نومبر 21, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع مظفر گڑھ سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلے

ضلع مظفر گڑھ سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تبصرے،اور تجزیے۔

کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر)

وزیر مملکت برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ڈاکٹر میاں شبیر علی قریشی نے کہا ہے کہپاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ملک کے غریب عوام کو ان کے حقوق کی فراہمی اور بنیادی مسائل کا حل ہے، عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا ہے،

پی ٹی آئی حکومت کا سب سے اولین مقصد عوام کی خدمت اور ان کا معیار زندگی بلند کرنا ہے،حکومت عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی کا پختہ عزم رکھتی ہے،دائرہ دین پناہ کی عوام کا دیرینہ مطالبہ پوراکردیا، دائرہ دین پناہ میں 5 کروڑ کے ترقیاتی کام بھی کرائے جائیں گے،

کوٹ ادو میں یونیورسٹی اور چوک سرور شہید جلد تحصیل بن جائے گی،ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز دائرہ دین پناہ میں نادرا سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ،پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نواز کی حکومت میں عوام کے نام پرقرضے لیکر کرپشن کی جن کی سزا اُن کو آج مل رہی ہے،

اقتصادی حوالے سے سابق حکومت نے کچھ نہیں کیا، وزیراعظم عمران خان اور دیگر وزراء نے دن رات ایک کیا ہواہے، ملک میں جلد معاشی بحران کو ختم کرکے عوام کو سہولیات فراہم کریں،انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ترقیاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے

تاکہ عوام کو درپیش مسائل بروقت اور شفاف انداز میں حل ہو سکیں انہیں عوامی مفادات انتہائی عزیز ہیں اور ان کی سیاست کا محور نظام میں تبدیلی اور فلاحی ریاست کے لیے موثر اقدام اٹھانا ہے،ڈاکٹر شبیر علی قریشی نے کہا کہعلاقے میں عوامی فلاح و بہبود کی بہتری کے لئے بہترین اقدامات جاری ہیں،

الیکشن کے دوران کئے وعدوں کی تکمیل کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں انشاء اللہ تمام وعدے پورے کریں گے،انہوں نے کہاکہ دائرہ دین پناہ کی عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے نادرہ سینٹر دائرہ دین پناہ کا افتتاح کر دیا،

دائرہ دین پناہ پیر جگی موڑ احسان پور کی عوام کو اب باہر جانے کی ضرورت نہیں، اب ان کو شناختی کارڈ انکی دہلیز پر مسیر ہونگے، عوام کے بجلی گیس اور شہر کے معاملات کو بہتر انداز میں حل کریں گے

عو،ام کی فلاح کے لیے دائرہ دین پناہ پر 5 کروڑ کا ترقیاتی فنڈ خرچ کریں گے،ہم اپنی تحصیل کوٹ ادو میں یونیورسٹی کی کوشش میں ہیں اور کوٹ ادو کو ضلع اور چوک سرور شہید کو تحصیل بنائیں گے ہم 5 سال میں ریکارڈ کام کریں گے۔


کوٹ ادو

ضلع بھر کے شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کیا جارہا ہے، ڈی پی او ندیم عباس کی کوٹ ادو میں کھلی کچہری میں گفتگو،تفصیل کے مطابق ڈی پی او ندیم عباس نے ایس ڈی پی او کوٹ ادو اعجاز حسین بخاری کے ہمراہ دفتر ایس ڈی پی او میں کھلی کچہری کا انعقاد کروایا

جہاں شہریوں کی کثیر تعداد کے ساتھ سول سوسائٹی اور تاجر برادری کے راہنماؤں نے بھی شرکت کی، کھلی کچہری میں شہریوں نے ڈی پی او مظفرگڑھ ندیم عباس سے براہ راست ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا،

ڈی پی او نے فوری طور ان تمام درخواستوں پر فوری کارروائی و انکوائریز کا حکم دیا، ڈی پی او ندیم عباس سے تاجر برادری کوٹ ادو کے راہنماؤں نے بھی ملاقات کی

اور شہر کے مسائل کے بارے گفتگو کی، ڈی پی او ندیم عباس نے دھند کے باعث حادثات کی روک تھام کیلئے تمام گاڑیوں کے پیچھے ریفلیکٹر لگانے کی اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کیں،

ڈی پی او کا تاجر برادری سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مارکیٹس میں سی سی ٹی وی کیمرہ جات لگانے اور پولیس کے موثر گشت کے حوالے بھرپور قانونی مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا،

ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کے جوان شہریوں کے جان مال عزت و آبرو کے تحفظ میں بر سرپیکارہیں۔


کوٹ ادو

تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 27سالہ نوجوان جاں بحق،نامعلوم کار ڈرائیور کار موقع سے لیکر فرار،چھوٹے پیر سے قادر پورراں سے دم کرانے کیلئے آنے والوں کی ویگن سڑک کنارے کھڑے گناسے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکراگئی،

ڈرائیور سمیت9افراد شدید زخمی،پولیس نے دونوں نامعلوم ڈرائیوروں کے خلاف مقدمات درج کرلئے،اس بارے تفصیل کے مطابق پہلے واقعہ تھانہ سنانواں کے علاقہ موضع لعل میر کا رہائشی محمد رفیق آرائیں گزشتہ روز موٹر سائیکل پر سوار سنانواں جا رہا تھا کہ

سبزی منڈیکے قریب دھند کی وجہ سے سامنے سے آنے والی تیز رفتار کار سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ نامعلوم کار سوار کار سمیت موقع سے فرار ہوگیا،جبکہ ٹاٹے پور ملتان کے رہائشی فداحسین وینس اپنے بیوی بچوں سمیت دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ چوک سرور شہید میں چھوٹے پیر کے پاس دم کرانے آرہے تھے کہ

پٹھان وٹل کے قریب سڑک کنارے گنا سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکر اگئے جس کے نتیجہ میں فداحسین وینس اس کی بیوی ممتاز بی بی سمیت دیگر رشتہ دار خواتین بھرانواں،ریشماں،خورشید بی بی مقصود بی بی،نسیم بی بی،محمد اسلم،غلام یٰسین سمیت ویگن ڈرائیر سید غلام عباس زخمی ہوگئے

جنہیں ریسکیو1122نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چوک سرور شہید منتقل کردیاگیا،پولیس نے دونوں نامعلوم ڈرائیوروں کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرکے دونوں ڈرائیوروں کی تلاش شروع کردی ہے،


کوٹ ادو

اوباش گن پوائنٹ پر رشتہ دار کی بیوی سے عرصہ دراز تک زیادتی کرتا رہا،خاوند کے آنے پر اوباش فرار نامعلوم افراد نے والدین کو ملنے کیلئے جانے والی شادی شدہ کاتون اغواء کرلی،لین دین کے تنازعہ پر3افراد نے نوجوان کو ڈنڈوں سوٹوں سے لہولہان کردیا،

ڈکیتی کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری گرفتار،پسٹل برآمد،پسٹل لیکر واردات کی نیت سے گھومنے والا پولیس کو دیکھتے ہی پسٹل پھینک کر فرار،پولیس نے تمام مقدمات درج کرلئے،اس بارے تفصیل کے مطابق پہلے واقعہ تھانہ دائرہ دین پناہ کے علاقہ موضع بیٹ قائم والا کے رہائشی بستی شیخاں میں بلال سندھی کا رشتہ دار شعبان سندھی بلال کی بیوی کو ڈرا دھمکا کر گن پوائنٹ پر ایک ماہ سے اس کے ساتھ زیادتی کرتا تھا،

گزشتہ شب بلال سندھی مزدوری کے سلسلہ میں گھر سے باہر تھا کہ اسی اثناء میں شعبان سندھی کمرہ کی کھڑکی توڑ کر اس کے کمرہ میں داخل ہوگیا اور گن پوائنٹ پر اس کی بیوی ساجدہ بی بی کے ساتھ زیادتی کی اسی اثناء میں اس کا خاوند بلال موقع پر آگیا

جس نے اس کی وڈیو بنالی،بلال کو دیکھتے ہی شعبان موقع سے فرار ہوگیا،تھانہ سنانواں کے علاقہ موضع پتی نائچ کے رہائشی سبحان دین پتافی کی شادی 10ماہ قبل موسیٰ خیل کے رہائشی ایوب خان پٹھان کی بیٹی شیر نو سے ہوئی تھی گزشتہ روز شیر نو اپنے والدین کے گھر ملنے گئی تو اسی اثناء میں 5نامعلوم کا ر سوار اسے اغواء کرکے لے گئے،

تھانہ دائرہ دین پناہ چک نمبر152ایم ایل کے رہائشی واحد گل پٹھان کو لین دین کے تنازعہ پر مشتاق بھرانی،عابد بھرانی،عامر بھرانی نے گن پوائنٹ پر روک لیا

اور ڈنڈوں سوٹوں سے لہولہان کردیا،پولیس سنانواں نے ڈکیتی کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری شہباز کو گرفتارکرکے اس کے قبضہ سے پسٹل 30بور معہ برآمد کرلیا

جبکہ پولیس سنانواں معمول کے مطابق گشت پر تھی کہ واردات کی نیت سے پسٹل لیکر گھومنے والے حقنواز گورمانی کو روکا جوکہ پولیس کو دیکھتے ہی پسٹل پھینک کر فرارہوگیا،

پولیس سرکل کوٹ ادو نے تمام واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرکے ملزمان اور مال مسروقہ کی تلاش شروع کردی ہے،

About The Author