دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

انٹرنیٹ پر پابندیاں: تاجر، جی ایس ٹی کیسے ادا کریں؟

تاجر کو جی ایس ٹی بھرنے کیلئے محض تیس منٹ دیے جاتے ہیں جس میں وہ اپنا کام مکمل نہیں کر پا رہے ہیں

انٹرنیٹ پر پابندیاں: تاجر، جی ایس ٹی کیسے ادا کریں؟

سرینگر ،

مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ پانچ ماہ سے انٹرنیٹ پر مسلسل پابندیوں کے باعث تاجر جی ایس ٹی ادا نہیں کر پا رہے ہیں اور وقت پر رقم جمع نہ کرنے پر ماہانہ جرمانے کا بوجھ بھی بڑھ رہا ہے جبکہ رواں برس اگست سے جی ایس ٹی ادا کرنے کی ڈیڈلائن بھی 20 دسمبر کو ختم ہو رہی ہے۔

جموں و کشمیر کے محکمہ خزانہ کے مطابق تاجرین جی ایس ٹی ادا نہ کر پانے سے حکومت کو بھی مالی خسارے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس مالی بحران سے نمٹنے کیلئے جموں و کشمیر کے لیفٹینٹ گورنر انتظامیہ نے دو ہفتے قبل وادی کے تاجروں کیلئے سرینگر کے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن محکمے کے علاوہ تمام اضلاع میں کمشنروں کے دفاتر میں انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کی ہے۔

ذرائع  کے مطابق سرینگر میں انتظامیہ نے سولنہ علاقے میں واقع ایکسائز اینڈ ٹیکزیشن محکمے کے دفتر میں تاجروں کے لئے 20 اور ہر ضلع میں 5 کمپیوٹر مختص کیے ہیں جن کے ذریعے تاجر حضرات جی ایس ٹی ادا کر سکتے ہیں۔

کشمیر میں 51 ہزار تاجر جی ایس ٹی پورٹل پر رجسٹرڈہیں اور عام حالات میں یہ اپنا جی ایس ٹی آسانی سے انٹرنیٹ کے ذریعے ادا کرتے تھے۔ تاہم تاجران سرکار کے اس اقدام سے مطمئن نہیں دکھائی دے رہے ہیں۔تاجروں کا کہنا ہے کہ سرکاری دفاتر میں جہاں ایک طرف کمپیوٹرز کی تعداد کافی کم رکھی گئی ہے وہیں ہر تاجر کو جی ایس ٹی بھرنے کیلئے محض تیس منٹ دیے جاتے ہیں جس میں وہ اپنا کام مکمل نہیں کر پا رہے ہیں۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ سرکار کی جانب سے دستیاب رکھی گئی انٹرنیٹ سہولت انکے لئے نا کافی ہے۔ذرائع کے مطابق انکا کہنا ہے کہ ہر تاجر کو گزشتہ پانچ مہینوں کا جی ایس ٹی ادا کرنا ہے جس کے لئے وقت درکار ہے، لیکن انہیں آدھے گھنٹے میں ہی اپنا کام مکمل کرنا پڑ رہا ہے۔

ایک نیوز ویب سائٹ القمرآن لائن کو تاجروں نے بتایا کہ انٹرنیٹ پر عائد پابندی سے جی ایس ٹی بھرنے میں تاخیر ہوئی ہے جس سے ان پر ہر ماہ جرمانہ لگایا جا رہا ہے جسے سرکار کو معاف کرنا چاہئے۔انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں جلد از جلد انٹرنیٹ پر عائد پابندیوں کو ہٹایا جائے

تاکہ تاجروں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو درپیش مشکلات میں کمی واقع ہو۔اس ضمن میں کشمیر کے ایڈیشنل کمشنر سیلز ٹیکس منظور احمد بٹ نے بتایا کہ جموں کشمیر کی سرکار نے تاجروں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے انکے سرکاری دفاتر میں جی ایس ٹی فارم بھرنے کی سہولت رکھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاجروں کے جرمانے کا مسئلہ مرکزی حکومت کے نوٹس میں لایا گیا ہے اور توقع ہے کہ مرکزی سرکار تاجروں کو رعایت دینے کا فیصلہ جلد کرے گی۔

About The Author