دسمبر 29, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ، تجزیے اور تبصرے

نیو ائیر نائٹ پر ہلڑ بازی، آتش بازی،ہوائی فائرنگ، اور ون ویلنگ پر پابندی عائد

ڈیرہ اسماعیل خان:ڈیرہ میں نیو ائیر نائٹ کے موقع پر ہلڑ بازی، آتش بازی،ہوائی فائرنگ، سائلنسر نکال کرموٹر سائیکل چلانے اور ون ویلنگ پر پابندی عائد کر دی گئی، ڈیرہ میں نیو ایئر نائٹ کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ محکمہ داخلہ کے احکامات کی روشنی میں ڈیرہ اسماعیل خان شہر اور ملحقہ علاقوں میں آج منگل کو نیو ایئر نائٹ کے موقع پر امن وامان کی فضاء برقرار رکھنے اور نوجوانوں کی طرف سے ہلڑ بازی کے ذریعے شہریوں کے سکون کو غارت کرنے کے تدارک کیلئے مختلف پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں

جس کے تحت سڑکوں ،شاہراہوں،تفریحی مقامات اور عوامی جگہوں پر موٹر سائیکل کی ون ویلنگ کرنے اور سائیلنسر نکال کر موٹر سائیکل چلانے کی ممانعت ہوگیجبکہ ہوائی فائرنگ و آتش بازی کرنے اورکھلے عام ہر قسم کا اسلحہ لیکر چلنے پر پابندی کے علاوہ ڈیک یا ٹیپ ریکارڈر کے ذریعے اونچی آواز میں گانے بجانے والوں کیخلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

انہوں نے بتایاکہ حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد کروایاجائیگااور قانون شکنوں کے ساتھ کوئی رعائت نہیں برتی جائیگی۔پولیس ذرائع کے مطابق شہر کے تمام اہم علاقوں میں پولیس گشت کا سلسلہ جاری رکھیں گی تاکہ نوجوانوں کو غل غپا ڑہ کر کے شہریوں کا سکون برباد کرنے کا موقع نہ مل سکے۔

افسران بھی گشت کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروںکے اہلکاروں کی ڈیوٹیاں چیک کریں گے اور نوجوانوں کو ہلڑ بازی کی اجازت نہیں دی جا ئے گی۔

انہوں نے بتایاکہ ڈیرہ میں نیوائیر نائٹ کے موقع پر پولیس کی سپیشل ٹیمیں بھی شہر بھر میں گشت کرتی رہیں گی اور مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ ،ون ویلنگ اور دیگر قانون شکنی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے نوجوانوں سے کہا ہے کہ وہ نیو ائیرنائٹ پر خرمستیاں اور غل غپاڑہ کرکے دوسروں کا سکون برباد نہ کریں۔

انہوں نے والدین سے بھی کہا کہ وہ اپنے بچوں کو قانون شکنی ،غیر شرعی حرکات اور دیگر خرافات سے باز رکھیں
تاکہ بعد میں انہیں پریشان نہ ہونا پڑے کیونکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو جیل کی ہوا کھانا پڑے گی خواہ وہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں۔
٭٭٭
ریکارڈ سردی اور موسم کی خرابی کے باعث درجنوں افراد لقمہ اجل بننے لگے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ریکارڈ سردی اور موسم کی خرابی کے باعث درجنوں افراد لقمہ اجل بننے لگے، ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر بچے اور بزرگ شہری شامل ، شدید سردی کے باعث ٹانک اڈہ کے قریب ملنگ شخص ہلاک پایاگیا،، ۔

ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں جمادینے والی سردی نے درجنوں جانوں کی زندگیوں کے چراغ گل کر دیئے۔ تھانہ سٹی کی حدو دٹانک اڈہ کے قریب واقع پیر پٹھان مارکیٹ میں گزشتہ روز شدید سردی کے باعث پچپن سالہ ملنگ مروت خان ولد رمضان قوم بلوچ سکنہ گرہ داد شیروکہنہ مردہ حالت میں پایاگیا جسے ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں ڈاکٹر کی تصدیق ہونے پر لاش لواحقین کے سپرد کردی گئی ،

ڈیرہ اور اس کے ملحقہ علاقے میں رواں سال کا سب سے کم درجہ حرارت 01 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے تحت رواں ماہ دسمبر کے دوران قاتل سردی اور خراب موسم میں درجنوںافراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں سے سے زیادہ تر افراد نظام تنفس میں انفیکشن (نمونیا وغیرہ) کے باعث جب کہ متعدد ڈائیریا کے مرض میں ہلاک ہوئے۔

محکمہ صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہلاکتوں کی وجہ سردی سے بچاﺅ کیلیے مناسب اقدامات کا نہ ہونا تھا۔ بچے اور ضعیف افراد نمونیا کا شکار ہو کر لقمہ اجل بن رہے ہیں۔ غربت اور لاعلمی کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔

واضح رہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث برپا ہونے والے موسمی تغیرات نے ہلاکت خیزی اختیار کرلی ہے۔ بے موسم کی بارشوں اور گلشیئرز پگھلنے کے عمل نے فطرت کی جانب سے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔
٭٭٭
لنڈے بازار کے دکانداروں نے بھی شہریوں کو لوٹنا شروع کر دیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ شہر وگردونواح میں سردی کی شدت میں اضافے کے بعد لنڈے بازار میں سٹالز سجانے والے دکانداروں نے بھی شہریوں کو لوٹنا شروع کر دیا،علاج معالجے کے اخراجات سے ڈرے شہری نئی اشیاء خریدنے کی استطاعت نہ رکھنے کے باعث ان لنڈا فروشوں کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں یہ دکاندار سویٹر، جرسی، دستانے ، جرابیں اور جیکٹس سمیت دیگر سردی سے بچانے والے میٹریل کی خریداری کے لئے آئے خریداروں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کی جبیں خالی کروانے پر تلے ہوئے ہیں،

ڈیرہ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ سردی کی شدت سے خود کو بچانے کیلئے سیکنڈ ہینڈ مال کی قیمتیں سن کر ان کے اوسان خطا ہو گئے ہیں اور تمام اشیاءکی قیمتوں میں 100 سے 200 روپے تک اضافہ کر دیا گیاہے۔
٭٭٭
انڈے ،خشک میوہ جات سمیت کھانے پینے کی دیگر اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ملک بھر کی طرح گزشتہ کئی روز سے ڈیرہ اسماعیل خان بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔دکانداروں نے انڈے ،خشک میوہ جات سمیت کھانے پینے کی دیگر اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

گھریلو خواتین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ کے باعث پہلے ہی کھانا نہیں بنا پاجاسکتا اوپر سے اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے نے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی ہے تاجروں کا یہ رویہ افسوس ناک ہے۔انہوں نے کہا کہ گیس بحران کے باعث بازار سے بنی بنائی اشیاءلے کر گزارا کر لیتے تھے۔

مگر بسکٹ ، چپس ،اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ہم اب یہ نہیں خرید سکتے۔اسی طرح لنڈا بازروں میں کم داموں میں گرم کپڑے باآسانی مل جاتے تھے مگر اب ان کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ جو کہ غریب کی پہنچ سے باہر ہے۔
٭٭٭
دسمبر سے فروری تک پھلدار پودے کورے وسردی کی لپیٹ میں ہوتے ہیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ دسمبر سے فروری تک پھلدار پودے کورے وسردی کی لپیٹ میں ہوتے ہیں لہذا باغبان لیچی‘ پپیتے‘ کیلے اور کاغذی لیموں کو سردی وکورے سے بچانے کیلئے فوری خصوصی حفاظتی وتدارکی اقدامات یقینی بنائیں۔

انہوں نے بتایاکہ سدابہار پودوں میں لیچی‘ پپیتا‘ کیلا اورکاغذی لیموں وغیرہ سردی اور کورے سے بے حد متاثر ہوتے ہیں جس سے پیداوار اورپھل کی کوالٹی میں خاطرخواہ کمی ہوتی ہے اسلئے پھلدار پودوں کو درجہ حرارت کی زیادتی یا کمی کے مضراثرات سے محفوظ رکھاجائے۔

انہوں نے کہا کہ کم سے کم درجہ حرارت معلوم کرنے کیلئے باغ میں پانچ فٹ بلندی پر تھرما میٹرلگالیں یہ تھرمامیٹرچارہیکٹررقبہ کا درجہ حرارت معلوم کرنے کیلئے کافی ہے۔
٭٭٭٭٭٭
سبزیوں کو کورے اور سردی سے بچانے کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت کے ترجمان نے کاشتکاروں کو سبزیوں کو کورے اور سردی سے بچانے کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے

اور کہاہے کہ سخت سردی کے موسم میں کورے کی وجہ سے پودوں کے تنوں ، شاخوں اور پتوں کے خلیوں میں موجود پانی جم کر برف بن جاتاہے

اسلئے پودوں کی بڑھوتری بری طرح متاثر ہوتی ہے اور شدید سردی کی وجہ سے پودے مر بھی جاتے ہیں۔
صحافیوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ سبزیوں کو کورے سے بچانے کیلئے کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ فصل کی آبپاشی کا وقفہ کم کردیں

اور ہلکا پانی دیںجبکہ فصل کے اردگرد بھوسہ، پرالی یا گھاس وغیرہ جلا کر دھواں کریںتاکہ درجہ حرارت کو بڑھایا جا سکے اسی طرح چھوٹی سبزیوں یا نرسریوں کو رات کے وقت پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دیںاور سبزیوں کو ٹھنڈی ہواﺅں سے بچانے کیلئے شمال کی طرف سرکنڈا لگادیں۔

انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید معلومات ، رہنمائی ، مشاورت کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا صبح 8سے رات 8بجے تک فری ایگریکلچرل ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔
٭٭٭
سردی کی شدت ،دیسی و برائلرمرغی،انڈوں اور مچھلی کی قیمت میں اضافہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سردی کی شدت میں اضافہ کے باعث دیسی و برائلرمرغی،انڈوں اور مچھلی کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا ہے ، پولٹری مافیا کی جانب سے کسی قسم کے چیک اینڈ بیلنس کی عدم موجودگی اور پولٹری مصنوعات کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر پولٹری ایسوسی ایشن کو مقررکرنے کی اجازت کی فراہمی کے باعث مسلسل ناجائز منافع خوری کا رجحان جاری ہے

مگر شہریوں کو بلیک مارکیٹنگ سے بچانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافہ کارجحان منگل کے روز بھی برقرار رہا اور چکن مارکیٹ میں مرغی کا گوشت 220 سے 230 روپے فی کلو گرام فروخت کیاگیا۔ اسی طرح دیسی مرغی کا گوشت بھی 650 سے 700 روپے فی کلو کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

دیسی انڈے 260 سے 270 روپے فی درجن اور برائلر انڈے 130سے 135روپے فی درجن فروخت کئے گئے۔ دوسری جانب مچھلی فروخت کرنے والے دوکانداران نے بھی دیگر شعبہ جات کو دیکھتے ہوئے ایک مافیا کی شکل اختیار کرلی ہے اور چونکہ عوامی مطالبہ کے باوجود پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے مچھلی کے نرخ مقرر نہیں کئے جاتے ہیں

لہٰذا مچھلی فروخت کرنے والے دوکانداران نے بھی گاہکوںکو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا بازارگرم کررکھاہے اور ایک ہی قسم کی مچھلی کے کئی کئی نرخ وصول کئے جارہے ہیں۔ منگل کے روز مچھلی مارکیٹ میں بڑے سائز کی سنگھاڑی مچھلی 750 سے 850روپے فی کلو ، چھوٹے سائز کی مچھلی 600سے 650 روپے فی کلو ، سول مچھلی 900سی1000روپے فی کلو ، رہو مچھلی 390 سے450روپے فی کلو گرام فروخت کی گئی۔

شہریوں نے ارباب اختیار سے پولٹری مصنوعات اور مچھلی کے نرخوں کے تعین کے ضمن میں ضروری اقدامات کا مطالبہ کیاہے
٭٭٭
شہر بھر میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ ،شہری عدم تحفظ کا شکار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)شہر بھر میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ ،شہری عدم تحفظ کا شکار ہوگئے ،نامعلوم ملزمان مکان سے دو عدد موٹرسائیکل لے اڑے ،شہری کا اونٹ چوری کرلیاگیا،

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر اور گردونواح میں چوری چکاری کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا جبکہ ڈیرہ پولیس چوری کو بے نقاب کرکے انہیں گرفتار کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔

تھانہ صدر کی حدود بے مثال کالونی میں نامعلوم چور رات کے وقت انعام اللہ کنڈی نامی شہری کے مکان میں داخل ہوگئے اور وہاں موجود دوعدد موٹرسائیکل ہنڈا سی ڈی پرائیڈو چوری کرکے لے گئے ۔

تھانہ درابن کی حدود میں شہری کا قیمتی اونٹ چوری کرلیاگیاپولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرلیا تاہم کسی ملزم کو ٹریس نہیں کیا جاسکا۔
٭٭٭
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اجلاس منعقد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ مسرت حسین بلوچ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ سیدہ انجم ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ غلام فاطمہ کے علاوہ سرکل واسسٹنٹ سرکل افسران افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سکول بیسڈ پرفارمنس میںنمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا کہ سکولوں میں سہولیات کی فراہمی اور معیار تعلیم میں بہتری کیلئے اقدامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں ترقی کرنے والی قومیں ہی ترقی کی منازل طے کرتی ہیں، اساتذہ معمار قوم ہیں اور ان کے ہاتھوں میں قوم کی تقدیر ہے۔ انہوں نے اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ پیغمرانہ پیشے سے منسلک ہیں لہذا اس اہم ذمہ داری کی لاج رکھیں اور سکولوں میں طلباءکی حاضری سمیت دیگر سہولیات کو بہترین مصرف میں لائیں۔

حکومت تعلیمی ترقی اورسہولیات فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔
٭٭٭
شدید سردی کے دوران مستحق افراد کی رہائش و خوراک کے انتظامات شروع

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے شدید سردی کے دوران بے گھرو مستحق افراد کی رہائش و خوراک کے خصوصی انتظامات کے احکامات پر فوری عمل درآمد شروع کردیا۔

وزیر اعظم کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں زیر علاج غریب مریضوں کے لواحقین، ضلعی پناہ گاہ میں مقیم افراد اور ضلع کی مختلف شاہراہوں پر رہائش پذیر افراد کے لیئے کھانے کی فراہمی اور انہیں پناہ گاہ میں رہائش یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ کی جانب سے ضلع کی شاہراہوں پر قائم ہوٹل مالکان سے کہا گیا ہے کہ وہ بھی مستحق افراد کو شدید سردی کی حالیہ لہر تک رعایتی نرخوں پر کھانا فراہم کریں اور انتظامیہ کی جانب سے بھرپور تعاون کی آفر سے فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے شہریوں سے کہا کہ شدید سردی کی لہر کی ممکنہ پندرہ دنوں میں اگر مستحق افراد کا انہیں علم ہو تو وہ اپنے علاقہ کے اسسٹنٹ کمشنر سے رجوع کریں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے سردی کی شدت کے پیش نظر پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کو ہدایات جاری کی گئیں کہ اس شدید سردی کے موسم میں کوئی بھی شخص جائے پناہ سے محروم نہ رہے اور دونوں حکومتیں پہلے سے موجود پناہ گاہوں میں جگہ نہ پاسکنے والے افراد کیلئے خوراک اور عارضی پناہ گاہوں کا فوری بندوبست یقینی بنائیں
٭٭٭
کینٹ پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ٹاﺅن

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کینٹ پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ٹاﺅن ،موسیٰ ٹاﺅن اور بلوچ نگر میں کاروائی کے دوران تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ایک کلو گرام سے زائد چرس برآمد کرلی گئی ۔

کینٹ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کے دوران موسیٰ ٹاﺅن اور بلوچ نگر میں ملزمان شیخ خلیل الرحمٰن سکنہ بلوچ نگر اور محمد ثقلین سکنہ ترین کالونی ڈیرہ سمیت تین افراد کو گرفتارکرکے ان کے قبضہ سے ایک کلو گرام سے زائد چرس برآمد کرلی ہے۔

پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں حوالا ت میں بند کردیا ۔
٭٭٭
ٹریفک حادثات میں تین افراد شدید زخمی ہوگئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)شدید سردی اور دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں تین افراد شدید زخمی ہوگئے ،زخمیوں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ،

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ درابن کی حدود کلاچی موڑ کے قریب تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی اور پراڈو جیپ میں تصادم کے نتیجے میں جیپ سوار دو افراد سید ذیشان ولد ایوب خان بنگش سکنہ کوہاٹ اور سید علی شاہ زخمی ہوگئے جبکہ گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ،

دوسرے واقعہ میں تھانہ کینٹ کی حدود درابن روڈ زکریا مسجد کے قریب چنگ چی کی زور دار ٹکر سے موٹرسائیکل سوار محمد طارق ولد عبدالرشید قوم راجپوت سکنہ توصیف آباد کالونی ڈیرہ شدید زخمی ہوگیا ،

زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ،پولیس نے دونوں واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرلیے ہیں ۔
٭٭٭
موسم سرما کی تعطیلات میں توسیع کا اعلامیہ جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبر پختونخوا میں سردی کی شدت میں شدید اضافہ، 07 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات میں توسیع کا اعلامیہ جاری کر دیاگیا۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے میدانی علاقوں میں یکم جنوری سے ختم ہونے والی موسم سرما کی تعطیلات میں 07 جنوری 2020ءتک توسیع کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

والدین اور شہریوں کے بھرپور مطالبہ پرمحکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کی جانب سے چھٹیوں میں توسیع کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق سرکاری اور نجی سکولز 07 جنوری تک بند رہیں گے ۔

تعطیلات میں توسیع سردی کی لہر میں اضافے کی وجہ سے کی گئی ہے۔ موسم سرما کی تعطیلات میں توسیع کے فیصلے کا اطلاق تمام سرکاری اور نجی سکولوں پر لاگوہوگا۔
٭٭٭
سلنڈر گیس ،لکڑی اور کوئلہ کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ میں گیس کی لوڈشیدنگ کی وجہ سے سلنڈر گیس ،لکڑی اور کوئلہ کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ،ضلعی انتظامیہ خاموش ،صارفین پریشانی کا شکار ،تفصیلات کے مطابق شدید سردی اور دھند کے باعث ڈیرہ شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کی طویل لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔

سوئی گیس نہ ہونے کی وجہ سے شہری اس کے متبادل ایندھن کے حصول کے لئے سلنڈر گیس ،لکڑی اور کوئلے کا استعمال کررہے ہیں ۔گیس نہ ہونے کے سبب کاروباری اور دفاتر میں ملازمت کرنے والے افراد بغیر ناشتہ کے ہی گھروں سے چلے جاتے ہیں ۔

شہریوں کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایل پی جی گیس سلنڈر ،لکڑی اور کوئلہ فروخت کرنے والے دکانداروںنے من مانے نرخ وصول کرنا شروع کررکھے ہیںلکڑی اور کوئلہ کے نرخ آسمان سے باتیں کرتے دکھائی دیتے ہیں جو غریب کی استطاعت خرید سے باہر ہوگئے ہیں ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔
٭٭٭
سٹریٹ لائٹس کا نظام انتہائی ابتر ،گلی محلے اندھیرے میں ڈوب گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ شہر اور ملحقہ آبادیوں میں سٹریٹ لائٹس کا نظام انتہائی ابتر ،گلی محلے اندھیرے میں ڈوب گئے ،لاکھوں روپے سٹریٹ لائٹس کی مد میں خرچ کیے جاتے ہیںلیکن متعدد علاقوں میں فیوز بلب تبدیل ہی نہیں کیے جاتے جبکہ سولر لائٹس بھی خراب پڑی ہیں جہاں چوری کی وارداتوں کا خطرہ شہریوں کے سروں پر منڈلارہا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اندرون شہر کے مختلف بازاروں ،گلی محلوں میں بھی اندھیرے کی وجہ سے سیکورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں ۔ڈیرہ میں لاکھوں روپے گزشتہ ادوار میں سٹریٹ لائٹس کے منصوبہ پر خرچ کیے گئے لیکن اندرون شہر کی سڑکوں پر کہیں سٹریٹس لائٹس نظر نہیں آتیں جوکہ قومی پیسے کا ضیاع ہے ۔

اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ سٹریٹ لائٹس کا نظام بالکل درہم برہم ہوچکا ہے ،گلی محلوں میں اندھیرے کا راج ہے اور گلی محلوں سے خواتین بزرگوں اور بچوں کا گزرنا بھی محال ہوگیا ہے ۔

شہر کے مختلف بازاروں میں بھی سٹریٹ لائٹس نصب لیکن خراب ہونے پر میونسپل کمیٹی انہیں مرمت کرنے کی زحمت گوارہ نہیں کرتی۔شہرمیں سولر لائٹس لگائی گئی ہیں لیکن وہ بھی کچھ عرصہ کام کرنے کے بعد خراب ہوچکی ہیں جنہیں دوبارہ مرمت نہیں کیاجارہا ۔

عوامی حلقوں نے کہا ہے کہ سابق حکومت کے دور میں لاکھوں روپے سٹریٹ لائٹس کی مرمت اور تنصیب کے لئے رکھے گئے جن کا اب کوئی وجود باقی نہیں ہے اور قومی پیسہ ضائع ہوا،شہریوں نے اندرون شہر کی سڑکوں ،گلی محلوں میں سٹریٹ لائٹس مرمت کرکے انہیں چالوکرنے کامطالبہ کیا ہے۔
٭٭٭
ناشتہ تیار نہ کرنے پر شوہرنے بیوی کو طلاق دے دی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)گیس لوڈشیڈنگ کے باعث ناشتہ تیار نہ کرنے پر شوہرنے بیوی کو طلاق دے دی،

تفصیلات کے مطابق گیس لوڈ شیڈنگ سے گھروں میں ٹائم سے کھانا نہ بننے پر لڑائی جھگڑے ہونے لگے،

شہروگردونواح میں سی این جی بندش کے باوجودسوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی ،عوام ناشتہ سمیت گھرکے دیگرکھانوں سے محروم ہوگئے، سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کے بعدایل پی جی کی قیمتوں میں دکانداروں نے ازخوداضافہ کرلیاہے۔

کوئلہ اورلکڑی کی قیمتوں میں بھی اضافہ مزدورپیشہ افرادکی پہنچ سے باہرہوگئے ،واقعات کے مطابق ڈیرہ شہروگردونواح میں سی این جی بندش کے باوجودسوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کاسلسلہ عروج پرپہنچ گیاہے،

چوبیس گھنٹے میں صرف ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ صبح ساڑھے پانچ بجے سے صبح سات بجے تک پوری گیس فراہم کی جارہی ہے، اس کے بعدگیس کاپریشرکم کردیاجاتاہے جس پرناشتہ تیارہوناتوایک طرف رہاچائے بنانابھی مشکل ہوجاتاہے۔
٭٭٭
نیاسال،نئی پریشانی سامنے آگئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)نیاسال،نئی پریشانی ، سرکاری دستاویزات پر تاریخ لکھتے وقت سال2020ءمکمل لکھا جائے،جانتے ہیں اگرصرف 20لکھا تو کیا ہوکچھ ہو سکتا ہے؟ نیاسال،نئی پریشانی ،

سرکاری دستاویزات پر تاریخ لکھتے وقت سال2020ءمکمل لکھا جائے، ایک سال تک احتیاط کرنا ہو گی ،بے احتیاطی سے پریشانی بھی لاحق ہو سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ماہرین کا کہنا کہ سال2020ءمیں تاریخ لکھتے وقت احتیاط کرنا ہو گی ہمیں اسے مکمل شکل میں لکھنا ہوگا جیسے مکمل تاریخ 31-01-2020لکھی جائے گی جبکہ نامکمل تاریخ 31-01-20ایسے ہر گز نہ لکھی جائے

جیسے اس سے قبل سال18یا19لکھا جاتا تھااب ایسا نہیں ہوگا۔کیونکہ کوئی بھی اپنی سہولت کیلئے تاریخ کسی بھی وقت تبدیل کر سکتا ہے اگر وہ20کے ا ٓئے 18یا19لکھ دے تو وہ 2018ء یا 2019ء بن جائے گا۔

زمین ،جائیداد یا کسی بھی لین دین کا معاہدہ کرتے وقت سرکاری کاغذات میں تاریخ لکھتے وقت احتیاط لازم ہے اور پوری تاریخ لکھی جائے اورسال2020ءمکمل لکھا جائے یہ مسئلہ صرف ایک ہی برس یعنی2020ءمیں پیش ا ٓئے گا۔
٭٭٭٭٭٭

About The Author