ستمبر 29, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ، تجزیے اور تبصرے۔

جرمانہ معافی اختیارات بنوں سرکل کمیٹی کے پاس بدستور موجود، عوام رل گئے

ڈیرہ اسماعیل خان:واپڈا کی نجکاری کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ،بھاری جرمانوں سے عوام پریشان ،واپڈا حکام کی ڈیرہ دشمنی جاری ،جرمانہ معافی کے اختیار بدستور بنوں سرکل کی کمیٹی کے پاس موجود،ڈیرہ کے عوام کو چکمہ دینے کے لئے جرمانہ معافی کے اختیارات واپڈا ڈیرہ کے افسران کو منتقل کرنے کا نوٹیفکیشن عوام کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ قرار ، ، صارفین ناجائز جرمانہ معافی کے لئے رل گئے ،ڈیرہ سے جرمانہ معافی کےلئے بنوں سرکل بھیجے گئے ہزاروں کیس میں صرف چندکیسز میں جرمانے بیس سے تیس فیصد معاف کرکے باقی کیسز مسترد کرکے وآپس بھیجے جانے لگے ،ڈیرہ کے صارفین کا بنوں سرکل  کے زیر عتاب آنے پر منتخب عوامی نمائندوں نے مکمل خاموشی کرلی ، ڈیرہ کے شہریوں کا شاید احتجاج ،واپڈا کی نجکاری ، بنوں سرکل سے نجات اورمقامی ایکسین و ایس ڈی اوز کو 50ہزار تک جرمانہ معافی کے اختیارات واپس دینے کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔ واپڈا حکام کی جانب سے ڈیرہ دشمنی بدستور جاری ہے ۔ ذرائع کے مطابق چیف ایگزیکٹیو پیسکو کی جانب سے صارفین کے ناجائز بجلی کے جرمانوں کی معافی کیلئے ایس ای بنوں سرکل کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی جس میں ایس ای بنوں سرکل، ڈپٹی کمرشل منیجراور مقامی ایکسین سمیت دیگر شامل ہیں ، پیسکو چیف کے احکامات کی روشنی میںڈیرہ اسماعیل خان سے مقامی ایکسینز کی جانب سے ڈیرہ کے بجلی صارفین کے ناجائز جرمانوں کے کیسز ضروری کاروائی کے بعد ایس ای بنوں آفس بھجوائے جارہے ہیں لیکن ان میں سے چند کیسز بیس سے تیس فیصد جرمانہ معاف کرکے بیشتر جرمانہ معافی کیسز مسترد کرکے وآپس بھیجے جارہے ہیں ۔صارفین کے مطابق وہ اپنے بلوں کی درستگی کیلئے واپڈا دفتر کے چکر کاٹ کر آجز آچکے ہیں ،دوسری جانب عوام کو چکمہ دینے کے لئے سوشل میڈیا اور اخبارات کے ذریعے یہ پراپیگنڈہ کیاگیا کہ وفاقی وزیر علی امین کی کوششوں سے جرمانہ معافی کے اختیارارت وآپس ڈیرہ کے افسران کو تفریض کردیئے گئے ہیں لیکن یہ پراپیگنڈہ صرف عوام کودھوکہ دینے کے سوا کچھ نہیں ۔جرمانہ معافی کے تمام اختیارات ابھی بھی بنوں سرکل کی کمیٹی کے موجود ہیں جس کی وجہ سے عوام مسلسل ذلیل وخوار ہورہے ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے پی ٹی آئی حکومت میں وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور کے حلقہ میں انہیں ووٹ دینے کی ہمیں یہ سزا دی جارہی ہے اور عوام کو دربدر کی ٹھوکریں کھانے کے لئے چھوڑ دیاگیا ہے۔ ۔ڈیرہ اسماعیل خان کے صارفین نے پی ٹی آئی حکومت اور واپڈا کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے پیسکو چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ 50ہزار روپے تک کے جرمانہ معافی کے اختیارات مقامی ایکسین اور ایس ڈی اوز کو واپس دیئے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔


ملک محمد اقبال کھیارہ ایڈوکیٹ قتل کیس کے دو ملزمان ضمانت پر رہاہوگئے

ڈیرہ اسماعیل خان :ملک محمد اقبال کھیارہ ایڈوکیٹ قتل کیس میں اہم چشم دید گواہ کے گرفتار ملزمان کو پہچاننے سے انکار پرملزمان ضمانت پر رہا ہونے میں کامیاب ۔ایڈیشنل سیشن جج ڈیرہ سید عارف  شاہ نے تھانہ یونیورسٹی کی حدود درابن خورد میں ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ کے وکیل ملک محمد اقبال کھیارہ ایڈوکیٹ کو قتل کرنے کے مقدمہ میں گرفتار سابق ایس ایچ او سیف الرحمٰن کے بھائی محمد اصغر بلوچ اور قریبی رشتہ دار عبدالطیف کو واقعہ کے اہم چشم دید گواہ محمد خالد کے جانب سے انہیں پہچاننے سے انکار پر ملزمان درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں دو لاکھ روپے دو نفری ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری  کردیئے ہیں ۔ملزمان کی جانب سے سیف الرحمٰن ایڈوکیٹ نے درخواست کی پیروی کی ۔پولیس ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ کے معروف قانون دان اور زمیندار ملک اقبال کھیارہ ایڈوکیٹ ولد ملک محمد نواز سکنہ بستی استرانہ شمالی ڈیرہ گزشتہ ماہ 27 اکتوبر، اتوار کی صبح موٹرسائیکل اپنی اراضی کی جانب جارہے تھے کہ تھانہ یونیورسٹی کی حدود درابن خورد کے قریب پہنچنے پر نامعلوم مسلح ملزمان نے ان پر اندھادھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوکر موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔ملزمان ارتکاب جرم کے بعد جائے وقوعہ سے فرا ر ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔یونیورسٹی پولیس نے مقتول کے بھائی ملک محمد اسماعیل ولد ملک محمد نواز کھیارہ سکنہ بستی استرانہ شمالی کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس نے دوران تفتیش واقعہ کے اہم چشم دید گواہ محمد خالد سکنہ نہال تحصیل پروآکا بیان ریکارڈ کرکے سابق ایس ایچ او سیف الرحمٰن کے بھائی محمد اصغر بلوچ ولد جمعہ خان بلوچ سکنہ روڈہ اور قریبی رشتہ دار عبدالطیف ولد اللہ وسایا سکنہ نہال پروا کو ملک محمد اقبال کھیارہ ایڈوکیٹ قتل کیس میں نامزد کرکے گرفتارکرلیا۔ملزمان کی درخواست ضمانت کے موقع پر چشم دید گواہ نے عدالت میں پیش ہوکر اپنا بیان حلفی جمع کرایاجس میں اس نے ان دونوں گرفتار ملزمان کو پہچاننے سے انکار کیا اور عدالت کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے اس پر دباﺅ ڈالا گیا کہ انہی دونوں ملزمان کو قتل میں نامزد کرے لیکن جب اسے موقع پر موجود ملزمان کی پہچان ہی نہیں ہوئی تو وہ کیسے انہیں نامزد کرے ۔عدالت نے دونوں ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں دو لاکھ روپے دونفری ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کردیا۔


مضر صحت گوشت کی ڈیرہ شہر منتقلی کی کو شش ناکام

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی ڈیرہ کی کامیاب کاروائی، ڈیرہ دریا خان پل کے قریب چنگ چی رکشہ کے ذریعے 400کلو گرام مضر صحت گوشت کی ڈیرہ شہر منتقلی کی کو شش ناکام، مضر صحت گوشت تلف کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے نواحی علاقوں بھکر اور دریا خان سے مضر صحت گوشت کی ڈیرہ اسماعیل خان فراہمی کی اطلاعات پر حلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ڈائریکٹر جنرل سہیل خان کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی ڈائریکٹر واصف خان کی نگرانی میں کاروائی کے دوران چنگ چی رکشہ میں لوڈ 400کلو گرام مضر صحت گوشت کی ڈیرہ شہر منتقلی کی کو شش ناکام بنادی۔ حلال فوڈ اتھارٹی کی جانب سے محکمہ لائیو سٹاک کے نمائندے ویٹرنری ڈاکٹر انوار کی جانب سے گوشت کے معائنے کے بعد پکڑے گئے مضر صحت400کلو گرام گوشت کو تلف کردیا گیا۔


پاکستان ریڈ کریسنٹ کے زیر اہتمام صحافیوں کے لئے معلوماتی سیشن کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)صحافی معاشرے کی آنکھ ہوتے ہیں جو مسائل کو اجاگر کرنے میں مثبت کردار ادا کرتے ہیں۔صاحبزادہ منظر حسین۔ پاکستان ریڈ کریسنٹ کے زیر اہتمام صحافیوں کے لئے ایک معلوماتی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں الیکٹرانک میڈیا‘پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا سے وابستہ صحافی برادری نے شرکت کی۔معلوماتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ھلال احمر پاکستان کے CBRA & SB کے صوبائی پروگرام آفیسر صاحبزادہ منظر حسین نے کہا کہ صحافی کسی بھی معاشرے میں مسائل اجاگر کرنے اور مثبت کردار ادا کرنے میں نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔ آج کے معلوماتی سیشن کا مقصد میڈیا کے توسط سے عوام میں شعور کی سطح کو بلند کرنا اور معاشرے کے کمزور طبقہ کی صلاحیتوں میں اضافہ کاری کرنا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بہتر صورت میں نمٹا جاسکے۔خصوصاً بچوں کو اس قابل بنایا جاسکے کہ وہ مشکوک اور خطرناک چیزوں سے دور رہیں تاکہ جانی نقصان اور معذوری سے محفوظ رہ سکیں۔رضوان اعوان نے اس پروگرام کے حوالے سے مکمل آگاہی پر ایک معلوماتی سیشن دیا۔پاکستان ریڈ کریسنٹ کے ڈسٹرکٹ سیکرٹری شفقت اللہ بلوچ‘ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر زاہد جمیل ملک‘Community Based Risk Awarness & Safe Behaviorکی ڈسٹرکٹ آفیسر سیدہ افشین زیدی‘ایڈمن اینڈ فنانس آفیسر محمد سہیل شاہد بلوچ نے ھلال احمر پاکستان کے تحت ہونے والی رضاکارانہ خدمات اور پروگرامز کی اہمیت وافادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ان کا کہنا تھا کہ ھلال احمر پاکستان کے رضاکار ڈیرہ میں انسانی خدمت خلق کے لئے پیش پیش رہتے ہیں جبکہ ھلال احمر پاکستان عوام کو سہولیات بہم پہنچانے کے لئے اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان سمیت خیبر پختونخواہ کے متعدد اضلاع میں بارودی مواد کے نقصانات سے آگاہی کے حوالے سے ہلال احمر پاکستان شعور و آگاہی کیلئے مصروف کار ہے۔بارودی مواد اور مشکوک اشیا کے بارے میں آگاہی انتہائی ضروری ہے کیونکہ اس حوالے سے معلومات کی کمی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور عمر بھر کی معذوری کا سبب بن سکتی ہے۔کسی نہ کسی علاقے میں کھیلتے بچوں کی اکثریت اس دھماکہ خیز مواد کا شکار بن کر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں یا پھر عمر بھرکی معذوری کا شکار ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو تربیت دی جائے کہ مشکوک کھلونا نما چیز ملنے کی صورت میں اس کے ساتھ چھیڑ خانی اور کھیلنے سے گریز کریں۔یہ مواد پریشر ککر، موبائل فون، ریڈیو، قلم، گڑیا اور گیند وغیرہ کی شکل میں ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافی اس حوالے سے شعور کی بیداری کے ذریعے قیمتی جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمر ڈیرہ اسماعیل خان میں صحت عامہ، ایمرجنسی، ایمبولینس سروس، ابتدائی طبی امداد، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، معاشی ترقی، بارودی سرنگوں سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی  اداروں اور متعدد یونین کونسلز میں اس بارے رضاکاروں کی بڑی تعداد انسانیت کی خدمت کے جذبہ کے تحت کام کر رہی ہے اور اس حوالے سے رضاکاروں کی تربیت کا عمل مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔اس موقع پر ڈیرہ اسماعیل خان کے مقامی صحافیوں کا ایک گروپ تشکیل دیا گیا جس کے تحت وہ میڈیا میں ھلال احمر پاکستان کے پروگرامز اور آگاہی مہمات کو مقامی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے اپنی رضاکارانہ خدمات سرانجام دیں گے۔


منشیات فروش سے بھاری چرس برآمد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) سٹی پولیس نے مارکیٹ میں کاروائی کے دوران منشیات فروش سے 1کلو سے زائد چرس برآمد کرلی، ملزم گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس نے تھانہ سٹی کی حدود میں مارکیٹ میں کاروائی کے دوران منشیات فروش فضل داد سکنہ پشاور سے تلاشی کے دوران 1.225کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ سٹی پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔


ضلعی انتظامیہ اور محکمہ فوڈیرہ کی نااہلی ،ڈیرہ میں آٹے کی قیمت میں اضافہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ضلعی انتظامیہ اور محکمہ فوڈیرہ کی نااہلی ،ڈیرہ میں آٹے کی قیمت میں اضافہ ،20 کلو کا تھیلہ 980 اور 1000 روپے میں فروخت ہونے لگا ،85 کلو بوری 47 سوروپے کی ہوگئی ۔ڈیرہ اسماعیل خان میں بیس کلو گرام آٹا کا تھیلہ 980 سے 1000 روپے تک میں فروخت ہونے لگا جبکہ 85 کلو آٹے کی بوری 47 سو روپے تک پہنچ گئی ہے ۔ ضلعی انتظامیہ اداروں کے رابطوں کے فقدان کے باعث گزشتہ اڑھائی ماہ کے دوران آٹے کی قیمتوں میں ہونے والے مسلسل اضافہ روکنے میں ناکام رہی ہے۔ڈیرہ کے نابنائیوں روٹی کا وزن کم کردیا ہے ۔اڑھائی ماہ میں آٹے کے بیس کلو تھیلے کی اوسطً قیمت میں180 روپے اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے ۔ڈیرہ میں فی من آٹے کی قیمت 444 روپے اضافہ ہوا ہے ۔بیس کلو کے سپیشل آٹے ،فائن آٹے ،سرخ آٹے کی بوری کی قیمت دوسو سے تین سو روپے تک اضافہ ہوا ہے ۔گزشتہ اڑھائی ماہ کے دوران آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے ۔ڈیرہ میں بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں دو سوساٹھ روپے اضافہ ہوا ہے ۔آٹے کی سمگلنگ پر بھی قابو نہیں پایا جاسکا ۔ بڑے بڑے ڈیلر زکے خلاف انتظامیہ کی جانب سے کاروائی پر تاجر انتظامیہ کو بلیک میل کرنے کے لئے ہڑتال کردیتے ہیں ،آٹے کی قیمت میں مسلسل اضافہ کے باعث نانبائیوں نے بھی روٹی کا وزن کم کردیاہے۔


ملک بھر میں یکساں نظام تعلیم کے نفاذ کے لئے عملی اقدامات کا آغاز

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ملک بھر میں یکساں نظام تعلیم کے نفاذ کے لئے عملی اقدامات کا آغاز ،ملک بھر میں یکساں نظام تعلیم کے لئے عملی اقدامات شروع کرتے ہوئے پرائمری سے پانچویں کلاس تک نصاب کا مسودہ ڈرافٹ خیبر پختونخوا حکومت کو بھجوا دیاگیا ہے اور 15 دسمبر سے چاروں صوبوں سے ڈرافٹ کے بارے میں سفارشات طلب کی گئی ہیں اور 2021 تک تعلیمی سال سے پرائمری کلاس سے پانچویں کلاس تک یکساں نصا ب لاگوں ہوجائے گا ۔نظر ثانی شدہ یکساں نصاب پر چاروں صوبائی حکومتوں کی جانب سے تجاویز دینے کے بعد اس کا حتمی ڈرافٹ تیارکیا جائے گا ۔نظر ثانی یکساں نصاب آئندہ تعلیمی سال میں لاگو نہیں کیا جارہا ہے۔


چلغوزہ عام شہری کی پہنچ سے ہی دور چلاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) چلغوزہ عام شہری کی پہنچ سے ہی دور چلاگیا ،چلغوزے کی فی کلو قیمت آٹھ ہزار روپے تک پہنچ گئی ، چلغوزے کی خریدوفروخت بند ۔چلغوزے کی قیمت آٹھ ہزار روپے فی کلو تک پہنچنے کے بعد شہر میں اس کی فروخت بند ہوگئی ہے اور چلغوزہ مرتبانوں کی زینت بن گیا ہے ۔ٹماٹر ،پیاز ،آٹا ،چینی ،گڑ کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد چلغوزہ کی قیمت میں بھی بے پنادہ اضافہ ہوا ہے ۔چلغوزے کی قیمت میں اضافے کے باعث ٹماٹر کی طرح یہ بھی سوشل میڈیا پر ایک بحث بن گیاگیا ہے ۔چلغوزہ کی قیمت آٹھ ہزار روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے ۔شہر کے مختلف مقامات پر چلغوزے کی خریدوفروخت نہیں ہورہی ہے ۔چلغوزے کی قیمت پوچھنے کی حدتک محدود ہوگئی ہے۔وزیر ستان میں ڈیڑھ کروڑ روپے کے چلغوزے کی چوری ہونے اور بعدازاں برآمد ہونے کے بعد اس کی بیرون ممالک برآمد ہورہا ہے چلغوزے کی قیمت رواں سال مذید دوہزار روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے۔


سٹاف نرسز کی بھتہ خوری عروج پرپہنچ گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈسٹرکٹ زنانہ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈیرہ میں سٹاف نرسز کی بھتہ خوری عروج پر ، سٹاف نرسز نے لڑکے و لڑکی کی پیدائش پر والدین سے مٹھائی کے نام پرالگ الگ ریٹ مقرر کر لئے ، لیبر روم سونے کی کان میں تبدیل، عملہ زبردستی ہزاروں کی دیہاڑیاں لگانے میں مشغول ،متعلقہ افسران کی خاموشی سوالیہ نشان ، سی ای او ہیلتھ سے نوٹس لینے کا مطالبہ ،تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ زنانہ ہیڈ کوارٹرہسپتال ڈیرہ کے شعبہ لیبر و گائنی وارڈ میں تعینات عملے نے کمال مہارت کے ساتھ بھتہ خوری کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ،بچے کی پیدائش پر والدین سے مٹھائی کے نام پر ہزاروں روپے اینٹھ لئے جاتے ہیں جبکہ مطلوبہ رقم نہ ملنے تک نوزائیدہ بچے کو اپنی تحویل میں رکھا جاتا ہے ، بچی پیدا ہونے کی صورت میں بھی مریض کے لواحقین کو کچھ نہ کچھ ادا کرنا پڑتا ہے ، قابل ذکر امر یہ ہے کہ لیبر و گائنی وارڈ میں من پسند عملے کو تعینات کیا جاتا ہے جو متعلقہ ذمہ داران کی خواہشات کو مدنظر رکھ سکے ، اس حوالے سے سول ہسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ لیبرو گائنی وارڈ جہاں رشوت وصول کی جاتی ہے کسی پرائیویٹ شخص کی رسائی نہیں عملہ انتہائی مہارت کے ساتھ مریضوں کے ساتھ آئے ہوئے لواحقین کی جیبیں خالی کرواتا ہے ، شہری ، سماجی حلقوں کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اور ہسپتال انتظامیہ سے مطالبہ کیاہے کہ شعبہ لیبر و گائنی وارڈ میں ہونے والی مالی بدعنوانی کے خاتمے کے لئے نوٹس لیا جائے تاکہ غریب سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے شہری عملے کی لوٹ مار سے محفوظ رہ سکیں۔


چھٹی کے اوقات میں سڑکیں بند ہونے لگیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) سرکلر روڈ ،درابن روڈ ،شیخ یوسف روڈ پرواقع ہائی و پرائمری سکولزو کالجز کے باہر چھٹی کے اوقات کے وقت طلبہ و طالبات کو واپس گھروں کو پہنچانے کے لئے کھڑے رکشاﺅں  ، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کیوجہ سے طویل دورانئے تک سڑکیں بند ہونے لگیں ،چھٹی کے اوقات میں مسافروں ، ایمبولنسسز سمیت سرکاری اداروں کے افسران و اہلکاروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ٹریفک پولیس کا عملہ نہ ہونے کی وجہ سے چھٹی کے اوقات میں ٹریفک کے اژدہا نے راہگیروں کے لئے مسائل کھڑے کر دےئے ، اس دوران پیدل چلنے والوں کا نیا امتحان شروع ہو جاتا ہے ، راہگیروں کو طویل دورانئے تک ٹریفک کے کھلنے کا انتظار کرنا پڑتا ہے جبکہ اس دوران ایمبولنسسز سمیت سرکاری اداروں کی گاڑیوں کو بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کیوجہ سے کچہری روڈاور شاندار چوک کی جانب آمدوفت کرنے والوں کے وقت کا ضیاع بھی ہوتا ہے ، شہریوں نے ڈی پی او ڈیرہ ، ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکلر روڈ سمیت شہر کے چوک چوراہوں میں بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔


کپڑوں اور جوتوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) موسم سرما شروع ہوتے ہی کپڑوں اور جوتوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں ، بازاروں میں خریداروں کا رش ، کپڑے اور جوتوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے سفید پوش اور غریب طبقہ بھاﺅ پوچھنے تک ہی محدود ہو کر رہ گیا، موسم تبدیل ہوتے ہی سردی کے موسم والے کپڑوں اور جوتوں کی مانگ میںغیر معمولی اضافہ ہونے سے شہر کے بازاروں میں خریداروں کے رش میں دن بدن اضافہ ہوتا نظر آرہاہے ، بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کے لئے دکانداروں نے بھی کپڑوں اور جوتوں کی قیمتوں میں 50% اضافہ کر کے مہنگائی کا طوفان برپا کر رکھاہے ، اوریہ بات بھی علم میں آئی ہے کہ دکانداروں نے اپنی دکانوں کے کرایہ جات کے حساب سے جوتوں اورکپڑوں کی قیمتیں مقرر کررکھی ہےں ، اس حوالے سے شہریوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ موسم سرما کا آغاز ہوتے ہیں، شہر کے دکانداروں نے کپڑے اور جوتوں کی قیمتوں میں من پسند اضافہ کر کے شہریوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا شروع کر رکھا ہے ، غریب ، سفید پوش طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد خریداری کرنا تو دور کی بات کپڑوں اور جوتوں کے بھاﺅ پوچھنے تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔دکانداروں نے صارفین کی مجبوری کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے ، سماجی و شہری عمائدین سمیت عوامی حلقوں نے ارباب اختیار سے پرزور مطالبہ کیا ہے ، اپنی جیبیں بھرنے کےلئے مصنوعی مہنگائی کرنے والے تاجروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔


ٹاور پر وارننگ لائٹس نہ ہونے پر بڑا سانحہ رونما ہونے کا خدشہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ موبائل فون کمپنیوں کے ٹاور پر وارننگ لائٹس نہ ہونے کے باعث کسی بھی وقت کوئی بڑا سانحہ رونما ہونے کا خدشہ۔ موبائل فونز کمپنیوں کے ٹاوروں پر برقی لائٹیں آویزاں کروائی جائیں ، شہری حلقوںکا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر و گردونواح میں موبائل کمپنیوں کے درجنوں سے زائد ٹاور نصب ہیں ، ڈیرہ شہرقبائلی علاقہ جات سے منسلک ہونے کے باعث عسکری شہر ہونے کیوجہ سے فضائیہ کے ہیلی کاپٹر وغیرہ دن رات پروازیں کرتے دکھائی دیتے ہیں جس میں تربیتی مشقیں بھی شامل ہوتی ہیں ، جبکہ ان قدآور ٹاورز پر کسی قسم کی برقی لائٹیں نہیں جلائی جاتیں جس سے کسی بھی وقت کوئی بڑا سانحہ رونما ہونے کا خدشہ لاحق ہے ،شہریوںنے ارباب اختیار سے مطالبہ کیاہے کہ ڈیرہ شہر وگردونواح میں نصب موبائل فونز کمپنیوں کے ٹاورز پر برقی لائٹیں نصب کروائی جائیں۔


ٹماٹرکی فروخت بدستور مہنگے ریٹوں پر جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ میں ٹماٹرکی بدستور دوسو روپے سے دو سواسی روپے فی کلو تک فروخت جاری، ایران میںکشیدگی کے باعث صرف ایک ہزار ٹن ٹماٹر ہی پاکستان پہنچ سکے ۔ایران میں کشیدگی کے باعث ٹماٹروںکی درآمد متاثر ہوگئی ہے اور صرف ایک ہزار ٹن ٹماٹر پاکستان پہنچ گیا ہے ۔تاہم شہر میں ٹماٹر کی قیمت میں کمی نہ ہوسکی اور ٹماٹر بدستور دوسو روپے سے دو سواسی روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے ۔ٹماٹر کی قلت اور قیمت میں اضافہ کے بعد حکومت نے ایک مہینے کے لئے ایران سے ٹماٹر کے درآمد کے پرمٹ جاری کیے تھے ۔ایران سے مجموعی طور پر چار ہزار پانچ سو ٹن ٹماٹر درآمدکیے جائیں گے ۔تاہم ایران میں حکومت مخالف مظاہروں سے پاکستان کو ٹماٹر کی درآمد بھی متاثر ہوگئی ہے جس کے بعد ٹماٹر کی قیمت میں کمی نہین ہورہی ہے ۔تاجروں کے مطابق ایران سے آنے والے ٹماٹر پورے ملک کی طلب پوری کرنے کے لئے کافی نہیں ہیں اور جیسے جیسے ٹماٹر کی درآمد میں اضافہ ہوگیا ۔مقامی فصل بھی مارکیٹ میں آجائے گی جب ہی ٹماٹر کی قیمت میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔حالیہ بارشوں کے باعث مالا کنڈ ڈویژن میں ٹماٹر کی فصل متاثر ہوئی ہے ۔شہر میں چھوٹی چھوٹی ساخت کے ٹماٹر فروخت ہورہے ہیں ۔
٭٭٭

About The Author