دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

لندن میں ن لیگ کے اجلاس کی اندرونی کہانی

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایکسٹینشن کے معاملے پر ابھی بات نہیں کرنا چاہتا

لندن:

برطانیہ کے دارالحکومت میں پاکستان مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس سابق وزیراعلیٰ پنجاب، مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، سینئر رہنما خواجہ آصف، خرم دستگیر، سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار، احسن اقبال، امیر مقام اور رانا تنویر نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران لیگی رہنماؤں نے پارلیمنٹ میں ان ہاؤس تبدیلی، احتجاجی تحریک، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایکسٹینشن اور الیکشن کمیشن کے نئے چیئر مین کے حوالے سے بھی خصوصی تبادلہ خیال کیاگیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کا مؤقف ہے کہ پارلیمنٹ میں ان ہاؤس تبدیلی آ جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کے باہر سیاسی ایشوز سے متعلق قیادت کو آگاہ کیا گیا جبکہ پارلیمنٹ میں نئی قانون سازی سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

سینئر لیگی رہنما نے کہا کہ اجلاس کے دوران برطانیہ سے رقم کی پاکستان منتقلی پر بات نہیں ہوئی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایکسٹینشن کے معاملے پر ابھی بات نہیں کرنا چاہتا۔

اجلاس کے بعد لیگی رہنما ایون فیلڈ پہنچے تو حسین نواز اور دیگر نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد سینئر رہنماؤں نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں ایاز صادق، مریم اورنگزیب، خرم دستگیر، سینیٹر پرویز رشید، خواجہ آصف، اسحق ڈار، احسن اقبال، امیر مقام اور رانا تنویر شامل تھے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل لندن میں نواز شریف سے شہباز شریف کی اہم ملاقات بھی ہوئی تھی جس میں سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔

شہبازشریف نے نوازشریف کو پارٹی کے اہم فیصلوں سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے تمام جماعتوں سے رابطوں اور گرینڈ تحریک شروع کرنے پر بھی مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو میں صدر ن لیگ نے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خان صاحب کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ کسی طرح اپوزیشن کو ملیامیٹ کر دیں۔۔ان میں اپوزیشن کے خلاف بغض بھراہے

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ میٹرو ٹرین کے حوالے سے پی ٹی آئی حکومت نے مجرمہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔اورنج لائن ٹرین منصوبہ شروع ہونے پر قوم کو مبارکباد دیں گے۔

About The Author