دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

واٹس ایپ نے فون کالزکیلئے زبردست فیچر متعارف کرا دیا

یہ فیچر آئی او ایس ورژن میں نومبر میں متعارف کرایا گیا تھا اور اب اسے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ایپ واٹس ایپ نے اپنا ایک نیا فیچر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرا دیا ہے جس کی مد سے انہیں کال ویٹنگ الرٹ کی سہولت حاصل ہوسکے گی۔

خیال رہے کہ واٹس ایپ میں وائس کال کا فیچر لگ بھگ 4 سال قبل متعارف کرایا گیا تھا جس کو بعد میں مزید بہتر کرتے ہوئے گروپ وائس کالنگ اور کال کے دوران ویڈیو چیٹ پر منتقل ہونے کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔

مگر اب تک اس ایپ میں کال ویٹنگ کا فیچر دستیاب نہیں تھا جو کہ عام موبائل فون کالز کے دوران کام کرتا ہے، یوں کہہ لیں کہ واٹس ایپ نے اب موبائل آپریٹرز کے نیٹ ورک کے خلاف ایک اور موثر ہتھیار متعارف کرادیا ہے۔

یہی وجہ تھی کہ کسی دوست سے بات کرتے ہوئے دوسری کال آنے پر علم نہیں ہوتا تھا اور ایک کال ختم ہونے کے بعد مس کال الرٹ ملتا تھا۔

مگر اب اس نئے فیچر سے اس مسئلے کو حل کردیا گیا ہے اور اب کسی سے بات کرتے ہوئے بھی صارف کے سامنے ایک الرٹ آئے گا کہ کوئی اسے کال کررہا ہے اور وہ چاہے تو موجودہ کالر سے رابطہ ختم کرکے آنے والی کال ریسیو کرلے یا کٹ کردے۔

تاہم ابھی اس فیچر کو مزید بہتر بنانے کی گنجائش موجود ہے کیونکہ ایپ نے دونوں کالز کو اکٹھا کرنے کا آپشن نہیں دیا گیا جیسے عام کالز میں ہوتا ہے۔

اسی طرح موجودہ کال کو ہولڈ کراکے آنے والی کال کو موصول کرنے کا آپشن بھی نہیں۔

یہ فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں واٹس ایپ ورژن 2.19.352 میں دیا گیا ہے اور خودکار طور پر ان ایبل ہوجاتا ہے۔

اگر ابھی آپ کو یہ فیچر نظر نہیں آرہا تو واٹس ایپ کو اپ ڈیٹ کرلیں یا انتظار کرلیں، چند دن میں یہ سہولت سب کو دستیاب ہوگی۔

About The Author