انمول ہیروں کو تلاش کرنا اور ان کے فن سے ملک و قوم کی خدمت کرنا ہے. قبل ازیں ڈائریکٹر آرٹس کونسل ریاض الحق بھٹی نے نہایت مستحق اور پانچ معذور بچوں کے والد فنکار کو 20ہزار روپے کا نقد عطیہ پیش کیا
او ر کہا کہ فنکار وں کے ہیلتھ کارڈ کے اجراء سمیت ماہانہ سٹیج ڈرامہ، محفل موسیقی اور محفل مشاعرہ و دیگر فنی نشستوں کا اہتمام کیا جائے گا
تاکہ ان کی کسی حد تک مالی امداد کی جاسکے. آج کی تقریب بہر ملاقات میں سابق ڈائریکٹر تعلقات عامہ اعجاز احمد غوری،
سپرنٹنڈنٹ سرفراز محمد او رپروگرام آفیسر فضل کریم سمیت آرٹسٹ ایسوسی ایشن کے صدر شیخ اسماعیل، آصف خان بابر، سجاد کھوکھر، انجم خان بابر اوردیگر فنکار شریک تھے.
ڈیرہ غازیخان
آج نظامت تعلقات عامہ ڈیرہ غازیخان میں ہیڈآفس لاہور کے ڈائریکٹر ایڈمن ارشد سعید کی ناگہانی موت پر ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ و قرآن خوانی کا اہتمام کیاگیا.
عائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے ڈائریکٹر تعلقات عامہ ڈیرہ غازیخان ریاض الحق بھٹی نے کہاکہ مرحوم ارشد سعید کی انتظامی و پیشہ وارانہ خدمات کو ایک مدت تک یاد رکھا جائے گا.
انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین و پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے.
اس موقع پر سابق ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ عطا بلوچ، سابق ڈائریکٹر تعلقات عامہ اعجاز احمدغوری، انفارمیشن آفیسر محمد جنید سمیت سرفراز محمد،
سید محمد باقر حسین، رفاقت علی خان، عبدالجبار، عبدالرزاق اور دفتر کے سٹاف اورتمام اہلکاروں نے شرکت کی.
ڈیرہ غازیخان
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان طاہر فاروق نے دانش سکول کا دورہ کیا انہوں نے ادارہ کے امور سے متعلق اجلاس کی بھی صدارت کی۔
ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہا کہ دانش سکول خاص مقصد کیلئے قائم کیا گیا۔ہر حالت میں یتیم اور غریب بچوں کو معیاری تعلیم دلانا ہوگی۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز ادارہ کی کارکردگی مزید بہتر کرنے کیلئے فعال کردار ادا کریں۔ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے نئے تعلیمی سیشن کے تحت داخلوں اور دیگر ریکارڈ کا جائزہ لیا۔
پرنسپلز شبنم حسیب،ڈاکٹر خالد فاروق اکبر نے بتایا کہ ادارہ میں یتیم،غریب اور مستحق خاندانوں کے بچوں کو میرٹ پر داخلہ دیکر تعلیم،خوراک،رہائش،طبی اور دیگر سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔
ڈیرہ غازیخان
ڈیرہ غازی خان کے ملحقہ صوبوں میں آٹا کی قلت کے پیش نظر صوبوں میں ترسیل پر پابندی عائد کرتے ہوئے آٹا کی تیاری اور فراہمی کو مانیٹر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے فلور ملز مالکان کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے اعتماد میں لیا۔ضلع ڈیرہ غازی خان میں گندم کا وافر ذخیرہ موجود ہے تاہم احتیاطی اقدامات کے لئے فلور ملز مالکان کا تعاون درکار ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آٹا کی مصنوعی قلت برداشت نہیں کی جائے گی۔فلور ملز کی نگرانی کیلئے محکمہ فوڈ کے اہلکار تعینات کردئیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر فلور ملز مالکان کے جائز مسائل حل کئے جائیں گے۔
ضلع ڈیرہ غازی خان کے عوام اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ڈی ایف سی جاوید اقبال نے بتایا کہ ضلع کی 17 فنکشنل فلور ملز کو 450 میٹرک ٹن کوٹہ کی گندم دی جارہی ہے
اور ملز سے تیار 20 کلو آٹا کے12705 تھیلے ضلع کے 34 سیل پوائنٹس پر ڈیلرز کو روزانہ کی بنیاد پر فراہم کیا جارہے ہیں
اورعوام کی ڈیمانڈ سے بڑھ کر آٹا تیار کرایا جارہا ہے۔اس موقع پر پولیٹیکل اسسٹنٹ سید موسی رضا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسنین خالد سنپال، سابق چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب حبیب الرحمن لغاری اور دیگر موجود تھے.
ڈیرہ غازیخان
کنٹرولر امتحانات حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ نوجوان طلبہ و طالبات ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں انہوں نے مستقبل میں ملکی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے
انکی محنت کا بھر پور انداز اور ثمر دینے کے لیے ہمیں بھی پہلے سے زیادہ محنت کرنا ہوگی اور دلچسپی کے ساتھ مارکنگ سسٹم کو بہتر سے بہتر کرنے کی ضرورت ہے
یہ بات انہوں نے گورنمنٹ آف پنجاب (ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ) لاہور پی بی بی سی اور چیئر پرسن ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی ہدایت پر میٹرک سطح پر مارکنگ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے بورڈ ہذا کے زیر اہتمام مارکنگ سٹاف کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی
انہوں نے کہا کہ تمام مارکنگ سٹاف (ہیڈ /ایگزامینر وغیرہ) پوری بغیر کسی دباؤ کے تسلی اور اطمینان کے ساتھ مارکنگ کریں وہ خود بھی مارکنگ سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے سنٹرز آکر سٹاف کو ممکنہ سہولیات فراہم کریں گے
ان سے قبل ڈپٹی کنٹرولر عبدالوحید قیصرانی، پرنسپل گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر2محمد ارشد جاوید قریشی ماسٹر ٹرینرز سجاد احمد بھٹہ، عبدالعزیز ثاقب، جامعبدالمجید، غلام قادر سہرانی، نے بھی مارکنگ کے حوالے سے مفید مشورے دئیے
انہوں نے کہا کہ اس تربیتی ورکشاپ کا مقصد مارکنگ سسٹم کو بہتر سے بہتر بنان ہے اور انشاء اللہ ہم اس کی بہتر ی کے لیے اپنا اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے
بعد ازاں ٹریننگ سنٹر موجو د مارکنگ سٹاف سے جوابی کاپیوں کی مارکنگ کی ریہرسل بھی کروائی گئی آخر میں ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی گی
واضح رہے کہ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق دوسری تربیتی ورکشاپ آج گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائر سکینڈری سکول لیہ میں منعقد ہوگی۔
ڈیرہ غازیخان
جنوبی پنجاب کامری کہلانے والے پہاڑی سیاحتی مقام فورٹ منرومیں دو روز سے برفباری کا سلسلہ جاری رہا، سردی کی شدت میں اضافہ، پانچ روز سے بجلی بند، جنوبی پنجاب سے فیملیز کی آمد جاری،
برفباری سے کوہ سلیمان کے نظارے مزیدخوبصورت ہوگئے بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد سے راکھی گاج کے مقام پر ٹریفک جام،
سیاحوں کا وزیر اعلیٰ پنجاب سے فورٹ منرو میں جاری سیاحتی منصوبے کی تکمیل کے لیے فنڈز کے فوری اجراء کا مطالبہ مزید تفصیل کے مطابق جنوبی پنجاب کاخوبصورت پہاڑی سلسلہ کوہ سلیمان میں 6770فٹ بلندی پر واقع فورٹ منرو کا سیاحتی مقام جسے جنوبی پنجاب کامری بھی کہاجاتا ہے
فورٹ منرومیں برفباری کاسلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا برفباری کے باعث کوہ سلیمان کے خوبصورت پہاڑوں نے مکمل سفیدچادراوڑھ لی ہے
جس سے پہاڑوں کے نظارے اوربھی خوبصورت اور دلکش ہوگئے ہیں برفباری کا یہ سلسلہ فورٹ منرو کے قریبی علاقے کھر، گڈانی اوریکبائی میں بھی وقفے وقفے سے جاری ہے
جن کو دیکھنے اور موسم کا لطف اٹھانے کے لئے جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی فیملز نے مری کے دور دراز علاقے میں جانے کی بجائے فورٹ منرو کا رخ کر لیا ہے
اور جوق در جوق سیاحوں کی آمد کاسلسلہ جاری ہے سیاحوں کی بڑی تعداد میں آنے کی وجہ سے راکھی گاج سے فورٹ منرو تک گاڑیوں کی لمبی لائینیں لگنے کی وجہ سے گھنٹوں ٹریفک جام رہنے لگی
جبکہ ٹریفک کنٹرول کر نے کے لئے ٹریفک پولیس کی طرف سے کو ئی خاطر خواہ انتظام دیکھنے میں نہیں آیا ہے فورٹ منرو میں آئے ہوئے
سیاحوں میاں محمد ایوب،محمد ارسلان،غلام مرتضی قریشی، شیخ محمد طاہر معراج،آصف گلیانی،نعمان طارق و دیگر کا کہنا ہے کہ کوہ سلیمان کے نظارے جنت نظیر سے کم نہیں ہیں وہ یہاں آ کر بے انتہا لطف اندوز ہورہے ہیں
لیکن کھانے پینے کے ہوٹلوں کے ساتھ دیگر بنیادی سہولیات کی کمی ہے کیو نکہ اس علاقہ کے قبائلی بلوچ شدید سردی اور اشیائے خوردونوش کی کمی کے باعث فورٹ منرو کی پہاڑی سے نیچے کھر کے مقام پر یا پھر ڈیرہ غازی خان منتقل ہو جا تے ہیں
اس لئے بیشتر ہوٹلز اور سپر سٹورز اس موقع پر بند ہو تے ہیں گزشتہ تین سالوں سے ہر سال اس علاقہ میں برفباری ہو رہی ہے ان حسین نظاروں کومزید دلچسپ بنانے کیلئے حکومتی اقدامات کی اشد ضرورت ہے جسکی وجہ سے صرف سیاحت کوفروغ ملے گا
بلکہ یہاں کیمقامی لوگوں کو کاروبارکے مو اقع بھی میسرآئیں گے فورٹ منرو کے راستے میں سیاحوں کے لئے پبلک ٹوائلٹس اور انتظار گاہیں تعمیر کی جا ئیں سٹیل پل کی تعمیر نے فورٹ منرو جانے کے راستے کو مزید حسین اور پر کشش بنا دیا ہے یہ پل اپنے فن تعمیر کا مثالی نمونہ ہے
جو جاپان کی حکومت کا سیاحوں اور علاقہ کے بلوچوں کے لئے تحفہ ہے ادھر واپڈا کی طرف سے گزشتہ پانچ روز سے بجلی بند ہے جس کی وجہ سے پینے کا پانی نایاب ہو گیا ہے آنے والے سیاح بجلی اور پانی کی سہولت نہ ہو نے کی وجہ سے واپس لوٹنے پر مجبور ہیں
صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سردار ذوالفقار علی خان نصوحہ نے کہا ہے کہ ٹوارزم صنعت کا درجہ رکھتی ہے ہمارے ہاں جنوبی پنجاب با لخصوص ڈیرہ غازی خان میں بہترین سیاحتی مقامات موجود ہیں
جن میں فورٹ منرو سرفہرست ہے بد قسمتی سے حکومت نے ستر سالوں سے اس شعبہ کی طرف توجہ نہیں دی اگر حکومت فورٹ منرو اور دیگر سیاحتی مقام پر توجہ دے کر ترقیاتی کام کرائے
تو سیاحت سے کثیر زر مبادلہ کمایا جا سکتا ہے انہوں نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے مطالبہ کیا ہے کہ
فورٹ منرو میں چئیر لفٹ کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پنچانے کے لیے احکامات جاری کریں۔ فنڈز کا اجراء کیا جائے
اور مری کے طرز پر خوبصورت مال روڈ کا قیام عمل میں لایا جائے۔اور پارکس کی حالت کو بہتر کیا جائے۔
ڈیرہ غازیخان
بار ایسوسی ایشن ڈیرہ غازیخان کی مجلس عاملہ کے امیدواروں کی گنتی مکمل ہو گئی26 امیدواروں میں دس امیدواروں کا کامیابی کااعلان کردیا گیا
الیکشن بورڈ کے چیئرمین سردار عبدالغنی خان کھوسہ نے بتایا ہے کہ امیر حمزہ نیازی نے444،سعد عمران نیازی نے380،
مہتاب احمد علیانی نے 347،مہتاب احمد احمدانی نے 290،محترمہ روبینہ ارشاد بھٹی نے 283،سلیم اختر راجہ نے 275،
طارق شبیر لنڈ نے 259،جنید ستار صدیقی نے 254، نبی بخش خان رمدانی 249اور مشتاق احمد تنویر نے 243 ووٹ لئے اور انہیں کامیاب قرار دے دیا گیا
جبکہ مجلس عاملہ کے امیدواروں کی گنتی کے بعد بارایسوسی ایشن کا انتخابی مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔
تونسہ شریف
ایک درجن سے زائد مقدمات میں مطلوب ملزم کی گرفتار ی کے لیے جانے والی پولیس پارٹی پر ملزم کی فائرنگ
تونسہ شریف بدنام زمانہ آشتہاری ملزم توقیرا گینگ کی گرفتاری کے لیے جانے والی پولیس پارٹی پر ملزم کی فائرنگ ٹانگ میں گولی لگنے
سے کانسٹیبل حمید شدید زخمی تھانہ سٹی پولیس کے کانسٹیبل عبدالحمید کو شدید زخمی حالت میں تونسہ ہسپتال لایاگیا جہاں حالت نہ سنبھلنے پر نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے
اے وی پڑھو
سیت پور کا دیوان اور کرکشیترا کا آشرم||ڈاکٹر سید عظیم شاہ بخاری
موہری سرائیکی تحریک دی کہاݨی…||ڈاکٹر احسن واگھا
محبوب تابش دے پرنے تے موہن بھگت دا گاون