دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلے

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازیخان

ڈیرہ غازی خان کی سبزی منڈی میں تجاوزات کے خلاف رات گئے آپریشن کرتے ہوئے چھوٹی بڑی 68 دکانیں مسمار کردی گئیں۔

کمشنر نسیم صادق نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کی خود نگرانی کی. غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کے وقت اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ،چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اقبال فرید بھی موجود تھے۔

ریونیو،مارکیٹ کمیٹی،کارپوریشن،ڈی آر ٹی اے کے 100 سے زائد ملازمین، پنجاب پولیس کے 50 ملازمین،پانچ ایکسی ویٹر اور 20 ٹریکٹرٹرالیوں نے آپریشن میں حصہ لیا

آپریشن آٹھ گھنٹے سے زائد جاری رہا۔کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کا سلسلہ بلا امتیاز جاری رکھا جائیگا۔

دریں اثنا کمشنر نسیم صادق نے سبزی منڈی میں کیے گئے گزشتہ رات کے آپریشن کے بعد کسی صورتحال کا جائزہ لیا

انہوں نے کارپوریشن کے ویئر ہاوسز پر جا کر جھولے، بنچز اوردیگر کارآمد اشیاء کی تیاری کے عمل کا بھی جائزہ لیا.


ڈیرہ غازیخان

بزدار حکومت نے عوام کی پریشانی اور مشکلات کم کرنے کیلئے انتظامیہ کو ٹاسک دیدیا ہے۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان طاہر فاروق نے کہا ہے کہ ضلع میں صفائی کے معاملات مزید بہتر کئے جائیں۔

جنرل بس سٹینڈ،پٹرول پمپ اور اہم مارکیٹوں میں پبلک ٹوائلٹس کو فنکشنل کرنے اور ان کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ مقامات پر عوامی بیت الخلاء فنکشنل نہ ہونے سے مسافروں بالخصوص خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انتظامیہ کو پابند کیا جائے کہ وہ عوامی بیت الخلا کو مکمل طور پر فنکشنل کرنے کے ساتھ صفائی کو بہتر کریں.


ڈیرہ غازیخان

ڈیرہ غازی خان میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 12 سے زائد گاڑیاں بند کردی گئیں۔روٹ پرمٹ کی خلاف ورزی پر چار بسوں کے روٹ پرمٹ منسوخ کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے

کمشنر نسیم صادق نے بند گاڑیوں کے اصل مالکان کو دستاویزات کی تکمیل پر بند گاڑیاں سپرد داری پر دینے کے احکامات جاری کئے

کمشنر نے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور دیگر افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔

مانکا کینال کے کنارے پر ورکشاپ،سبزی منڈی اور مراکز کی گاڑیاں بند کردی جائیں گی۔کمشنر نسیم صادق نے ہدایات جاری کیں کہ

متعلقہ محکموں سے تصدیق کے بعد لوازمات پورے ہونے پر گاڑیاں سپرد داری پر اصل مالکان کے حوالے کی جائیں۔

سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کامران انور نے بتایا کہ چار بسیں روٹ پرمٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پکڑی گئیں۔


ڈیرہ غازیخان

ڈیرہ غازی خان شہر کی اہم سڑکوں کو دورویہ کرنے کے ساتھ سلپ روڈز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ٹریفک کی روانی کیلئے تعلیمی اداروں کے اوقات کار تبدیل کئے جاسکتے ہیں

کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نسیم صادق نے شہریوں سے تجاویز طلب کرلیں۔ کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ بوائز و گرلز کالجز کی ایک ہی وقت چھٹی سے ٹریفک بند ہونے کے ساتھ عوام،

والدین اور طلباء طالبات کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔متعلقہ تعلیمی اداروں میں چھٹی کے اوقات میں وقفہ دیا جاسکتا ہے۔

کمشنر نے عوام سے کہا ہے کہ وہ تجاویز دیں کی شہر کے کن روڈز کو دو رویہ اور کہاں سلپ روڈز بنائی جاسکتی ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی اور عوام کے مسائل کم کئے جاسکیں۔


ڈیرہ غازیخان

مانکا کینال کے کناروں پر سٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی۔مانکا کی ڈی سیلٹنگ کو تیز کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے۔

مانکا کینال کے مغربی کنارے پر گاڑیاں پارک کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔خلاف ورزی پر مقدمات درج ہوں گے۔

کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے افسران کو خصوصی مہم شروع کرنے کا ٹاسک دیدیا۔
کمشنرنے کہا کہ مانکا کینال اور دیگر مقامات پر قائم ہوٹلز اور دیگر کاروباری مراکز اپنا کوڑا چوک چورہٹہ پر ڈمپ کریں گے شاہراہوں پر کوڑا ڈمپ کرنے پر ہوٹلز مالکان کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے۔

کمشنر نسیم صادق نے مانکا کینال کا دورہ کرتے ہوئے ہوٹلز اور میرج ہالز کے مالکان سے ملاقات کی ٹریفک کی روانی اور صفائی کی تلقین کی۔

اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ،چیف آفسیر میٹروپولیٹن کارپوریش اقبال فرید اور دیگر افسران موجود تھے۔


ڈیرہ غازیخان

ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر ریسکیو 1122ڈیرہ غازیخان محمد اختر بھٹہ نے کہا ہے کہ ریسکیورز کیلئے جسمانی ورزش بہت ضروری ہے تاکہ وہ تندرست و توانا ہو کر اپنے فرائض منصبی بطریق احسن انجام دے سکیں.

انہوں نے یہ بات شاہین فٹبال گراونڈ میں ریسکیورز کی ایکسرسائز کی نگرانی کے دوران کہی. انہوں نے کہا کہ ذہنی او رجسمانی طو رپر فٹ ریسکیور ہی کسی مشکل میں پھنسے انسان کی زندگی بچا سکتا ہے

اس لیے ریسکیورز کیلئے لازمی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر ورزش کریں اور اپنی متوازن خوراک پر بھی توجہ دیں.


ڈیرہ غازیخان

مشیر وزیراعلی پنجاب محمد حنیف پتافی نے کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق کے ہمراہ شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔

مشیر وزیراعلی پنجاب محمد حنیف پتافی اور کمشنر نسیم صادق نے جنرل بس سٹینڈ،غازی پارک اور شہر کے دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کلین اینڈ گرین مہم کے تحت جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔

غازی پارک کی زمین کو ہموار کیا جارہا ہے۔جنرل بس سٹینڈ کے کوڑا کی تلفی کا کام تیزی سے جاری ہے بھاری مشینری کے ذریعے کام کرایا جارہا ہے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ،چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اقبال فرید،ایکسئین انجینئرنگ چوہدری محمد ندیم،ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر ملک عابد محمود اور دیگر افسران ہمراہ تھے.


ڈیرہ غازیخان

ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈڈیرہ غازیخان کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے انٹر میڈیٹ پارٹ سیکنڈاور کمبائنڈ ضمنی امتحان 2019کے نتائج کا اعلان کر دیاگیا ہے. ڈپٹی کنٹرولر امتحانات شیخ امجد حسین نے بتایاکہ

امتحان میں کامیابی کا تناسب 46.58فیصد رہا. امتحان میں 7552ا میدواروں نے داخلہ لیا اور 7482نے امتحان میں شرکت کی جن میں سے 3485کامیاب ہوئے.

ریگولر طلبہ میں کامیابی کا تناسب 36.11فیصد اور پرائیویٹ میں کامیابی کاتناسب 46.63فیصد رہا. ریگولر پری میڈیکل گروپ میں 15میں سے پانچ کامیاب ہوئے،

پری انجینئرنگ کے سات میں سے دو، ہیومنٹیز کے نو میں سے پانچ، جنرل سائنس کے پانچ میں سے ایک اسی طرح پرائیویٹ طلبہ کے پری میڈیکل گروپ میں 1570میں سے 936،

پری انجینئرنگ میں 843میں سے 506، ہیومنٹیز میں 4210میں سے 1519، جنرل سائنس گروپ کے 708میں سے 445،

کامرس کے 115میں سے 66کامیاب ہوئے.


ڈیرہ غازیخان

.ضلع ڈیرہ غازیخان میں پولیو کے دو کیس رپورٹ ہونے پر ہنگامی خصوصی پولیو مہم 14جنوری سے 18جنوری تک چلانے کا فیصلہ کیاگیاہے

جس کیلئے سابقہ تجربات اور خامیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ٹارگٹ بچہ کو حفاظتی ویکسین پلانے کا ٹاسک دے دیاگیاہے.

مہم میں کسی بھی قسم کی کوتاہی اور غفلت برتنے پر سخت کارروائی کا عندیہ دے دیاگیاہے. پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کر کے گرفتاریاں او ردیگر کارروائی کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا.

اس بات کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کی زیر صدار ت ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس میں کیاگیا سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خلیل احمد نے بریفنگ دی.

پولیٹیکل اسسٹنٹ سید موسی رضا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز سمیع اللہ فارو ق، عبدالغفار، حسنین خالد سنپال، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر عمار شاہ،
یونیسف کے کلیم اللہ سمیت دیگر محکموں کے افسران شریک تھے. ڈپٹی کمشنر طاہر فارو ق نے کہاکہ ضلع میں دو پولیو کیس رپورٹ ہونا لمحہ فکریہ ہے.

سندھ، بلوچستان او رخیبرپختونخواہ کی سرحد وں سے منسلک ہونے پرڈیرہ غازیخان کو انتہائی حساس اضلا ع میں شامل کیاگیا ہے جس کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے. ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ

وہ اپنی تیاریوں کو جلد حتمی شکل دیں ضلع کی حدود میں کوئی بھی ٹارگٹ بچہ کو پولیو ویکسیئن پلائے بغیر داخل نہ ہونے دیاجائے. ضلع کے داخلی و خارجی مقامات پر ٹرانسپورٹ اور عوامی آمدو رفت روکنے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں.

پولیس، بی ایم پی او ردیگر فورسز کی شفٹوں میں ڈیوٹیاں لگائی جائیں، جنرل بس سٹینڈ، ریلوے سٹیشن اور دیگر ٹرانزٹ سائٹس پر متحرک ٹیمیں تشکیل دی جائیں.

بچو ں کی فنگر مارکنگ کے علاوہ ڈور مارکنگ اور دیگر ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد کرایا جائے.


ڈیرہ غازی خان

بار ایسوسی ایشن ڈیرہ غازیخان کے انتخابات میں سابق گورنر پنجا ب سردار لطیف خان کھوسہ کے بھائی اور پیپلزپارٹی کے حمایت یافتہ سردار محمدنسیم خان کھوسہ324 ووٹ لے کر صدر اورملک بلال احمد بوہڑ368 ووٹ لے کر جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے

ان کے مدمقابل صدر کے عہدہ پرعظمت اسلام خان غلزئی نے 223،سلیم رضا خان کاکڑ نے 222اور میاں محمد فہیم اکبر نے 42 نے ووٹ جبکہ جنرل سیکرٹری کی نشست پرسید محمد جہانگیر شاہ نے 228اور اعجاز احمد کلاچی208 ووٹ لے سکے چیئر مین الیکشن بورڈ سردار عبدالغنی خان کھوسہ ایڈووکیٹ نے نتائج کا اعلان کرتے ہو ئے بتایا کہ

کل 941ووٹوں میں سے811ووٹرز نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا انہوں نے بتایا کہ نائب صدر کے عہدہ پرمحمد بشیر حجبانی نے 353 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی ان کے مدمقابل محمد طفیل ترین نے 236اور آغا حسین احمد179 ووٹ لئے لائبریری سیکرٹریکی نشست پر محترمہ منور سلطانہ مہپال نے 372 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی

اور ان کے مدمقابل ملک غلام عباس چنڑ303اور محمد خالد ملانہ111 ووٹ لے سکے جبکہ سندس رحیم فنانس سیکرٹری اور محمد طاہر گورمانی جوائنٹ سیکرٹری پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں

کامیاب امیدواروں کے حامیوں نے بھنگڑے ڈالے،جئے بھٹو کے نعرے لگائے، پھولوں کے ہار پہنائے اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی

اور مٹھائیاں کھلائیں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ غازی خان کے نئے عہدیداروں کے چناؤ کے لئے پولنگ ہو ئی پولنگ صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک انتہائی پر امن ماحول میں مکمل ہو ئی۔

About The Author