دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

عبوری ضمانت میں ضابطہ کی خلاف ورزی ،متاثرہ فریق کا احتجاج

عابد اقبال نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے سرنڈر کرلیا

ڈیرہ اسماعیل خان :انعام اللہ کنڈی ایڈووکیٹ تشدد کیس میں نامزد ملزم ایس ایچ او تھانہ صدر عابد اقبال نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے سرنڈر کرلیا ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ محمد یونس خان نے 15 جنوری کو عدالت میں پیش ہونے کے لئے فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے ۔

مقدمہ میں نامزد ایس ایچ او عابداقبال کے باوردی عدالت میں پیش ہونے پر مثاثرہ فریق کاشدید احتجاج،آرپی اوڈیرہ اور ڈی پی او ڈیرہ پر جانبداری کے الزامات ،انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

انعام اللہ کنڈی ایڈوکیٹ تشدد کیس کے مستغیث وسیم اللہ کنڈی ایڈووکیٹ ،محمد بلال کنڈی ایڈووکیٹ اور محمد بلال کنڈی ایڈووکیٹ نے میڈیا کو بتایاکہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی تبدیلی حکومت میں عام شہریوں اور بااثر پولیس افسران کے لئے الگ الگ قانون نافذ ہے ۔

ڈیرہ پولیس کے اعلی افسران مقدمہ میں نامزد پولیس اہلکاروں کی مکمل طور پر پشت پناہی کررہے ہیں اور مقدمہ میں نامزد ایس ایچ او تھانہ صدر عابد اقبال سمیت تمام پولیس اہلکارایف آئی آر درج ہونے کے باوجود تاحال اپنی ڈیوٹیوں پر موجود ہیں ۔

ان کا کہناتھا ایس ایچ او تھانہ صدر عابد اقبال نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے خود کو عدالت میں پیش کرکے سرنڈر تو کردیا لیکن عبوری ضمانت کی درخواست میں قانون کے مطابق طریقہ کار اختیار نہیں کیاگیا ۔درخواست میں مستغیث کو فریق ہیں نہیں بنایا گیا جبکہ قانونی طور پر مستغیث کو نوٹس اور سمن جاری کرنا نہایت ضروری ہے۔

درخواست کا ٹائٹل عابد اقبال بنام سرکار استعمال کرنے کی بجائے سرکار بنام ایس ایچ او تھانہ صدر کا ٹائٹل استعمال کیاگیا جوکہ خلاف قانون ہے۔درخواست کے ساتھ انہوںنے اپنی بے گناہی کا بیان حلفی جمع کرایا اور نہ ہی وکالت نامہ جو کہ نہایت ضروری ہے

جب کہ وہ خود مقدمہ میں نامزد ملزم ہونے کے باوجود عدالت میں باوردی پیش ہوئے جبکہ انہیں بطور ملزم عام شہری کے طور پر پیش ہونا چاہئے اور اس کے لئے ان کی معطلی لازمی تھی لیکن ڈیرہ پولیس کے آر پی او اور ڈی پی او کی مکمل پشت پناہی کے باعث وہ مقدمہ میں نامزد ہونے کے باوجود تاحال معطل نہیں ہوئے ۔

ان کا کہناتھا کہ عام شہری عبوری ضمانت کی درخواست کے لئے رجوع کرنے دوران عدالت میں ضمانت نامہ کے پروفارما جمع کراتاہے جوکہ تصدیق ہونے بعد بطور ملزم اسے دیا جاتاہے تاکہ وہ شامل تفتیش ہوسکے لیکن یہاں پر تو سارے کام پہلے سے ہوئے پڑے ہیں ۔

انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا سے فوری نوٹس اور قانون کے مطابق عمل درآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیاہے۔ی

ادرہے کہ مستغیث فریق کی درخواست پر عدالتی حکم کے تحت ایس ایچ او تھانہ صدر سمیت دیگر پولیس اہلکاروں کے خلاف تھانہ صدر میں ایف آئی درج کی گئی جس کے مطابق ایس ایچ او عابد اقبال سمیت دیگر پولیس اہلکاروں نے مستغیث فریق کے گھر میں داخل ہوکر انہیں تشدد کانشانہ بنایا۔
٭٭٭
ڈیرہ بنوں روڈ پر ایک اور المناک حادثہ ،

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ بنوں روڈ ٹوٹ پھوٹ کی شکارسڑک پر ایک اور قیمتی انسانی جان لقمہ اجل بن گئی ، تھانہ یارک کی حدود پشہ پل یونس برک فیکٹری کے قریب سڑک کی ٹوٹ پھوٹ کے باعث ٹریفک جام کے دوران ٹرالر نے ریورس کرتے ہوئے پیچھے کھڑے موٹرسائیکل کو کچل ڈالا ،

پینتالیس سالہ شخص موقع پر جاں بحق ،بیوی بال بال بچ گئی ،ٹرالر ڈرائیور کے فرار ہونے کی کوشش لوگوں نے ناکام بنادی ،ڈرائیور کو قابو کرکے پولیس کے حوالے کردیاگیا ،ٹرالرپولیس نے تحویل میں لے گیا،متوفی کے لواحقین کا حکومت کے خلاف شدید احتجاج،این ایچ اے کے خلاف بھی مقدمہ درج کرنے کامطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ بنوں روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے باعث آئے روز سنگین حادثات کا مسکن بن چکاہے ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق علاقہ روڈی خیل کا رہائشی پینتالیس سالہ عبدالحمید ولد الہی بخش قوم نیازی اپنی گھر والی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سوار ہوکر علاقہ شور کوٹ میں اپنے رشتہ دار کی فاتحہ خوانی کے لئے جارہا تھا

کہ تھانہ یارک کی حدود پشہ پل یونس بلاک فیکٹری کے قریب سڑک کی ٹوٹ پھوٹ کے باعث ٹریفک جام کے دوران آگے موجود ٹرالر کےغیرتربیت یافتہ کنڈیکٹر نے موڑ کاٹنے کے لئے اچانک ٹرالر کو ریورس کیا جس کے نتیجے میں ٹرالر کے پیچھے کھڑے موٹرسائیکل کو پیچھے ہٹنے کا موقع نہیں ملا اور ٹرالر اس کے اوپر سے گزر گیا

جس سے موٹرسائیکل سوار گر کرٹرالر کے ویلوں کے نیچے آکر کچلا گیا اور وہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اس کی گھروالی بال بال بچ گئی ،ٹرالر کے ڈرائیور نے وہاں سے بھاگ نکلنے کی کوشش کی لیکن لوگوں نے اسے قابو کر کے پولیس کے حوالے کردیا

پولیس نے ٹرالر قبضہ میں لے کر کنڈیکٹر/ڈرائیور کے خلاف حادثے کا مقدمہ درج کرلیاتاہم متوفی کے لواحقین نے حکومت کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے این ایچ اے کے خلاف بھی مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیاہے ،

یادرہے چند ماہ قبل اسی مقام ڈیرہ بنوں روڈ پر ٹریفک کے انتہائی المناک حادثے میں ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ کے ڈاکٹر نسیم کنڈی ،والدہ ،اہلیہ ،دوبچوں اور ایک بہن سمیت ایک ہی خاندان کے چھ افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ان کی جوانسال ایک بہن شدید زخمی ہوگئی تھی۔
٭٭٭
امتناع منشیات کے نئے منظور شدہ ایکٹ کے تحت دائر مقدمہ کا پہلا انتہائی اہم فیصلہ سامنا آگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبر پختونخوا حکومت کی جانب امتناع منشیات کے نئے منظور شدہ ایکٹ کے تحت دائر مقدمہ کا پہلا انتہائی اہم فیصلہ سامنا آگیا ،

پشاور ہائی کورٹ ڈیرہ بینچ نے ڈیرہ ،ٹانک ،لکی مروت اور بنوں کے علاقے میں امتناع منشیات کے نئے قانون کے تحت لاکھوں روپے مالیت کے ساڑھے پانچ کلو گرام چرس برآمد ہونے کے پہلے اہم مقدمہ میں گرفتار ملزم کی پہلی رٹ پٹیشن منظور کرتے ہوئے اسے دولاکھ روپے دونفری ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کردیا

۔ملزم کی جانب سے سلیم خان مروت ایڈووکیٹ اور سلیم شہزاد ایڈووکیٹ نے خیبر پختونخوا امتناع منشیات کے پہلے مقدمہ میں پہلی رٹ پٹیشن کی پیروی کی ۔پولیس ذرائع کے مطابق ٹانک سٹی پولیس نے ٹانک بازار میں کاروائی کے دوران ملزم دلاور خان بیٹنی سکنہ ٹانک کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی ساڑھے پانچ کلو گرام چرس برآمد کرلی ،پولیس نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے منظور شدہ امتناع منشیات کے نئے ایکٹ کے تحت جرم زیر دفعہ 9DKPK CNSA کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

ملزم نے عدالت عالیہ ڈیرہ میں رٹ پٹیشن دائر کی جس پر فاضل عدالت نے بحث سننے کے بعد ملزم کی رٹ پٹیشن منظور کرتے ہوئے اسے دو لاکھ روپے دونفری ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔یاد رہے مذکورہ نئے منشیات ایکٹ کے خلاف ڈیرہ سمیت صوبے بھر کے وکلاءکا احتجاج ، ہڑتال اور عدالتوں کا بائیکاٹ بھی جاری ہے۔
٭٭٭
مسلح شخص نے بیس سالہ نوجوان پر بارہ بور بندوق فائرنگ کرکے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کلاچی کے گاﺅں گرہ شہباز کے علاقہ ٹھہڑی میں قتل مقاتلہ کی دشمنی پر مسلح شخص نے بیس سالہ نوجوان پر بارہ بور بندوق فائرنگ کرکے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا ،ملزم ارتکاب جرم کے بعد فرارہونے میں کامیاب ،مقتول کے بھائی کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیاگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کلاچی کی حدود میں واقع علاقہ ٹھہری کے قریب اراضی میں کام کے دوران مسلح ملزم نے بیس سالہ نوجوان عجب خان ولد نور محمدموچی سکنہ گرہ شہباز ٹھہری پر 12بور بندوق سے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا ،ملزم ارتکا ب جرم کے بعد وہاں سے فرار ہوگیا ۔

مقتول کے بھائی نے پولیس کو بتایا کہ میں اپنے ماموں ربستان کے ساتھ اراضی میں کام کررہا تھا جبکہ بھائی عجب نور بھی ہمارے سے کچھ فاضلے پر اراضی میں کام کررہاتھا کہ اس دوران ملزم محمد ولد خیر محمد قوم موچی سکنہ گرہ شہباز ٹھٹری وہاں مسلح بہ بندوق بارہ بورآیا اور بھائی پر فائرنگ کرکے اسے قتل کردیاہے۔

وجہ عداوت قتل مقاتلہ کی سابقہ دشمنی بتائی گئی، کلاچی پولیس نے مقتول نوجوان کے بھائی فتح خان کی رپورٹ پر ملزم محمد کیخلاف قتل کی دفعہ 302 ت پ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
٭٭٭٭٭٭
کہانی میں ٹوئسٹ ، متاثرہ نوجوان کا مخالف کے گھر پر دھاوا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کہانی میں ٹوئسٹ نیا آگیا،تھانہ سٹی کی حدود اسلامیہ سکول گراﺅنڈ میں بیس سالہ نوجوان کو چھت سے نیچے پھینک کر اسے برہنہ کرکے تشدد کانشانہ کے واقعہ کے بعد متاثرہ نوجوان نے بھی ساتھوں کے ہمراہ انتقاماًمخالف فریق کے گھر پر دھاوابول دیا ،

ڈرانے دھمکانے کے لئے فائرنگ اور پتھراﺅ کرنے کے الزام میں نوجوان سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔

پولیس ذرائع کے مطا بق ڈیرہ کے نواحی علاقہ طارق آباد کی رہائشی خاتون بلقیس بی بی زوجہ ابوالحسن راجپوت نے تھانہ کینٹ میں رپورٹ درج کرائی ہے

کہ میں اپنے گھر میں موجود تھی کہ علی الصبح گھر کے دوازے پر فائرنگ اور اینٹوں سے پتھراﺅ کی آواز سن کر جب دروازے پر گئی اور دروازے کی اوٹ سے دیکھا تو باہر ملزمان ندیم احمد ، محمد ارشد، سنی اور سمیع موجود تھے۔

جن میں سے ملزم ندیم احمد اونچی آواز میں کہہ رہا تھا کہ اپنی بیٹی کو باہر نکالوں جسے وہ اپنے ساتھ لے جانے آیا ہے۔ مدعیہ خاتون بلقیس بی بی نے الزام عائد کیا کہ ملزم احمد ندیم سے ان کا رشتے کا تنازعہ ہے، ملزم احمد ندیم نے دو روز قبل اپنے اوپر تشدد کرانے کا جھوٹا مقدمہ ہم پر درج کرایا ۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل اسلامیہ سکول گراﺅنڈ میں رشتے کے تنازعہ پر نوجوان کو چھت سے نیچے پھینکا گیا اور اسے مبینہ برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ پولیس نے خاتون کی رپورٹ پر چارافراد کے خلاف مقدمہ جرم زیر دفعات 506-148-149ppc درج کرلیاہے۔
٭٭٭
گھر میں گھس کر نوجوان اور اس کی والدہ کو زدو کوب کرکے زخمی پر مقدمہ درج

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) لین دین کے تنازعہ پر مخالف کے گھر میں گھس کر نوجوان اور اس کی والدہ کو زدو کوب کرکے زخمی کرنے کے الزام میں چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود درابن چونگی کے رہائشی فیاض محمد کنڈی کے مخالفین نے اس کے گھر میں داخل ہوکر اسے اور اس کی بوڑھی والدہ کو تشدد کا نشانہ کر زخمی کیا،

پولیس نے تفتیش مکمل ہونے پر ملزمان فرمان اللہ، رضوان، اتمار اور جواد سکنائے دین پور کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ۔
٭٭٭
: پی ٹی ایم جلسے کی منصوبہ بندی کرنے پر 17 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) گومل یونیورسٹی پولیس نے پی ٹی ایم کے بنوں میں ہونے والے جلسے کی منصوبہ بندی کرنے والے 17کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق گومل یونیورسٹی پولیس نے فتح موڑ کے قریب گل کچھ مارکیٹ میں پی ٹی ایم کے بنوں میں ہونے والے جلسے کی منصوبہ بندی کرنے پر منظور احمد، عالمزیب، فدا محمد، مصطفی اور دلبر سمیت 17کارکنان کیخلاف188پی پی سی کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
٭٭٭
نامعلوم مسلح ملزمان نے آدھی رات کو مکان کے گیٹ پر اندھا دھند فائرنگ کردی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تھانہ ٹاﺅن کی حدود میںظفرآباد کالونی میں نامعلوم مسلح ملزمان نے شہری کے مکان کے گیٹ پر آدھی رات کو فائرنگ کردی ،فائرنگ سے مکان کے مین گیٹ ،بیٹھک کے دروازے ، مکان میں موجود سوزوکی کیری اور گیزر کو نقصان پہنچا ،

پولیس نے شہری کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ڈیرہ ٹاﺅن کی حدود ظفر آباد کالونی میں نامعلوم مسلح افراد نے شب ایک بجے کے قریب فرمان اللہ محسود ولد عصمت اللہ کے مکان پر اندھا فائرنگ شروع کردی

جس سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم مکان کے مین گیٹ بیٹھک کے دروازے ،مکان میںموجود سوزوکی کیری اور گیزرکو شدید نقصان پہنچا۔

پولیس نے فرمان اللہ کی رپورٹ پر نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ متاثرہ شہری کے مطابق ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔
٭٭٭
ڈیرہ سپورٹس فیسٹیول کی تیاریاں مکمل

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پاک فوج کے زیر اہتمام ہونے والے 2020ڈیرہ سپورٹس فیسٹیول کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ، 12جنوری2020ءکو صبح ساڑھے 9بجے بیساکھی سٹیڈیم میں شروع ہونیوالے فیسٹیول کے مہمان خصوصی کمشنر ڈیرہ محمد جاوید مروت جبکہ فیسٹیول کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی آئی جی ایف سی (ساﺅتھ) ہونگے۔

فیسٹیول میں کامیاب کھلاڑیوں اور ٹیموں کی حوصلہ افزائی کیلئے بیش بہا نقد انعامات، ٹرافیاں اور میڈلز رکھے گئے ہیں۔اس خوبصورت فیسٹیول کے مقابلے بیک وقت بیساکھی فٹبال سٹیڈیم، رتہ کلاچی سٹیڈیم اور حقنواز پارک میں منعقد ہونگے۔

ان مقابلوں میں ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے کے علاوہ ٹانک، بھکر اور میانوالی کی 76ٹیموں حصہ لے رہی ہیں۔ پاک فوج کے زیر اہتمام اور ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سپورٹس ڈیرہ کے تعاون سے ہونے والے اس فیسٹیول کیلئے کھیلوں سے منسلک حلقوں میں کافی جوش و خروش پایا جارہا ہے

اور ان حلقوں کی جانب سے اس قسم کے فیسٹیول کے انعقاد کو کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے خوش آئند قرار دیا گیا ہے

اور دہشتگردی کے منفی اثرات سے متاثرہ ڈیرہ اسماعیل خان میں تحصیل سطح پر ان مقابلوں کا انعقاد کیا جائے تاکہ دور دراز علاقوں کے کھلاڑیوں کو بھی اپنی صلاحتیں نکھارنے کے مواقع میسر آسکیں۔
٭٭٭
درازندہ پولیس افسران میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈی پی او ڈیرہ کی جانب سے بہترین کارکردگی پردرازندہ پولیس افسران میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں ۔ا س سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس دفتر ڈیرہ میں تقریب کاانعقاد کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن(ر)واحد محمود نے کہا ہے کہ درپیش چیلنجز کا مردانہ وار مقابلہ کرنے والے پولیس جوانوں کی کارکردگی سے پوری فورس کا وقار بلند ہوتا ہے۔انسداد جرائم، استحکام امن ،تحفظ عامہ، قانون و انصاف اور میرٹ کی بالا دستی مطمع نظر ہو تو پوری پولیسنگ کے مطلوبہ ا حداف حاصل کیے جا سکتے ہیں ۔

جان ہتھیلی پر رکھ کر پیشہ وارانہ فرائض میں رول ماڈل کا کردار ادا کرنے والے پولیس افسران اور جوانان کی حوصلہ افزائی میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔

ڈی پی او ڈیرہ نے واضح کر دیا ہے کہ قانون و انصاف اورمیرٹ کی بالا دستی سے قطع نظر کوئی بھی عمل قابل قبول نہیں

لہٰذاپولیس افسران خوف خدا کو دل میں رکھتے ہوئے تمام معاشرتی تضاد ات اور وابستگیوں سے با لا تر اپنے پیشہ وارانہ فرائض عین عوامی تعلقات کے مطابق اد ا کریں۔

بہترین کارکردگی کی بنیاد پر نقد انعام اور اسناد پانے والے پولیس افسران میں سب انسپکٹر رحمت اللہ اورسب انسپکٹر فواد خان شامل ہیں۔
٭٭٭
ڈی آر سی اور پی ایل سی کا دائرہ کار نئے ضم شدہ قبائلی سب ڈویژن درازندہ تک بڑھا دیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)صوبے بھر میں قائم تنازعات کے حل اور علاقے میں امن و امان قیام کے لیے ڈی آر سی اور پی ایل سی کا دائرہ کار نئے ضم شدہ قبائلی سب ڈویژن درازندہ تک بڑھا دیا ہے اور مختلف اقوام کے عمائدین پر مشتمل 21رکنی ڈی آر سی اور36رکنی پی ایل سی پینل تشکیل دے کر اس حوالے سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔

ڈی آر سی درازندہ پینل کی تشکیل کے حوالے سے ایڈیشنل ایس پی نجم الحسنین کا کہنا ہے کہ ڈی آر سی پختون روایات کی جرگہ نظام کا نعم البدل ہے جو پولیس اصلاحات کے تحت عوامی فلاح اور دلچسپی کے امور کو دیکھتے ہوئے فوری اور مفت انصاف کی فراہمی کی غرض سے معرض وجود میں لائی گئی ہے۔

ایڈیشنل ایس پی نے کہا کہ تنازعات کے حل کونسل کو مکمل قانونی حیثیت حاصل ہے اور ڈی آر سی کے فیصلوں کو عدالتوں میں بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ تنازعات کے حل کونسل ڈی آر سی کے مسلمہ کردار کی بدولت بشری حقوق اور فوری انصاف کی فراہمی کے مطلوبہ احداف حاصل کیے جار ہے ہیں ۔

ڈی آر سی کی میرٹ اور انصاف پر مبنی فیصلوں کے سبب لوگوں کے تنازعات باہمی رضامندی سے حل ہو رہے ہیں۔ جبکہ تھانوں اور عدالتوں پر مقدمات کو بوج بتدریج کم ہو تا جا رہاہے۔

ڈیرہ ڈی آرسی نے صوبہ بھر کے تنازعات کے حل کونسل کے مقابلے میں ریکارڈ فیصلے کرکے زر ، زن اور زمین کے سینکڑوں تنازعات فریقین کی باہمی رضا مندی سے ریکارڈ وقت میں حل کیے ہیں۔

انہوں نے ڈی آر سی ممبران کو یقین دلایا کہ فریقین کے مابین کسی بھی چھوٹے یا بڑے تنازعہ کو حل کرنے میں پولیس اپنا پیشہ وارانہ کردار بھرپور انداز میں ادا کرے گی اور اس سلسلہ میں کوئی دقیقہ فروغ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔
٭٭٭
بالمیکی قبرستان کی بیش قیمت اراضی کا قبضہ واگزار کرانے پر خراج تحسین پیش

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پاکستان ہندو رائٹس موومنٹ کے مرکزی رہنما ہارون سرب دیال نے ڈیرہ اسماعیل خان میں بالمیکی قبرستان کی بیش قیمت اراضی کے جعلی انتقالات منسوخ کرنے اور قبضہ واگزار کرانے پر ڈائریکٹر چانٹی کرپشن عثمان زمان اور ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیاہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ہندو برادری کے دیرینہ مطالبہ پر اس وقت کے ایم پی اے فنڈز سے ہندو برادری کے بالمیکی قبرستان کیلئے چھ کنال اراضی خرید کی گئی تھی اور اس پر سرکاری اخراجات سے چار دیواری تعمیر کرکے اس پر گیٹ نصب کیاگیا تھا۔مگر بدقسمتی سے ڈیرہ اسماعیل خان میں سرگرم قبضہ مافیا نے محکمہ مال کے عملہ کی ملی بھگت سے بالمیکی قبرستان کی بیش قیمت اراضی جعلسازی سے فروخت کرڈالی۔

کرپشن کیخلاف سرگرم محمد اصغر چوہدری نامی شہری کی جانب سے ڈائریکٹر انٹی کرپشن کو دی گئی درخواست پر نہایت عرق ریزی سے تحقیقات مکمل کی گئیں اورجعلسازی ثابت ہونے پر حسب ضابطہ ایف آئی آر درج کی گئی جس میں محکمہ مال کے ملوث تحصیلدار نذیر احمد اور پٹواری اللہ نواز کو گرفتار کرلیاگیا

جبکہ گرداور سرکل فضل فوت ہوچکاتھا۔دیگر سویلین افراد کے تعین کیلئے تحقیقات جاری ہیں اور امید ہے کہ اس نیٹ ورم میں شامل دیگر افراد بھی بے نقاب ہونگے۔

ہارون سرب دیال نے بالمیکی قبرستان کے انتقالات منسوخ کرنے اورقبضہ واگذار کرانے پر ڈائریکٹر انٹی کرپشن عثمان زمان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالحئی خان بابڑ، سرکل آفیسر صدیق اللہ خان ، ڈپٹی کمشنر محمد عمیر، اسسٹنٹ کمشنر محسن صلاح الدین،

تحصیلدار شیر بہادراور عملہ مال قانونگو جمیل شاہ و پٹواری محمد اسلم سمیت دیگر اہلکاروں کوبھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انٹی کرپشن حکام اور درخواست گذار محمد اصغر چوہدری کو تعریفی سند و انعام دینے کا پرزورمطالبہ کیاہے۔
٭٭٭
میونسپل کمیٹی ڈیرہ کی مبینہ ملی بھگت سے رہائشی علاقے کمرشل سرگرمیوں کے مراکز میں تبدیل

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)میونسپل کمیٹی ڈیرہ کی مبینہ ملی بھگت سے رہائشی علاقے کمرشل سرگرمیوں کے مراکز میں تبدیل،میونسپل کمیٹی کے شعبہ بلڈنگ کی مبینہ ملی بھگت سے گنجان آباد رہائشی علاقے غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کے مراکز میں تبدیل ،

میونسپل کمیٹی کے شعبہ پلاننگ اور شعبہ بلڈنگ کے انسپکٹروں کی ملی بھگت سے رہائشی علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں جاری ،میونسپل کمیٹی کو ماہانہ لاکھوں ،کروڑوں روپے کا نقصان ،شہریوں کا ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے نوٹس لینے کامطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی کے شعبہ بلڈنگ کے ذمہ داران کی ملی بھگت سے اندرون شہر کے گنجان آباد رہائشی علاقوں میں منی فیکٹریاں ،گودام ،منی مارکیٹیں آبادیوں کے لئے سیکورٹی رسک اور ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کا سبب بننے لگیں ،اندرون شہر کے گلی محلوں سمیت گنجان آباد علاقوں میں

فرنیچر ز ،ویلڈنگز ،گیس ریفلنگ ،بیوٹی بارلرز ،سکولز ،ہسپتالوں سمیت دیگر کاروبار کرنےوالے درجنوں اقسام کی کمرشل سرگرمیاں کھلے عام رہائشی علاقوں میں جاری ہیں ،

مالکان نے بظاہر مکانوں کو کمرشل سرگرمیوںکے لئے بھاری کرایوں کے عوض کرائے پر دے رکھا ہے جس کے باعث رہائشی علاقوں اور گلیوں میں شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کا گھروں سے نکلنا محال ہوچکا ہے ۔

بیشتر مقامات پر سلنڈر کی ریفلنگ ،پرائیویٹ ہسپتال ،بیوٹی پارلرز ،آرا مشین ،ویلڈنگ ،فرنیچرز بنانے سمیت ایسے کاروبار سے منسلک افراد نے رہائشی علاقوں کے اندر کاروباری سرگرمیاں شروع کررکھی ہیں

جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کے سروں پر بھی خوف کے سائے منڈلاتے رہتے ہیں اور میونسپل کمیٹی کے شعبہ پلاننگ اینڈ بلڈنگز کو بھی ماہانہ لاکھوں ،کروڑوں کا خسارہ برداشت کرنا پڑرہا ہے۔

شہریوں نے کمشنر ڈیرہ ،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اور تحصیل میونسپل آفیسر ڈیرہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔
٭٭٭
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو جواز بنا کر ڈیرہ میں مہنگائی کا نیا سونامی داخل

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو جواز بنا کر ڈیرہ میں مہنگائی کا نیا سونامی داخل ،شہری سراپا احتجاج،
پرائس کنٹرول مجسٹریٹوں اور مارکیٹ کمیٹی کی مبینہ ملی بھگت ،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو جواز بنا کر مہنگائی کا نیا سونامی داخل ،

پھلوں اور سبزیوں کی من مانی قیمتیں وصول کی جانے لگیں ،شہریوں کو شدید احتجاج ،انتظامیہ سب اچھا کا راگ آلاپنے لگی ،

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر سمیت ضلع بھر میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں تیس سے پچاس فیصد خود ساختہ اضافہ کرکے اشیاءضروریہ فروخت کی جارہی ہیں ۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ،ضلع انتظامیہ بند کمروں میں اجلاس اور فوٹو سیشن تک محدود ہوکر رہ گئی ،ضلعی انتظامیہ ،مارکیٹ کمیٹی اپنے ہی جاری کردہ نرخوں پر عمل درآمد کروانے میں بری طرح ناکام ہوگئی ،

گزشتہ روز مارکیٹ کمیٹی نے ٹماٹر کی قیمت 100 روپے سے 120 روپے فی کلو گرام مقرر کررکھی تھی جبکہ دکاندار 160 سے 180 روپے فی کلو فروخت کرتے رہے ،

گاجر30 روپے کی بجائے50 روپے فی کلو گرام چائنہ لہسن 250سور روپے فی کلو کی بجائے320 روپے فی کلو ،لیموں 45 کی بجائے80 روپے فی کلو گرام فروخت ہوتا رہا ۔مٹر ا170 کی بجائے 210 روپے فی کلو ،

ادرک 220 روپے کی بجائے280ر وپے فی کلو ،گھیا کدو اسی روپے کی بجائے ایک سو دس روپے فی کلو گرام ،آلو 40 کی بجائے 60 روپے اور پیا ز 55 کی بجائے80 اور 90 روپے فی کلو گرام فروخت ہوتارہا ۔اس طرح دیگر تمام اقسام کی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بھی تیس سے پچاس فیصد اضافہ کردیاگیا ہے۔

شہریوں نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا ،کمشنر ڈیرہ ،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے مطالبہ کیاہے کہ اندرون شہر سمیت ضلع بھر میں بااثر دکانداروں نے حکومتی رٹ کو چیلنج کررکھا ہے ،مقررہ کردہ نرخوں سے کئی گنا اضافی پیسے وصول کیے جارہے ہیں ،

پرائیس کنٹرول مجسٹریٹس کوروانہ کی بنیاد پر گرانفروشوں کے خلاف کاروائیاں کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ ضلع بھر میں قائم ہونے والی خود ساختہ مہنگائی کا خاتمہ ہوسکے ۔
٭٭٭
خیبر پختونخوا میں پولیو کے 2 نئے کیسز سامنے آ گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) خیبر پختونخوا میں پولیو کے 2 نئے کیسز سامنے آ گئے ہیںجس کے بعد صوبے بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 91 ہوگئی۔

ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبرپختونخوا کے مطابق نئے کیسز لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے 2 سالہ بچے اور لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ کی 9 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ای او سی کے مطابق خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی تعداد 91 جبکہ ملک بھر میں تعداد 134 ہوگئی ہے۔ پنجاب ، خیبر پختونخوا اور سندھ سے ایک ہی دن میں 6 پولیو کیسز کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں ایک سال کے دوران پولیو کیسز کی تعداد 136 تک پہنچ گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں 24 ماہ کے بچے اور لکی مروت میں 9ماہ کی بچی میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ دونوں بچوں کے فضلے کے نمونے دسمبر 2019 میں لیبارٹری بھجوائے گئے تھے۔

پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر خیبر پختونخوا کے مطابق دونوں متاثرہ بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے گئے۔ نئے کیسزسے رواں سال صو بے میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد91 ہوگئی ہے۔دوسری جانب پنجاب کے علاقے ڈیرہ غازی خان سے دو اور سندھ کے ضلع جامشورو اور قمبر سے بھی ایک ایک پولیو کیس رپورٹ کیا گیا ہے۔

پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر خیبر پختونخوا کے مطابق ملک بھر میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد 134 ہوگئی ہے۔2019 کے دوران خیبر پختونخوا میں 91 سندھ میں 24، پنجاب 8 اور بلوچستان سے 11 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں
٭٭٭
اتوار اور پیر کے روز کالی گھٹاﺅں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ موسمیات نے آئندہ اتوار اور پیر کے روز کالی گھٹاﺅں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا مغربی ہواﺅں کا ایک نیا سپیل کل بروز ہفتہ کی رات ملک میں داخل ہوگا۔

جس سے سردی کی شدت میں ایک مرتبہ بھر اضافے کا امکان ہے۔ جبکہ گزشتہ روز ڈیرہ میں سورج نکلنے کے ساتھ ساتھ موسم خشک رہا اور شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں شام کے اوقات میں دھند پھیلنے کے امکان کابھی اظہار کیا ہے۔
٭٭٭
محکمہ زراعت نے گندم کی آبپاشی کا شیڈول جاری کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت نے گندم کی آبپاشی کا شیڈول جاری کردیا،ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ کپاس، مکئی اور کماد کے بعد گندم کو پہلا پانی شگوفے نکلتے وقت یعنی بوائی کے 20 تا 25 دن بعد لگائیں اور دھان کے بعد کاشتہ فصل کی 35 سے 45 دن بعد آبپاشی کریں

اور پچھتی کاشت کے بعد پہلا پانی بوائی کے 25 سے 30 دن بعد لگائیں۔کمزور زمین میں پہلے پانی کے ساتھ ایک بوری یوریا، اوسط زرخیز زمین میں پونی بوری یوریا جبکہ زرخیز زمین میں آدھی بوری یوریا فی ایکڑ ڈالیں۔

بارانی علاقوں میں جڑی بوٹیوں کی تلفی بذریعہ گوڈی کریں۔ آبپاش علاقوں میں چوڑے پتوں اور نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورے سے جڑی بوٹی مار زہروں کا سپرے کریں۔
٭٭٭
ڈیڑھ اور اڑھائی سالہ بی ایڈ پروگرامز کی ورکشاپس کا شیڈول جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2019ءکے ڈیڑھ اور اڑھائی سالہ بی ایڈ پروگرامز کی ورکشاپس کا شیڈول جاری کر دیا ہے،

یہ ورکشاپس 20 جنوری سے شروع ہوں گی اور 21 اپریل تک جاری رہیں گی۔ یاد رہے کہ ماضی میں ہر کورس کی ورکشاپ 2 دن ہوا کرتی تھی جو کہ اب 3 دن ہوا کرے گی۔

تمام طلباء و طالبات کو ورکشاپس میں شرکت کے خطوط ارسال کر دیئے گئے ہیں جس امیدوار کو ابھی تک یونیورسٹی کی جانب سے ارسال کردہ خط نہیں ملا ہو ، انہیں یونیورسٹی کے قریب ترین ریجنل آفس سے فوری طور پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈائریکٹر ریجنل سروسز کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیائالقیوم کی ہدایات کی روشنی میںایجوکیشنل امور کی تنظیم اور کیلنڈر کے مطابق تدریسی امور کی تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے بی ایڈ ورکشاپس پہلی بار ملک بھر میں ایک ساتھ شروع ہوں گی

۔قبل ازیں ورکشاپس کیلئے ہر ریجن کا شیڈول الگ ہوتا تھا جس کی وجہ سے نتائج مرتب کرنے میں تاخیر ہوتی تھی اور طلباء کی لاتعداد شکایات موصول ہوتی تھیں۔

ڈائریکٹر ریجنل سروسز کا کہنا ہے کہ تدریسی ورکشاپس منعقد کرانے کے ایک شیڈول سے جلد امور منظم ہونے کے ساتھ نتائج بروقت مرتب ہوں گے اور طلباءکی شکایات کا خاتمہ ممکن ہو گا۔
٭٭٭٭٭

About The Author