دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے

ڈیرہ سپورٹس فیسٹیول“ کا افتتاح کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان :پاک فوج کے زیر اہتمام ضلعی انتظامیہ اورمحکمہ سپورٹس کی جانب سے بیساکھی فٹبال سٹیڈیم ڈیرہ میں ” 2020ڈیرہ سپورٹس فیسٹیول“ کا افتتاح کردیاگیا۔

فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود نے شرکت کی۔

اس موقع پر فیتہ اور کیک کاٹ کر ” 2020ڈیرہ سپورٹس فیسٹیول“ کا باقاعدہ افتتاح کیاگیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے ماضی کے نامور کھلاڑیوں نے بھی افتتاحی تقریب نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پرسٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر شمریز خان ڈپٹی سٹیشن کمانڈر کرنل محمد عاقب، لیفٹیننٹ کرنل شاہد ریاض، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ محسن صلاح الدین،آرمی پبلک سکول اینڈ کالج کے پرنسپل گروپ کیپٹن بشیر احمد چوہدری، ریجنل سپورٹس آفیسر رضی اللہ بیٹنی،

سابق صدر ڈسٹرکٹ بار سردار قیضار خان میانخیل، سابق تحصیل ناظم پروآ سردار امتیاز خان بلوچ اور قاری خلیل احمد سراجکے علاوہ بارش اور شدید سردی کے باوجود گراﺅنڈ میں بڑی تعداد میں کھلاڑیوں، معززین علاقہ اور سابقہ منتخب نمائندوں نے شرکت کی۔

فیسٹیول کے حوالے سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے تھے، اس موقع پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔

افتتاحی تقریب میں کھلاڑیوں کے مارچ پاسٹ کے علاوہ بچوں نے تائیکوانڈو کے نمائشی مقابلوں کا مظاہرہ بھی پیش کیا۔

اس فیسٹیول میں کرکٹ، ہاکی، فٹبال، بیڈمنٹن، روایتی کشتیوں کے مقابلے ہونگے جس میں ڈیرہ اسماعیل خان کے علاوہ ٹانک، بھکر اور میانوالی کی درجنوں ٹیمیں حصہ لیں گی۔

شرکاءنے پاکستان زندہ باد اور نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعرے بھی لگائے۔ سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر شمریز خان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے نوجوان باصلاحیت اور ملک سے محبت کرنے والے ہیں۔ قوموں کی ترقی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے۔
٭٭٭
سرد ہواوں نے ڈیرہ شہر کا رخ کر لیا، ہلکی بارش کا سلسلہ جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سرد ہواوں نے ڈیرہ شہر کا رخ کر لیا، ڈیرہ میں گزشتہ صبح سے وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ، خنکی بڑھ گئی۔

ڈیرہ میں بارش سے سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ، بارش فصلوں کے لئے باعث ر حمت قرار ،

سنیچراوراتورکی شب سے ڈیرہ شہر اور گردونواح میں بارش کی رم جھم سے کسانوں میں خوشی کی لہردوڑ گئی۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے بارانی علاقوں میں اس ماہ کے دوران ہونے والی بارشوںکے فصلوں پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں اس کی وجہ سے گندم کی فصلوں کی پیداوار بہتر ہوگئی جو کہ کسانوںکے لئے خوشخبری ہے۔

ڈیرہ شہر اور گردونواح میں سنیچر اور اتوار کے شب سے بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہوا جس سے سردی میں اضافہ ہو گیا تاہم زرعی ماہرین کے مطابق حالیہ بارش کو فصلوں کے لئے بہترین قراردیاگیا ہے۔ڈیرہ چند روز تیز دھوپ کے بعد بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جوکہ آئندہ چوبیس گھنٹے تک جارہے گا۔

بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور لوگ گھروں میں دبک کر رہ گئے ،دوسری جانب ڈیرہ شہر اورمضافات میں جاری بارش کے باعث سڑکوں پر کیچڑ جمع ہوگیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی ہواوں نے ڈیرہ میں پڑاو ڈال دیا ہے ، چند روز تک دھوپ رہنے کے بعد ڈیرہ میں ابررحمت برسنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیرہ شہر کاآج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 14 اور کم سے کم04 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ریکارڈ کیاگیا۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈیرہ میں مزید بادل برسنے کی نوید سنادی۔
٭٭٭
اسامہ جمیل چوہدری رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) معروف کاروباری شخصیت اور انجمن تاجران شرقی سرکلور روڈ و کینٹ ایریاکے صدر چوہدری جمیل احمد کے صاحبزادے نعمان جمیل چوہدری اور اسامہ جمیل چوہدری رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔

ان کی دعوت ولیمہ کی تقریب مقامی شادی ہال میں منعقد ہوئی جس میں مرکزی انجمن تاجران، تاجر اتحاد، سابقہ منتخب نمائندوں، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماﺅں اور عہدیداران ، کاروباری شخصیات، سرکاری افسران اور صحافیوں سمیت معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر دوست احباب نے چوہدری جمیل احمد کے فرزندگان نعمان جمیل چوہدری اور اسامہ جمیل چوہدری کو زندگی کے نئے سفر کے آغاز پر نیک تمناﺅں کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔
٭٭٭
مشران کے ساتھ اہم جرگہ کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)جرگہ ہال تحصیل درازندہ میں علاقہ کے مشران کے ساتھ اہم جرگہ کا انعقاد کیاگیا

جس میں ڈی پی او ڈیرہ نے جرگہ فورم کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کے دلوں کو جوڑنے والا ایسا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں جوکہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے زیادہ محبوب عمل ہے۔

انہوں نے قرآن و حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے مابین صلح کرنے والا انسان اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے اور دنیا و آخرت کی زندگی میں سب سے زیادہ فلاح پانے والا ہوتا ہے۔انہوں نے جرگہ میں شریک مشران پر زور دیا کہ وہ بد امنی اور لوگوں کے مابین اختلافات کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کا تعین کرتے ہوئے آپس کے مربوط تعلقات کو فروغ دیں ۔

نیک نیتی اور باہمی دلچسپی سے فریقین کے تنازعات کے مستقل حل کو ڈھونڈ نکالنے کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ڈیرہ پولیس نے آپ کی سہولت کے لیے کریکٹر سرٹیفکیٹ ، سیکیورٹی کلیئرنس سرٹیفکیٹ ، شناختی کارڈ و دیگر اہم کاغذات کی گمشدگی کی رپورٹ ،

مفت کمپیوٹرائزڈ ڈرائیونگ لرنر پرمٹ ، لائسنس کے ساتھ ساتھ مفت بین االاقوامی ڈرائیونگ لائسنس کے اجراءکی سہولت آپ کی دہلیز پر فراہم کر رہے ہیں۔

جرگہ کے بعد ڈی پی او ڈیرہ ایف سی قلعہ درازندہ کے گراﺅنڈ میں مہذب شہری منظم ٹریفک کی مہم کے سلسلہ میں جاری روڈ سیفٹی سیشن کا مشاہدہ کیا ۔
٭٭٭
ایف سی قلعہ درازندہ میں کھلی کچہری کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کی جانب ایف سی قلعہ درازندہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ۔

کھلی کچہری میں ڈی پی او ڈیرہ کیپٹن(ر)واحد محمود ، ڈی ایس پی درازندہ دین محمد ،ایس ایچ او تھانہ درازندہ طیب خان اورعمائدین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

ڈی پی او ڈیرہ نے کھلی کچہری سے خطاب کے دوران کہا کہ پولیس اور عوام کے مابین فاصلے ختم کرکے عوام کے مسائل و شکایات کے ازالہ کرنے کے لیے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا کی واضح کردہ ویژن کے تحت صوبہ بھر کی طرح ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی پولیس کی جانب سے کھلی کچہریوں کا انعقاد کا سلسلہ جاری ہے

اور اب تک شہر و مضافاتی علاقوں میں کھلی کچہریوں کے دوران پیش کردہ 95فیصد عوامی مسائل و شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل اپنا فرض اولیں سمجھ کر علاقہ میں جرائم کے خاتمہ اور قیام امن کے لیے کوشاں ہیں۔

تاہم اس سلسلہ میں عوام کو بھی پولیس کے ہاتھ مضبوط کرکے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ ضلعی پولیس سربراہ کا کہنا تھا کہ جرائم سے پاک پر امن معاشرے کی تشکیل ، علاقائی امن کا فروغ اور عوامی مسائل کا دیر پا حل کے لیے عوام کا مربوط تعاون درکار ہوتا ہے۔

علاقائی عمائدین نے علاقائی مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ درازندہ میں تمام ڈاکٹر ز سرکاری ہسپتال میں مریضوں کو چیک نہیں کرتے اور دوپہر دو بجے کے بعدکوئی بھی ڈاکٹر ہسپتال میں موجود نہیں ہوتا۔ سرکاری طور پر مہیا کی جانے والی ادوایات وہ اپنی پرائیویٹ کلینکوں میں وہی ڈرپیں اور سرنج مریضوں سے 6000ہزار روپے لے کر لگاتے ہیں

اور وہی ڈرپیں اور سرنج دوبارہ پانچ چھ مریضوں کو لگاتے ہیں جس سے خطرناک بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ ہے۔تمام میڈیکل سٹوروں پر 100%جعلی ادویات فروخت ہوتی ہیں۔

واپڈا سے بلا تعطل بجلی دینے کا مطالبہ ، سڑکوں کی کھدائی کی گئی تھی 08ماہ گزرنے کے بعد سڑکیں تعمیر نہ ہو سکیں۔ جس سے گاڑیوں کا نقصان اور مسافروں کو پریشانی ہوتی ہے ۔

کھلی کچہری کے شرکاءکی طرف سے سامنے آنے والے مسائل کے فوری حل کے لیے ڈی پی او ڈیرہ نے ڈپٹی کمشنر کو مراسلہ ارسال کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ۔
٭٭٭
اہم شخصیت نے ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ کی زندگی پر پی ایچ ڈی کرنے کا ارادہ ظاہرکردیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)حلقہ ادب وثقافت پاکستان فرنٹیئر آرٹس پروموٹرز ،کیمسٹ ایسوسی ایشن کے چیئر مین

اور ڈیرہ پریس کلب کے سابق صدر حاجی لطیف الرحمٰن خان نے مشہور زمانہ ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ کی زندگی پر پی ایچ ڈی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔

اس سلسلے میں انہوںنے حریم شاہ کی زندگی پر تھیسز مکمل کرنے کے لئے ریسرچ شروع کردی ہے۔
٭٭٭
کار اور موٹرسائیکل میں تصادم ،موٹرسائیکل سوار کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ میں بارش اور پھسلن کے باعث کار اور موٹرسائیکل میں تصادم ،موٹرسائیکل سوار کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں ،تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیا،

ڈیرہ اسماعیل خان گزشتہ روز سے جاری بارش کے باعث سڑک پر پھسلن انتہائی شدید ہوگئی جس کے نتیجے میں تحصیل پروا سے ڈیرہ آتے ہوئے پینتالیس سالہ محمد شفیق ولد شیر محمد قوم ڈرال سکنہ مریالی شدید زخمی جبکہ اس کا ساتھی عباس بال بال بچ گیا ،

زخمی کو ہسپتال منتقل کردیاگیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق موٹرسائیکل سوار کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں جبکہ اس کی حالت بھی تشویشناک بتائی گئی ۔پولیس نے کارڈرائیور کے خلاف حادثے کا مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
ڈرائیور نے ایمبولینس گنے سے لوڈ ٹرالی میں ٹھوک دی ،ڈرائیور جاں بحق

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ ملتان روڈ انڈس ہائی وے پر سرکاری ایمبولنس گنے سے لوڈ کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی ،

ایمبولیس کا ڈرائیور 45 سالہ محمد شکیل جاں بحق ہوگیا ،متوفی کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے سپرد کردی گئی ،پولیس نے ٹریفک حادثے کا مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پروا کی سرکاری ایمبولینس کا ڈرائیور 45 سالہ محمد شکیل ولد غلام حسن بلوچ سکنہ نائیویلہ مریض کو ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ منتقل کرنے کے بعد وآپس پروا جارہاتھا کہ ڈیرہ ملتان روڈ انڈس ہائی پر علاقہ درابن خورد کے قریب وہ تیزرفتاری کے باعث بے قابو ہوکر وہاں گنے سے لوڈ کھڑی ٹریکٹر ٹرالی کے پیچھے جاٹکرایا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا ،

اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیاگیا لیکن سینے اور سرپر شدید چوٹیں لگنے کے باعث وہ جانبر نہ ہوسکا اور ہسپتال میں ہی جاں بحق ہوگیا ،

پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ ایمبولینس کا فرنٹ ٹرالی کے اندر دھنس گیااور وہ مکمل تباہ ہوگئی ،

متوفی کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے سپرد کردی گئی ہے ۔پولیس نے ٹریکٹر ڈرائیور کے خلاف بے احتیاطی سے ٹریکٹر ٹرالی سڑک پر کھڑی کرنے جبکہ ایمبولینس کے متوفی ڈرائیور کے خلاف تیزرفتاری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ڈیرہ اسماعیل خان آمد متوقع

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ڈیرہ اسماعیل خان آمد متوقع ،اہم ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کا امکان،

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختوا محمود خان کی ایک روزہ دورے پر جمعرات کے روز ڈیرہ اسماعیل خان آمد متوقع ہے

جس کے دوران وہ ڈیرہ میں کئی اہم ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ کر ان کا افتتاح کریں گے ۔اس موقع پر ان کی صحافیوں سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
٭٭٭
شاہجہان چغتائی بقضائے الہی انتقال فرما گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ کے معروف وکیل جمیل احمد ترک ایڈووکیٹ ہائی کورٹ کے ماموں شاہجہان چغتائی بقضائے الہی انتقال فرما گئے ہیں ۔

ان کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد انہیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا ہے ۔مرحوم عالمگیر خان ،ہمایوں خان اور جلال خان کے والدتھے ۔

مرحوم کی ناگہانی وفات پر سعدا للہ خان مروت ایڈووکیٹ ،خیال محمد خان شیرانی ایڈووکیٹ ،انور خان یوسفزئی ایڈووکیٹ

اور دیگر وکلاءنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اظہار تعزیت کی اور مرحوم کی مغفرت،بلندی درجات اور پسماندگان کے صبر وجمیل کی دعاکی ہے۔
٭٭٭
دوافروش دکھی انسانیت کے جذبے سے سرشار ہوکر بے لوث خدمت کریں ،محسن صلاح الدین

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ محسن صلاح الدین نے دوافروشوں پر زور دیا کہ وہ دکھی انسانیت کے جذبے سے سرشار ہوکر بے لوث خدمت کریں ،غیر معیاری ادویات فروخت کرنے سے اجتنا کریں ،

ان خیالات کا اظہار پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن ڈیرہ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔وفد میں ضلعی چیئر مین حاجی محمد رمضان ،جنرل سیکرٹری نور الحسن بلوچ ،طارق عزیز ،مقبول خان کے علاوہ صوبائی سنیئر وائس چیئر مین لطیف الرحمٰن خان شامل تھے ۔

اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ نے کہا کہ جعلی غیر معیاری ادویات فروخت کرنے والے انسانیت شمن ہیں جو کسی رورعایت کے مستحق نہیں اور ضلعی انتظامیہ ڈرگ انسپکٹر کے ہمراہ دوافروشوں کی دکانوں کی چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھی گی۔

وفد کے اراکین نے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ میں ان کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کو یقین دلایا کہ ڈیرہ میں ڈرگ انسپکٹرز گاہے بگاہے دکانوں کا معائنہ کرتے رہتے ہیں اور غیر معیاری ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ان کے نمونہ جات حاصل کرکے انہیں لیباٹریز کو ارسال بھی کیے جاتے ہیں ،

ان کو بتایا گیا کہ ڈیرہ میں کوئی بھی دوافروش جعلی ادویات فروخت نہیں کرتے اور نہ ہی نشہ آور ادایات ڈاکٹری نسخہ کے بغیر دی جاتی ہیں ۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر پر واضح کیا کہ چند روز قبل ڈرگ انسپکٹر ز کی جانب سے دکانوں پر کوالیفائیڈ پرسن کی عدم موجودگی کے باعث دوافروشوں کا چالان کیاگیا جس پر دوافروشوں کو شدید تحفظات ہیں ۔کولیفائیڈ پرسن کا معاملہ ملک گیرسطح کا ہے اگر کیٹیگری بی کے امتحانات بروقت ہوں توکہ معاملہ بھی حل ہوجائے گا

۔وفد کے اراکین نے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہو عزم کا اظہار کیا کہ وہ جعلی ادویات کے خلاف جہاد میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہیں ۔
٭٭٭
عازمین حج کیلئے خوشخبری، امیگریشن لینڈنگ کارڈ کی شرط ختم

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)عازمین حج کیلئے خوشخبری، امیگریشن لینڈنگ کارڈ کی شرط ختم۔سعودی عرب نے عازمین حج کو سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے امیگریشن لینڈنگ کارڈ کی شرط ختم کر دی۔

سعودی عرب نے دنیا بھر کے عازمین حج کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کرنے شروع کر دیے۔ فریضہ حج کے لیے آنے والے عازمین کی سہولت کے لیے سعودی ایوی ایشن نے امیگریشن لینڈنگ کارڈ کی شرط ختم کر دی۔

سول ایوی ایشن نے امیگریشن لینڈنگ کارڈ ختم کرنے کے احکامات جاری کر دیے جبکہ سعودی ایوی ایشن نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی تمام ائر لائنز کو اس سلسلے میں ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔

امیگریشن لینڈنگ کارڈ بھرنے کی وجہ سے جدہ کی کنگ عبدالعزیز ائر پورٹ پر بہت زیادہ رش لگ جاتا تھا جس کی وجہ سے عازمین کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

سول ایوی ایشن کے حکام کا کہنا ہے کہ عازمین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان انٹر نیشنل ائر لائنز (پی آئی اے) نے حج آپریشن 2019کی تیاریاں مکمل کرلیں،پی آئی اے 318 حج و شیڈول پروازوں کے ذریعے 84 ہزار عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔

قومی ائر لائن قبل از حج آپریشن 4 جولائی سے شروع کرے گی جو 5 اگست تک جاری رہے گا۔ پی آئی اے جدہ اور مدینہ کے لیے اپنی حج پروازیں آپریٹ کرے گی۔ اسی طرح حجاج کرام کی وطن واپسی 17 اگست سے شروع ہو جائے گی جو 14 ستمبر تک جاری رہے گی ،

پی آئی اے کی پہلی حج پرواز اسلام آباد سے 300 سے زائد عازمین کو لے کر جدہ روانہ ہوگی۔ قومی ائر لائن اپنے حج آپریشن میں بوئنگ 777 طیارے آپریٹ کرے گی۔
٭٭٭
سیکورٹی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے جدید خفیہ کیمرے لگا دیئے گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ سنٹرل جیل ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکورٹی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے 50 جدید خفیہ کیمرے لگا دیئے گئے، سیکورٹی کیلئے خفیہ کیمروں سے نگرانی کیلئے سنٹرل جیل میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا،

خفیہ کیمروں کی تنصیب سے سیکورٹی کو مزید موثر بنایا جاسکے گا،

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سنٹرل جیل ڈیرہ اسماعیل خان میں جیل کی تعمیرکے منصوبہ کے فیز ون کی تکمیل کے بعد جیل انتظامیہ نے سنٹرل جیل ڈیرہ کی سیکورٹی کو موثر بنانے کیلئے جیل کے اندرونی اور بیرونی احاطوں میں جدید 50خفیہ سیکورٹی کیمرے نصب کردیئے ہیں

۔سیکورٹی کے نظام کو چیک کرنے کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔

سپرنٹنڈنٹ جیل بن یا مین خان میانخیل نے جدید نصب شدہ کیمروں اور کنٹرول روم کی کارکردگی کے جائزہ کیلئے کنٹرول روم کا دورہ کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ سنٹرل جیل ڈیرہ اسماعیل خان کا شمار صوبے کی حساس اور بڑی جیلوں میں ہوتا ہے،

سیکورٹی کو بہتر بنانے کیلئے خفیہ کیمرے لگادیئے ہیں جس سے یقینی طور پر جیل کے اندر اور باہر ہونے والی سرگرمیوں کی 24گھنٹے نظر رکھی جاسکے گی اور کنٹرول روم میں 24گھنٹے اہلکار اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔
٭٭٭
وکلاءکی ہڑتال کا سلسلہ جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) وکلاءکی ہڑتال کا سلسلہ جاری ،خیبرپختونخوابارکونسل کی کال پرضابطہ دیوانی اورنارکوٹکس ایکٹ میں ترامیم کے معاملے پر پیرکے روز بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں وکلاءکی مکمل ہڑتال ہوگی

۔اس دوران وکلاء کا احتجاج اور مکمل بائیکاٹ جاری رہے گا اور وکلاء عدالت میں پیش نہیں ہو ں گے ،

بارکونسل نے واضح کیاہے کہ خلاف ورزی کرنیوالے وکلاءکیخلاف کارروائی ہوگی۔بارکونسل نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ترامیم واپس لے۔

دوسری جانب وکلاء ہڑتال کے باعث سائلین سخت پریشانی اور اذیت سے دوچارہوکر رہ گئے ہیں ۔
٭٭٭
خیبرپختونخوا کے17محکموں میں مالی بے قاعدگیوں کا انکشاف

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبرپختونخوا کے17محکموں میں مالی بے قاعدگیوں کا انکشاف ،کمزور مالی نظام سے خزانے کو 10 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا،

4 ارب روپے سے زائد اخراجات کا ریکارڈ موجود نہیں ہے،آڈیٹر جنرل رپورٹ ،خیبرپختونخوا حکومت کے 17 سرکاری محکموں میں 23 ارب سے زائد کی مالی بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے جاری کی گئی سال2017-18 آڈٹ رپورٹ کے مطابق کمزور مالی نظام سے خزانے کو 10 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق 4 ارب روپے سے زائد رقم کی واپسی ممکن نہیں ہوسکی۔

مالی بے ضابطگیوں میں محکمہ توانائی 5 ارب 80 کروڑ کے ساتھ سرفہرست ہے۔صوبہ خیبرپختونخوا کے محکمہ تعلیم میں چار ارب کی مالی بے ضابطگیاں کی گئی ہیں۔ صحت، مواصلات، توانائی، زراعت، انتظامی امور اورمحکمہ آبپاشی میں بھی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔

آڈٹ رپورٹ میں 4 ارب روپے سے زائد اخراجات کا ریکارڈ موجود نہیں ہے۔سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال نے بھی خزانے کو 1 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا۔اس سے قبل بھی خیبر پختونخوا کے 21 سرکاری محکموں 52 ارب روپے کے گھپلے سامنے آئے تھے۔

صوبائی محکموں نے غیرقانونی تقریوں، مہنگے داموں خریداری، وصولیوں میں تاخیر اور سرکاری مال غائب کرکے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا تھا۔آڈٹ رپورٹ میں اکاو¿نٹس، انتظامی ڈھانچے، ناقص مالیاتی قواعد میں کمزوریوں کا انکشاف کیا گیا ہے۔

صوبے کے مختلف اداروں سے عدم وصولیوں پر آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے تشویش کا اظہار بھی کیا ہے۔آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم میں 8 ارب، زراعت میں 2ارب روپے سے زائد کی بے قاعدگیاں سامنے آئی ہیں۔

تعلیمی اداروں میں غیرقانونی بھرتیاں ہوئیں اور غیرمعیاری کتابیں خریداری گئیں۔
٭٭٭
کمسن بچوں سے بھیک منگوانے والے والدین کو جرمانہ اور قید کی سزا ہوگی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کمسن بچوں سے بھیک منگوانے والے والدین کو جرمانہ اور قید کی سزا ہوگی،اسمبلی میں بل پیش ،خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں بھیک مانگنے پرپابندی لگانے سمیت خیبرپختونخوا گورنمنٹ ریسٹ ہاﺅسز اینڈ ٹورازم پراپرٹی بل ایوان میں پیش کردیئے ہیں جبکہ ایوان میں سول ایڈمنسٹریشن بل کی باقاعدہ منظوری دیدی گئی ہے‘

خیبرپختونخوا گداگری پر پابندی کے بل کے مطابق کمسن بچوں سے بھیک منگوانے والے والدین کو جرمانہ اور قید کی سزا ہوگی‘ کوئی بھی پولیس آفیسر کسی بھی آوارہ شخص اور بھیک مانگنے پر مجبور کرنے والے افراد کوبغیر کسی وارنٹ کے گرفتار کرنے کا مجاز ہوگا‘

خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس میں گداگری پر پابندی کے حوالے سے خیبرپختونخوا گداگری بل 2020 پیش کیا گیا۔بل کے مطابق آوارہ پن میں مبتلا شخص کیلئے تین سال سزا مقرر کی گئی ہے جو دارالکفالہ میں گزاری جائے گی حکومت کے پاس کسی بھی فرد کو دارالکفالہ سے کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کا اختیار ہوگا‘

قانونی مسودے کے مطابق ایک سٹیئرنگ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کا چیئرپرسن سیکرٹری زکوة و عشر ہوگا جبکہ کمیٹی کے دیگر ممبران میں ڈپٹی سیکرٹری سوشل ویلفیئر، ڈائریکٹر ہیومن رائٹس و پارلیمانی امور،

ڈسٹرکٹ آفیسرز سوشل ویلفیئر، ڈپٹی کمشنر کے متعلقہ نمائندے، صوبائی پولیس سربراہ کے نمائندے اور ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شامل ہونگے کمیٹی کے پاس پالیسی، گائیڈ لائنز،دارالکفالہ کے امور کی نگرانی اور دیکھ بھال،غیر سرکاری تنظیموں کو دارالکفالہ میں داخل آوارگی میں مبتلا افراد کیلئے سہولیات کی فراہمی،

افراد کیلئے تکنیکی معاﺅنت فراہم کرنے کا اختیار ہوگا سٹیئرنگ کمیٹی کا تین ماہ میں ایک اجلاس منعقد ہونا لازمی ہوگا جبکہ اجلاس میں اکثریتی ارکان کے فیصلے کو تسلیم کیا جائے گا

قانونی مسودے کی شق کے تحت دارالکفالہ کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس میں پاگل پن،متعدی اور جزام میں مبتلا مریضوں کو دارالکفالہ میں قیام کی سہولت نہیں دی جائے گی دارالکفالہ میں رہنے کیلئے جگہ، صحت سہولیات، تعلیم اور ہنر سکھایا جائے گا ہر دارالکفالہ کے انتظامی امور کیلئے ایک منیجر کو تعینات کیا جائے گا

منیجر دارالکفالہ میں مرد اور خواتین افراد کو علیحدہ رکھے گا دارالکفالہ میں رضاکارانہ طور پر بھی آوارہ پن میں مبتلا افراد کو داخل کرایا جا سکے گا

جبکہ کسی بھی پولیس آفیسر آوارگی میں مبتلا اور بھیک مانگنے والے کو بغیر وارنٹ کے گرفتار کرکے انہیں دارالکفالہ منتقل کرنے کا اختیار ہوگا گرفتار فرد کو24گھنٹوں کے دوران سپیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا

قانونی مسودے کے مطابق سپیشل مجسٹریٹ کے پاس اختیار ہوگا کہ وہ آوارہ پن میں مبتلا فرد کو تین سال کیلئے دارالکفالہ میں بھیجنے کے احکامات جاری کرسکے
٭٭٭
جڑی بوٹیوں کی وجہ سے گندم کی پیداوار 42 فیصد تک کم ہو سکتی ہے، ترجمان محکمہ زراعت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)جڑی بوٹیوں کی وجہ سے گندم کی پیداوار 42 فیصد تک کم ہو سکتی ہے، ترجمان محکمہ زراعت, گندم کی اچھی اور زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لیے جڑی بوٹیوں کی تلفی انتہائی ضروری ہے۔

ایک اندازے کے مطابق جڑی بوٹیوں کی وجہ سے 42 فیصد تک پیداوار کم ہو سکتی ہے۔ محکمہ زراعت کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ کاشتکار جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لیے پہلی آبپاشی کے بعد کھیت وتر حالت میں آنے پر دوسری بار ہیرو چلائیں۔

فصل کی ابتدائی حالت میں پہلے پانی کے بعد جڑی بوٹیوں کی شناخت کو مدنظر رکھتے ہوئے جڑی بوٹی مار زہروں کا فوراً سپرے کریں۔ چوڑے اور نوکیلے پتوں والی دونوں اقسام کی جڑی بوٹیوں کی موجودگی کی صورت میں دونوں طرح کے زہروں کو ملا کر یا ان کے تیار شدہ مکسچرز جو کہ مارکیٹ میں دستیاب ہیں سپرے کیے جاسکتے ہیں۔

دوسرے پانی کے بعد اگر نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیاں نظر آئیں تو ان کے لیے موثر سفارش کردہ زہر ضرور استعمال کریں۔

ترجمان کے مطابق جڑی بوٹی مار زہروں کے سپرے کے لیے 100 تا 120 لیٹر پانی فی ایکڑ استعمال کریں اور سپرے اس وقت کریں جب سورج پوری طرح چمک رہا ہو اور دھند یا شبنم کے اثرات فصل پر نہ ہوں۔

سپرے مشین کو اچھی طرح صاف کر کے فلیٹ فین یاٹی جیٹ نوزل کے ذریعے سپرے کریں۔ سپرے کے دوران فصل کا کوئی حصہ دوسری بار سپرے نہ ہو اور نہ ہی کوئی حصہ سپرے کے بغیر رہ جائے۔ دھند، تیز ہوا اور بارش کی صورت میں سپرے نہ کریں اور سپرے کے بعد گوڈی یا بار ہیرو کا استعمال بھی نہ کریں۔

علیحدہ علیحدہ یا دونوں طرح کی زہریں ملا کر سپرے کرنے کی صورت میں زہروں کی مقدار کم نہ کریں۔ سپرے کے دوران ماسک اور ہاتھوں پر دستانے ضرور پہنیں اور ہوا کے مخالف رخ سپرے نہ کریں۔

About The Author