دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلے

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تبصرے،اور تجزیے

فخرالدین بزدار ڈسٹرکٹ بیورو چیف ڈیرہ غازیخان

ڈیرہ غازیخان

ڈیرہ غازی خان پولیس لائن میں ہفتہ وار جنرل پریڈ کا انعقادکیا گیا جس میں ضلع بھر سے پولیس افسران و ملازمان،

ڈولفن فورس، ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس اہلکاروں کی شرکت کی ڈی پی او اسد سرفراز نے پریڈ کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ

وہ اپنے فرائض کو دیانتداری اور خدمت خلق سمجھ کر سرانجام دیں فرائض میں غفلت کی صورت میں سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی

انہوں نے انسپکٹر جنرل آف پولیس شعیب دستگیر کا پیغام جوانوں کو دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریم مُحَمَّد صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔میرٹ کو نہ صرف اپنا شعار بنائیں بلکہ اسے مقدم رکھیں۔

پولیس کا کوئی بھی نمائندہ جو کسی بھی رینک کا ہو پولیس کا چہرہ ہے۔مجھے اپنے تمام ملازمین پر فخر ہے۔آپ کا مفاد اور فلاح میری اولین ترجیحات ہیں۔

آپ تمام لوگ ہمارے بازو ہیں اور اپنی پرفارمنس کو بہتر سے بہتر بنائیں جبکہ عوام کی خدمت کرنے کا جو فریضہ ہمیں سونپا گیا ہے اس کو احسن طریقے سے نبھایا جا سکے


ڈیرہ غازیخان

ڈیرہ غازی خان کا ایک تعلیمی ادارہ ایسا بھی ہے جہاں سے فارغ التحصیل طلبہ ملکی سطح پر اعلیٰ عہدوں پرفائز ہوئے اورسیاست میں بھی خوب نام کمایا حکومت کا حصہ بھی رہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ نے بھی میٹرک تک یہی سے تعلیم حاصل کی۔ سابق صدرپاکستان اور افواج کے سربراہ جنرل یحییٰ خان بھی اسی سکول میں زیر تعلیم رہے۔

گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر 1 جوکہ تاریخی تعلیمی درسگاہ ہے کو دانش سکول آف اتھارٹی میں دے کر سنٹر آف ایکسیلنس کا درجہ دیا گیا جس سے سکول کا تعلیمی معیار پہلے سے نیچے اور طلبہ کی تعداد بھی نصف کردی گئی۔

اس سکول سے میٹرک تک تعلیم حاصل کرنے والی ملکی سطح کی اہم شخصیات میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ، ناصر محمود کھوسہ سابق چیف سکریٹری پنجاب، طارق سعید کھوسہ سابق آئی جی رینجرز پاکستان،

عارف کھوسہ چیف انجینئر تعمیرات پاکستان کے علاوہ سردار لطیف کھوسہ سابق گورنر پنجاب نے بھی اسی سکول سے میٹرک کیا ہے۔ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر 1 جس کو اب دانش سکول اتھارٹی کے تحت کرتے ہوئے سنٹر آف ایکسیلنس بنا دیا ہے

ایک قدیم تعلیمی درسگاہ ہے جس کا قیام 1890 میں لایا گیا اور اس کو 1910 میں ہائی اسکول کا درجہ دیا گیا۔

مذکورہ سکول کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں پڑھ کر جانے والوں میں ظفر اللہ شیروانی سابق وائس چانسلر بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان،شوکت حیات درانی

سابق وفاقی سکریٹری پاکستان،چوہدری افتخار انجم سابق سفیر پاکستان،اخترحسن گورچانی سابق ڈائریکٹر ائی بی پاکستان، اسعد سعد صدیقی سابق جی ایم پاکستان ریلویز، ڈاکٹرمحمد اسلم سابق میجر جنرل پرنسپل آرمی میڈیکل کالج،

راؤ سرور منیر اکرم سابق ایم ڈی پی ٹی وی نے بھی یہی سے میٹرک تک تعلیم حاصل کی۔ یہ بات بھی اہم ہے کہ سابق صدر پاکستان اور افواج کے سربراہ جنرل یحییٰ خان اور پاکستان کی چوٹی کے ادیب ممتاز مفتی اور شاعر و صحافی انیس ناگی بھی اس سکول میں سکینڈری کلاسوں میں داخل اور پڑھتے رہے ہیں

(ان شخصیات کے فیملی سربراہ ڈیرہ غازیخان میں بغرض ملازمت قیام پزیر تھے)گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر 1 کو سال2016 میں دانش سکول اتھارٹی میں دینے کیبعد اس کا تعلیمی معیار پہلے سے نیچے چلا گیا ہے۔

دانش سکول اتھارٹی سے پہلے یہاں طلبہ کی تعداد 4000 ہزار کے قریب تھی، اب یہاں صرف 1900 طالب علم داخل ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ اور ان کے تینوں بھائیوں نے گزشتہ روز اس سکول کا وزٹ کیا

اس موقع پر معروف وکیل قاضی منصور نے انہیں ایک درخواست دی تھی جس میں شہریوں کی طرف سے مطالبہ کیا گیا کہ اس سکول کی سابقہ حیثیت کو بحال کیا جائے۔

بعدازاں چیف جسٹس کے دورہ ڈسٹرکٹ بار قاضی منصور کی درخواست کو رجسٹرار سپریم کورٹ نے باقاعدہ رٹ پٹیشن کے طور پر لیتے ہوئے اس کو ہائی کورٹ میں ریفرکئے جانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

موجودہ سنٹر آف ایکسیلنس میں سینکڑوں طلبہ کو داخلہ جات سے محروم کر دیا گیا ہے اور کئیوں کو سکول سے خارج کردیا گیا ہے۔

دانش اتھارٹی میں سکول کے جانے کے بعد اس کا نام بھی تبدیل کر دیا گیا ہے سکول کے گیٹ پر اب نیا نام دانش، سنٹر آف ایکسیلنس لکھا ہوا ہے۔


ڈیرہ غازیخان

نسیم صادق نے کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن کا چارج سنبھال کر کام شروع کردیا ہے۔پہلے روز عوام کے مسائل سننے اور درخواستوں پر احکامات جاری کرنے کے علاوہ انتظامی افسران سے تعارفی اجلاس منعقد کیا۔

کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ ٹیم کے طور پر کام کرکے عوام کے مسائل حل کریں گے۔مسائل کے ادراک کیلئے براہ راست عوام سے رابطہ رکھا جائیگا۔

فیلڈ وزٹ کو ترجیح دی جائے گی۔افسران ذمہ داری ایک دوسرے پرڈالنے کی روش ترک کریں۔ سرکاری دفاتر میں عوام کو عزت وتکریم دے کر ان جائز مسائل حل کرکے ان کی توقعات پر پورا اترا جائے۔

کمشنر نے کہا کہ عوام کے ساتھ ملکر خطہ کی بہتری کیلئے کام کیا جائیگا۔افسران اختیارات کا جائز استعمال کریں اختیارات سے تجاوز پر کارروائی کی جائے گی۔

کمشنر نے کہا کہ ریونیو افسران زیر التوا کیسز فریقین کی سماعت اور فیلڈ وزٹ کرکے فوری طور پر نمٹائیں۔


ڈیرہ غازیخان.

ضلع ڈیرہ غازی خان سمیت ملک بھر میں قومی پولیو مہم 16 دسمبر سے شروع ہوگی۔ضلع میں پانچ سال تک کے چھ لاکھ 54 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے 3531 افرادی قوت مہم میں حصہ لے گی۔

یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈیرہ غازی خان حسنین خالد سنپال کی زیر صدارت ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس میں کہی گئی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسنین خالد سنپال نے کہا کہ پانچ سال تک کے ہر بچہ کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں۔

پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کے ساتھ مانیٹرنگ کے انتظامات کئے جائیں۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خلیل احمد نے بتایا کہ ضلع میں پولیو ٹیم کے اراکین کی تعداد بڑھائی گئی ہے۔

1622 ٹیموں میں 1447 موبائل،97 فکسڈ،78 ٹرانزٹ ٹیم کے علاوہ 302 ایریا انچارجز اور 78 یوسی ایم اوز شامل ہیں۔ضلع میں موجود پانچ سال تک کے ہر بچہ کو پولیو ویکسین پلانے تک مہم جاری رکھی جائے گی۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ ملک محمد شاہد،ڈی ایچ اوز ڈاکٹر اطہر سکھانی،ڈاکٹر سعید احمد،ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر زوہیب حسن،عالمی ادارہ صحت کے عبدالروف،یونیسیف کے کلیم اللہ طاہر اور دیگرمتعلقہ افسران شریک تھے


ڈیرہ غازیخان.

محکمہ انٹی کرپشن ڈیرہ غازیخان ڈویژن کی ٹیم نے ضلع لیہ میں ایک کروڑ دو لاکھ روپے مالیت کا 48کنال سرکاری رقبہ ناجائز قابضین سے واگزار کرا لیا.

محکمہ انٹی کرپشن کی پریس ریلیز کے مطابق سرکل آفیسر اظہر حسین نے موقع پر جا کر قابضین سے رقبہ واگزار کرا کے محکمہ ریونیو کے حوالے کیا.


ڈیرہ غازیخان.

طاہر فاروق نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان کا چارج سنبھال کر کام شروع کردیا ہے ان کے پیشرو وقاص رشید کا تبادلہ بطور ڈپٹی کمشنر وہاڑی کردیا گیاہے۔

ڈپٹی کمشنر آفس اور سرکٹ ہاؤس میں دونوں افسران کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اورڈی سی آفس کے دیگر افسران و ملازمین موجود تھے.

تقریب میں تبدیل ہونے والے ڈپٹی کمشنر وقاص رشید کو نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیاگیا اور ڈیرہ غازیخان میں دوبارہ چارج لینے والے ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کو خوش آمدید کہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی.


ڈیرہ غازیخان

چیف منسٹر کرکٹ اکیڈمی ڈیر ہ غازیخان ڈویژن کے دو روزہ ٹرائلز میں انڈر 13، انڈر 16اور انڈر 19 کے تین سو سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی.

محکمہ سپورٹس ڈیرہ غازیخان کے مراسلہ کے مطابق انڈر 13کیلئے بابر ارشاد، راؤ برہان علی، سالار احمد، اسدخالد، جعفر رشید، زین ارشاد، یونیب الرحمن، محمد امین، علی اظہر، محمد سرمد بزدار، محمد خان، حیدر علی، سعد ارشاد، حارث رضا،

محمد سمیع، حارث کلیم، ظفر رشید، محمد خالد، ہادی علی، احمد صدیق، عالیان اقبال، محمد حارث، جنید اختر، حذیفہ احمد، محمد فیضان، محمد ثاقب اور جہانزیب کے نام شامل کیے گئے اسی طرح انڈر 16میں محمد شیراز خان، محمد سمیر، حیدر بلوچ، گوہر شفیق، محمد بہروز،

عدنان شاہد، فرحان یوسف، حسن سجاد، محمد عزیز، محمد کاشف، محمد احب، ایوب لغاری، محمد فیضان، تنویر حسن، اوصاف علی، واصف، محمد ابوبکر، عتیق الرحمن، شاہ زیب، محمد شان،

زین العابدین، اللہ داد، خیر الرحمن، عبدالقادر، عنصر بشیر، فاروق احمد، محمد صادق، عامر یاسر او رمنصور احمد جبکہ انڈر 19میں محمد جنید، محمد فہد، محمد محبوب، محمد عبداللہ، حماد اسماعیل،

محمد آصف، محمد زین، عدنان ولی، غلام اصغر، حمزہ علی، اسلام دین، تاثرعلی، کاشف فرید، حذیفہ شفیق، جہانگیر، محمد احمد، محمد حماد، محمد وسیم، محمد صدیق، غلام مرتضی، محمد حارث، ٹیپو سلطان، ندیم کریم، محمد دانش، علی اقبال، شاہد علی، زین اسد،

سید ارشاد وسیم، تنویر حسن، کاشان، محمد ابراہیم، عرفان رفیق، محمد الطاف، سید فیضان بخاری، دانیال احمد، محمد شعیب بلال، محمد عرفان، محمد ابراہیم، محمد جمال، عبدالباسط، محمد مہتاب اور محمد مہتاب کے نام شامل ہیں.


ڈیرہ غازیخان.

ڈپٹی کمشنر لیہ اظفرضیاء نے کہاہے کہ ڈیرہ غازیخان میں بطور ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ساڑھے تین سال تعیناتی سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا.

ڈیرہ غازیخان میں اچھی ٹیم ملی جس کی وجہ سے بہت سے چیلنجز احسن طریقے سے نمٹائے گئے. انہوں نے یہ بات آرٹس کونسل میں ڈی جی خان ٹیم، ایمبیسڈر آف ڈی جی خان،

ڈی جی خان آرٹس کونسل، فنکار ایسوسی ایشن اوردیگر تنظیموں کی طرف سے ان کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی.

انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر لیہ تعیناتی کے باوجود ان کا ڈیرہ غازیخان آمد کا سلسلہ جاری رہے گا. اس موقع پر لاء آفیسر چودھری محمد اکرم،

ایم ڈی کیٹل مارکیٹ منیجمنٹ کمپنی محمد یونس کھتران، غازی یونیورسٹی کے پروفیسر شعیب رضا، پروفیسر عمرا ن لودھی، پروفیسر مقصود رضوی، ثمرین لودھی کے علاوہ

محبوب حسین، حاجی اللہ بخش کورائی، عرفان بزدار،اسماعیل سیال، فضل کریم، ملک شاہد اودیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے اظفرضیاء کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا. اس موقع پر انہیں شیلڈز اور تحائف بھی پیش کیے گئے.


ڈیرہ غازیخان.

ڈیرہ غازی خان سے تبدیل ہونے والے ڈپٹی کمشنر وقاص رشید کو بی ایم پی لائن اور ڈی سی ہاوس میں سلامی اور گارڈ آف آنر کے ساتھ رخصت کیا گیا.


ڈیرہ غازیخان

عالمی یوم معذور کے موقع پر العصر ترقیاتی تنظیم ڈیرہ غازی خان کے زیر اہتمام آگاہی سیمینار تین دسمبر کو دس بجے دن بلاک کیو ڈیرہ غازی خان میں منعقد ہوگا۔

سی ای او ہیلتھ سمیت دیگر افسرانشریک ہوں گے۔ یہ بات چیف ایگزیکٹو العصر ترقیاتی تنظیم سید سجاد حسین نقوی نے یہاں بتائی


ڈیرہ غازیخان(سپیشل رپورٹر)

میپکو ڈویژن میں ایکسئین ممتاز علی سولنگی نے کرپشن کے نئے ریکارڈز قائم کردئیے ۔عوام تو کجا ممتاز سولنگی نے ملازمین تک کو نہ چھوڑا میپکو ملازمین کو ناجائز شوکاز جاری کرکے ان سے رشوت وصول کرنا معمول بنا لیا

شوکاز جاری کرکے ملازمین کو ٹرمینیٹ کرنا پھر رشوت لیکر بحال کردینا بھی ممتاز علی سولنگی کا طریقہ واردات ٹہرا۔غیر قانونی کالونیز میں طویل فاصلوں پر حصول رشوت کےلیے میٹر لگوانا ممتاز سولنگی کے بائیں ہاتھ کا کھیل ہے

افسران بالا کو بھی حصہ دیکر ممتاز سولنگی نے دوران انکوائری پرموشن بھی لے لی ۔شہری ایوب سرکانی کی حکام بالا سے کرپٹ ایکسئین کے خلاف کاروائی کی استدعا تفصیلات کے مطابق

میپکو ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں تعینات ایکسئین ممتاز علی سولنگی نے کرپشن کے نئے ریکارڈز قائم کردئیے ۔ممتاز سولنگی نے کرپشن اور حصول رشوت کےلیے تمام ناجائز کام جن میں غیر قانونی کالونیز میں طویل فاصلوں پر کنکشن دینا سرفہرست ہے کو اپنا وطیرہ بنا لیا ہے ۔

صارفین تو کجا ممتاز علی سولنگی نے ملازمین تک کو نہ بخشا ۔ملازمین کو شوکاز جاری کرکے ٹرمینیٹ کردینے کی دھمکی دینا اور رشوت لیکر ٹرمینیشن لیٹر کو دبا لینا ممتاز علی سولنگی کا طریقہ واردات بن چکا۔

کرپشن کے بادشاہ ممتاز علی سولنگی نے اپنی بالائی آمدنی میں سے افسران بالا کو حصہ دیکر انہیں بھی اپنا ہمنوا بنا لیا اور انکوائری زیر سماعت ہونے کے باوجود پرموشن بھی حاصل کرلی

حالانکہ قواعد کے مطابق زیر سماعت انکوائریز کے ملزمان کی ترقی انکوائری کا فیصلہ ہونے تک موخر کردی جاتی ہے ۔

اس حوالے سے حکام بالا کو درخواست دینے والے ایوب سرکانی نے استدعا کی ہے کہ ممتاز سولنگی کے خلاف جاری انکوائریز کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے

ممتاز علی سولنگی کو قرار واقعی سزادی جائےتاکہ مخلوق خدا کو اسکے شرسے نجات مل سکے۔


ڈیرہ غازی خان(تحصیل رپورٹر)
محکمہ ھائی وے ایم اینڈ آر درجہ چہارم کے دوران سروس وفات پاجانے والے ملازمین کی تنخواہیں ،پنشنز اور دیگر واجبات کی ادائیگی نہ ھونے پر ایم اینڈ آر آفس میں درجنوں ملازمین کا ایکسین کے خلاف احتجاجی دھرنا ،ایکسین اکبر درانی کے پاس دودو چارج ھونے کے باعث وہ ڈی جی خان چکر ہی نہیں لگاتے وزیراعلی کا آبائی ضلع ھونے کے باوجود پندرہ ماہ کے دوران بھی انکی تنخواہ ،پنشن اور دیگر واجبات کی ادائیگی نہ ھوسکی ملازمین کا وزیراعلی سے نوٹس لینے کا مطالبہ آل پاکستان پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین کے ضلعی صدر اقبال خان چانڈیہ نے بتایا کہ ھمارے ملازمین اقبال ولد غلام قادر،نور محمد بلوچ نواز ولد گانموں،غلام اکبر ،واحد بخش،غلام شبیر ،عبدالمجید جڑھ،مرید جڑھ ،قادربخش ،غلام صدیق،رفیق کھوسہ ،فداحسین ،شملہ خان اور اصغرولد موسی وغیرہ جودوران سروس فوت ھوگیے تھے کے واجبات کی ادائیگی آجتک نہ ھوسکی جسکی وجہ سے انکے یتیم بچے اور بیواوہ خواتین کسمپرسی کی حالت میں زندگی بسر کرنے پر پر مجبور ہیں اور اکثر کے گھروں میں فاقوں کی نوبت ھے انہوں نے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے مطالبہ کیاکہ وہ انکے مسائل کے حل کیلئے فوری احکات جاری کریں

About The Author