مئی 14, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلے

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تبصرے،اور تجزیے

ڈیرہ غازیخان

فخرالدین بزدار ڈسٹرکٹ بیورو چیف ڈیرہ غازیخان

نسیم صادق کی بطور کمشنر ڈیرہ غازیخان تعیناتی پر عوام نے سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے اقدامات سے مسائل حل ہوں گے اور علاقہ میں بہتری نظر آئے گی. سول سوسائٹی اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندہ افراد نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے.

کمشنر نسیم صاد ق نے تعیناتی کے دو دن علاقہ کے مسائل جاننے، وجوہا ت کے تعین اور اداروں کی ذمہ داریوں بارے مختلف محکموں کے افسران کو بلا کر خصوصی ٹاسک دے دیا ہے.

انتظامیہ کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نسیم صادق نے کہاکہ حکومت پنجاب کو دفعہ 144کے نفاذ کیلئے سفارشات بھجوائی جائیں اور شہر کی اہم شاہراہوں، مصروف مقامات پر عمارتی ملبہ ڈالنے والوں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے چوبیس گھنٹے کی مہلت دی جائے

جس کے بعد عمارتی ملبہ نہ اٹھانے و الوں اور سڑکوں او رپبلک مقامات پر جانوروں کا گوبر ڈالنے والوں کے خلاف دفعہ 144کے تحت مقدمات درج کرائے جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر مقدمات درج ہونے چاہئیں. کمشنر نے کہاکہ ضرورت پڑنے پر عمارتی ملبہ اٹھا کر مالکان کے گھروں کے اندر ڈال دیا جائے گا.

کمشنر نے کہاکہ میونسپل کارپوریشن کی تمام مشینری کو فنکشنل کرنے کے ساتھ مخصوص رنگ کیا جائے گا. انہوں نے کہاکہ رات کے وقت سڑکوں کو صاف کرکے دھویا جائے. کمشنر نے شہر کی تمام سٹریٹ لائٹس کو چالو کرنے کے بھی احکامات جاری کیے.

کمشنر نے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈیرہ غازیخان شہر میں صفائی اور عوامی شعور ا جاگر کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں گے. کمشنر نے سابق آفیسر محکمہ لائیو سٹاک ڈاکٹر منیر احمد کو خصوصی ٹاسک دیتے ہوئے کہاکہ وہ تحصیل کوہ سلیمان اور دیگر علاقو ں میں مویشیوں کی پیداوار کو دیکھتے ہوئے عارضی کیٹل منڈیوں کیلئے ٹیم تیار کر کے دیں تاکہ مویشی پال حضرات کو سہولیات فراہم کی جاسکیں.

کمشنر نے کہاکہ پرانی سبزی منڈی میں صفائی کا باقاعدہ نظام متعارف کرایا جائے. نیلامی کی نگرانی کے ساتھ ساتھ آڑھتیوں اور زمینداروں سے قریبی رابطہ رکھا جائے. کمشنر نے ضلع کونسل ہا ل میں ریونیو سٹاف کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ

انہیں اپنی ٹیم کا ممبر سمجھیں. ہم سب کا مقصد عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہے دفاتر میں کام نہ کرنے کا کلچر ختم کیا جائے. عوام کو عزت و تکریم دینے کے ساتھ ان کے کام بلاتاخیر کیے جائیں. کام نہ ہونے پر باقاعدہ وجوہات بیان کی جائیں. دفتری امو رمیں شفافیت برقرار رکھی جائے.

انہوں نے کہاکہ ریونیو سٹاف ایک ادارہ ہے اور ادارے کو مضبوط کرنے کی ضر ورت ہے. اختیارات صرف عوام کی سہولت کیلئے استعمال کیے جائیں. انہوں نے کہاکہ نیک نیتی سے کام کرنے سے مسائل حل ہوں گے. کمشنر نسیم صادق نے سرور والی میں قائم سبزی منڈی کابھی دورہ کیا.

آڑھتیوں او رمارکیٹ کمیٹی کے افسران کے ساتھ سبزی منڈی کی ملکیت، ممبر شپ او ردیگر کاغذات سمیت معلومات اکٹھی کرنے کی ہدایت کی. انہوں نے غازیگھاٹ پر میونسپل کارپوریشن کے ڈمپنگ پوائنٹ کا بھی جائزہ لیا.

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز سمیع اللہ فارو ق، عبدالغفار، اسسٹنٹ کمشنرز محمد اسد، نوید حسین، ملک محمد شاہد، ای اے ڈی اے اطہر جلیل، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی محمد اختر، فضل کریم، غازی یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر محمد ابراہیم، پروفیسر شعیب رضا، پروفیسر عمران لودھی اوردیگر موجود تھے.


ڈیرہ غازیخان. (ڈسڑکٹ بیورورپورٹ):

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان طاہر فاروق نے ٹیچنگ ہسپتال،اراضی ریکارڈ سنٹر اور مختلف دفاتر کا اچانک دورہ کیا۔انہوں نے ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے مختلف وارڈز اور شعبوں کا معائنہ کیا۔مریضوں کی عیادت کے ساتھ انہیں فراہم سہولیات کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں سہولیات کی بہتری کے احکامات جاری کیے۔ایم ایس ڈاکٹر شاہد حسین مگسی نے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر ڈیرہ غازی خان کا بھی اچانک دورہ کیا۔

سائلین سے مسائل سننے کے ساتھ سنٹرکے معاملات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے سائلین کے مسائل بروقت حل کرنے کے احکامات جاری کردئیے

۔ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ آفس سمیت دیگر سرکاری دفاتر اور شعبوں کا معائنہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے سرکاری فرائض کی بروقت انجام دہی،افسران و ملازمین کی سرکاری اوقات میں موجودگی کی ہدایات جاری کیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز سمیع اللہ فاروق،عبدالغفار،اے سی محمد اسد چانڈیہ اور دیگر افسران موجود تھے۔


ڈیرہ غازیخان.

ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر غلام نظام الدین،اسسٹنٹ کمشنرملک محمد شاہد نے سبزی منڈی ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا۔پھل اور سبزیوں کی نیلامی کے عمل کا جائزہ لینے کے ساتھ منڈی اور مارکیٹ کے نرخ کا موازنہ کیا۔

منڈی میں قائم کسان کاؤنٹر پر سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔ علاوہ ازیں ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر غلام نظام الدین نے سبزی منڈی میں سرکاری نرخ سے زائد قیمت وصول کرنے والے اللہ وسایا کو بیس ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا.


ڈیرہ غازیخان.

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں ایک ماہ کے دوران پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر 41 مقدمات درج کرکے 12 گرانفروشوں کو گرفتار کیا گیا۔

نومبر کے دوران ضلع بھر کی مارکیٹوں کے 1941 معائنے کیے گئے اور 463 مقامات پر پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی رپورٹ کی گئی اور گرانفرشوں کو 891700 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔


ڈیرہ غازیخان.

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ڈیرہ غازیخان تنویر الحسن نے کہا ہے کہ ووٹ کا
استعمال جمہوریت کے استحکام کے لئے ضروری ہے۔ ہر بالغ مرد اور عورت ووٹ کی پرچی استعمال کرتے ہوئے ملک کی ترقی کیلئے کردار ادا کرے۔

انہوں نے یہ بات ووٹر کے قومی دن کے موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفس ڈیرہ غازیخان میں ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ بنیادی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی سمیت طلباء وطالبات میں ووٹ کی اہمیت کو روشناس کرانا دور حاضر کی ضرورت ہے ووٹ کے استعمال میں انسان مکمل طور پر آزاد اور خودمختار ہے

صدر العصر ترقیاتی تنظیم سید سجاد حسین نقوی اور دیگر مقررین نے کہا کہ ووٹ کے اندراج کے عمل کو آسان اور خود کار بنایاجائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں

خواتین کے شناختی کارڈ کا حصول اور ووٹ کا اندراج انتخابی عمل کا اہم جزو ہے سیمینار اور واک میں سرکاری افسران، میڈیا، سول سوسائٹی، زندگی کے مختلف شعبوں سے منسلک افراد اور خواتین نے بھر پور شرکت کی۔


ڈیرہ غازیخان.

ایس پی پٹرولنگ ڈیرہ غازیخان ریجن ملک طاہر مصطفی نے فرائض میں غفلت ولاپرواہی اور غیر حاضری پر21ملازمین کو سزاکا حکم سنایا.

ریجنل آفس میں منعقدہ اجلا س کے دوران ایس پی نے پٹرولنگ پولیس کے سات ملازمین کو نقد جرمانہ جبکہ دس ملازمین کی ایک سال انکریمنٹ روکنے کی سزا سنائی.

اسی طرح تین ملازمین کو سن شور جبکہ ایک کانسٹیبل نعمان جاوید کو دو سال انکریمنٹ روکنے کی سزا دی گئی.

ایس پی ملک طاہر مصطفی نے کہاکہ فرائض میں غفلت کسی صورت قابل قبول نہیں ملازمین اپنے فرائض دیانتداری او رفرض شناسی سے ادا کریں

اور پٹرولنگ پولیس کے منشور توجہ، تحفظ اور احترام پر عمل کیا جائے.


ڈیرہ غازیخان.

ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ڈیرہ غازیخان ڈاکٹر حسین میاں اوردیگر مقررین نے کہاہے کہ رضا کاروں کو معاشرے میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے

انہوں نے کہاکہ تربیت یافتہ رضا کار کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیا رہیں. انہوں نے یہ بات عالمی یوم رضا کار کے حوالے سے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج آف کامرس میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی.

انہوں نے کہاکہ رضا کار کسی بھی لالچ کے بغیر بلامعاوضہ خدمات انجام دیتے ہیں اس لیے زمانہ امن ہو یا جنگ رضا کار انسانیت کی خدمت کیلئے کام کرتے ہیں. سیمینار کے بعد آگاہی واک کا بھی انعقاد کیاگیا.


ڈیرہ غازیخان.

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈیرہ غازی خان سمیع اللہ فاروق سے سول سوسائٹی اور ایمبیسیڈر آف ڈی جی خان کے عہدیداروں پروفسیر شعیب رضا،پروفیسر عمران لودھی،

پروفیسر سمیرا بانو،محبوب حسین،حذیفہ قاسمی اور دیگر نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ڈیرہ غازی خان کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام،

صفائی اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا کرنے کیلئے سول سوسائٹی کا تعاون ناگزیر ہے۔


ڈیرہ غازی خان

شاہ صدردین دری ڈھولے والی بیٹ عالم خان کے مقام پر دریائے سندھ کا شدید کٹاو جاری۔بیٹ کرم شاہ بیٹ نہڑوالا کا بیشتررقبہ دریا برد جبکہ بیٹ عالم خان 90فیصد رقبہ دریا کی بے رحم موجوں کی نظر، لاکھوں روپے کی کھڑی فصلیں تباہ،

مولیشی بہہ گئے جبکہ لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور، علاقہ مکینوں کا سیاسی نمائندوں اور انتظامیہ کی عدم دلچسپی پر شدیداحتجاج، تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازیخان کے نواحی علاقہ شاہ صدر الدین خان وگردونواح کے علاقوں دری ڈھولے والی بیٹ عالم خان کے مقام پر دریائے سندھ کا شدید کٹاو کا سلسلہ جاری ہے۔

بیٹ کرم شاہ بیٹ نہڑوالا کا بیشتررقبہ دریا برد جبکہ بیٹ عالم خان 90فیصد رقبہ دریا کی بے رحم موجوں کی نظر میں ہے دریائے سندھ کے کٹاو سے متاثرہ موضع چک رانمن،بستی لوجانی،بستی رنجھانی،بستی ٹھینگانی،بستی ہتوانی،بستی کھوسہ سے تعلق رکھنے والے حاجی نبی،

غلام رسول، واحد بخش، رضوان، رسول بخش، ڈیوایا، رشید، اکرام، ودیگر نے دوستوں کے ہمراہ سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ دریا کے سندھ کے کٹاؤ کے سبب ان علاقوں میں کسانوں کی لاکھوں روپے مالیت کی کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں ہیں۔

قمیتی مال مولیشی بہہ گئے ہیں بیٹ کرم شاہ بیٹ نہڑوالا صفہ ہستی سے مٹنے لگیہیں جبکہ بیٹ عالم خان کی 90فیصد آبادی کو دریائے سندھ نے اپنے پیٹ میں لے رکھا ہے انکے گھر تباہ ہوگئے ہیں

شدید سردی میں دریائے کے کنارے بے یارومدگار پڑے ہیں منتخب عوامی نمائندوں کی عدم توجہی سے ہزاروں لوگ بے گھر دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں گزشتہ کئی سالوں سے جاری دریائے سندھ کا کٹاو متعدد موضعات نگل چکا ہے

جبکہ ہرسال عوام کے شدید احتجاج کی گونج سے منتخب عوامی نمائندگان کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ کمشنر،ڈپٹی کمشنر،محکمہ انہار، ریونیو ڈیپارٹمنٹ بھی بند کمروں میں بیٹھ کر زبانی جمع خرچ اور کاغذی کاروائیوں تک محدودہیں

علاقہ مکینوں نے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان خان بزدار، مقامی ایم این۔اے اور ایم پی اے،کمشنر وڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کسانوں کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے ساتھ فوری طور پر حفاظتی سپر بند کی تعمیر کامطالبہ کیا ہے۔

%d bloggers like this: