دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

مقبوضہ کشمیر میں صنعتوں اور انڈسٹریز کی رجسٹریشن ممکن نہیں

ایک اعلیٰ افسر احمد رشید نے بتایا کہ ہماری رجسٹریشن کا سارا نظام انٹرنیٹ پر ہی منحصر ہے، اور وادی میں عوام کو انٹرنیٹ میسر ہی نہیں

جموں:مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 107 دنوں سے جاری غیر یقینی صورتحال اور مواصلاتی نظام کی معطلی کے سبب جموں و کشمیر میں کسی بھی صنعت یا انڈسٹریل اسٹیٹ کی رجسٹریشن نہیں ہو پائی ہے ۔

ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر انڈسٹریز اور کامرس کے ایک اعلیٰ افسر احمد رشید نے بتایا کہ ہماری رجسٹریشن کا سارا نظام انٹرنیٹ پر ہی منحصر ہے، اور وادی میں عوام کو انٹرنیٹ میسر ہی نہیں ہیں تو وہ اپنی صنعتوں کی رجسٹریشن کیسے کرا سکتے ہیں۔

انہوں نے انتظامیہ کی جانب سے قائم کیے گئے چند عارضی انٹرنیٹ سینٹرز کو ناکافی قرار دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دفتر میں کئی افراد اندراج کے تعلق سے آئے تھے لیکن ہم ان کی مدد نہیں کر پائے کیوں کہ ان کو اندراج کی دستاویزات آن لائن ہی جمع کروانا پڑتی ہیں۔

انہوں نے ساؤتھ ایشین وائر کو بتایا کہ ہم نے جب ان کو انتظامیہ کی جانب سے عوام کے لیے کھولے گئے انٹرنیٹ مراکز جانے کو کہا تو ان کا جواب تھا کہ وہاں پرائیویسی اور سیکورٹی کا فقدان ہے۔

یہ بھی پڑھیے: مقبوضہ وادی میں پھنسے نو لاکھ کشمیری عالمی امن کے خطرے کی وارننگ دے رہے ہیں،صدر آزاد کشمیر

مرکزی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کو آئین ہند کی دفعہ 370اور دفعہ 35اے کے تحت حاصل خصوصی اختیارات کی منسوخی کے بعد گورنر انتظامیہ کی جانب سے سخت ترین بندشوں اور قدغنوں کے علاوہ بشمول انٹرنیٹ تمام طرح کے مواصلاتی نظام کو معطل کیا گیا تھا۔

اگرچہ انتظامیہ کی جانب سے مرحلہ وار لینڈ لائن خدمات کو بحال کرنے کے بعد پوسٹ پیڈ موبائل خدمات کو بحال کرنے کے علاوہ ضلع صدر مقامات پر عوام کے لئے عارضی انٹرنیٹ سنٹر قائم کیے تاہم ابھی تک پری پیڈ، ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ خدمات کو بحال نہیں کیا گیا ہے۔

About The Author