دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اورنمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

ڈیرہ اسماعیل خان :اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ وپروآ کے ڈرگ انسپکٹرز کے ہمراہ میڈیکل سٹوروں پر چھاپے ،غیر لائسنس میڈیکل سٹورز سر بمہر کردیئے گئے ،متعدد دوافروش دکانیں بند کرکے بھاگ کھڑے ہوئے ،

مختلف میڈیکل سٹورز سے ادویات کے نمونے حاصل کرکے معائنہ کے لئے لیبارٹری کو بھجوا دیئے گئے ۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ وپروآ نے چیف ڈرگ انسپکٹر الحاج اورنگزیب چوہدری ،ضلعی ڈرگ انسپکٹر حاجی عمران خان برکی کے ہمراہ ہسپتال کے سامنے اور ملحقہ علاقوں میں میڈیکل سٹوروں پر چھاپے مارے

اس دوران میڈیکل سٹوروں پر کوالیفائیڈ پرسن موجود نہ تھے۔ فارماسسٹ کی موجودگی کے بغیر ہی انڈر میٹرک فارماسسٹ بن کر ادویات فروخت کررہے تھے سٹوروں پر سے زائد المعیاد سمگل شدہ اور نشہ آور ایسی ادویات جن پر پابندی ہے برآمد کرلی گئی،

اسی دوران جعلی ادویات کا شک گزرنے پر ادویات کے سیمپل حاصل کرکے مزید معائنہ کے لئے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھیج دئیے گئے جبکہ ناقص صفائی اور میڈیکل سٹوروںمیں ڈرگ ایکٹ کے مطابق فارماسسٹ کی عدم موجودگی پر چالان کردئیے گئے۔

ہسپتال کے سامنے موجود میڈیکل سٹور ادویات کی بل وارنٹی پیش نہ کرسکے جس پر انہیں دو روز کی مہلت دے دی گئی۔ متعدد بغیرڈرگ لائسنس میڈیکل سٹوروں کو سربمہر کردیاگیا ہے۔

گزشتہ روز جعلی ادویات کے خلاف تشکیل دیے گئے سپیشل ڈرگ سکوارڈ جو کہاسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ وپروآ نے چیف ڈرگ انسپکٹر الحاج اورنگزیب چوہدری ،ضلعی ڈرگ انسپکٹر حاجی عمران خان برکی پر مشتمل تھا نے گزشتہ روز ہسپتال کے سامنے موجود میڈیکل سٹوروں پر چھاپے مارے ۔

شہر کے مختلف علاقوں میں موجود میڈیکل سٹوروں کے بارے انہیں اطلاع ملی تھی کہ جہاں ایسے انجکشن فروخت ہورہے ہیں جن کی فروخت پر پابندی ہے

اوروہ نوجوان نسل کو غیر قانونی طریقے سے فروخت کیے جارہے ہیں۔ میڈیکل سٹور مالکان چھاپہ پڑتے ہی بھاگ گئے۔

اس موقع پر ایک سٹور سے زائد المعیاد ادویات کی بڑی مقدار پکڑی گئی جسے چالان کردیا جبکہ دوسری دکان سے نشہ آور ادویات بھی پکڑ لی گئی جس پر اسے چالان کردیا گیا۔

چھاپوں کے دوران درجنوں مشکوک ادویات قبضے میں لے لی گئیں جن کے بارے خدشہ تھا کہ یہ جعلی ہوسکتی ہیں۔

بعد ازاں مختلف میڈیکل سٹور وں سے ایسے انجکشن برآمد کرلئے گئے جو کسی بھی شخص کے لئے ہیروئن کے نشہ کا کام کرتے ہیں جن کا ریکارڈ نا مکمل تھا۔

جس پر ان کا چالان کرکے ادویات کے سیمپل حاصل کرلیے گئے۔ ڈرگ انسپکٹر نے کہا کہ جعلی ادویات بنانے والے مافیا کی کمر توڑ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھاپوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیا گیا ہے جو کہ مسلسل جاری رہے گا۔
٭٭٭
دوافروش ڈرگ ایکٹ کی مکمل پاسداری کرکے بل وارنٹی کے ساتھ خرید وفروخت کریں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) دوافروش ڈرگ ایکٹ کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے بل وارنٹی کے ساتھ خرید وفروخت کریں

،ان خیالات کا اظہار ٹانک میں تعینات ہونے والے ڈرگ انسپکٹر رحمت گل نے دوافروشوں کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ۔

اجلاس میں ٹانک کے دوا فروشوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر ڈرگ انسپکٹر رحمت گل نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبہ بھر کے ڈرگ لائسنس کو آن لائن ایپ سے منسلک کرنے کا پروگرام بنایا ہے

لہذا تمام دوافروشوں اپنے ڈرگ لائسنس آن لائن سسٹم سے منسلک کریں تاکہ ڈرگ لائسنس کا اجراءایک سسٹم کے تحت ہو اور پورے صوبے کے ڈرگ لائسنس چیک کرنے میں آسانی ہوا ۔

اس سے قبل ٹانک کیمسٹ یونین کے چیئر مین ڈاکٹر عبدالمجید خان مروت نے بھی خطاب کیا

***

منشیات فروش ہاتھاپائی کر کے فرار ہوگئے ،پولیس منہ تکتی رہ گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) پولیس کی منشیات فروشوں کیخلاف کاروائی، منشیات فروش پولیس کے ساتھ ہاتھاپائی کرتے ہوئے فرار ہوگئے ،پولیس منہ تکتی رہ گئی ،

چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

پہاڑ پور پولیس نے منشیات فروشوں کی موجودگی کی اطلاع پر بستی فخر آباد میں چھاپہ پارا ، چھاپہ زنی کے دوران وہاں موجود منشیات فروش پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی کرکے پولیس اہلکاروں پر اسلحہ بھی تان لیا اور وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے

جبکہ پولیس ملزمان کو صرف منہ تکتی رہ گئی ۔ پہاڑ پور پولیس نے واقعہ کا مقدمہ چار منشیات فروشوں کیخلاف جرم زیر دفعات 506-186-353/34 ت پ تحت درج کرلیا۔
٭٭٭
شادی ہالز میں اوقات کی پابندی یقینی بنائے جائے ،مرکزی انجمن تاجران

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) مرکزی انجمن تاجران کے دفد نے ضلعی صدر راجہ اختر علی کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔ وفد میں سہیل احمد اعظمی، چوہدری جمیل احمد، حاجی محمد رمضان ، حاجی محمد نواز، چوہدری جاوید اختر، حاجی امان اللہ، حاجی اشرف، غلام سبحانی، جنابات خان محسود سمیت دیگر تاجر رہنما شامل تھے۔

وفد کے شرکاء نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ کو آگاہ کیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں متعددشادی ہالز موجود ہیں جہاں پر شادی کی تقریبات کے سرکاری مقرر کردہ اوقات کی صریحاًخلاف ورزی کی جاری رہی ہے جس کی وجہ سے عوام کو سخت تکلیف اور دشواری کا سامنا ہے۔

شادی کارڈ پر ڈنر کا وقت رات سات بجے لکھا ہوتا ہے لیکن سردی کے اس شدید موسم کے باوجود مہمانوں کو کھانا رات 9سے 10بجے سے پہلے پیش ہی نہیں کیا جاتا جبکہ مزید زیادتی یہ کہ شادی کی تقریب میں شریک خواتین اور بچوں کو مزید ایک گھنٹہ دیر سے کھانا پیش کیا جاتا ہے

جس کے باعث شادی میں شریک مردوخواتین اور بچوں کو شدید سردی میں آدھی رات کو گھر وآپس لوٹنا پڑتاہے ۔ آدھی رات کے وقت سڑکیں سنسان اور گلیاں ویران ہوچکی ہوتی ہیں جس سے انتہائی سیکورٹی خدشات لاحق ہوتے ہیں ہیں۔

وفد کے شرکاءنے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ شادی کی تقریبات کے لئے شادی ہالز انتظامیہ کو سرکاری مقررہ اوقات کاپابند بنایا جائے جس کے تحت لنچ کے لئے دوپہر دو بجے اور ڈنر کے لئے 09 بجے رات تک شادی ہالز بند کردیئے جائیں ۔

ڈپٹی کمشنر محمد عمیر نے وفد کی تجاویز سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ بہت جلد مقامی شادی ہالز انتظامیہ کو طلب کرکے ان کی مشاورت سے شادی ہالز کے اوقات پر پابندی کا جلد نوٹیفکیشن جاری کردیا جائےگا۔
٭٭٭
بس بے قابو ہوکر الٹ گئی ،چار مسافر زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) انڈس ہائی وے روڈمیرن کے قریب کراچی سے ڈیرہ آنیوالی بس تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر الٹ گئی ، چار مسافر شدید زخمی ہوگئے،

زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق تھانہ پروآ کی حدود انڈس ہائی وے روڈ پر واقع گاﺅں میرن کے قریب کراچی سے ڈیرہ آنے والی بلال ڈائیو بس تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر الٹ گئی

جس کے نتیجے میں چار مسافر شدید زخمی ہوگئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کیلئے پروآ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمیوں کی حالت تسلی بخش بتائی جاتی ہے۔
٭٭٭
ملزم سے اسلحہ برآمد کرکے اسے گرفتارکرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) نواب پولیس نے رحمانی خیل کے علاقہ میں کاروائی کے دوران ایک شخص سے 4پستول اور سینکڑوں کارتوس برآمد کرلئے، ملزم گرفتار۔

تفصیلات کے مطابق پنیالہ پولیس نے رحمانی خیل کے علاقہ میں کاروائی کے دوران سمیع اللہ ولد گلزمان سکنہ محلہ ناور خیل لکی مروت سے چار پستول30بور اور207 کارتوس برآمد کرلئے۔

پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے اس کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔
٭٭٭
ہزاروں مہمان پرندے دریا سندھ کے کنارے جھیلوں میں پہنچ گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) سائبریا اور دیگر ملکوں سے ہجرت کرکے ہزاروں پرندے دریا سندھ کے کنارے جھیلوں میں پہنچ گئے ،گزرتے وقت کے ساتھ قدرتی حسن کو دوبالا کرنے والے ان مہمان پرندوں کی تعداد مسلسل کم ہورہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہر سال کی طرح روس اور سائبیریا اور دیگر ممالک میں شدید سردی اور جھیلوں میں برف جم جانے کی وجہ سے ہزاروں مہمان پرندوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے ،مختلف مختلف ممالک سے ہجرت کرکے آنے والے ہزاروں پرندے دریاسندھ کے کنارے جھیلوں میں پہنچے ہیں

جس کی وجہ سے علاقے کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور نظارے دلفریب ہوگئے ۔سرد ملکوں کے پرندے خوراک کی تلاش میں پاکستان کا رخ کرتے ہیں ،مہمان موسمی پرندوں جن میں کونج ،شاہین ،تلور ،بٹیر اور مرغابیاںشامل ہیں

ان کی آمد کا سلسلہ رواں ماہ کے آخر تک جاری رہے گا ۔اسی طرح ڈیرہ کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی ہزاروں کی تعداد میں مہمان پرندے قیام کرتے ہیں ۔اسی طرح مختلف جھیلوں پر بھی ان پرندوں کی اچھی خاصی تعداد ڈیرے ڈالتی ہے ۔

بدقسمتی سے گزرتے وقت کے ساتھ قدرتی حسن کو دوبالا کرنے والے ان مہمان پرندوں کی تعداد مسلسل کم ہورہی ہے ۔ماہرین کے مطابق ایک براعظم سے دوسرے براعظم ہجرت کرنے والے یہ پرندے زمین پر اترے بغیر مسلسل دس ماہ اڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہجرت کرکے آنے والے پرندوں کی تعداد میں پچاس فیصد سے زائد کمی آئی ہے جس کی ایک وجہ ان پرندوں کا بڑے پیمانے پر ہونے والا غیر قانونی شکار ہے
٭٭٭
گرین پاکستان کا ویژن کوڑے کرکٹ کچرے اور گندگی کے ڈھیروں تلے دبادیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کلین اینڈ گرین پاکستان کا ویژن ککوڑے کرکٹ کچرے اور گندگی کے ڈھیروں تلے دبادیاگیا۔اندرون شہر میں پچھلے کئی روز سے لگائے گئے گندگی کے ڈھیر نہ اٹھائے جاسکے اور نہ ہی نکاسی آب کا نظام درست کیا جاسکا ،

بدبو تعفن ،زہریلے کیڑوں ،مکھیوں اور مچھروں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی ،شہر سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں گزشتہ کئی ماہ سے فلتھ ڈپو قائم نہ ہونے کی وجہ سے آبادیوں کے اندر جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ،کھلے پلاٹوں میں گندگی اور کوڑا کرکٹ وغیرہ پھینکا جارہا ہے

۔وہاں سے اٹھنے والی بدبو ،تعفن سے پرورش پانے والے زہریلے کیڑوں مکوڑوں ،مکھی مچھروں کی وجہ سے ملحقہ گنجان آباد علاقوں کے رہائشیوں کی زندگیاں عذاب بن چکی ہیں ،بچوں سمیت شہری ہیپاٹائٹس ،ملیریا ،پیچس ،اسہال ،دمہ ،ٹی بی سمیت سانس کی مہلک بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں ۔شہریوں نے وزیر اعلی ،کمشنر ڈیرہ اور ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
٭٭٭
چھوٹے دکانداروں کو جرمانے بڑے مگر مچھوں کو کھلی چھوٹ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی کا ٹوپی ڈرامہ جاری ،چھوٹے دکانداروں کو جرمانے بڑے مگر مچھوں کو کھلی چھوٹ ،شہریوں کی زندگیا ں داﺅ پر لگ گئیں ،ڈی جی خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی سے نوٹس لینے کامطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر سمیت ضلع بھر میں خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران نے وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کی دھجیاں بکھیرنا شروع کررکھی ہیں ،ایک نہیں دو پاکستان متعارف کروائے جارہے ہیں جس کے تحت چھوٹے دکانداروں کو جرمانے کرکے خانہ پری کرد ی جاتی ہے ۔

بڑے بڑے فوڈ پوائنٹس ،سویٹس ،فش پوائنٹ ،باربی کیو پوائنٹ ،میرج ہالز ،ماکیز ،میرج لانز سمیت ہوٹلز مالکان سے مبینہ ساز باز کرکے غریب محنت کشوں کا خون نچوڑا جارہا ہے جبکہ بااثر مالکان کے ساتھ معاملات طے کرکے سب اچھا ہے کی رپوٹس بھجوائی جارہی ہیں

جس کی وجہ سے بڑے بڑے فوڈ پوائنٹس وہوٹلز مالکان شہریوں میں موت بانٹ رہے ہیں ،شہریوں نے ڈی جی خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی سے ڈیرہ شہر سمیت ضلع بھر میں نافذ جنگل کے قانون کے خاتمے کامطالبہ کیاہے۔
٭٭٭
ریاست مدینہ میں صرف چند ایک اداروں کے ملازمین کو نوازا جارہا ہے،

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) وزیر اعظم پاکستان کا نعرہ دو نہیں ایک پاکستان ،ریاست مدینہ کی طرز پر ریاست کاقیام ہوگا جس میں صرف چند ایک اداروں کے ملازمین کو نوازا جارہا ہے ،

سرکاری ملازمین نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ چند مخصوص محکمہ جات ،سول سیکرٹریٹ اور بیوروکریسی کو ہزاروں روپے الاﺅنسز کے نام بجٹ کے بعد منظور کرکے نوٹیفکیشن جاری کیے جارہے ہیں جبکہ سرکاری ملازمین حکومتی مرعات سے محروم ہیں ،

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بجٹ میں دس فیصد اضافہ کیاگیا لیکن مہنگائی میں اضافہ روزانہ کی بنیاد پر کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے سرکاری ملازمین مہنگائی کی چکی میں پس کررہ گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی الاﺅنس ،ٹیکنیکل الاﺅنسز سمیت سول سیکرٹریٹ الاﺅنس ،ایگزیکٹوا لاﺅنس ،منیجمنٹ الاﺅنس جاری کرکے ایک مخصوص طبقے کو نواز جارہا ہے اور باقی سرکاری اداروں کے ملازمین کو ان مرعات سے محروم رکھا جارہا ہے

جو کہ تبدیلی کے نظام پر سوالیہ نشان ہے ۔برابری کی بنیاد پر ووٹ حاصل کرنے والے حکمرانوں نے اقتدار سنبھالتے ہی سرکاری محکموں کے ملازمین سے کیے گئے وعدے بھلادیئے ۔

انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی الاﺅنس ،سول سیکرٹری الاﺅنس ،ٹیکنیکل الاﺅنس ،ایگزیکٹو الاﺅنس ،منیجمنٹ الاﺅنس ودیگر الاﺅنسز پاکستان کے تمام اضلاع کے سرکاری اداروں کے تمام سرکاری ملازمین کو بلاتفریق دیا جائے

۔گروپ انشورنس کی رقم ریٹائرمنٹ کے وقت جی پی فنڈز کی طرح واپس کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ اپ گریڈیشن سے رہ جانے والی آسامیوں کو بلاتفریق اپ گریڈ کیا جائے اور سروس سٹریکچر تیار کرکے تمام ایڈہاک ریلیف بنیادی تنخواہوں میں شامل کرکے پے سکیل ریوائز کیے جائیں

اور مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے تاکہ سرکاری اداروں کے ملازمین باعزت طریقے کے ساتھ اپنے بیوی بچوں کا پیٹ پال سکیں۔
٭٭٭
یوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) وزیر اعظم کے ریلیف پیکیج سے قبل ہی یوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

یوٹیلٹی سٹور زپر درجہ دوم کا گھی اورکوکنگ آئل 2روپے سے 62روپے تک مہنگاہوگیا،درجہ دوم کا گھی 62روپے اضافے کے بعد 205روپے فی کلو ہوگیا،دیسی گھی کی قیمت میں 100روپے اضافہ ہوگیا۔ڈبے والے دودھ کی قیمت 12روپے اضافے سے 143روپے فی لیٹر ہوگئی۔

مختلف برانڈز کے مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھی 2روپے سے 30روپے تک،مختلف کمپنیوں کی ٹوتھ پیسٹ کی قیمتوں مے5سے 20روپے تک اضافہ کردیاگیا۔ میکرونیز اور پاستہ کی قیمت بھی 20روپے بڑھا دی گئی ہیں ۔
٭٭٭
آئند ہ چند روزسردی کی شدت میں اضافہ ہوگا،محکمہ موسمیات

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مغربی ہواوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کے باعث 7 سے 10جنوری تک سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا
جبکہ 6اور7جنوری کی درمیانی شپ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں گذشتہ دو دنوں کے مقابلے میں سردی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے اور کم سے کم درجہ حرارت 11ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا،

آئندہ 3روز تک سردی کی شدت میں کمی برقرار رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے ذرائع نے بتایا پانچ جنوری سے نیا سسٹم ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوگا،
جوسردی میں مزید اضافے کاسبب بنے گا اور ملک بھر بارشیں متوقع ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں 6 اور7 جنوری کی درمیانی شپ ہلکی بارش کا امکان ہے اور 7جنوری سے مغربی ہواوں کا نیا سلسلہ ملک میں شامل ہوگا،

جس کے باعث 7 سے 10 جنوری تک سردی کی شدت اضافہ ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق 11جنوری سے بارش کا ایک اور نیا سسٹم جنوبی ایران سے داخل ہوگا۔
٭٭٭٭٭
پشاورہائی کورٹ نے سال 2019 میں 29 ہزار 8 سو 12 کیسز نمٹائے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پشاورہائی کورٹ نے سال 2019 میں 29 ہزار 8 سو 12 کیسز نمٹائے۔ ہائیکورٹ میں اس وقت 38576 کیسز زیر التوا ہے،

ہائیکورٹ نے سال کے آخری تین مہینوں میں 8 ہزار 8 سو 30 کیسز نمٹائے،ماڈل کورٹ نے 13 ہزار 1 سو 81 کیسز نمٹائے، کئی ماڈل کوٹس میں کوئی کیس زیر التوا نہیں ہے۔رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ خواجہ وجیہہ الدین نے میڈیا کوبتایا کہ سال 2019 کو ہم نے فرمامنس سال قرار دیا تھا،

سال کے آخری تین مہینوں میں کیسز نمٹانے کی شرح بہت بہتر رہا، پشاور ہائیکورٹ میں اس وقت 38576 کیسز زیر التوا ہے، پشاور ہائیکورٹ نے سال کے آخری تین مہینوں میں 8 ہزار 8 سو 30 کیسز نمٹائے،

رجسٹرار ہائیکورٹ کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے سال 2019 میں 29 ہزار 8 سو 12 کیسز نمٹائے۔پشاور ہائیکورٹ میں 2011 سے جون 2018 تک 17 ہزار 44 کیسز کے تفصیلی فیصلے جاری ہوئے، چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ صاحب کے دور میں روزانہ 15.95 کیس کے فیصلہ جاری ہوتے ہیں،

انہوں نے کہا کہ جولائی 2018 سے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کے دور میں 18 مہینوں میں 4ہزار ایک سو 46 نمٹائے گئے کیسز کے تفصیلی فیصلے جاری ہوئے،پشاور ہائیکورٹ نے 2011 سے اب تک 21 ہزار 1 سو 90 تفصیلی فیصلے جاری کئے ہیں،

ماڈل کورٹ نے ٹوٹل 13 ہزار 1 سو 81 کیسز نمٹائے،کچھ ماڈل کوٹس میں کوئی کیس زیر التوا نہیں ہے۔نئے ضم اضلاع میں 2 ہزار 78 کیسز نمٹائے گئے، جوڈیشنری کے 238 شکایات موصول ہوئی ہے، جس پر کارروائی جاری ہے
٭٭٭

About The Author