ایس ایچ او سمیت دیگر پولیس اہلکاروں کی پشت پناہی،آر پی او اور ڈی پی او ڈیرہ کے خلاف درخواست دائر
ڈیرہ اسماعیل خان :ایس ایچ اوتھانہ صدر سمیت دیگر پولیس اہلکاروں کی پشت پناہی کا الزام ،آر پی او اور ڈی پی او ڈیرہ کے خلاف آئی جی پولیس کو درخواست دے دی گئی انعام اللہ کنڈی ایڈووکیٹ تشدد کیس میں ڈیرہ پولیس پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کی جانبداری اور گواہان پر دباﺅ ڈالنے کے باعث متاثرہ فریق نے تفتیشدوسرے اضلاع منتقل کرنے اور ایس ایچ او تھانہ صدر سمیت دیگر نامزد پولیس اہلکاروں / ملزمان کی تاحال گرفتاری نہ ہونے پر آئی جی پولیس خیبر پختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن کو الگ الگ درخواستیں ارسال کردیں ۔
مستغیث مقدمہ وسیم اللہ کنڈی ایڈووکیٹ اور ان کے وکیل گل تیاز مروت ایڈووکیٹ نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران بتایا کہ تھانہ صدر کی حدود رتہ کلاچی میں گزشتہ ماہ تھانہ صدر کے ایس ایچ او عابداقبال اور دیگر پولیس اہلکاروں نے مکان کے اندر زبردستی داخل ہوکر اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا،
پولیس نے انعام اللہ ایڈووکیٹ ،وسیم اللہ ایڈووکیٹ ،وجاہت اللہ اور عمران کو تشدد کا نشانہ بناکرکے تھانہ میں بندکردیا ،عدالتی حکم پر ایس ایچ او تھانہ صدر سمیت دیگر اہلکاروں کے خلاف واقعہ کا مقدمہ تودرج کرلیاگیا
لیکن ریجنل پولیس آفسیر ڈیرہ اور ڈی پی او ڈیرہ اپنے پولیس اہلکاروں کی پشت پناہی کررہے ہیں جس کی وجہ سے تاحال کسی کو معطل کیاگیا اور نہ ہی ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی
جبکہ پولیس افسران کی ملی بھگت سے انہیں بچانے کے لئے گواہان مقدمہ کو ہراساں کرنے کے علاوہ انہیں من پسند بیان دینے پر مجبور کیاجارہاہے ۔
انہوں نے کہا ڈیرہ پولیس کی اس جانبداری کے باعث ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن پشاور خیبر پختونخوا کو زیر آرٹیکل 18(6) پولیس آرڈر 2002 کے تحت گزاری ہے
جس میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ مستغیث مقدمہ اور دیگر مثاثرین کو ڈیرہ پولیس پر ہرگز اعتماد نہیں رہا
کیونکہ آر پی او ڈیرہ اور ڈی پی او ڈیرہ کی جانب سے ایس ایچ او تھانہ صدر اور دیگر نامزد پولیس اہلکاران / ملزمان کی پشت پناہی کی جارہی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اس ضمن میں آئی جی خیبر پختونخواکو دوسری درخواست ارسال کرچکے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ اندراج مقدمہ کے باوجود ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے اور نہ ہی ان کے خلاف کوئی محکمانہ کاروائی کی گئی ہے ۔
ان کا کہناتھا کہ ایف آئی آر میں نامزد ایس ایچ او تھانہ صد ر عابد اقبال اور دیگر ملزمان / پولیس اہلکارا بدستور تھانہ صدر میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جوکہ تحریک انصاف کی حکومت کی نااہلی کی واضح مثال ہے۔
٭٭٭
موبائل کمپیوٹرائز ڈرائیونگ یونٹ کا افتتاح کردیاگیا
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ پولیس آفس ڈیرہ میں موبائل کمپیوٹرائز ڈرائیونگ یونٹ کا افتتاح کردیاگیا ۔
یہ کمپیوٹرائز ڈرائیونگ لائسنس موبائل یونٹ سینکڑوں افراد کو مفت لرنر پرمٹ جاری کریگا۔ موبائل یونٹ شہر اور مضافات کے علاقو ں میں جاکر عوام کو ان کی دہلیز پر ڈرائیونگ لائسنس کے لرنر پرمٹ جاری کرنے کی خدمات انجام دے گا ۔
پولیس ذرائع کے مطابق عوام کو ان کی دہلیز پر ڈرائیونگ لائسنس کے اجراءکی سہولت فراہم کرنے کے لیے جدید کمپیوٹرائز نظام سے لیس آن لائن ڈرائیونگ لائسنس موبائل یونٹ تشکیل دیا ہے۔
کمپیوٹرائز ڈرائیونگ لائسنس کے آن لائن سسٹم پر مشتمل موبائل یونٹ شہر اور مضافات کے علاقوں میں جاکر شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے لرنر پرمٹ مفت جاری کرنے کی خدمات فراہم کریگا۔
جس کے ثمرات سے سینکڑوں افراد مستفید ہونگے ۔ آن لائن سسٹم کی اس سہولت کے تحت موبائل یونٹ کے ذریعے جاری کیے گئے لرنر پرمٹ ضلعی پولیس کی ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے کمپیوٹرائز نظام کا فوری حصہ بن جائے گا۔
جس پر ڈیڑھ ماہ کے عرصہ کے دوران تمام تر کاروائی مکمل کی جاتی ہے اور کمپیوٹرائز ڈرائیونگ لائسنس موبائل یونٹ سے لرنر پرمٹ حاصل کرنے والے افراد کو ڈرائیونگ کے امتحانی مراحل سے گزر کر کمپیوٹرائز لائسنس جاری کیے جاتے ہیں۔
٭٭٭
لاکھوں روپے کی مالیت کا ایرانی تیل سمگل کرنے کی کوشش ناکام
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ پولیس نے لاکھوں روپے کی مالیت کا ایرانی تیل سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق یارک پولیس نے پولیس نفری کے ہمراہ گلوٹی کے مقام پر ناکہ بندی کے دوران تین مشکوک ٹرکوں کو روک کر ان کی تلاشی کے دوران
ان ٹرکوں سے بالترتیب 4000لیٹر ایرانی ڈیزل ، 6000لیٹر ایرانی ڈیزل ، 1700لیٹر ایرانی ڈیزل ، 1500لیٹر ایرانی ڈیزل اور 250ٹائر برآمد ہوئے
جن کو کسٹم انسپکٹر شہروز خان کے حوالے کر دیا گیا ۔
٭٭٭
فحاشی کے اڈے پر چھاپہ تین خواتین سمیت چار افراد گرفتار ،اڈے کامالک پولیس کو چکمہ دے گیا
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)کینٹ پولیس کا ڈار سٹی میں بدنام زمانہ علی عمر پوری بنوچی کے مکان میں قائم مبینہ فحاشی کے اڈہ پر چھاپہ ،
اڈے کامالک پولیس کو چکمہ دیتے ہوئے دیوار پھلانگ کر بچ نکلنے میں کامیاب ،تین خواتین سمیت چار افراد کو موقع سے گرفتارکرلیا گیا ،
ایک خاتون سے بدکاری کے لئے دی گئی رقم بھی برآمد کرلی گئی ،پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں جیل بھیج دیا ۔
پولیس ذرائع کے مطابق کینٹ پولیس نے عوامی شکایات پر بھاری نفری کے ہمراہ ڈار سٹی میں طویل عرصہ سے قائم فحاشی کے اڈے پر چھاپہ مارا
دوران چھاپہ زنی فحاشی کے اڈے کا مالک بدنام زمانہ علی عمر پوری بنوچی مکان کی دیوار پھلانگ کر پولیس کو چکمہ دیتے ہوئے وہاں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا ۔
پولیس نے مکان کے اندر موجود تین خواتین نسرین بی بی سکنہ عید گاہ کالونی ڈیرہ ،فوزیہ بی بی سکنہ ہمت اور ثمینہ بی بی سکنہ نیازی چوک کے علاقہ ایک نوجوان شوکت خان محسود سکنہ سراروغہ جنوبی وزیر ستان کو گرفتار کرلیا ۔
پولیس نے ایک خاتون نسرین بی بی سے بدکاری کے لئے وصول شدہ رقم دو ہزارروپے بھی برآمد کرلی ،پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں جیل بھیج دیا ہے۔
٭٭٭
منشیات فروش سے ہیروئن برآمد کرلی گئی
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) یونیورسٹی پولیس نے ہزاروں روپے مالیت کی ایک کلو گرام ہیروئن برآمد کرکے منشیات فروش کو گرفتار کرلیا،
یونیورسٹی پولیس نے اطلاع پر کاروائی کے دوران بستی ریت والی میں منشیات فروش رفیع اللہ ولد لنگر علی سکنہ چاہ فقیر والا سے 900گرام
ہیروئن برآمد کرلی۔ پولیس نے پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے اس کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
٭٭٭
کلاچی پولیس کاکڑی ملنگ کے علاقہ میں سرچ آپریشن
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)کلاچی پولیس نے کڑی ملنگ کے علاقہ میں سرچ آپریشن ،
دو کلاشنکوف، دو بندوق اور دیگر اسلحہ برآمد کرکے3ملزمان کو گرفتار کر لیا ،پولیس نے پانچ افراد کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے ۔
کلاچی پولیس نے بھاری نفری کے ہمراہ گاﺅں کڑی ملنگ میں سرچ آپریشن کیا ۔
آپریشن کے دوران پولیس نے دو کلاشنکوف، دو بندوق، ایک رائفل اور 216کارتوس برآمد کرکے 3 ملزمان کو موقع سے گرفتار لیا ہے۔
پولیس نے پانچ ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کردیئے ۔
٭٭٭
دلنواز خان اور اصغر خان وزیر عمرہ کے لئے روانہ
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) گومل یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن دلنواز خان اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و نارکوٹیکس کنٹرول آفیسر پشاور اصغر خان وزیر عمرہ کی سعادت کیلئے سعودی عرب روانہ۔
تفصیلات کے مطابق گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن دلنواز خان اورمحکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و نارکوٹیکس کنٹرول آفیسر پشاور اصغر خان وزیر
عمرہ کی سعادت کیلئے سعودی عرب روانہ ہوگئے
جہاں وہ روضہ رسول پر حاضری کی سعادت حاصل کرینگے۔ اس موقع پر دوست احباب نے ان سے دعاﺅں کی استدعا کی ہے۔
٭٭٭
اتفاقی گولی چلنے سے پندرہ سالہ نوجوان شدید زخمی
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) اتفاقی گولی چلنے سے پندرہ سالہ نوجوان شدید زخمی ،زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ۔
پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ پروآ کی حدود گاﺅں بستی علی میں پندرہ سالہ محمد فاروق ولد بشیر احمد قوم ڈمرہ سکنہ بستی علی پروا اپنے گھر کے باہروالد کا پسٹل تیس بور چیک کررہا تھا کہ اس دوران اچانک گولی چلنے سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔
زخمی کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمی کے چچا ملازم حسین نے پولیس کے بتایا کہ وہ گھر میں موجود تھا کہ اچانک فائر کی آواز پر وہ باہر آیا
تو بھتیجا محمد فاروق اپنے والد کا پسٹل چیک کرنے کے دوران اپنی غفلت اور لاپرواہی کے باعث اچانک گولی چلنے سے زخمی ہوا ہے ۔پولیس نے نوجوان کے خلاف غفلت مجرمانہ کا مقدمہ درج کرلیا۔
٭٭٭
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)خیبر پختونخوا پولیس کے اعدادو شمار کے مطابق سال 2018 کے مقابلے میں 2019 کے دوران 20 فیصد سے زیادہ خواتین قتل کی گئیں،
2019 میں 217 خواتین کو قتل کیا گیا جب کہ سال 2018 کے دوران 180خواتین کے خون سے ہاتھ رنگے گئے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق سال 2018 میں 180 جب کہ سال 2019 میں 217 خواتین کو قتل کیا گیا۔
اسی طرح خواتین کےخلاف مختلف دیگر جرائم میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ جس کے تحت 2018 میں 50 جبکہ 2019 میں 63 مقدمات درج ہوئے۔
٭٭٭
ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 31 جنوری تک توسیع کردی گئی
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 31 جنوری تک توسیع کردی۔
ایف بی آر کی جانب سے تاریخ میں یہ توسیع ساتویں مرتبہ کی گئی ہے۔ اس سے قبل 16 دسمبر کو ایف بی آر نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ 31 دسمبر تک بڑھائی تھی۔29 نومبر کو ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارےجمع کرانےکی تاریخ میں 16 دسمبر تک توسیع کی تھی۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ شہری اب 31 جنوری تک اپنے انکم ٹیکس ریٹرنز (گوشوارے) جمع کرا سکتے ہیں۔ایف بی آر کے مطابق 13 دسمبر تک 19 لاکھ ٹیکس ریٹرن جمع کرائے گئے جب کہ سال 2018 میں تقریباً 27 لاکھ ٹیکس ریٹرن جمع کرائے گئے تھے۔
٭٭٭
سائبیریا سے آنے والی سرد ہواوں کی وجہ سے سردی کی لہر مزید بڑھ گئی
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان میں سائبیریا سے آنے والی سرد ہواوں کی وجہ سے سردی کی لہر مزید بڑھ گئی،
خون جما دینے والی سردی میں بھی عوام شدید مشکلات کا شکار ہو گئی،
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں سائبیریا سے آنے والی سرد ہواوں کی وجہ سے سردی کی لہر مزید بڑھ گئی، درجہ حرارت نقطہ انجماد کے قریب پہنچ گیا ، لوگ گھروں میں محصور، کاروبار زندگی مفلوج،
خون جما دینے والی سردی میں بھی گیس غائب، بجلی کی طویل و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ و باربار ٹرپنگ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔
ڈیرہ میں یخ بستہ ہواوں نے ڈھیرے ڈال دیئے۔ جسکے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ،
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کم سے کم درجہ حرارت 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔ دوسری جانب شدید سردی میں لوگ گھروں محصور ہوکر رہ گئے ,
ڈیرہ میں گیس پریشر بند رہنے اور بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات مزید بڑھا دی خاص کر گھریلو صارفین کو امور خانہ داری میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا
جبکہ کاروباری حضرات زمیندار و دیگر صارفین بھی پیسکو ڈیرہ کے کی من مانی سے پریشان ہے۔ عوامی حلقوں نے شدید سردی میں گیس پریشر کی مکمل بحالی اور بجلی لوڈشیڈنگ و بار بار ٹرپنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
٭٭٭
ڈیرہ اورمضافات میں موسم سرد،خشک اور جزوی طوپرابرآلودرہے گا
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈیرہ اورمضافات میں موسم سرد،خشک اور جزوی طوپرابرآلودرہے گا
جبکہ صبح کے وقت دھند ہوگی۔
بدھ کے روز ڈیرہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 9.3اورکم سے کم 3.4سینٹی گریڈریکارڈکیاگیا۔
صبح8بجے ہوامیں نمی کاتناسب 84فیصد اورشام 5بجے 67فیصدتھا۔ جمعرات کے روز ڈیرہ میںطلوع آفتاب 7بجکر16منٹ پراورغروب آفتاب 5بجکر22منٹ پرہوگا۔
٭٭٭
سردی میں غیر معمولی اضافہ ، غریب اور متوسط طبقہ کا لنڈا بازاروں کا رخ
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) سردی میں غیر معمولی اضافہ ، غریب اور متوسط طبقہ کا لنڈا بازاروں کا رخ،
ڈیرہ اسماعیل خان اور گردونواح میں سردی میں غیر معمولی اضافہ کے ساتھ ہی غریب اور متوسط طبقہ نے لنڈا بازاروں کا رخ کر لیا، مہنگائی کی شرح میں گذشتہ سال کی نسبت
امسال اضافہ کے باعث لنڈا بازاروں میں فروخت ہونے والے سویٹرز، جیکٹس اور دیگر گرم ملبوسات کی قیمتوں میں دگنا اصافہ ہونے کے باعث وہ عام شہری کی دسترس سے باہر ہو گئے۔
حکومت وقت غریب و متوسط طبقہ کو ریلیف پہنچانے کیلئے پالیسی مرتب کرے۔ ڈیرہ میں سردی میں اضافہ کے ساتھ گرم ملبوسات کی طلب میں اضافہ ہو گیا ہے،
غریب و متوسط طبقہ نے عام بازاروں سے مہنگی اشیاء خریدنے کی نسبت گرم ملبوسات کی خریداری کیلئے لنڈا بازاروں کا رخ کر لیا
تاہم مہنگائی میں گذشتہ سال کی نسبت امسال اضافہ کے باعث لنڈا بازاروں میں سویٹرز،
جیکٹس، شوز اور دیگر گرم ملبوسات دگنی قیمت میں فروخت ہو رہے ہیں جو عام عوام کی دسترس سے باہر ہیں۔
٭٭٭
سب سے زیادہ ٹماٹر پیدا کرنے والے اضلاع میں گوجرانوالہ پہلے نمبر ہے
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)پنجاب میں سب سے زیادہ ٹماٹر پیدا کرنے والے اضلاع میں گوجرانوالہ پہلے ،مظفر گڑھ دوسرے ، ننکانہ صاحب تیسرے ، رحیم یار خان چوتھے، شیخوپورہ پانچویں ، سرگودھا چھٹے ، فیصل آباد ساتویں نمبر پر آ گیا ہے
جبکہ پاکستان میں ٹماٹر کی پیداوار کے لحاظ سے بلوچستان پہلے، خیبر پختونخواہ دوسرے ، سندھ تیسرے ، پنجاب چوتھے نمبر پر رہا۔
محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایا کہ رواں سال کے پیداواری اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان ٹماٹر کی40.35 فیصد پیداوار ، خیبر پختونخواہ 28.80فیصد، سندھ 17.96 اور پنجاب 12.90 فیصد پیداوار کاحامل رہاہے۔
انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر کی فصل ایک انتہائی نازک فصل ہے جسے زیادہ دیر تک سٹور نہیں کیاجاسکتا۔ انہوںنے بتایاکہ ٹماٹر کی شاندار پیداوار کی کھپت اور اس کی مناسب قیمت کاحصول اسی وقت ممکن ہے جب ٹماٹر سے مختلف مصنوعات پیداکرنے کی جانب توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان ٹماٹر سے تیارکردہ مصنوعات برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ حاصل کرسکتاہے۔
٭٭٭
نئے سال کا پہلا چاند گرہن 10 اور11 جنوری کی درمیانی رات ہوگا
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)نئے سال کا پہلا چاند گرہن 10 اور11 جنوری کی درمیانی رات ہوگا جو پاکستان میں بھی نظر آئیگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سال 2020کا پہلاچاند گرہن 10اور11جنوری کی درمیانی رات ہوگااور یہ چاند گرہن پاکستان میں بھی نظر آئیگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق چاند گرہن رات 10بج کر 8منٹ سے 2 بج کر 12منٹ تک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ سال 2020میں 2چاند گرہن اور 2سورج گرہن ہونگے۔2020 کا دوسرا چاند گرہن 5اور 6جون کی درمیانی رات ہوگا۔ اس کے علاوہ 21جون 2020کو سال کا پہلا سورج گرہن بھی پاکستان میں نظر آئے گا۔
٭٭٭
پنشنرز کیلئے خوشخبری، یکم جنوری سے پنشن میں اضافہ ہو جائے گا
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) پنشنرز کیلئے خوشخبری، یکم جنوری سے پنشن میں اضافہ ہو جائے گا، وزیراعظم کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق یکم جنوری سے بزرگ پنشنرز کی کم سے کم پنشن 6200 روپے سے بڑھ کر 8500 روپے ہو جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے لاکھوں بزرگ پنشنرز کی پنشن میں یکم جنوری سے اضافہ کر دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے بزرگ پنشنرز کی پنشن میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔کچھ روز قبل وزیراعظم کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا
کہ ہماری حکومت نے1 سال میں ای او بی آئی کے بزرگ پنشنرزکوملنے والی رقم 62 فیصد اضافے کیساتھ 5250 سے بڑھاکر8500 روپےکردی ہےجس سے پنشنرزکو ریٹائرمنٹ کےبعد کے ایام میں مالی تحفظ فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
اس سرمائے کاکثیرحصہ خود ادارے کی اصلاح سے حاصل ہورہاہے۔ریاست مدینہ کی جانب یہ ایک اور اہم قدم ہے۔واضح رہے کہ مہنگائی میں 30 سے 40 فیصد اضافے کے باعث حکومت حاضر سروس اور ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشنوں میں اضافے پر غور کر رہی ہے۔
وزیرِاعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی ذوالفقار بخاری نے گزشتہ ماہ ای او بی آئی کی پنشن میں اضافے کی نوید سنائی تھی۔ اب وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد جنوری 2020ء سے پنشن کی رقم میں اضافہ ہو جائے گا۔
زلفی بخاری کا بتانا ہے کہ گزشتہ 15 ماہ میں ای او بی آئی پنشنرز کے لیے 62 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ ای او بی آئی پہلے کرپشن کی وجہ سے مشہور تھا لیکن اب اس نے ریکارڈ 21 ارب روپے جمع کیے ہیں۔
٭٭٭
ڈیرہ کے نام نہاد غیر قانونی ویب نیو ز چینلز کے خلاف فوجداری مقدمات کے اندارج کا فیصلہ کرلیاگیا
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ پریس کلب کا ماہانہ اجلاس زیر صدارت ابو معظم ترابی منعقد ہوا جس میں تلاوت کلام پاک کی سعادت الحاج قیوم نواز بابڑ نے حاصل کی۔اس موقع پر ڈیرہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری شیخ توقیر اکرم ،،احمد خان کامران ،
عبدالشکور استرانہ ،عبدالحمید بلوچ ،ابومعظم ترابی ،فاروق بلوچ ،وارث بلوچ ،رمضان سیماب ،محمد ریحان ،حاجی لطیف الرحمٰن ،غلام فرید محمدی ، ،الحاج قیوم نواز با بڑ ،،مصطفی کمال ،محمد عثمان ،عبداللہ جان ،راجہ جہانزیب اور گوہر محبوب غنچہ کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ تمام ممبران کاڈیرہ پریس کلب سے عزت ووقار وابسطہ ہے۔سابق صدر احمد خان کامرانی نے کہا کہ ڈیرہ پریس کلب کے تمام فیصلوں پر عمل درآمد کیا جائے۔ڈیرہ پریس کلب ایک آذاد ،خود مختیار اور فعال ادارہ ہے جس میں کسی کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے ۔
تمام فیصلے ممبران کی مشاورت سے کیے جاتے ہیں ۔
پاکستان الیکڑانک میڈیا ریگولیٹراتھارٹی (پیمرا) قوانین کی کھلے عام خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈیرہ میں متعددغیر قانونی وغیر لائسنس یافتہ ویب چینلز دامان ٹی وی ،عہدنامہ ،اپناڈیرہ ودیگر کام کررہے رہے ہیں جن کے مالکان کے خلاف ڈیرہ پریس کلب کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ ڈیرہ بینچ میں رٹ پٹیشن دائر کردی گئی ہے جبکہ انہیں باقاعدہ طور پر نوٹسز بھی ارسال ہوچکے ہیں ۔
اب ان کے خلاف فوجداری مقدمات کا اندارج کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ جو سرکاری ادارے اور ان کے افسران ان غیر قانونی ویب چینلز سے اپنی من پسند کوریج کرانے کی وجہ انکی پشت پناہی اور معاونت کررہے ہیں وہ بازآجائیں ورنہ وہ بھی غیر قانونی اقدام کے مرتکب قرار پائیں گے ۔
انہوں نے کہا صحافی عوام کی آواز ہیں عوامی مسائل کے آگے کسی سے کمپرومائز نہیں کیا جائے گاتمام صحافی کسی سے مرغوب ہوئے بغیر کام جاری رکھیں گے ڈیرہ پریس کلب کے معاملات میں کسی کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی،
ہم عوام کے مسائل کو اربا ب اختیار تک پہچانے کے لئے اپنی جدوجہدجاری رکھیں گے، عوامی مسائل اور ان کے استحصال پر کوئی کمپرومائز نہیں ہو گا،
تمام صحافیوں کو عوامی مسائل اجاگر کرنے کی ہدایات جاری کی گئی،جنرل سیکرٹری شیخ توقیر اکرام نے کہا کہ ہم ڈیرہ کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے دن رات کوشاں ہیں اور اس کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیاجائے گا۔
اجلاس کے آخر میں ڈیرہ پریس کے صدر محمد یٰسین قریشی ،ڈیرہ پریس کے سنیئر ممبر نوید سلطان اور شیخ توقیر اکرام کے والد کی علالت کے باعث ان کی جلد صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
٭٭٭٭
اے وی پڑھو
اشولال: دل سے نکل کر دلوں میں بسنے کا ملکہ رکھنے والی شاعری کے خالق
قومی اسمبلی دا تاریخی سیشن ،،26ویں آئینی ترمیم منظور
پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے حاجی گلبر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان منتخب