دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

پنجاب کے مختلف شہروں کو جانے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ بند

ڈیرہ اسماعیل خان :ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر پہیہ جام ہڑتال میں ڈیرہ کے ٹرانسپورٹرز بھی شامل ہوگئے ،پنجاب کے مختلف شہروں کو جانے والے تمام پبلک ٹرانسپورٹ بند،مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ، حکومت کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرجرمانوں میں بھاری اضافے کے خلاف پبلک ٹرانسپورٹ اینڈ گڈز الائنس نے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال شروع کر دی ہے جس کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی آل ٹرانسپورٹر ایسوسی ایشن ڈیرہ نے ہڑتال شروع کردی ہے اور پنجاب کے مختلف شہروں کو جانے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ روک لی گئی ہے جس سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ٹرانسپورٹرز نے دو جنوری کو ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کی کال دی تھی اس ضمن میں آل ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ڈیرہ نیازی گروپ کے سرپرست حاجی اسماعیل نیازی نے کہاوفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے بے جا جرمانوں سے ہمارا نقصان ہورہا ہے، جرمانوں میں اضافے کا فیصلہ موخرکرنے تک ہڑتال جاری رہے گی۔

۔پنجاب میں ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ڈیرہ میں پہیہ جام ہڑتال شروع کی گئی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ 2 جنوری سے ڈیرہ اسماعیل خان میں نیازی ٹرانسپورٹ ،ایکسپریس 99 گروپ ،نیازی ایکسپرس 87 گروپ ،نیو خان روڈ رنر ز،بلوچ ٹرانسپورٹ ،رانا جہانزیب ،الفرید ٹرانسپورٹ ،الحجرا ٹرانسپورٹ ،بندیال ٹرانسپورٹ ،پنڈی کوچز ،پوٹھوہار کوچز اور ڈائمنڈ کوجز کی اے سی ، نان اے سی ، چھوٹی بڑی تمام بسیں بند ہوں گی،

حاجی اسماعیل خان نیازی نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موٹروے ، ہائی وے ، رنگ روڈ پر ٹول پلازہ ، جرمانوں میں اضافہ سمیت دیگر اضافی ٹیکس واپس لیے جائیں۔ حکومت کے ساتھ مذاکرات کیلیے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے مطالبات نہ مانے تو ہڑتال کو غیر معینہ مدت کیلئے بڑھا دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ راوالپنڈی ،لاہور ،ملتان سمیت پنجاب کے دیگر شہروں کی آمدورفت کے لئے بپلک ٹرانسپورٹ کی ہڑتال جاری ہے۔شہر کے تمام جنرل بس اسٹینڈ اور تمام اڈوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بند ہوئی ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو دوسرے شہروں میں آنے جانے کیلئے تکلیف کا سامنا ہے۔ادھر مسافروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی نااہلی کے خلاف ہرطرف احتجاج اورہڑتالیں ہورہی ہیں، حکومت جلد ازجلد ٹرانسپورٹرز کے ساتھ معاملات حل کرے تاکہ مسافروں کی پریشانی ختم ہو۔

۔

٭٭٭

مرکزی انجمن تاجران ڈیرہ کے وفد کی ڈپٹی کمشنر محمد عمیر سے خصوصی ملاقات

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)مرکزی انجمن تاجران ڈیرہ کے وفدنے راجہ اختر علی کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر محمد عمیر سے ان کے دفتر میں خصوصی ملاقات کی ۔

وفد میں محمد نواز، حاجی اشرف ،چوہدری محمدجاوید، امان اللہ، شیر محمد ،محمد نعیم قریشی اوریگر شامل تھے ۔

وفد نے ڈیرہ اسماعیل خان کے سنگین عوامی مسائل سے انہیں آگاہ کیا ۔انہوں بجلی اور گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ احتجاج کیا ۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ کو بتایا گیا کہ ڈیرہ میں طویل عرصہ سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈ نگ کے علاوہ واپڈاافسران کی ملی بھگت سے عملہ شہر کے مختلف علاقوں کے اڈے کاٹ دیتاہے جس سے پورا علاقہ بجلی سے محروم ہوجاتاہے۔

دوسری جانب سوئی نادرن گیس کے حکام نے دو ماہ سے کرک میں گیس آپریشن کے نام پر ڈیرہ میں گیس کی لوڈ شیڈنگ شروع کررکھی ہے جس سے عوام کی مشکلات اور پریشانی میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔

ڈی سی ڈیرہ کو بتایا گیا کہ شادی ہالوںمیں پابندی اوقات کی کھلے عام خلاف ورزی جاری ہے جس کے خلاف پولیس اور ضلعی انتظامیہ کوئی کاروائی نہیں کررہی ۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے تاجروفد کی تمام شکایات کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے واپڈا افسران کی ملی بھگت سے اڈا کاٹنے اور شیڈول سے ہٹ کر بجلی منقطع کرنے پر سخت غم و غصہ کا اظہار کیا ۔

انہوں نے واضع کیا کہ آئندہ کسی بھی علاقہ میں اڈا نہیں کاٹا جائے گا۔ اگر ایسا کیاجائے توشہری کمپلینٹ نمبر 09669280116 پر فوری اطلاع کریں ،

اڈا کاٹنے اور شیڈول سے ہٹ کر لوڈ شیڈنگ کرنے والے ذمہ دار ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ عوام کی پریشانی کا باعث بننے والے اہلکاروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے گیس لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے کہا کہ گیس آپریشن کے نام پر ڈیرہ میں گیس کی بندش انتہائی تکلیف امر ہے ۔

انہوں نے کہا اس حوالے سے وہ ایم ڈی گیس چیف سیکرٹری اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو عوام کی پریشانی سے آگاہ کرنے کیلئے مراسلہ ارسال کر رہے ہیں جس پر جلد کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

خطیب مولانا قاری محمد یوسف طویل علالت کے بعد خالق حقیقی سے جاملے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)جامعہ مسجد غلہ منڈی نزد تھانہ سٹی کے خطیب مولانا قاری محمد یوسف طویل علالت کے بعد خالق حقیقی سے جاملے،

ان کی عمر95برس تھی۔ ان کی نماز جنازہ جامع عید گاہ کلاں میں ادا کی گئی جس میں مختلف طبقات کے لوگوں سمیت علمائے کرام اور مشائخ عظام نے شرکت کی۔

بعدازاں انہیں عیدگاہ کلاں سے متصل قبرستان حافظ خیر احمد شہید میں سپردخاک کردیا گیا۔

٭٭٭

ملزم اپنا اسلحہ چھوڑ کر فرار ہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) پولیس کو دیکھتے ہی ملزم اسلحہ چھوڑ کر فرار ہوگیا، پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ صدر کی حدود فاروق اعظم ٹاﺅن میںآپریشن کے دوران مشکوک شخص کو روکنے کی کوشش کی گئی لیکن ملزم پولیس کو دیکھتے ہی موقع سے فرار ہوگیا ،

جبکہ ملزم بھاگتے ہوئے ایک رائفل8ایم ایم کلاشنکوف نما اور 5کارتوس راستے میں پھینکگیا۔ پولیس نے اسلحہ قبضے میں لیکر ملزم عمران کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔

٭٭٭

قتل کے مقدمات میں ملزمان ضمانت پر رہا ہوگئے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ایڈیشنل سیشن جج ڈیرہ / بااختیار ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سعید امجد نے تھانہ کلاچی کی حدود میں قتل کے دومقدمات میں گرفتار چار ملزمان کی ضمانت پر رہائی کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں تین لاکھ روپے دونفری ضمانت پر انہیں رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے ،

ملزمان کی جانب سے سیف الرحمٰن ایڈووکیٹ نے درخواستوں کی پیروی کی ۔ قتل کے پہلے مقدمہ میں تھانہ کلاچی کے حدود ڈیرہ ٹانک روڈ پر شاہین کالونی ہتھالہ کے قریب محمد شعیب عرف چیتا سکنہ کلاچی فائرنگ سے زخمی حالت میں پایاگیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیاگیا جوکہ دس روز بعد جاں بحق ہوگیا ،

مقتول کے چچا زاد بھائی کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج ہوا تاہم بعدازاں دوران تفتیش دو ملزمان اعجاز ولد وحید صاحبزادہ بلوچ سکنہ کلاچی اور دل جان عرف دلا ولد سرفرار سکنہ کلاچی کو مقدمہ میں نامزد کرکے انہیں گرفتارکرلیاگیا۔

قتل کے دوسرے واقعہ میں تھانہ کلاچی کی حدود محلہ یعقوب زئی میں رات کے وقت گلی میں نامعلوم ملزمان نے فائر نگ احسان اللہ نامی شخص کو قتل کردیا ،مقتول کے بیٹے شہنشاہ کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیاگیا

بعدازاں دو ملزمان اعجاز ولد عبدالواحد اور اکبرزمان ولد سرفراز ساکنان کلاچی کو قتل کے مقدمہ میں نامزد کرکے گرفتارکیاگیا ۔عدالت نے قتل کے دونوں مقدمات میں چاروں ملزمان کی ضمانت پر رہائی کی الگ الگ درخواستوں پر بحث سننے کے بعدا نہیں فی کس تین لاکھ روپے دونفری ضمانت پررہائی کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔

٭٭٭

شہریوں کی زندگی داﺅ پر لگ گئی ، شہری اپنی ہڈی پسلی توڑوانے پر مجبور

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان میں غیر رجسٹرڈ چنگ چی کی بھر مار کم سن وغیر لائسنس یافتہ ڈرائیور کی وجہ سے حادثات روز کا معمول بن گئے ،

ضلعی انتظامیہ اور پولیس چنگ چی ڈرائیوروں کے سامنے بے بس ،شہری اپنے جان داﺅ پر لگانے اور اپنی ہڈی پسلی توڑوانے پر مجبور ہوگئے ،شہریوں کا شدید احتجاج فوری نوٹس لینے کا مطالبہ ۔

ڈیرہ شہر اور گردونواح میں چلنے والے چنگ چی رکشہ جن کے ڈرائیور انتہائی کمسن ہیں جوکہ کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں کے خلاف ٹریفک پولیس سمیت کو ئی بھی اداروہ کاروائی کرنے سے گریزاں نظرآتے یں ۔

ذرائع کے مطابق ڈیرہ میں ٹریفک حادثات میں 70 فیصد اموات چنگ چی کے باعث ہورہی ہیں جبکہ عمربھر کے لئے جسمانی معزوری کا شکار ہونے والے افراد کی شرح اس سے کہیں زیادہ ہے ۔

شہر کے اہم چوکوں ،چوراہوں پر قبضہ جمائے ہوئے یہ چنگ چی رکشہ ڈرائیورز ٹریفک جام رکھنے کا سبب بھی بنتے ہیں جس کی وجہ سے سکول آنے جانے والے طلباءوطالبات کے علاوہ سرکاری ونجی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کو بھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

ٹانک اڈہ ،مشن موڑ پرانی سبزی منڈی اور ٹاﺅن ہال کے قریب قائم رکشہ ا سٹینڈ پولیس اورضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے

جہاں ہر قسم کے رکشہ کی بھرمار دکھائی دیتی ہے ۔شہریوں نے ڈی پی او ڈیرہ اور ڈی ایس پی ٹریفک ڈیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے چوک وچوراہوں پر قائم غیر قانونی رکشہ سٹینڈ کو ختم کروایا جائے اور کمسن چنگ چی ڈرائیوروں اور ان کے مالکان کے خلاف کاروائی کی جائے ۔

٭٭٭

اے ٹی ایم صارفین ذلیل و خوار ، کوئی پر سانِ حال نہیں

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)نیشنل بنک آف پاکستان انتظامیہ کی نا اہلی،شہر میں موجود واحد اے ٹی ایم مشین طویل عرصہ سے خراب،اے ٹی ایم صارفین ذلیل و خوار ، کوئی پر سانِ حال نہیں ۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں ملک کے بڑے قومی مالیاتی ادارے نیشنل بینک ڈیرہ میں طویل عرصہ سے کوئی اے ٹی ایم موجود نہیں ۔

صرف جی پی اوچوک برانچ ڈیرہ میں واحد ا ایم ٹی ایم نصب کی گئی ہے لیکن وہ بھی طویل عرصہ سے خراب ہے

جس کو ٹھیک کرنے پر کبھی بھی کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے ۔نیشنل بینک انتظامیہ کی انتہائی لاپرواہی اور نااہلی کے سبب صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے

جبکہ سونے پر سوہاگا نیشنل بنک کے تمام اکاﺅنٹس کے لنکس ہر ماہ کی ابتدائی تاریخوں میں لنک بھی ڈاﺅن ملتے ہیں

جس کی وجہ سے کسی دوسرے بینک کے اے ٹی ایم سے بھی رقوم نکلوانا ممکن نہیں ہوتا جبکہ دیگر بینکوں کے اے ٹی ایم بھی مہینے کے ابتدائی دنوں میں خراب پائی جاتی ہیں جس سے صارفین کی تکلیف اور پریشانی میں بے پناہ اضافہ ہوجاتا ہے اور وہ اپنی رقوم کے حصول کے لئے مختلف بینکوںکے چکر کاٹنے پر مجبور ہوجاتے ہیں ۔

صارفین نے نیشنل بینک انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے سٹیٹ بینک حکام سے فوری نوٹس لینے اور نیشنل بینک کی شہر میں تمام برانچوں کے اندر اے ٹی ایم نصب کرکے انہیں کارآمد بنانے کا پرزور مطالبہ کیاہے۔

٭٭٭

ڈی پی او ڈیرہ کا اندرون شہر بازار کا دورہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرڈیرہ کا اندرون شہر مین بازار توپانوالا کا اچانک دورہ ،

ڈی پی او ڈیرہ نے نئے سال کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے گزشتہ شب اچانک ڈیرہ شہرکے اہم بازار توپانوالا کا دورہ کیا ۔

اس دوران پاک آرمی کے افسران ، ایڈیشنل ایس پی ، ڈی ایس پی سٹی سرکل اور دیگر پولیس افسران بھی ان کے ساتھ موجود تھے ۔ انہوں نے مذکورہ مقامات میں آمد و رفت کی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے شہریوں کی تکالیف ازالے کے لیے روڈ کوکشادہ رکھنے کی ہدایات جاری کر دیں۔

ضلعی پولیس سرابرہ نے اندرون شہر تمام روٹس کو عوامی آمد و رفت کے لیے صاف اور کشادہ رکھنے اور شہر کے تمام بازاروں سے ناجائز تجاوزات فوری طور پر ختم کرنے کی بھی تنبیہ جاری کر دی ہے۔

اس موقع پر ڈی پی اوڈیرہ نے ڈیرہ شہر کے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ شہر کے بازاروں کو صاف ستھرا اور کشادہ رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں اور بازاروں سے ناجائز تجاوزات رضا کارانہ طور پر ختم کرنے اور شہر کے ٹریفک نظام کا منظم رکھنے میں پولیس انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں۔

٭٭٭

گزشتہ سال2019ءمیں مختلف کاروائیوں کی رپورٹ جاری

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈیرہ پولیس نے گزشتہ سال2019ءمیں مختلف کاروائیوں کے دوران قتل ، اقدام قتل، چوری ، راہزنی ، ڈکیتی ، اغواءبرائے تاوان ، کار لفٹنگ اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث 6430ملزمان اور 101جرائم پیشہ عناصر کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا ۔

اس دوران 108کلاشنکوف، 18کالاکوف ، 237 رائفل ،370بندوقیں،1002پستول،19عدد ہینڈ گرینیڈ،06ڈیٹونیٹراور 26696مختلف ساخت کے کارتوس برآمد کیے گئے ۔

منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کے دوران 367کلوچرس38 کلو 80گرام ہیروئن،2559گرام افیون،482بوتل شراب اور 776گرام آئس بھی برآمد کی گئی۔ پولیس نے مجموعی طور پر 07گاڑیاں زیر دفعہ523/550ض ف کے تحت قبضہ پولیس کیں۔

غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کے خلاف کاروائیوں میں 143789موٹر سائیکلوں کو چیک کیا گیاجن میں سے 860اپلائیڈ فار ،1130بلا نمبرموٹر سائیکل قبضہ پولیس کیے گئے اورجعلی نمبر پلیٹ لگانے پر 10موٹر کار، 01ٹرک اور 03موٹر سائیکلوں کے خلاف 419/420کے تحت مقدمات درج رجسٹر ہوئے ۔

چوری شدہ 07موٹر کاریں ،31موٹر سائیکل ،01آئل ٹینکر جبکہ نقب زنی ، راہزنی اور سرقہ میں چوری شدہ رقم مبلغ01کروڑ93لاکھ59ہزار 80روپے بھی برآمد کیے گئے ۔

ہوائی فائرنگ کے خلاف مہم میں 62افراد ،لاﺅڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر 220افراد ،غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں کے خلاف کرتے ہوئے 457افراد،

مختلف اداروں کی ناقص سیکیورٹی انتظامات پر 296افراد ،ہوٹل ریسٹریکشن ایکٹ کی خلاف ورزی پر 123 افراد اور سود ی کاروبار میں ملوث 12افراد کے خلاف مقدمات درج ہوکر گرفتار کیے گئے ۔

اسی طرح نیشنل ایکشن پلان کے تحت ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں 942سرچ اور کومبنگ اپریشن کیے گئے جس میں 1087مجرمان اشتہاریوں کے علاوہ 4360مشکوک افراد کو گرفتار کیا گیا ۔

جبکہ ان سرچ اپریشنز کے دوران 1298عدد مختلف ساخت کا اسلحہ ، 16621عدد مختلف ساخت کے کارتوس برآمد کیے گئے۔

اسی طرح 12603افراد کو زیر دفعہ 107/151ض ف ،12005افراد کو زیر دفعہ 55/109/110ض ف چالان عدالت کیا گیا۔

ٹریفک وارڈنز پولیس ڈیرہ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 77ہزار524افراد کو چالان کرکے 02کروڑ78لاکھ18ہزار600روپے جرمانہ وصول کرکے سرکاری خزانے میں جمع کرائے گئے

جمع کرایا ۔ اس کے علاوہ DRCضلع ڈیرہ اسماعیل خان نے سال2019ءکے دوران مختلف نوعیت کے 430تنازعات خوش اسلوبی اور عوامی اطمینان کے ساتھ حل کیے۔سال 2019ءکے دوران ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے سمگلروں کے خلاف کریک ڈاﺅن کرکے کروڑوں روپے مالیت کے ڈرائی فروٹ ،16نان کسٹم پیڈ گاڑیاں ،28ہزار619لیٹر ایرانی ڈیزل ،02ہزار لیٹر ایرانی پٹرول اور 250عدد ٹائر قبضہ میں کرکے کسٹم حکام کے حوالے کیے۔

٭٭٭

پانچ رکنی گروہ کا سراغ لگا کر دوملزمان کو گرفتار کرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ پولیس نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث پانچ رکنی گروہ کا سراغ لگا کر دوملزمان کو گرفتار کرلیا،

پولیس ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے لئے ایڈیشنل ایس پی کی نگرانی میں ڈی ایس پی سٹی ، ایس ایچ او کینٹ و سٹی پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی ۔

تفتیشی ٹیم نے تکنیکی ماہرین کی مدد سے جدید سائنسی طریقہ کار کے ذریعے پانچ رکنی موٹر سائیکل چوری میں ملوث گروہ کا سراغ لگا کر دو ملزمان مشتاق ولد الطاف قوم بلوچ سکنہ لکھرا اور نعیم ولد اللہ وسایا سکنہ ہمت کو گرفتار کیا

جو کہ تھانہ سٹی ، کینٹ ، صدر اور ٹاﺅن میں موٹر سائیکل چوری اور ٹیمپرنگ کی وارداتوں میں ملوث پائے گئے ۔

پولیس کے مطابق ملزمان چوری شدہ موٹر سائیکل کے پارٹس الگ کرکے انہیں فروخت کرتے تھے۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 04موٹر سائیکل ، سپیئر پارٹس اور ٹینکی وسائیڈ کور برآمد کیے گئے ہیں ۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر ان کے دیگر ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جار ہے ہیں،گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس سے دیگر ملزمان کی گرفتاری اور چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے ۔

٭٭٭

کاروں کی قیمتوں میں 29 فیصد تک اضافہ

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)سال 2019 پاکستان میں کاروں کی قیمتوں میں 29 فیصد تک اضافہ ہوا جس کے باعث اسی مدت کے دوران گاڑیوں کے فروخت میں تقریبا بہت زیادہ کمی واقع ہوئی۔

آٹو موبائل انڈسٹری نے 2019 میں جنوری تا نومبر 32،504 کاریں جس میں کرولا ، سٹی اور ویگن فروخت کیں تاہم پچھلے سال کے مقابلے میں اس فروخت میں33 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، ماہرین کے مطابق گاڑیوں میں فروخت کمی کی ایک وجہ غیر فائلرز کے خلاف ایف بی آر کی فعال مہم کا شروع ہونا بھی ہے۔

گاڑیوں کی فروخت میں کمی کے نتیجے میں گاڑیوں کی قیمت بھی کم ہونی چاہیئے تھی لیکن ایسا نہیں ہوا اور کاروں کی قیمتوں میں اضافہ برقرار رہا۔ قیمتوں میں اضافے کی وجہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں 2.5 فیصد سے 7.5 فیصد کے درمیان اضافی کسٹم ڈیوٹی اور روپے کی قدر میں کمی ہے۔

ڈالر کی بڑھتی قیمت نے آٹو سیکٹر کے لئے درآمدات کو زیادہ مہنگا کردیا کیونکہ گاڑیوں کے 50 سے 70فیصد پارٹس بیرون ملک سے درآمد کئے جاتے ہیں۔

ایک آٹو ڈیلر نے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مارکیٹ کی مجموعی صورتحال سے پتہ چلتا ہے کہ آٹو انڈسٹری میں کام کرنے والے غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کی پالیسیوں کو آسان بنانے کا انتظار کر رہے ہیں جوکچھ بھی ہوسکتا ہے جس کے بعد مارکیٹ میں تیزی آئے گی، یا تو ایف بی آر کاروبار کے حوالے سے اپنی سخت پالیسیاں تبدیل کرے گا

یا گاڑیاں اسبمل کرنے والی یونٹ پیداوار میں مزید کمی کردیں گی اور اپنے اخراجات پورے کرنے کے لئے ملازمین کو رخصت کردیں گے۔پچھلے سال پاکستان کو معاشی سطح پر بہت سارے چیلینجز کا سامنا کرنا پڑا تھا

لیکن یہ سال ادائیگی کے بحران کا توازن ، کرنٹ اکاونٹ خسارہ اور اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا

۔تاہم مارکیٹ کے ایک ماہر نے کہا کہ آئی ایم ایف کی مدد نے کچھ معاملات سے نمٹنے میں ہمیں معمولی مدد فراہم کی۔

٭٭٭

ثنا اللہ عباسی کو نیا آئی جی تعینات کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) وفاقی حکومت نے انسپکٹرجنرل پولیس خیبر پختون خواہ ڈاکٹر نعیم کو عہدے سے ہٹاکر ثنا اللہ عباسی کو نیا آئی جی تعینات کردیا۔

وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے نئے آئی جی کے پی کی تعیناتی کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ثنا اللہ عباسی سابق آئی جی گلگت بلتستان رہ چکے ہیں۔

ان کے پیش رو ڈاکٹر محمد نعیم نے رواں برس 9 فروری کو آئی جی کے پی کے کا چارج سنبھالا تھا اور محض گیارہ ماہ بعد انہیں تبدیل کیاگیا ہے۔

٭٭٭

ماتحت عدالتوں کی تعطیلات ختم ہوگئیں

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبہ بھر میں ماتحت عدالتوں کی تعطیلات ختم ہوگئیں جس کے بعد عدالتیں کل سے دوبارہ کھل گئی ہیں

جبکہ پشاور ہائی کورٹ کی تعطیلات 5جنوری کو ختم ہوں گی۔

ڈیرہ سمیت صوبے کے ماتحت عدالتوں کو 24دسمبر 2019سے یکم جنوری 2020تک چھٹیاں دی گئی تھیں جبکہ یہ عدالتیں گزشتہ روز دو جنوری سے کھل گئی ہیں تاہم وکلاءکی ہڑتال کے باعث وکلاءعدالتوں میں پیش نہیں ہوئے اور عدالتی امور ٹھپ رہے ۔

پشاور ہائی کورٹ کی تعطیلات بھی 5جنوری کو ختم ہونے کے بعد عدالت عالیہ چھ جنوری سے کام شروع کردے گی۔

٭٭٭

تاجروں کے لئے خود تشخیصی ٹیکس سکیم کا منصوبہ تیار

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈیرہ سمیت صوبے بھر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجروں کے لئے خود تشخیصی ٹیکس سکیم کا منصوبہ تیار کر لیا گیاہے دس کروڑ روپے تک سالانہ ٹرن آووور پر 0.5فیصد ٹیکس ادا کرنا ہو گا

ایف بی آرکی جانب سے منصوبے پر نئے سال میں عمل درآمد شروع کیا جارہاہے جبکہ یکم فروری سے پچاس ہزار روپے سے زائد کی خریدو فروخت پر شناختی کارڈ کی شرط بھی دوبارہ لاگو کردی جائیگی جنہیں تین مہینے کے لئے ملتو ی کیاگیاتھا ،

ایف بی آرذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں تاجر کمیٹیوں کے اعلانات بھی کئے گئے ہیں،

شہر کے مختلف مقامات پرکمیٹیاں جنوری سے تاجروں کی رجسٹریشن شروع کریگی جبکہ تاجروں کے لئے اردود میں ایک سادہ اور آسان ٹیکس گوشوارہ بھی تیار کیاگیا ہے

مذکورہ سسٹم کے تحت ایف بی آر میں رجسٹرڈ ہونے والے تاجروں کے لئے خود تشخیصی ٹیکس سکیم کو حتمی شکل دیا جائے گا۔

ایف بی آر نے تاجروں کے ساتھ تین مہینے قبل معاہدہ کیا تھااور اس معاہدے کے تحت خیبر پختونخوا میں چھوٹے اور درمیان درجے کے تاجروں کی رجسٹریشن کی جائیگی

٭٭٭

بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں رواں ہفتے کے اختتام پر بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے

جس سے میدانی علاقوں میں دھند اور سموگ میں واضح کمی آئے گی۔محکمہ موسمیات مطابق رواں ہفتہ کے اختتام پر بارش کا امکان ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک کے میدانی علاقوں میں سموگ اور بالائی حصوں میں دھند کی موجودہ شدت بارش کے باعث کم ہو جائے گی۔

٭٭٭٭٭٭

صحت کو بہترین حالت میں رکھنے کیلئے کچن گارڈننگ کو فروغ دیں

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ماہرین زراعت نے کہا کہ گھریلوپیمانے پر سبزیوں کی کاشت کا مشغلہ نہ صرف انسانی صحت کیلئے اکسیر کی حیثیت رکھتا ہے بلکہ یہ انسان کے جسم اور دماغ کو توانا رکھنے میں بھی اہم کردار کا موجب ہوتا ہے

کیونکہ گھر کے باغیچہ میں کاشت کی گئی سبزیاں سپرے اور دیگر غلاظتوں سے پاک ہوتی ہیں لہٰذا عوا م کو چاہئے کہ وہ بازاری سبزیوں کی خرید سے بچنے اور اپنی صحت کو بہترین حالت میں رکھنے کیلئے کچن گارڈننگ کو فروغ دیں۔

صحافیوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ اگر گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کیلئے جگہ دستیاب نہ ہو تو ضرورت کیلئے گملوں، کھلے ڈبوں، پلاسٹک یا لکڑی کی ٹرے میں بھی سبزیاں اگائی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گھریلو پیمانے پر چھوٹے پلاٹوں میں ایسی سبزیاں کاشت کی جائیں جوکافی دیر تک پیداوار دینے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پالک ، دھنیا، میتھی، گوبھی، ٹماٹر ، شلجم ، گاجر ، مولی جیسی سبزیاں تین سے پانچ مرلہ کے پلاٹ میں باآسانی کاشت کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان سبزیوں کیلئے اگر نہری پانی دستیاب نہ ہو تو پینے کا گھریلو پانی بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سبزیاں کاشت کرنے کے بعد انہیں پانی دینے وقت اس بات کا خیال رکھا جائے کہ پانی کھیلیوں سے اوپر نہ جائے ورنہ اس سے زمین سخت اور اگائو متاثر ہوسکتا ہے۔

٭٭٭٭٭٭٭

About The Author