اہلکارفرائض کی ادائیگی میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں ،رحمت اللہ خان مروت
ڈیرہ اسماعیل خان :اسسٹنٹ ڈائریکٹرلوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی ضلع ڈیرہ رحمت اللہ خان مروت نے کہا کہ تمام علاقوں کی سیکرٹریز ،دیہات کونسلز ،محلہ کونسلزلوکل گورنمنٹ ایکٹ ،رولز اور پالیسی کے تحت فرائض کی ادائیگی میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں ،
پیدائش ،اموات ،نکاح وطلاق ،خلع سرٹیفکیٹ کی فراہمی کے لئے سرکاری فیس کے مطابق فیس وصول کی جائے زائد فیس وصول کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
وہ گزشتہ روز اپنے دفتر میں اپنے سٹاف کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔انہوںنے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان قدیم تاریخی شہر ہے مگر اس کی تعمیر وترقی میں احساس ذمہ داری سے پہلوتہی کی گئی ہے جس سے پسماندگی اور معاشی بحران کا گراف کم نہیں ہوسکا ۔
انہوں نے کہا کہ تمام شعبہ جات اور تعمیراتی ادارے دستیاب وسائل کے مطابق اجتماعی مفادات کے حامل منصوبوں اور فلاحی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر وقت مقررہ کے اندر معیار کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچائیں ۔
انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ بلدیات کی طرف سے غیر معیاری کام اور ناقص میڑیل کے کاموں کی روک تھام کے لئے نگران ٹیکنیکل سٹاف موجود ہے جو کہ ان کاموں کی نگرانی کرے گا ،
ٹھیکیدار سے معاہدے کے مطابق معیاری کام مکمل کرکے اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گاتاکہ عوام معیاری منصوبوں کی افادیت سے مستفید ہوسکیں ۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب مل کرڈیرہ شہر کے دیہی او ر شہری کونسلز کوترقی یافتہ علاقوں کی صف میں شامل کرکے اس شہر کو مثالی نمونہ کے طور پر پیش کریں گے ۔
٭٭٭
اسلحہ کی نوک پر دکاندار سے 15 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تھانہ کینٹ کی حدود برکت آ باد میں مسلح ڈکیتی کی واردات ،اسلحہ کی نوک پر دکاندار سے 15 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے ،
ڈاکو ارتکاب جرم کے بعد موٹرسائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ،متاثرہ دکاندار کی رپورٹ پر تین نامعلوم ملزمان کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کرلیاگیا۔
ضمیر آباد ڈیرہ کے رہائشی احسان اللہ ولد عبداللہ قوم لنگراہ نے تھانہ کینٹ میں رپورٹ درج کرائی کہ وقوعہ کی شام پونے سات بجے پرانی سبزی منڈی میں واقع اپنی کریانہ کی دکان بند کرکے کار پر گھر جانے کے لئے روانہ ہوا ۔
علاقہ برکت آباد کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوار نے کا ر کے پیچھے سے موٹرسائیکل ٹکرایا جس کے باعث میں نے کار کو سڑک کے کنارے روک لیا ۔
اس دوران موٹرسائیکل پر دوسوار دو نامعلوم مسلح ملزمان وہاں آگئے اور اسلحہ تان کر میرے پاس پیکٹ میں موجود تیرہ ، پندرہ لاکھ روپے زبردستی چھین لیے اور وہ تینوں وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،
پولیس نے دکاندار کی رپورٹ پر تین نامعلوم ملزمان کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
پولیس نے کتوں ،خنزیر اور مرغوں کی لڑائی پر جوائے کی محفلیں الٹ دیں
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) پولیس نے کتوں ،خنزیر اور مرغوں کی لڑائی پر جوائے کی محفلیں الٹ دیں ،
کڑی خیسور پولیس نے علاقہ پھلاڑی میں کتوں اورخنزیر کے درمیان لڑائی جبکہ علاقہ خانو خیل میں مرغوں کی لڑائی پر جواءکھیلنے کی اطلاع پر چھاپہ مار کر وہاں سے28 جواریوں کو موقع گرفتارکرلیا،22
افراد وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،پولیس نے دونوں مقامات سے گرفتار ملزمان کے قبضہ سے بھاری نقدی ،موٹرسائیکل ،کار ،فلائنگ کوچ ،سوزوکی پک اپ ، کتے ،خنزیر اور مرغ برآمد کرکے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے ہیں ۔
پولیس ذرائع کے مطابق کڑی خیسور پولیس نے علاقہ پھلاڑی کے قریب کتوں اور خنزیر کے درمیان لڑائی میں جواءکھیلنےکی اطلاع ملنے پر وہاں چھاپہ مار ا ، پولیس نے چھاپہ زنی کے دوران وہاں سے ملزمان
اللہ نواز عرف بگا ولد عبدالرحمٰن سکنہ رانجو خیل،عبدالستار ولد صوبیدار سکنہ ڈیال ،آصف ولد شبیر حسین سکنہ دریا خان ،ندیم حسین ولد محمد عظیم سمیت 26 ملزمان کو موقع سے گرفتار کرلیا
جبکہ دیگر چھ افرار وہاں سے فرارہونے میں کامیاب ہوگئے ۔پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے بھاری نقدی ،تین عد د کتے ،ایک عدد خنزیر کا بچہ ،پانچ عدد موٹرسائیکل ،ایک کار ،ایک فلائنگ کوچ ،
ایک سوزوکی پک اپ برآمد کرلی ،
پولیس نے علاقہ خانوخیل میں دوسری کاروائی کے دوران مرغوں کی لڑائی پر جوئے کی محفل پر چھاپہ مارا اور وہاں سے ملزمان دل جان اور محمد حنیف دو افراد کو موقع سے گرفتارکرلیا ،
پولیس نے ملزمان کے قبضہس ے ایک مرغ اور نقدی برآمد کرلی جبکہ دیگر سولہ افراد وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،پولیس نے دونوں واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرلیے ہیں ۔
٭٭٭
خلاف قانون مجمع کو منتشر کرنے کے سلسلے میں تربیتی مشقوں کا انعقاد
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن (ر) واحد محمود نے کہا ہے کہ درپیش چیلنچز سے بہتر طور پر نبرآزما پولیس فورس امن کی ضامن بن گئی ہے۔
زمانہ امن میں منعقد ہونے والے تربیتی مشقیں ہی عملی میدان میں ریاست کی رٹ قائم رکھنے والی فورسسز کی بلا امتیاز نقصان کامیابی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ۔
وہ پولیس لائن ڈیرہ میں مجمع خلاف قانون کو منتشر کرنے کے سلسلے میں منعقدہ تربیتی مشقوں کی فارمیشن کا جائزہ لینے کے موقع پر پولیس افسران و جوانان سے خطاب کر رہے تھے ۔
ڈی پی او ڈیرہ نے پولیس لائن ڈیر ہ میں منعقدہ تربیتی مشقوں میں پولیس جوانوں کی طرف سے پیش کردہ عملی مظاہرہ کا جائزہ لیتے ہوئے ان تربیتی مشقوں کے اغراض و مقاصد کے حوالے سے بتایا
کہ زمانہ امن میں منعقد ہونے والے مشقیں ہی عملی میدان میں ریاست کی رٹ قائم رکھنے والی فورسز کی بلا نقصان کامیابی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ امن و امان کے قیام اور عوام الناس کی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری صرف پولیس کی ہے۔ جس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور حکومتی رٹ چیلنچ کرنے والوں کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ڈی پی او ڈیرہ نے پولیس کی تربیتی مشقوں میں شریک پولیس اہلکاروں کو خود مختلف فارمیشن سیکھائے اور تربیتی مشقوں کے خلاف پر تشدد احتجاجی مظاہروں کو منتشر کرنے کی عملی کاروائی کے حوالے سے پولیس جوانوں کو مختلف ڈرل بھی کرائی ۔
تربیتی مشق کے دوران پولیس جوانوں کو عملی طور پر سیکھایا گیا کہ کس قسم کی حکمت عملی سے فورس کا کم سے کم استعمال کرکے مجمع خلاف قانون کو منتشر کرنے کی ترکیب نکالی جائے ۔
مشقوں کے دوران پولیس جوانوں کو مزاحمت کرنے والے افراد کے ساتھ بھرپور طریقہ سے نمٹنے کے لیے ان کے خلاف طاقت کے استعمال
اور ان کی گرفتاری عمل میں لانے کے علاوہ پولیس کے ساتھ مذاحمت کے دوران زخمی ہونے والے افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے
اور مزاحمت کاروں کے حملے سے خود کو محفوظ رکھنے موثر احتیاطی تدابیر بھی سکھائے گئے ۔
٭٭٭
شہری کی جیب کاٹنے کی کوشش ناکام
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)شہری کی جیب کاٹنے کی کوشش ناکام ،شور شرابے پر جیب کتروں کو قابو کرکے پولیس کے حوالے کردیاگیا ،ملزمان کے قبضہ سے نقدی برآمد کرلی گئی ،
پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کو حوالات میں بند کردیا ۔مدینہ کالونی ڈیرہ کے رہائشی آفتاب ولد اللہ وسایا نے پولیس کو بتایا کہ وہ چنگ چی میں سوار ہوکر بنوں اڈہ سے پروآ اڈہ کی جانب روانہ تھا
کہ اس دوران میرے ساتھ موجود دو افراد نے میری جیب سے پندرہ سوروپے نکال کیے ۔سٹاپ پر پہنچ کر جب کرایہ دینے کے لئے جیب میں ہاتھ ڈالا تو جیب خالی پائی شک گزرنے پر چنگ چی میں سوار دو افراد کو پکڑا
تو لوگوں کی مدد سے انہیں قابو کرکے وہاں موجود پولیس کے حوالے کیاگیا ،ملزمان کے تلاشی کے دوران اس کی جیب سے نکالے گئے پندرہ سو روپے برآمد کرلیے گئے ۔
ملزمان نے پولیس کو اپنے نام منیر ولد منظور شاہ سکنہ ہمت اور محمد انور خان ولد سید رسول سکنہ شورکوٹ بتائے ،پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرکے انہیں حوالات میں بند کردیاہے۔
٭٭٭
پولیس نے خطرناک قاتل پکڑلیے
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ پولیس نے جماعت اسلامی پروآ کے سابق مقامی امیر ملک ثناءاللہ تریلی کے 17 سالہ بھائی انعام اللہ تریلی کے ساتھی سمیت قتل میں ملوث مبینہ قاتلوں کو ٹریس کرکے انہیں گرفتار کرلیا،
ملزمان کے قبضے سے مقتول انعام اللہ کی کتابیں اور واردات میں استعمال ہونیوالاموٹر سائیکل بھی برآمد کرلیاگیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 2اکتوبر2019کو جماعت اسلامی پروآ کے سابق مقامی امیر ثناءاللہ تریلی ولد ملک بہاول سکنہ پہوڑ نے
تھانہ یونیورسٹی میں اپنے17سالہ بھائی فسٹ ائیر کے طالب علم انعام اللہ کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی کہ ان کا بھائی صبح کالج گیا لیکن پھر چھٹی کے بعد وآپس گھر نہیں آیا،
مستغیث کے مطابق اس کا بھائی لنڈہ اڈہ سے محمد ارشاد ولد شاہ نواز سکنہ پہوڑ کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار ہوکر گھر آتے دیکھا گیا تاہم بعد ازاں اس کی فائرنگ سے قتل شدہ نعش نالہ پانی چشتی میں پائی گئی ،
یونیورسٹی پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر483 مورخہ02.10.2019 جرم زیر دفعہ 302 ت پ درج کرلیا ۔ تاہم مقدمہ درج ہونے کے اگلے روز اس کے دوسرے ساتھی محمد ارشاد ولد شاہ نواز سکنہ پہوڑ کی بھی اسی علاقہ سے قتل شدہ نعش مل گئی۔
دوہرے اندھے قتل کیس کا سراغ لگانے کیلئے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے دوہرے اندھے قتل کیس میں ملوث ملزمان شرافت علی ولد محمد رمضان سکنہ روڈہ اور خضر حیات ولد اللہ وسایا سکنہ روڈہ کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا۔
دوران تفتیش گرفتار ملزم شرافت علی سے موقع کی نشاندہی کراتے ہوئے وقوعہ میں استعمال ہونی والی موٹر سائیکل اور مقتول انعام اللہ کی کتابیں بھی برآمد کرلی گئیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
٭٭٭
ریسکیو 1122کی سالانہ کارکردگی رپورٹ
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ریسکیو 1122ڈیرہ اسماعیل خان نے 2019کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ۔
خیبر پختونخواایمرجنسی ریسکیوسروس1122ڈسٹرکٹ ڈیرہ اسماعیل خان نے گزشتہ سال کے دوران مختلف ہنگامی صورتحال کے دوران عو ام کو بروقت اور فوری سہولیات فراہم کیں۔
ریسکیو 1122کے ترجمان اعزاز محمود کی جانب سے جاری کردہ سالانہ رپورٹ کے مطابق ریسکیو 1122ڈیرہ کے اہلکاروں نے گزشتہ سال کے دوران 3405 سے زائد مختلف واقعات پر بروقت اور بہترین سہولیا ت فراہم کیں
اور زخمیوں کو جائے حادثہ پر ہی طبی امداد فراہم کی جبکہ کئی زخمیوں کو ابتدا ئی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا ۔ 1107ٹریفک حا د ثا ت جبکہ 137آگ لگنے ،1871میڈیکل ایمر جنسیز ، ڈوبنے کے14،
عمارت گرنے کے 2لڑائی جھگڑے کے 71ریکوری کے 198اور 5بم اور دھماکوں کے واقعات رونما ہو ئے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کاشف سلام نے بتایا کہ ریسکیو 1122کے اہلکاروں نے تقریباً 4008زخمیوں اور بیماروں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے قریبی ہسپتال منتقل کیا جبکہ اس دوران 209افراد جاں بحق ہوئے ۔
ریسکیو 1122 نے ٹریفک کے ہجو م کے با وجود اوسط ٹا ئم6.3منٹ میں عوام کو سہولیات فراہم کیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفسر کاشف سلام نے بتایا کے ریسکیو 1122کے خدمات بلا کسی تفریق کے فراہم کی جا رہی ہیں
کیونکہ عوام کے جان ومال کا تحفظ ہم پر فرض ہے اس لیے کسی بھی قسم کی کو تاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
٭٭٭
گاڑیوں سے بھتہ وصول کرنے والے دو نوسر باز پولیس کے ہتھے چڑھ گئے
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ٹی ایم اے کے نام پر دھوکہ دہی اور فراڈ کے ذریعے گاڑیوں سے بھتہ وصول کرنے والے دو نوسر باز پولیس کے ہتھے چڑھ گئے ،نقدی اور جعلی رسیدیں برآمد ،
گرفتار ملزمان کے ساتھیوں سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ، کینٹ پولیس نے اطلاع پر کاروائی کے دوران دین پور کے قریب دو افراد کو گرفتار کرلیا
جوکہ دھوکہ دہی اور فراڈ کے قریب ٹی ایم اے ڈیرہ کے نام پر گاڑیوں سے بھتہ وصول کررہے تھے ۔ گرفتار ملزمان نے اپنے نام محمد آصف ولد سید کلام محسود سکنہ حال دین پور اور محمد عمران ولد قیضار خان گنڈہ پور بتائے ،
ملزمان نے پولیس بتایا کہ وہ ٹھیکیدار ساغر عباس بنوچی اور منیجر ثاقب کے کہنے پر گاڑیوں سے رقم وصول کررہے ہیںاور وصول شدہ رقم انہیں کو دے دیتے ہیں ۔
پولیس نے ان کے قبضہ سے ٹی ایم اے کی بغیر تصدیق شدہ18رسیدیں ، ہزاروں روپے کی رقم بھی برآمد کرلی۔ پولیس نے چاروں افراد کے کیخلاف مقدمہ جرم زیر دفعات 384-387/109ppc درج کرلیا ہے۔
٭٭٭
ڈیرہ پولیس کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرکے قتل و اقدام قتل اور سنگین مقدمات میں مطلوب 84اشتہاریوں سمیت 370مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔
ماہ دسمبر کے دوران ضلع بھر میںڈیرہ کے پانچوں سرکلز سٹی ، صدر، پروآ، پہاڑپور اور کلاچی کے علاقوں میں 73سرچ اپریشنز اوکریک ڈاﺅن کے نتیجہ میں زیر حراست افراد کے قبضہ سے
مجموعی طور پر 14کلاشنکوف ، 04کالاکوف،33رائفلز،50بندوق ،93پستول ، 03خنجر ، 05ہینڈ گرینیڈ اور 3111مختلف بور کے کارتوس برآمد کیے گئے ۔
ضلع بھر میں کرایہ کے 4630مکانات اور 1767 ہوٹلز کو چیک کیا گیا جن میں مقیم 42غیر رجسٹرڈ افراد اور 18ہوٹلوں کے خلاف کرایہ داری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ۔
ضلع کے 3687حساس مقامات، 1012اڈہ جات اور 2668سکولوں کو چیک کرکے 27مقامات ، 03سکولوںاور01اڈہ کی سیکیورٹی ایکٹ کے تحت سیکیورٹی نہ ہونے پر مقدمات درج کیے گئے ۔
منشیات کی سپلائی لائن کو بند کرنے کے سلسلے میں جاری کریک ڈاﺅن کے دوران پولیس نے ماہ دسمبر2019ءمیں 27.750کلو گرام چرس،1.160کلو گرام افیون،2.529کلو گرام ہیروئن ، 12.550 کلو گرام بھنگ اور 213گرام آئس برآمد کی گئی ۔
ماہ دسمبرمیں مختلف کاروائیوں میں پولیس نے 1432مقامات پر وقتاً فوقتاً اچانک چیک کی کاروائیوں میں وی وی ایس اور سی آر وی ایس موبائل فون کی ٹیکنالوجی کی مدد سے موقع پر چھوٹی بڑی 37586 گاڑیوں بشمول موٹر سائیکلز اور 68435افراد کا ڈیٹا چیک کیا
جن میں 02گھناﺅنے جرائم کے مجرمان اشتہاری، 1016 افراد کو زیر دفعہ 107/151ض ف اور 1299افراد کو ضابطہ فوجداری کی دفعات 55/109کے تحت حراست میں لیا گیا
انہی کاروائیوں کے دوران مختلف اوقات میں ہوائی فائرنگ کے 16مقدمات درج ہوکر 25ملزمان بھی پولیس کے نرغے میں آئے۔ سود کے خلاف 04مقدمات درج ہوکر 06افراد کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی ہے۔
لاﺅڈ سپیکر کے غلط استعمال پر 26مقدمات درج کیے گئے جبکہ قماربازی کے 03مقدمات درج رجسٹر ہوکر 12افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ماہ دسمبر2019ءمیں ڈیرہ پولیس نے قتل کے اہم مقدمہ اقبال ایڈووکیٹ کھیارہ ، 5/6سالہ فاطمہ کے ساتھ زیادتی کیس ،ضلع میں موبائل فون چھیننے والا گروہ اور موٹر سائیکل چوری کرنے والا گروہ کے ملزمان کا سراغ لگا کر گرفتاری عمل میں لائی۔
اسی طرح ماہ دسمبر کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے سمگلروں کے خلاف کریک ڈاﺅن کرکے کروڑوں روپے مالیت کے ڈرائی فروٹ ،16نان کسٹم پیڈ گاڑیاں ،36ہزار619لیٹر ایرانی ڈیزل ،02ہزار لیٹر ایرانی پٹرول اور 250عدد ٹائر قبضہ میں کرکے کسٹم حکام کے حوالے کیے۔
٭٭٭
گیس لوڈ شیڈنگ وکم پریشر ، گھروں میں کمپریسر کا استعمال بڑھ گیا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)گیس لوڈ شیڈنگ وکم پریشر ،ڈیرہ کے پچاس فیصد سے زائد گھروں میں کمپریسر کا استعمال بڑھ گیا ،ڈیرہ اسماعیل خان اور گرد ونواح میں پچاس فیصد سے زائد گھروں میں کمپریسر کا استعمال ہورہا ہے ۔
شہر سمیت مختلف علاقوں میں گیس لوڈشیڈنگ کے باعث صارفین مشکلات کا شکار ہیں ۔شہر کے ہر علاقے میں کثیر تعداد میں کمپریسر کے استعمال کے باعث شہریوں کو گیس کے حصول میں شدید دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
ایسی صورت میں گھروں کے اندر سلنڈر رکھنا لازمی ہوگیا ہے ۔شہر کے بہت سے علاقوں میں گیس قلت کے باعث گھریلو صارفین اور کمرشل صارفین کو شدید ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔
کمپریسر لگانے کی وجہ سے دیگر افراد بھی گیس سے محروم ہوجاتے ہیں جنہوں نے کمپریسر نہیں لگایا ہوتا۔شہر سمیت دیگر علاقوں میں کمپریسر کی فروخت بھی سرعام جاری ہے ،
سوئی نادرن گیس کے حکام کمپریسر استعمال کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرنے میں ناکام ہیں جبکہ بعض صارفین کی جانب سے جنریٹرز کو بھی گیس پر استعمال کیا جارہا ہے۔
٭٭٭
کھانے پینے کے کاروباری مراکز میں خطرناک بیماریوں کے شکار ملازمین بھرتی
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اور گردونواح میں کھانے پینے کے کاروباری مراکز میں خطرناک بیماریوں کے شکار ملازمین کو بھرتی کیاگیا ہے ،
ہوٹلوں ،چائے فروشوں ،چھولے فروشوں ،گوشت پلاﺅ فروشوں ،کباب فروشوں ،مٹھائی فروشوں اور تنوروں پر کام کرنے والے ملازمین ٹی بی ،ٹائیفائیڈ ،ہیپاٹائٹس وغیرہ کی بیماریوں میں مبتلا ہیں
جوکہ صحت مند افراد کو بیمار کررہے ہیں ،مختلف بیماریوں میں مبتلا ملازمین کے ٹیسٹ وغیرہ میں محکمہ خوراک اور خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے ۔
خطرناک بیماریوں کے شکار افراد کا ڈیٹا کسی محکمے کے پاس موجود نہیں ، ذرائع کے مطابق مختلف بیماریوں کے شکار ملازمین میں بعض ایڈز اور ایچ آئی وی کے شکار بھی ہیں ۔
خیبر پختونخو افوڈ اتھارٹی کو محکمہ خوراک میں ضم کرنے کے بعد ان کی کارکردگی ختم ہوگئی ہے ۔،بازاروں ،سرکلر روڈ ،ٹانک اڈہ ،بنوں اڈہ سمیت شہر کے مختلف مقامات پر کھانے پینے کی اشیاءتیار کرنے والے شعبے سے منسلک خطرناک بیماریوں کے شکار افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔
٭٭٭
سبزی ،پھلوں اور غلہ کا کاروبار کرنے والے تاجروں کے ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سبزی ،پھلوں اور غلہ کا کاروبار کرنے والے تاجروں کی مارکیٹ کمیٹی لائسنس کے لئے اجراءاور سالانہ تجدید کے وقت وصول کیے جانے والے ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی کی جارہی ہے ۔
آڑھتیوں کے سالانہ ٹرن اوور کی بنیاد پر درجہ بندی کرکے اسی تناسب سے ٹیکس وصول کیاجائے گا ،خیبر پختونخوا میں سبزیوں وپھل منڈیوں اور غلہ منڈی کے آڑھتیوں کے تجارتی کوائف جمع کیے جارہے ہیں ،
رواں سال کے دوران ایف بی آر نے ملک بھر کی مارکیٹ کمیٹیوں میں آڑھتیوں کے لئے لائسنس کے اجراءاور پرانے لائسنس کی تجدید کے وقت وصول کیے جانے والے
ایڈوانس ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح 75 سو روپے سے بڑھا کر 75 ہزارروپے مقرر کیا جس پر احتجاج بھی کیاگیا تھا تاہم ایف بی آر کے ساتھ مذاکرات کے بعد منڈیوں کے آڑھتیوں پر یکساں شرح سے عائد ودہولڈنگ ٹیکس کا معاملہ زیر غور آیا تھا
۔ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبہ خیبر پختونخوا میں آڑھتیوں کے بارے میں تفصیلات اکٹھی کی جارہی ہیں ۔
٭٭٭
غیر تسلی بخش کارکردگی کے حامل ملازمین کو ریٹائرڈ کرنے کی تجویز
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)غیر تسلی بخش کارکردگی کے حامل ملازمین کو ریٹائرڈ کرنے کی تجویز ،
محکمانہ طور پر سزایافتہ ،مالی ،انتظامی ،بے ضابطگیوں اور غیر تسلی بخش کارکردگی کے حامل افسران اور ملازمین کو برطرف کرنے کی بجائے ریٹائرڈ کرنے کی تجویز کے لئے معاملہ وفاقی سیکرٹریز کمیٹی کو بھجوایا دیا ۔
حکومت نے وفاقی ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی مدت پچیس سال سے کم کرکے 20 سال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وفاقی حکومت نے وزارتوں ،ڈویژن کو بیس سال مکمل کرنے والے ملازمین وافسران کی فہرست تیار کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو وفاقی ملازمین کی ریٹائرمنٹ کے نئے قواعد کے احکامات جاری کیے ہیں ،
قواعد کے مطابق ملازمین وافسران کو ساٹھ سال عمر پوری کرنے سے قبل ریٹائرمنٹ ،پنشن اور دیگر مراعات کے لئے کم از کم باون سال مستقل ملازمت کرنا لازمی ہے۔
٭٭٭
بلدیاتی اداروں کے نمائندوں کے لئے مثبت تبدیلی نہ آسکی
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سال 2019 بھی گزر گیا ،بلدیاتی اداروں کے نمائندوں کے لئے مثبت تبدیلی نہ آسکی۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں 2019 بلدیاتی اداروں کے نمائندوں کے لئے مثبت تبدیلی نہ لاسکا ،چیئرمننز ،جنرل کونسلرز اختیارات سمیت فنڈز سے محروم رہے ۔شہری عوامی مسائل حل کرنے کا مسلسلہ مطالبہ کرتے رہے ۔
ضلع ڈیرہ میں 57 یونین کونسلزپانچ میونسپل کمیٹیوں جن میں ڈیرہ ،کلاچی ،درابن ،پروآ،پہاڑپور شامل ہیں کے بلدیاتی نمائندوں سمیت شہری سال 2019 میں شدید محرومیوں کا شکار رہے ۔
اسی طرح عوام کے منتخب نمائندے جنرل کونسلرز ،
سابق حکومت کے دور سے لے کر تبدیلی سرکار کے منتخب ہونے تک اپنے بنیادی حقوق سے مسلسل محروم رہے ۔
عوام اپنے منتخب نمائندوں سے اپنے مسائل کے حل کے لئے مطالبے کرتے دکھائی دیئے لیکن بے اختیارات ،فنڈز سے محروم جنرل کونسلرز ،سابق حکمران اور تبدیلی سرکار کی طرف اس امید سے دیکھتے رہے
کہ ریاست مدینہ میں سابق حکومت کی طرف سے ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ ہوسکے گااور عوام کے منتخب نمائندوں کوعوام کے مسائل حل کرنے کے لئے باقاعدہ اختیارات اور فنڈز ملیں گے
لیکن سابق حکومت اور تبدیلی سرکار منتخب بلدیاتی نمائندوں کو طفل تسلیوں کے علاوہ کچھ نہ دے سکی۔عوامی بلدیاتی نمائندے بے بسی کی تصویر بنے نئے سال میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے ایک بار پھر امیدیں وابسطہ کرکے انتظار میں بیٹھے ہیں
کہ ریاست مدینہ میں عوام کے منتخب نمائندوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ ہوسکے گا اور انہیں اختیارات سمیت فنڈز سے نوازا جائے گا تاکہ عوام کے سالہاسال سے چلے آئے مسائل کا حل ان کی دہلیز پر کیا جاسکے گا۔
٭٭٭
ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)نئے انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس نے جسطرح دہشت گردی کی جنگ میں قربانیاں دیں انکی مثال تاریخ میں نہیں ملتی،
میرے لئے اس بہادر پولیس کی قیادت سنھبالنا اعزاز کی بات ہے،عوام کو انکی دہلیز تک انصاف کی بہم رسانی میری اولین ترجیح ہے، مجھے یقین ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس اپنی روایات کو قائم رکھتے ہوئے ان اہداف کی تکمیل میں عملی اقدامات کیساتھ میرا بھرپور ساتھ دیگی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کو عوام دوست بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائیگی، بحیثیت فورس کمانڈر خیبرپختونخوا پولیس کی فلاح و بہبود کو مقدم سمجھتا ہوں اور میرٹ کی بنیاد پر تمام فیصلے کرونگا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیحات میں انصاف، دیانتداری، شفافیت، میرٹ اور قانون کی بالادستی ، خدمات کی فراہمی اور ایسا احتساب جس میں سزا و جزا دونوں شامل ہو ں کو فوقیت حاصل ہو گی،
صوبے میں قیام امن اور خوشحالی کیلئے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی میں سول سوسائٹی ، اداروں(اسٹیک ہولڈرز) اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے بھرپور تعاون کا متمنی ہوں
اے وی پڑھو
موہری سرائیکی تحریک دی کہاݨی…||ڈاکٹر احسن واگھا
محبوب تابش دے پرنے تے موہن بھگت دا گاون
جیسل کلاسرا ضلع لیہ ، سرائیکی لوک سانجھ دے کٹھ اچ مشتاق گاڈی دی گالھ مہاڑ