نومبر 5, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پی ٹی وی اور ریڈیوپاکستان کیلئے جاپان سے تعاون مانگ لیا گیا

جاپان کے سفیر نے پاکستان کے قومی نشریاتی ادارہ میں نصب آلات کی اپ گریڈیشن کے حوالہ سے تعاون کے فروغ میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

اسلام آباد ۔ 15 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان میں نصب تکنیکی آلات کی اپ گریڈیشن کیلئے جاپان کا تعاون درکار ہے۔

انہوں نے یہ بات جاپانی سفیر سے گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں کی ہے ۔ فردوس عاشق اعوان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور جاپان گزشتہ 6 دہائیوں سے تعاون پر مبنی تعلقات سے مستفید ہو رہے ہیں ، ہم دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں جاپان کے سفیر کونینوری متسودا سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ 50 کی دہائی میں جاپان نے پاکستان کو ٹیلی ویژن سروس کے قیام کیلئے ریاستی نشریاتی ادارہ کیلئے معاونت اور آلات کی فراہمی کی تھی جس کے نتیجہ میں 1960ءمیں پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک کا قیام عمل میں آیا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی بصیرت آمیز قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کے کلیدی شعبوں میں اصلاحات لانے اور ریاستی اداروں کی مضبوطی کے ایک اصلاحاتی پروگرام کا آغاز کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاپان تکنیکی جدت کے میدان میں سیکھنے کےلئے ایک نمونہ ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ جدت اور تکنیکی ترقی کسی بھی معاشرے کی معاشی ترقی کا اصل پیش خیمہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تکنیکی شعبوں میں جدت لانا اور اسے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا جدید دور کے تقاضے ہیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان اور جاپان گذشتہ 6 دہائیوں سے تعاون پر مبنی تعلقات سے مستفید ہو رہے ہیں جو نسلوں پر محیط ہیں اور ہم دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے قومی خبر رساں اداروں کیوڈو اور اے پی پی کے مابین جاری تعاون اور معاہدوں کو مزید تقویت دینے کے علاوہ فلم اور مشترکہ پروڈکشن کے شعبوں میں تعاون کے نئے راستے کھولنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

جاپان کے سفیر نے پاکستان کے قومی نشریاتی ادارہ میں نصب آلات کی اپ گریڈیشن کے حوالہ سے تعاون کے فروغ میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

دونوں اطراف نے معیشت، ابلاغیات، فلم اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی سرگرمیاں مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

جاپانی سفیر نے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کو دورہ جاپان کی بھی دعوت دی۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات، پرنسپل انفارمیشن آفیسر، ڈائریکٹر جنرل (ڈیمپ) اور وزارت کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

About The Author