ڈیرہ غازیخان.
:ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید کی ہدایت پر اراضی ریکارڈ سنٹر ڈیرہ غازی خان کے تالے کھلوا کر اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ نے میز کرسی لگا کر خود سائلین کے مسائل سنے اور مینول طریقے سے حل ہونے والی درخواستیں نمٹائیں۔
کمپیوٹر ورک اور اکاونٹ کیلئے ڈپٹی کمشنر آفس کے ملازمین کے نام دے دئیے گئے۔پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی ڈپٹی کمشنر آفس کے نامزد ملازمین کے نام کمپیوٹر اکاؤنٹ اوپن کرے گی تاکہ کمپیوٹرائزڈ ورک بھی کیا جاسکے۔
اس موقع پر سائلین کی چائے سے تواضع بھی کی گئی اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ نے کہا کہ اراضی ریکارڈ سنٹر کے ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے عوام کو مشکلات پیش آرہی تھی
جس کو سامنے رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر وقاص رشید نے احسن اقدام کیا۔پریشان حال سائلین کے چہروں پر خوشی اور رونق آگئی۔
انہوں نے کہا کہ اراضی ریکارڈ سنٹر کے ہڑتالی ملازمین کے معاملات حل ہونے تک ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر آفس کا عملہ درخوست گزاروں کے معاملات نمٹائے گا۔
ڈیرہ غازیخان.
پرنسپل گورنمنٹ سٹی ڈگری کالج برائے خواتین ڈیرہ غازیخان ڈاکٹر مہرونہ لغاری نے کہا ہے کہ تندرست رہنے کیلئے صحت مند سرگرمیاں ضروری ہیں خصوصا طالبات کیلئے کھیل اور ہم نصابی سرگرمیوں کی اشد ضرورت ہوتی ہے.
انہوں نے یہ بات گورنمنٹ سٹی ڈگری کالج برائے خواتین میں ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام منعقدہ رسہ کشی کے مقابلوں کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی.
ڈاکٹر مہرونہ لغاری نے بتایا کہ ان مقابلوں میں ڈویژن کی آٹھ ٹیموں نے شرکت کی. قبل ازیں مختلف کالجوں کی ٹیموں کو گورنمنٹ سٹی ڈگری کالج برائے خواتین ڈیرہ غازیخان پہنچنے پر خوش آمد کہا گیا
رسہ کشی کے مقابلوں کا آغاز 11 بجے دن ہوا اور مختلف کالجوں کی طالبات کے مابین رسہ کشی کے مقابلے ہوئے. انٹر بورڈ رسہ کشی کے مقابلو ں میں گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین چوٹی زیریں کی ٹیم نے اول پوزیشن حاصل کی.
مہمان کالجوں کے اساتذہ، کوچز اور طالبات کھلاڑیوں نے میزبان پرنسپل ڈاکٹر مہرونہ لغاری کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مقابلوں کیلئے بہترین گراسی گراونڈ کے ساتھ ساتھ شاندار انتظامات کیے اور بہترین ماحول میں کھیلوں کا انعقاد کیاگیا.
بعدازاں مہمان اساتذہ اور طالبات کو گورنمنٹ سٹی ڈگری کالج برائے خواتین ڈیرہ غازیخان کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرایاگیا.
مہمان اساتذہ نے ادارہ کے نظم و ضبط، بہترین تدریسی ماحول خصوصا لائبریری، لیبارٹریز کے علاوہ شاندار گراسی لانزکی تیاری پر پرنسپل ادارہ ڈاکٹر مہرونہ لغاری کی کاوشوں کو سراہا.
ڈیرہ غازیخان.
:ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو 1122ڈیرہ غازیخان ڈاکٹر ناطق حیات غلزئی نے کہا ہے کہ محفوظ معاشرہ کے قیام کیلئے ہر فرد پر لازم ہے کہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں.
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کمیونٹی سیفٹی ٹیمیں سکولوں، کالجوں اور پبلک مقامات پربھر پور آگاہی دے رہی ہیں.انہوں نے یہ بات گزشتہ روز سنٹرل سٹیشن چوک چورہٹہ پر عالمی یوم ٹریفک حادثات کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی.
انہوں نے بتایا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سڑک حادثات کی موجودہ اعدادو شمار کے پیش نظر آئندہ چند سالوں میں پاکستان کے اندر ہر گھر روڈٹریفک حادثہ سے متاثر ہوگا جو کہ ہمارے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے
ڈاکٹر ناطق حیات غلزئی نے بتایا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے اندر روڈ ٹریفک حادثات کی شرح پانچ فیصد ہے جبکہ کستان میں ٹریفک حادثات کی شرح خوفناک حد تک زیادہ ہے
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہونے والے روڈ ٹریفک حادثات زیادہ تر موٹر سائیکل سواروں کی لاپرواہی اورغفلت کی وجہ سے ہوتے ہیں.
انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین اورحفاظتی تدابیر پر عمل پیر ا ہو کرحادثات کی شرح میں کمی لائی جاسکتی ہے.
ڈیرہ غازیخان.
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر تونسہ شریف میں تقریبا چار ارب روپے کی لاگت سے پندرہ اہم سڑکوں پر کام کیا جارہاہے جن میں سے پانچ سے زائد مکمل کر لی گئی ہیں.
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید نے بتایاکہ تونسہ سٹی پیکج کے تحت دو ارب 45کروڑ روپے سے زائد لاگت سے نو روڈز مکمل کی جائیں گی جن میں سے پانچ مکمل کر لی گئی ہیں چار پر کام جاری ہے.
کلمہ چوک سے محلہ شیخاں والا روڈ عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جس پر کام کا آغاز کر د یاگیا ہے انہوں نے بتایا کہ ستائیس کروڑ روپے کی لاگت سے این 55تا بستی بزدار براستہ منگڑوٹھہ، 19کروڑ 90لاکھ روپے سے این 55تا منگڑوٹھہ چوک براستہ میرے والی،
ساڑھے پندرہ کروڑ روپے کی لاگت سے انڈس ہائی وے بھائی موڑ تا بغلانی براستہ سوکڑ، 39کروڑ 20لاکھ روپے سے انڈس ہائی وے تا پل بائیس براستہ مکول، انیس کروڑ بیس لاکھ روپے سے انڈس ہائی وے ناڑی جنوبی تا بیٹ میر کھر اور تیس کروڑ روپے کی لاگت سے این 55تا کھرڑ بزدار براستہ نتکانی چرکن کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے.
اسسٹنٹ کمشنر نوید حسین اوردیگرافسران کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ مٹیریل کامعیار برقرار رکھنے کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرائیں.
ڈیرہ غازیخان. :
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدا رکی ہدایت پر پھل اور سبزیو ں کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کیلئے سبزی منڈیوں میں نیلامی کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے.
اسسٹنٹ کمشنرز محمد اسد چانڈیہ، نوید حسین کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت مہر عابد حسین او ردیگر افسران نے سبزی منڈیوں میں نیلامی کے عمل کا جائزہ لیا
اور قیمتوں کی موجودہ صورتحال کو مانیٹر کیا.
ڈیرہ غازیخان. :
اسسٹنٹ کمشنر تونسہ نوید حسین نے گزشتہ روز کارروائی کرتے ہوئے گیارہ گرانفروشوں کے خلاف مقدمات درج کرا نے کے ساتھ مصنوعی مہنگائی کرنے والے دکانداروں کو تیس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا.
وزیر اعلی پنجا ب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ضلع ڈیر ہ غازیخان میں تیس کے قریب پرائس کنٹرول مجسٹریٹس متعلقہ علاقوں میں گرانفروشوں کے خلاف کارروائی کررہے ہیں ۔
جس کی باقاعدہ روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ پیش کی جاتی ہے.
ڈیرہ غازیخان. :
جنرل بس اسٹینڈ کے نزدیک مین روڈ پر ڈسٹری بیوشن سیٹ اپ پر ایک سال میں دوسری مرتبہ ڈکیتی کی بڑی واردات، مسلح ڈاکو گن پوائنٹ پرساڑھے پانچ لاکھ روپے لے کر فرار، تاجروں اور شہریوں کا شدید احتجاج،
تفصیلات کے مطابق پنجاب کالج اور معروف ترین سپر سٹو ر کے قریب واقع ملٹی نیشنل کمپنی کی ڈسٹری بیوشن پر تین مسلح ڈاکو داخل ہو ئے اور گن پوائنٹ پر ڈسٹری بیوشن مالک سلطان خان حجازی سے اور سیلزمینوں سے پانچ لاکھ چھتیس ہزار روپے سے زائد آفس کیش اور جیب سے بھی ہزاروں روپے کی نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔
جس کے بعد پولیس کو اطلاع دینے کے باوجود نہ پہنچنے پر بیکر ز ایسوسی ایشن کے چیئر مین کاشف یونس،صدر شیخ محمد حنیف، جنرل سیکرٹری محمد ساجد خان،فنانس سیکرٹری شیخ محمد ریاض،ایڈیشنل سیکرٹری شیخ محمد علی اور مرکزی انجمن تاجران کے ضلعی صدر شیخ محمد نقیب،سٹی صدر جان عالم خان لغاری،سٹی جنرل سیکرٹری جاوید اسحاق مستوئی،جنرل سیکرٹری طارق اسماعیل،سٹی سینئر نائب صدر سجاد کریم رند،نائب صدر شیخ محمد حنیف،ڈپٹی سیکرٹری فاروق احمد بھولا،سیکرٹری انفارمیشن شیخ طاہر معراج،
اسٹیل اینڈ آئرن ورکس کے طارق خلجی،عرفان گجر،شکیل حنیف، زاہد نظام و دیگر نے جنرل بس اسٹینڈ سمینہ روڈ پراحتجاج کیا اور دوسری مرتبہ اسی ڈسٹری بیوشن سیٹ اپ پر ڈکیتی کی واردات کی سخت مذمت کرتے ہوئے ڈاکوؤں کی فی الفور گرفتاری اور ڈکیتی برآمد کر نے کا مطالبہ کیا ہے
تاجروں نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے یہ علاقہ انتہائی غیر محفوظ ہو چکا ہے اور آئے روز مسافروں کی جیب تراشی اور دکانوں سے موٹر سائیکل چوری اور دیگر وارداتیں معمول بن چکی ہیں ادھر سیاسی و سماجی رہنماء اللہ بخش خان کورائی نے ڈی پی او اسد سرفراز سے مطالبہ کر تے ہو ئے
کہا کہ پکٹ لاری اڈی کا شام کے وقت گشت کو موثر بنایا جا ئے تاکہ چوری و ڈکیتی کی بڑھتی ہو ئی وارداتوں کی روک تھام ہو سکے۔
ڈیرہ غازیخان.
صفائی ستھرائی نہ سیوریج کا موثر نظام، ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی پیر قتال موڑ مسائل کی آماجگاہ بن گئی، گلیوں اور گھروں میں سیوریج کے گندے بدبو دار پانی کا راج، علاقہ کی مسجد میں پانی داخل،نمازیوں کو وضو کر نے اور نماز اداکر نے میں مشکلات کا سامنا،
کارپوریشن عملہ بے حس، اہل علاقہ کو کئی خطرناک اور جان لیوا بیماریوں نے گھیر لیا، گذشتہ کئی ماہ سے صفائی ستھرائی نہ ہونے سے گندگی کے ڈھیر لگ گئے، پورا علاقہ تعفن میں ڈوب گیا، تفصیلات کے مطابق
شہر کے علاقہ پیر قتال موڑ کے مکینوں امجد امین،الٰہی بخش،محمد رمضان،محمد سہیل،طاہر جاوید،شہزاد و دیگر نے بتایا کہ گلیوں اور گھروں میں سیوریج کے پانی کی موجودگی سے جہاں آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے
سکول جانے والے طلبا و طالبات بھی مشکلات کا شکار ہیں بعض اوقات اسی گندے پانی میں گر بھی جاتے ہیں مکینوں کے مطابق ڈاکٹر کے نجی کلینک کا عملہ نالیوں میں سرنج اور دیگر اشیاء قریبی نالیوں میں ڈال دیتے ہیں
جس کی وجہ سے اکثر نالیاں بند ہو جا تی ہیں اور بار بار سیوریج کا مسئلہ کھڑا ہوجاتا ہے گلیوں میں سیوریج کا گندہ پانی بھر جانے سے بازار اور دکانوں سے اشیاء خوردونوش کی خریداری کیلئے بھی مشکلات در پیش ہیں
اور آج تو یہ حال ہے کہ مسجد میں سیوریج کا پانی ہو نے کی وجہ سے نمازیوں کو وضو کر نے اور نماز ادا کر نے میں شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑاانہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے عملہ کی دانستہ مجرمانہ غفلت کے باعث یہ علاقہ غلاظت اور گندگی کی تصویر بن چکا ہے اور سیوریج کے پانی میں ڈوبا ہوا ہے
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ سیوریج کے گندے پانی پر پیدا ہونے والے زہریلے مچھر خطرناک بیماریوں کا باعث بن رہے ہیں میو نسپل کارپوریشن میں بارہا شکایات کرا نے کے باوجود عملہ کام کرنے کو تیار نہیں
علاقہ مکینوں نے کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ڈیرہ مدثر ریاض ملک اور چیف آفیسر اقبال فرید سے مطالبہ کیا ہے کہ پیر قتال موڑ پر صفائی،ستھرائی اور سیوریج سسٹم فوری بحال کیا جائے۔
ڈیرہ غازیخان. :
جنوبی پنجاب میں پنجاب فوڈ اتھارٹی عوم الناس تک معیاری خوراک پہنچانے کے لیے سر گرم عمل۔ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے، صفائی کی ناقص تدابیر اختیار کرنے پر 01 بیکری،سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے،
مٹھائی کی تیاری میں مضر صحت اجزاء استعمال کرنے پر 01 سوئیٹس یونٹ سر بمہر، غیرمعیاری خوراک کی فراہمی پر 55مختلف فوڈپوائنٹس کومجموئی طور پر283,500روپے کے جرمانے،وارننگ نوٹسز جاری،
مضرصحت خوراک موقع پر تلف تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سر براہی میں جنوبی پنجاب میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کاروائی کرتے ہوئے راجن پور میں واقع شکیل بیکرز کو گزشتہ ہدایات پر عمل نہ کرنے، ورکرز کے میڈیکل لائسنس نہ ہونے، پراسیسنگ ایریا میں چھپکلیاں اور دیگر حشرات پائے جانے، کھانے پینے کی چیزیں فرش پر رکھنے، بیکری آئٹمز کی تیاری میں آلودہ مشینری استعمال کرنے پر مطلوبہ بیکری یونٹ کو سیل کر دیاگیا
۔ضلع مظفر گڑھ میں کاروائی کرتے ہوئے پاکیزہ ہجویری سوئیٹس کوسابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے، مٹھائی کی تیاری میں مضر صحت اجزاء(کلر، سٹارچ) استعمال کرنے، ورکرز کے میڈیکل لائسنس نہ ہونے، پراسیسنگ ایریا میں مکھیوں کی بہتات ہونے،
ناقص صفائی کے اقدامات پر سیل کیا گیا۔علاوہ ازیں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے مختلف اضلاع بشمول مظفرگڑھ، لیہ، راجن پور، رحیم یار خان میں کارروائیوں کے دوران متعدد فوڈ پوائنٹس کا حفظان صحت کے اصولوں کا جائزہ لیتے ہوئے
مظفرگڑھ میں 92,500روپے، ڈیرہ غازی خان میں 32,000روپے،لیہ میں 6,000روپے، راجن پور میں 10,000 اور رحیم یار خان میں متعدد شاپس اینڈ فوڈ پوائنٹس کو 143,000 روپے کے جرمانے عائدکیے۔
فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مزید چیکنگ کے دوران متعدد فوڈ پوائنٹس کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پرحتمی نوٹسزبھی جاری کیے۔
ڈیرہ غازیخان.
72سال میں مسئلہ کشمیر اس وقت بدترین ترین سطح پر ہے مدعی پاکستان اور عالمی دنیا خاموش یو این او کی قراردادوں کو بھی پس پشت ڈال دیا گیا،
سیاسی جماعتوں کی خاموشی سد افسوس جماعت اسلامی عالمی دنیا اور پاکستان میں مسئلہ کشمیر کو اٹھا رہی ہے
مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے 22نومبر کو اپنے مرکزی رہنما سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں ڈیرہ غازی خان میں تاریخی آزادی کشمیر مارچ کریں گے نئے سروے کے مطابق پاکستان کے 53 فیصد عوام اس وقت مہنگائی بے روزگاری ملک کا سب سے بڑا مسئلہ سمجھتے ہیں
تبدیلی سرکار میں کرپشن بڑھ گئی آج عالمی سطح پر پاکستان تنہا کھڑا ہے نااہل حکمرانوں سے ملک چل نہیں پا رہا مہنگائی بیروزگاری آئین پر عمل درآمد پاکستان کو مسائل کے دلدل سے نکالنے کے لیے ایک قومی ایجنڈے کی ضرورت ہے
ملک کو انتشار سے بچانا چاہتے ہیں ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری اظہراقبال حسن نے جماعت اسلامی ضلعی آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر امیر جماعت اسلامی جاوید اقبال بلوچ مرکزی رہنما شیخ عثمان فاروق غنا محمد گجر منیر احمد کلاچی ڈاکٹر اشرف بزدار شیخ عبدالستار بھی موجود تھیے۔
اظہر اقبال حسن نے کہا22 نومبر کو ڈیرہ غازی خان میں سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں تاریخی آزادی کشمیر مارچ کریں گے انہوں نے کہا کہ کشمیر پر سودا بازی نہیں کرنے دیں گے اس وقت عالمی دنیا میں حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی سے پاکستان تنہا کھڑا ہے
عالمی دنیا مسئلہ کشمیر پر خاموش جبکہ حکومت کشمیر کا مقدمہ نہیں لڑ رہی جان بوجھ کر مسئلہ کشمیر کو نظرانداز کیا جارہا ہے انہوں نے کہا ملک میں مہنگائی بے روزگاری عروج پر ہے
ملک میں کرپشن پہلے سے بڑھ گئی روزانہ 12 ارب کی کرپشن ہو رہی ہے حکمرانوں کی نالائقی سے سی پیک معاہدہ بھی پس پست ڈال دیا گیامسئلہ کشمیر سے سودا بازی نہیں ہونے دیں گے اسمبلیوں سینیٹ سب جگہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں گے۔
ڈیرہ غازیخان. :
بیل دوڑ صدیوں سے پنجاب کے ثقافتی کھیلوں کا حصہ رہی ہے اور یہ کھیل ہمارے دیہات کی ایک منفرد تصویر پیش کرتا ہے۔ان مقابلوں میں دور دراز کے دیہات سے کسان اپنے اپنے بیلوں کے ساتھ آتے ہیں۔
ان کا جوش و ولولہ خوشی قابل دید ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن اظفر ضیاء نے یہاں ڈیرہ غازیخان میں ہونے والے بیل دوڑ کے مقابلوں کے اختتام پر ونرز بیل کے مالکان کو انعام دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہ اب لوگوں کے پاس تفریح کے زیادہ مواقع نہیں اس لیے کسان ایسے مقابلوں میں شرکت کر کے خوشی محسوس کرتے ہیں۔اس طرح کے مقابلے اور میلے ہی پنجاب کی ثقافت کا اصل رنگ ہیں
ایسی سرگرمیوں کو جاری رہناچاہیے۔ گزشتہ کیٹل مارکیٹ میجمنٹ کمپنی پنجاب کے زیراہتمام کوٹلہ سکھانی نزد دانش سکول بیل دوڑ کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔
ان مقابلوں کے چیف آرگنائزر یونس کھتران جنرل منیجر کیٹل مارکیٹ میجمنٹ کمپنی تھے۔ہونے والے ان بیل دوڑ کے مقابلوں میں ڈیرہ غازیخان کے دیہات کے درجنوں بیل جوڑیوں نے حصہ لیا۔
جسے دیکھنے کے لیے لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ بیل دوڑ کے لیے ساڑھے نو سو میٹر طویل اور سیدھا راستہ بنایا گیا تھا
جس پر بیل کے مابین سب سے پہلے منزل تک پہنچنے کا مقابلہ ہوا۔
مقابلے میں پہلا انعام بیل نواب مالک حاجی موسی خان،دوسرا انعام بیل قلندری مالک کالو خان، تیسرا انعام بیل چیتا مالک حاجی محمد خان نے حاصل کیا
پہلی پوزیشن پر آنے والے بیل کے مالک کو 70 سی سی موٹر سائیکل جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبرپر آنے والے بیل کے مالک کو بالترتیب 15 اور دس ہزار روپیکا کیش انعام و ٹرافی دی گئی۔
ڈیرہ غازیخان. :
موجود حکومت صرف میڈیا کے بیانات اور تبصروں تک محدود اور زندہ ہے عملی طور پر موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔
سبزی پھولوں سے لیکر ادویات تک تمام ضرورت کی اشیاء عام آدمی کے دسترس سے باہر ہوچکے ہیں۔بجلی کی قیمت ہو یا پیٹرول کی تمام کی دام دو گنا سے زائد بڑھ چکے ہیں
ٹماٹر ہو یا کوۂ اور اشیاء خردو نوش تمام چیز نایاب دیکھائی دیتے ہیں کسان کا معاشی استحصال کھاد سپرے مافیا کررہی ہے۔
جبکہ حکومتی کارکردگی کے بارے میں خان صاحب کی نااہل ٹیم کی نااہلی کو خان صاحب خود بھی تسلیم کرچکے ہیں
پیپلز پارٹی کی قیادت کو احتساب کے نام پر حرف نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ بلاول بھٹو ہی مستقبل کے حقیقی قومی لیڈر بن کر سامنے آچکے ہیں۔ بلدیاتی الیکشن کا نظام ابھی تک حکومتی حلیف جماعتوں کو بھی سمجھ نہیں آسکی
بلدیاتی الیکشن جب بھی ہونگے ہم بھر پور شرکت کریگے ان خیالات کا اظہار سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و صوبائی وزیر سردار دوست محمد خان کھوسہ نے یہاں ڈی جی خان میں نجی تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا
انکا کہنا تھا موجودہ حکومت کے پاس عوام کو سہولت دینے کے لیے کوئی حکمت عملی نہیں ہے۔ناسمجھ حکمرانوں نے نہ صرف ملک کے اندر پاکستانیوں کی زندگی کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے بلکہ خارجہ پالیسی بھی کوئی کامیاب نہیں دیکھائی دیتی
بلدیاتی الیکشن میں بھرپور شرکت کریگے اور موجودہ حکمرانوں کی ناقص ترین کارکردگی سے مایوس عوام اب ملک میں جلد نئے الیکشن کی خواہش مند نظر آتی ہے سردار دوست کھوسہ کا کہنا تھا
کہ مسلم لیگ میں اب بظاہر میاں نواز شریف مائینس ہوچکے ہیں
جبکہ شہباز شریف کے ہاتھ پاؤں بھی پھول چکے ہیں انکا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن سے پہلے ڈویژن بھر میں پارٹی کی تنظیم سازی کریگے اور ہر یونین کونسل میں پی پی کا امیدوار میدان میں ہوگا۔
ڈیرہ غازیخان.
آر پی او ڈیرہ غازیخان عمران احمر کا آفس سٹاف کے ساتھ میٹنگ کا انعقا دتفصیل کیمطابق ریجنل پولیس آفیسر عمران احمر کی زیر صدارت ریجنل پولیس آفس میں ہیڈ آف برانچزکے ساتھ میٹنگ کاانعقادکیا گیا
میٹنگ میں آرپی او عمران احمر نے ریجنل پولیس آفس کی تما م برانچز کے ہیڈ انچار ج کے ساتھ دفتری امور پر تفصیلا ً میٹنگ کی اور دفتری معاملات کا جائزہ لیااس موقع پرآر پی او عمران احمر نے کہا کہ آپ اپنے فرائض منصبی نہایت ایمانداری او ر مکمل غیرجانبداری سے سرانجام دیں
انصاف کی فراہمی مظلوم کی دادرسی اورسائلین کے ساتھ اپنا رویہ مہذبانہ رکھیں سائلین کی عزت و نفس کا خاص خیال رکھتے ہوئے ان کے مسائل دلجمعی سے سن کر حل کرنے کی ہرممکن کوشش کریں
اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کارلاتے ہوئے اپنے اختیارات کا جائز استعمال کریں جو محکمہ پولیس کے لیے باعث فخرہو عوام کی خدمت حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار ہوکر کر یں۔
ڈیرہ غازیخان. :
سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا ہے کہ محسن انسانیت حضرت محمد ؐ کی زندگی اور تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں
جن پر عمل کر کے اپنی زندگی اور آخرت سنواری جا سکتی ہے اپنی رہائش گاہ کھوسہ ہا ؤ س میں سیاسی ورکرز اور معززین شہر سے بات چیت کر تے ہو ئے سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا کہ صحرائے عرب جو جہالت کے اندھیروں میں غرق تھا
حضور ؐ پر نور کی آمد،تعلیمات اور سیرت سے امن اور محبت کا گہوارہ بن گیا ریاست مدینہ نے دنیا کو جینے کا انداز سکھایا
انسانیت،سیاست،بصیرت،امن وا مان،بھائی چارے اور انصاف کی روشن مثالیں قائم کیں انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ ہی ہمارے لئے مشعل راہ ہے
پاکستان اور عالم اسلام کے تمام مسائل کا واحد حل ایمان،اتحاد اور حقیقی معنوں میں حضور اکرم ؐ کی تعلیمات اور سیرت پر عمل کر نے میں ہے۔
ڈیرہ غازیخان
آزادی مارچ پلان بی مرحلہ،جمعیت علماءاسلام کے کارکنوں کا پانچویں روز بھی تونسہ بائی پاس پر دھرنا،انڈس ہائی وے بلاک ،قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں،احتجاجی شرکاءگو عمران گو اور قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کے حق میں نعرے لگاتے رہے،
مہنگائی بیروزگاری کے ستائے عوام آزادی مارچ کا حصہ ہیں تمام جمہوری قوتیں ہمارے ساتھ ہیں ،مولانا اقبال رشید ،
تفصیلات کے مطابق جے یو آئی کے زیر اہتمام پانچویں روز بھی کارکنوں نے تونسہ بائی پاس پر دھرنا دیا اور نعرہ لگائے ،کی قیادت میں کارکنوں کی بھاری تعداد نے دھرنا دیا۔
اور انڈس ہائی وے بلاک کردی۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔
جمعیت علماءاسلام کے ضلعی امیر مولانا اقبال رشید ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ انعام اللہ بھٹی رب نوازکھلول ،مولانا حسنین اعجاز،مولانا شعیب سیال ،ڈاکٹر حسین احمد ،قاری حماد،مولانا عبدالرو¿ف،مولانا سید عبدالمعبودآزاد،مولانا عبدالمجیدتوحیدی ،مولانا رحمت اﷲ رحمانی ،
مولانا حبیب الرحمن تونسوی ،مولانا ضیاءالرحمن ،مولانا سلیمان ،مولانا محمد شاہد،مولانا قاری محمد رمضان بھٹی ،مفتی عبدالغفار،مولانا مفتی سہیل ،مولانا قاری محمد رمضان رحیمی ،ڈاکٹرحسین بخش نے خطاب کیا
اس موقع پر گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی پنجاب کے رہنما عبدالسلام ناصربھی موجود تھے
ڈیرہ غازیخان :
بارڈر ملٹری پولیس چیک پوسٹ راکھی گاج کی کاروائی، چوری شدہ موٹر سائیکل سمگلنگ کی کوشش نا کام، ملزم گرفتار، مقدمہ درج تفصیلات کے مطابق
بارڈر ملٹری پولیس تھانہ راکھی گاج کے ایس ایچ او لیاقت عباس لغاری نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے ملتان سے موٹر سائیکل چوری کر کے بلوچستان کے علاقہ رکنی فروخت کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہو ئے موٹر سائیکل چور عبدالستار ولد ربنواز قوم فقیر سکنہ بھٹہ کالونی ڈیرہ غازی خان کو موٹر سائیکل سمیت گرفتارکر کے مقدمہ درج کر دیا
اس موقع پر ایس ایچ او لیاقت عباس لغاری نے کہا کہ کمانڈنٹ بی ایم پی سید موسی رضا کی ہدایت پر چیک پوسٹ راکھی گاج پر جرائم کا خاتمہ اولین ترجیح ہے
جرائم پیشہ افراد کتنے ہی با اثر اور چالاک کیوں نہ ہوں قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے ان کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری رہیں گی۔
ڈیرہ غازی خان
صحافت کی دنیا میں خوش گوادر ہوا کا جھونکا پبلشرز و ایڈیٹرز کونسل (PEC) ڈیرہ غازی خان کا قیام اور عہدیداران کا چناؤ ، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان سے اشاعت کئے جانے والے اخبارات کے پبلشرز اور ایڈیٹرز کی نمائندگی کیلئے ایڈیٹرز کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا،
جس میں محمد حسین آزاد پبلشر روزنامہ صلاحیت ڈیرہ غازی خان کو چیئرمین، قیصر عباس جعفری پبلشر روزنامہ کسک ڈیرہ غازی خان کو صدر، فیض رسول لکھوزئی پبلشر ہفت روزہ مرتجز ڈیرہ غازی خان کو سینئر نائب صدر، شاہد احمد گلیانی ایڈیٹر روزنامہ غازی کو نائب صدر، محمد طاہر حنیف پبلشر ہفت روزہ
گزٹ ڈیرہ غازی خان کو جنرل سیکرٹری جبکہ عبدالمجید عمرانی منیجنگ ڈائریکٹر روزنامہ ہجرت ڈیرہ غازی خان کو جوائنٹ سیکرٹری، تنویر عباس دستی ایڈیٹر محتسب ٹائمز ڈیرہ غازی خان کو فنانس سیکرٹری، خضر حیات خان ایڈیٹر روزنامہ کسک ڈیرہ غازی خان کو سیکرٹری انفارمیشن منتخب کیا گیا
جبکہ ممبران میں احتشام انصاری، غفار خان کھوسہ، ملک امتیاز ، شاہد بودلہ، رمضان ندیم، محمد کلیم قریشی، راجہ وسیم طارق، ذکاءالدین، محمدزبیر لودھی شامل ہیں ۔
اس موقع پر معروف سینئر صحافی عالیجاہ حسنین کامران ، احسان چنگوانی، ملک اظہر کلیم نے تمام منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی
اور امید ظاہر کی کہ ایڈیٹرز کونسل صحافیوں کی عزت نفس کے ساتھ ان کی فلاح کے لئے کام کرے گی۔
اے وی پڑھو
موہری سرائیکی تحریک دی کہاݨی…||ڈاکٹر احسن واگھا
محبوب تابش دے پرنے تے موہن بھگت دا گاون
جیسل کلاسرا ضلع لیہ ، سرائیکی لوک سانجھ دے کٹھ اچ مشتاق گاڈی دی گالھ مہاڑ