مئی 16, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلے

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تبصرے اور تجزیے۔

بارڈرملٹریپولیس ڈیرہ غازیخان:

دفعدارہاشم خان بزدار ،دفعدارنسیم خان بزدار، دفعدارحاجی زمان لغاری ،دفعدارسعیدلغاری
دفعدارکریم نوازلغاری اور دفعدار زیاد احمدقیصرانی
دفعدار سےجمعدار پروموٹ🌴


وھوا کھڈ بزدار.

ٹول پلازہ کے مقام پر جے یو آئی کیمپ دھرنے کی وجہ سے روڈ بلاک.
ٹبی قیصرانی تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں رات بھر مسافر جن میں بچے بوڑھے عورتیں شامل ہیں.

پریشان انتظامیہ تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے سوال یہ ہے کہ مسافروں کا قصور کیا ہے ان مسافروں میں بیمار بھی شامل ہونگے.

زرائع کے مطابق قریبی آبادی والے ایک دوست نے بتایا ہے گاڑیوں میں بچوں کے رونے کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں اور مسافروں کے پاس کھانے کے لیے کچھ بھی نہیں.


سیاست۔کوٹ قیصرانی:

سابق ایم پی اے سردارممتاز احمد بھٹو خان قیصرانی اور چیف قیصرانی سردار میربادشاہ خان قیصرانی میں اختلافات شدت اختیار کر گئے، سوشل میڈیا پر لفظی جنگ عروج پر پہنچ گئی۔

سردار میربادشاہ قیصرانی کے خاص ورکر سابق کونسلر غلام شبیرقیصرانی سابق ایم پی اے کے خلاف نیب میں پہنچ گئے اور ان پر مالی بے ضابطگیوں کا الزام لگا دیا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سردار ممتاز احمد بھٹو خان قیصرانی نے اپنے دوربحیثیت رکن صوبائی اسمبلی کروڑوں روپے کی کرپشن کی اور اس کرپشن کو چھپانے کیلئے یہ پیسہ اپنے سالے طاہر تنویر خان قیصرانی کو دے دیا۔

جس نے ملتان، اسلام آباد اور تحصیل تونسہ کے مختلف مواضعات میں جائیدادیں بنائیں۔
اس درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے نیب نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) ڈیرہ غازیخان کو سابق ایم پی اے سردارممتاز بھٹو ان کی اہلیہ، طاہر تنویر قیصرانی ان کی اہلیہ اور دس سالہ بیٹی کے تحصیل تونسہ میں جائیداد کی تفصیل فراہم کرنے کےلئے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

جب اس بارے میں سابق ایم پی اے سردار ممتاز خان بھٹو قیصرانی سے اس بارے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اپنے آپکو بلوچ کہنے والے بلوچیت کو بھول کر بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں اب درخواست میرے اور میرے اہل خانہ کے خلاف دے دی ہے تو دنیا دیکھے گی اور سب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے اثاثے میری ایم پی اے شپ سے پہلے زیادہ تھے اب کم ہو گئے ہیں۔

انکا مزید کہنا تھا کہ دامن صاف اور ضمیر مطمئن ہے یہ بھونڈی حرکات عوامی خدمت کے جذبے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔
میں نے کرپشن تو کبھی نہیں کی ہاں یہ ضرور ہے کہ ہمیشہ کرپشن کرنے کی راہ میں رکاوٹ ضرور بنا ہوں۔

اسی طرح جب طاہر تنویر خان قیصرانی سے جب ان کا مؤقف معلوم کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ افسوس اپنے آپکو بڑا کہنے والے اتنے چھوٹے ہو گئے ہیں کہ اپنے قبائل کی قدروں کا خیال بھی نہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے معاملات تو الحمدللّٰہ بالکل صاف اور شفاف ہیں میں نے دس سال دیار غیر میں محنت کی ہے اور جو کچھ کمایا اپنے ملک لیکر آیا جس پر فخر ہے کہ اپنے ملک کا زرمبادلہ بڑھایا مگر میں جانتا ہوں یہ لوگ بغض بھٹو میں تمام اقدار بھلا بیٹھے ہیں بلوچی رسم و رواج کی دھجیاں اڑانے والے اپنے تابوت میں آخری کیل خود ہی ٹھونک رہے ہیں۔


ڈیرہ غازیخان. :
محکمہ انٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان کی ٹیم نے ریونیو عملہ کے ہمراہ تحصیل کوٹ چھٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے تقریبا پانچ کروڑ روپے مالیت کا دو سو چالیس کنال سرکاری رقبہ واگزار کرالیا ہے

اور فصلیں اٹھانے پر غیر قانونی قابضین کو تین لاکھ ساٹھ ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر انٹی کرپشن کاشف رفیق کی سربراہی میں ٹیم نے موضع رکھ ڈھول میں کارروائی کی۔

ٹیم میں نائب تحصیلدار مہر شمعون کے علاوہ عبدالغفور جتوئی، سجادحسین،محمد ظہیر اور دیگر شامل تھے ٹیم نے حقنواز لسکانی، محمد انور، اعجاز، غلام سرور وغیرہ کے ناجائز قبضہ سے سرکاری رقبہ ہل چلاکر واگزار کرایا اور غیر قانونی قابضین کو بے دخل کر دیا۔


ڈیرہ غازیخان. :

تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازی خان نے میٹرک ضمنی امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو تعلیمی سیشن 2019-20 میں بطور ریگولر امیدوار داخل ہونے کے لئے داخلہ کا شیڈول جاری کردیا ہے۔

اسسٹنٹ سیکرٹری رجسٹریشن کے مراسلہ کے مطابق داخلہ فارم 16 نومبر سے 30 نومبر تک جمع کرائے جاسکیں گے۔

پانچ سو روپے فی طالبعلم لیٹ فیس کے ساتھ داخلہ فارم یکم دسمبر سے 7دسمبر تک اور تاخیر سے نتائج کے اعلان پر داخلہ فارم نتائج کے اعلان کے دس روز کے اندر جمع کرائے جاسکیں گے مزید معلومات کے لیے ادارہ سے رجوع کیا جاسکتا ہے.


ڈیرہ غازیخان. :

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان میں کرکٹ اکیڈمی قائم کی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے کرکٹ اکیڈمی خطہ کے نوجوانوں کو کرکٹ کی تربیت دے گی۔ وزیراعلی کی ہدایت پر سیکرٹری سپورٹس ندیم محبوب نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان وقاص رشید اور دیگر افسران کے ہمراہ کرکٹ اکیڈمی کے لیے تجویز کی گئی ،

جگہوں کا معائنہ کیا. سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب نے کہا کہ وزیر اعلی کی کرکٹ اکیڈمی کے قیام کی ہدایت پر جلد عمل درآمد کرایا جائے گا اور مناسب جگہ پر کرکٹ اکیڈمی قائم کی جائے گی انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان کے ہاکی گراؤنڈ میں آسٹروٹرف بھی بچھائی جائے گی۔

جس کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں سیکرٹری سپورٹس نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ سپورٹس سٹیڈیم ڈیرہ غازی خان کے علاوہ کھیل کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اس موقع پر بتایا گیا کہ ڈیرہ غازی خان میں کرکٹ اکیڈمی کے قیام کے لیے ابتدائی کام شروع کر دیا گیا ہے

تین کوچز کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں جنہوں نے کھلاڑیوں کی تربیت کا سلسلہ شروع کر دیاہے اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر عطا الرحمان اور دیگر موجود تھے۔دریں اثناء سیکرٹری سپورٹس نے تونسہ شریف میں کمال سٹیڈیم کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا.


ڈیرہ غازیخان. :

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔

مرکزی ریلی بمبے ہوٹل چوک سے نکالی گئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر وقاص رشید نے کی۔افسران کے علاؤہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔

شرکاء نے قومی اور کشمیر کے پرچم کے علاؤہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور ظلم وستم کی مذمت کیلئے سیاہ جھنڈے بھی اٹھائے ہوئے تھے۔شرکاء نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھی ہوئی تھی۔شرکاء نے پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان،

کشمیر پر ظلم و ستم بند کیا جائے وغیرہ کے فلک شگاف نعرے لگائے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید نے کشمیر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔

بھارت کشمیر پر ظلم و ستم بند کرے۔اقوام عالم کشمیر میں بھارتی جارحیت کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلایا جائے.


ڈیرہ غازیخان.

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید نے اپنے آفس میں کھلی کچہری لگائی

اور سائلین کی تحریری و زبانی درخواستوں پر احکامات جاری کیے اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے ڈپٹی کمشنر وقاص رشید نے کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ہفتہ وار کھلی کچہری کے علاؤہ تمام سرکاری دفاتر میں اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد کرایا جارہا ہے۔

تمام دفاتر میں سائلین کے مسائل حل کرنے کے علاؤہ انہیں عزت وتکریم دلانے کیلئے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔

عوام کے مسائل کے بروقت حل میں عدم دلچسپی اور کوتاہی برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر وقاص رشید نے کہا کہ ان کے دفتر کے دروازے ہر شہری کیلئے کھلے ہیں اور عوام کے مسائل کا بروقت حل ترجیحات میں شامل ہے


ڈیرہ غازیخان. :

انٹی کرپشن کی ٹیم نے دائرہ دین پناہ میں کارروائی کرتے ہوئے قبرستان کے رقبہ پر غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی دکانوں کو تالے لگاکر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

مراسلہ کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر مظفر گڑھ نے ریونیو عملہ کے ہمراہ دائرہ دین پناہ میں کارروائی کی اور سرکاری رقبہ پر غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی دکانوں کا قبضہ حاصل کرلیا.


ڈیرہ غازیخان.

ضلع ڈیرہ غازی خان میں ہارٹیکلچر اور سیاحت کی بہتری کیلئے کمشنر آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں مشیر وزیراعلی پنجاب برائے سیاحت و پی ایچ اے آصف محمود، مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت محمد حنیف پتافی، کمشنر مدثر ریاض ملک اور چیئرمین ٹورازم سہیل ظفر چیمہ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔مشیر وزیراعلی پنجاب آصف محمود، محمد حنیف پتافی،

کمشنر مدثر ریاض ملک اور چیئرمین ٹورازم سہیل ظفر چیمہ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں پارکس،ہارٹیکلچر اور سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہوگی۔تاخیری حربے استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے سٹی پارک اور جناح فیملی پارک کو بہتر و بحال کیا جائیگا جس کے لیے دو کروڑ سے زائد رقم مختص کی گئی ہے ڈیرہ غازی خان اور تونسہ کے 13 چوکوں کو خوبصورت بنایا جائیگا جس کے لیے دس کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں اور آٹھ فیصد کام کر لیا گیا ہے ملک کے سنگم پر موجود پاکستان چوک کی ری ڈیزائننگ کی جائے گی اور دو روز کے اندر حتمی ڈیزائن تیار کرکے بھجوا دیا جائے گا

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایچ اے ڈیرہ غازی خان کیلئے پانچ کروڑ ستر لاکھ روپے کی ضروری مشینری خریدی جائے گی، مانکا کینال کو پرائیویٹ سیکٹر کے ذریعے خوبصورت بنایا جائے گا پہلے فیز میں پل ڈاٹ سے پل پیارے والی اور دوسرے فیز میں پل پیارے والی سے چوک چور ہٹہ تک نہر کے دونوں کناروں پر لینڈ سکیپنگ کی جائے گی۔

تونسہ شریف میں کمال پارک اور سٹی پارک کی بہتری پر چار کروڑ خرچ کئے جارہے ہیں۔تونسہ شریف میں دس کروڑ روپے کی لاگت سے عوامی پارک تعمیر کیا جارہا ہے۔کمشنر مدثر ریاض ملک نے تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو آخری تنبیہ کالیٹر جاری کرنے کے احکامات دے دئیے ہیں

کہ ایک ہفتہ کے اندر تمام ترقیاتی منصوبوں میں پی ایچ اے کیلئے مختص ایک فیصد فنڈ ٹرانسفر کئے جائیں۔ کمشنر مدثر ریاض ملک نے ڈیرہ غازی خان اور تونسہ میں پی ایچ اے لاہور کی طرف سے پارکس کی بحالی اور دیگر ترقیاتی کام کے معیار پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ

پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور کے افسران کی طرف سے باہمی رابطے کا فقدان ہے جس کی وجہ سے مسائل جنم لے رہے ہیں اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیع اللہ فاروق،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ و فنانس عبیدالرشید،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عدیل، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اقبال فرید،پی ایچ اے کے اویس احمد اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے.


ڈیرہ غازیخان. :

کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن مدثر ریاض ملک نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں خزاں فیسٹیول مکمل طور پر پرائیویٹ سیکٹر کے ذریعے منعقد کرایا جا رہا ہے اور ایک روپیہ بھی سرکاری فنڈ سے خرچ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ڈویژن کے عوام کو معیاری تفریح فراہم کررہے ہیں اور پہلی مرتبہ موسم خزاں میں فیسٹیول کا انعقاد کرایا جارہا ہے۔

کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا کہ خزاں فیسٹیول 17 نومبر تک جاری رہے گا جس میں جیپ ریلی کے ساتھ رنگارنگ ثقافتی پروگرام منعقد کرائے جارہے ہیں


ڈیرہ غازیخان. :

کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن مدثر ریاض ملک نے کہا ہے کہ تونسہ میں یونیورسٹی آف تونسہ تعمیر کی جائے گی وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے یونیورسٹی کی منظوری دے دی ہے

یونیورسٹی آف تونسہ کیلئے کمال پارک سے ملحقہ سرکاری رقبہ تجویز کیا گیا ہے قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے جلدتعمیراتی کام شروع کئے جائیں گے۔


ڈیرہ غازیخان.

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پرغازیگھاٹ،تونسہ بیراج کے علا وہ پنجند اور کوٹ مٹھن کے مقامات پر سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جائیں گے  ۔

ڈیرہ غازی خان اور کوٹ مٹھن میں دریائے سندھ کے کناروں پر موجود انڈس کوئین کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر محکمہ سیاحت نے منصوبوں پر کام شروع کردیا ہے۔

یہ بات چیئرمین ٹورازم پنجاب سہیل ظفر چیمہ نے کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس میں کہی۔


ڈیرہ غازیخان.

:ڈپٹی کمشنر وقاص رشید نے کہاہے کہ ڈیرہ غازی خان کے سکولوں کو انٹرنیشنل سکول ایوارڈ کے فورم سے منسلک کرنے سے ڈیرہ غازی خان کو عالمی سطح پر ممتاز مقام حاصل ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل سکول ایوارڈ کے تحت منتخب سکولوں کی تعلیمی و ثقافتی اور ہم نصابی سرگرمیاں مذکورہ فورم کے توسط سے دیگر ممالک کیساتھ شیئر کی جاسکیں گی۔

ڈپٹی کمشنر نے اس امر کا انکشاف گزشتہ روز گورنمنٹ گرلز ایلمنٹری سکول مکول کلاں میں انٹرنیشنل سکول ایوارڈ کے سلسلہ میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرسی ای او ایجوکیشن و دیگر افسران محکمہ تعلیم،سکول کی سنیئر ہیڈ مسٹریس،اساتذہ اور طالبات نے بھی شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر وقاص رشید نے کہاکہ گورنمنٹ گرلز ایلمنٹری سکول مکول کلاں کاانٹرنیشنل سکول ایوارڈ میں بیرون ملک سکول سے منسلک ہونا دیگر تمام سکولوں کیلئے عمدہ ترین مثال ثابت ہوگا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اچیومنٹ کی بنیاد پر دیگر سکول بھی عالمی سطح پر متعارف ہونگے اور انکو انٹرنیشنل سکول ایوارڈ سے منسلک ہونے کا اعزاز حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ڈیرہ غازی خان کے سکول معیار تعلیم کے اعتبار سے ملکی سطح کے معروف تعلیمی اداروں سے کسی طرح کم نہیں ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ گرلز ایلمنٹری سکول مکول کلاں کی اکیڈمک پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہاکہ یو پی ای اور یو ایس ای انرولمنٹ میں اضافہ سکول کی معیاری کارکردگی کا ثبوت ہے۔

ڈپٹی کمشنر وقاص رشید نے اس موقع پر تقریب کے دیگر شرکاء کے ہمراہ وڈیو لنک پربیرون ملک کے اکیڈمک اور کلچرل شو بھی دیکھے جبکہ مذکورہ سکول سے شجرکاری کا عمل بذریعہ وڈیو لنک شیئر کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے سکول کی طا لبات کی طرف سے لگائے گئے ۔

ثقافتی سٹالز کا بھی معائنہ کیا اور طالبات کی مہارت کو سراہا۔قبل ازیں سکول کی سینئر ہیڈ مسٹریس نے انٹرنیشنل سکول ایوارڈ کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور ڈپٹی کمشنر کو سکول کی تعلیمی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی.


ڈیرہ غازیخان. :

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان وقاص رشید کی ہدایت پر سیکرٹری آر ٹی اے نے مختلف شاہراہوں پر کارروائی کرتے ہوئے

قانون کی خلاف ورزی پر اڑتالیس گاڑیوں کے چالان کر کے 95 ہزار آٹھ سو روپے جرمانہ عائد کیا۔اس موقع پر موٹر وہیکل ایگزامینر اور افسران ہمراہ تھے.


ڈیرہ غازیخان. :

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید کی زیر نگرانی تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے

گزشتہ روز پہلے مرحلے میں پل ڈاٹ اور ملحقہ روڈز کو تجاوزات سے پاک کردیا گیا۔تجاوزات اور ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے والی سامان سے لدی دو ٹرالی،دو کار اور ایک ٹریکٹر کو بند کردیا گیا۔

آپریشن میں ضلعی انتظامیہ،میونسپل کارپوریشن،ٹریفک پولیس،سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کی بھاری نفری نے حصہ لیاڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان کے اہم مقامات کو تجاوزات سے پاک کیا جائیگا۔

تجاوزات کا سامان ضبط کرلیا جائیگا اور کارسرکار میں مداخلت پر مقدمات درج کرکے گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف موثر آپریشن کے لئے خصوصی سکواڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔


ڈیرہ غازیخان. :

ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں جاری خزاں فیسٹیول کے تحت ڈیرہ غازیخان میں میوزیکل نائٹ کا انعقاد کیاگیا

جس میں معروف گلوکارعطااللہ عیسی خیلوی نے اپنی آواز کاجادو جگایا اس موقع پر کمشنر مدثرریاض ملک، مشیر وزیر اعلی پنجاب محمدحنیف پتافی، آصف محمود،

ڈائریکٹر آرٹس کونسل اظفر ضیاء کے علاوہ دیگر افسران اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مردوخواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی.


ڈیرہ غازیخان. :

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید نے مزید 14 افراد میں بہبود فنڈ کے تحت دو لاکھ چودہ ہزار روپے سے زائد مالیت کے چیک تقسیم کر دیئے ہیں.

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو سمیع اللہ فاروق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسنین خالد سنپال، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ و فنانس عبید الرشید او ردیگر موجو د تھے.

ڈپٹی کمشنر نے میرج گرانٹ کے تحت ساٹھ ہزار روپے، تجہیز و تکفین کے تحت چوبیس ہزار روپے اور تعلیمی وظائف کے تحت ایک لاکھ تیس ہزار روپے کے چیک تقسیم کیے.


ڈیرہ غازیخان. :

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ غازیخان رانا محمد عارف نے سنٹرل جیل کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا.

اس مو قع پر مجسٹریٹ درجہ اول محمد جنید اقبال جوئیہ، سپرنٹنڈنٹ یاسر خان، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سید حسن مجتبیٰ بھی ان کے ہمراہ تھے.

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کچن اسیران،ہسپتال، ٹیوٹا سنٹر،خواتین وارڈاور نوعمر وارڈکا معائنہ کیااور اسیران سے ان کے مسائل پوچھے.

انہو ں نے سیران کیلئے تیار شدہ کھانے کو بھی چیک کیا. ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے معمولی جرم میں ملوث ایک قیدی کو ذاتی مچلکہ پر رہا کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔


ڈیرہ غازیخان. :

محکمہ انٹی کرپشن ڈیر ہ غازیخان کے اے ڈی آئی کاشف رفیق اور سی او ارشدرند نے سپریم کورٹ رجسٹری لاہور سے رشوت کے الزام میں گرفتار

ڈیرہ غازیخان کے اے ایس آئی نادر علی کو ضمانت منسوخ ہونے پر احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا.


ڈیرہ غازیخان. :

سنٹرل جیل ڈیرہ غازیخان میں موک ایکسرسائز کا انعقاد کیاگیا

جس میں سپرنٹنڈنٹ جیل یاسر خان،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سید حسن مجتبیٰ اور دیگرافسران شامل تھے۔

اس موقع پر سکیورٹی اداروں نے جوش وجذبے سے حصہ لیا

جس میں پنجاب پولیس، جیل پولیس، ایلیٹ فورس،ریسیکو1122، بم ڈسپوزل سکواڈ نے اہم کردار ادا کیا۔


ڈیرہ غازیخان.

وفاقی وزیر مملکت زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ نفسا نفسی او رگھٹن کے دور میں تفریحی مواقع آکسیجن کا کردارادا کرتے ہیں

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کو معیاری تفریح کے مواقع فراہم کرتی رہے گی. انہوں نے یہ بات ڈی جی خان آرٹس کونسل میں خزاں فیسٹیول کے تحت میراتھن ریس کے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی.

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اخوند ہمایوں رضا، ڈائریکٹر آرٹس کونسل و ایڈیشنل کمشنر اظفر ضیاء اوردیگر موجو دتھے.

وفاقی وزیر مملکت زرتاج گل وزیر اور دیگر نے ریس جیتنے والو ں میں انعامات تقسیم کیے..

قبل ازیں. ڈائریکٹر آرٹس کونسل / ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن اظفر ضیاء نے پل ڈاٹ پر میراتھن ریس کا آغاز کرایاجو آرٹس کونسل اختتام پذیر ہوئی. میرا تھن ریس میں دو سو سے زائد افراد نے حصہ لیا.


ڈیرہ غازیخان. :

صدر چیمبر آف کامرس سردار ذوالفقار علی خان نصوحہ کی ایس ای میپکو سرکل ڈیرہ غازی خان عمران محمود اور ڈپٹی کمرشل منیجر عبد الغفار برمانی سے میٹنگ،میٹنگ میں تاجروں،صنعتکاروں کو در پیش مسائل پر بات چیت آئندہ ہفتے سیمینار منعقد

کر کے تفصیلی جائزہ لیا اس سلسلہ میں مزید تفصیلات کے مطابق سپرنٹنڈنگ انجینئر ایس ای میپکو سرکل ڈیرہ غازی خان،ڈپٹی کمرشل منیجر سرکل ڈیرہ غازی خان عبد الغفار برمانی اور ایکسئین ڈیرہ ممتاز سولنگی سے صدر چیمبر آف کامرس سردار ذوالفقار علی خان نصوحہ نے میپکو کمپلیکس آفس میں میٹنگ کی میٹنگ میں ایس ای میپکو عمران محمود نے صدر چیمبر کو بتایا

کہ میپکو نے حکومت پاکستان کی ہدایت پر گزشتہ سال سے اضافی یونٹ استعمال کر نے والے کمرشل صارفین کو 12روپے 26پیسے فی یونٹ تک اور گھریلو صارفین کو 10روپے83پیسے فی یونٹ تک جبکہ صنعتی صارفین کو 9روپے 50پیسے فی یونٹ تک ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے

جس سے صارفین کو اضافی یونٹس کے استعمال پر 53%تک کی رعایت اور بچت ہو گی میپکو عمران محمود نے کہا کہ حکومت نے کمرشل اور صنعتی علاقوں کے لئے لوڈ شیڈنگ زیرو کردی ہے

تاہم بجلی چوری والے علاقہ میں لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے تاکہ لاسز کو کم کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس کے ممبران کے مسائل کے حل کے لئے آئندہ ہفتے چیمبر آفس میں سیمینار منعقد کر کے مسائل کا تفصیلی جائزہ اور فوری حل کے لئے اقدامات کئے جا ئیں گے۔


ڈیرہ غازیخان. :

جنوبی پنجاب میں پنجاب فوڈ اتھارٹی عوم الناس تک معیاری خوراک کی ترسیل کیلئے کوشاں۔حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے، صفائی کی نامناسب تدابیر اختیار کرنے پر 01 یونیورسٹی کینٹین، سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے،

مٹھائی کی تیاری میں مضر صحت اجزاء استعمال کرنے پر 01 سوئیٹس یونٹ، صفائی کے ناقص انتظامات اور گٹکا فروخت کرنے پر 01 کریانہ سٹور سربمہر، غیرمعیاری خوراک کی فراہمی پر 15مختلف فوڈپوائنٹس کو93,500روپے کے جرمانے،وارننگ نوٹسز جاری،مضرصحت خوراک موقع پر تلف ،

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سر براہی میں جنوبی پنجاب میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کاروائی کرتے ہوئے ڈیرہ غازی خان میں واقع غازی یونیورسٹی کینٹین کو گزشتہ ہدایات پر عمل نہ کرنے، پینے کے لیے خراب پانی مہیا کرنے،

فوڈ اور نان فوڈ اشیاء ایک ساتھ سٹور کرنے، فنجائی زدہ کافی فروخت کرنے، کھلے مصالحے فروخت کرنے، اور زائدالمیعاد اشیاء فروخت کرنے پر مطلوبہ یونیورسٹی کینٹین کو سیل کیا گیا۔

ضلع لیہ میں کاروائی کرتے ہوئے زاہد سوئیٹس کوسابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے، مٹھائی کی تیاری میں مضر صحت اجزاء(کلر، رنگ کاٹ) استعمال کرنے، ورکرز کے میڈیکل لائسنس نہ ہونے، برتنوں کو دھونے کے لیے سرف کا استعمال کرنے،کھانے پینے والی اشیاء زمین پر رکھنے پر سیل کیا گیا۔

مزید رحیم یار خان میں دوران کاروائی کینال ویو کریانہ کو گٹکا فروخت کرنے، صفائی کے ناقص انتظامات، سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے اور فوڈ آئٹمز کو زمین پر سٹور کرنے پر سربمہرکیا گیا۔

علاوہ ازیں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے مختلف اضلاع بشمول مظفرگڑھ، لیہ، راجن پور، رحیم یار خان میں کارروائیوں کے دوران متعدد فوڈ پوائنٹس کا حفظان صحت کے اصولوں کا جائزہ لیتے ہوئے

مظفرگڑھ میں 46,500روپے، ڈیرہ غازی خان میں 19,000روپے،لیہ میں 1,000 روپے، راجن پور میں 6,000 اور رحیم یار خان میں متعدد شاپس اینڈ فوڈ پوائنٹس کو 21,000 روپے کے جرمانے عائدکیے۔

فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مزید چیکنگ کے دوران متعدد فوڈ پوائنٹس کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پرحتمی نوٹسزبھی جاری کیے۔


ڈیرہ غازیخان. :

پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کا ایک اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا جس کی صدارت صوبائی جنرل سیکرٹری سردار اویس احمد خان لغاری نے کی اجلاس میں راولپنڈی،سرگودھا اور گوجرانوالہ ڈویژن کے نمائندوں نے شرکت کی اجلاس کے آغاز میں قائد میاں محمد نواز شریف کی صحت یابی کے لئے دعا کی گئی

اور ان کی بگڑتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اجلاس میں موجود سیاسی حالات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا

اور اس سے نمٹنے کے لئے بھی مشاورت کی گئی اجلاس میں ان تین ڈویژنوں میں پارٹی کی تنظیم سازی اور پارٹی کو مزید فعال کر نے کے حوالے سے مختلف امور و صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا

اجلاس میں شریک ہونے والے رہنماؤں میں بیگم سائرہ افضل تارڑ،ملک ندیم کامران،عظمیٰ بخاری،منشاء اللہ بٹ،وارث کلو،ذیشان رفیق،سمیع اللہ خان،تنویر اسلم اعوان،میاں مرغوب احمد و دیگر شامل ہیں۔


ڈیرہ غازیخان. :

سالانہ ڈاکٹر نذیر احمد شہید کر کٹ ٹورنا منٹ کا میچ بمقام جامع ہائی سکول کرکٹ گراؤنڈمیں دوسرا سیمی فائنل میچ کھوسہ کر کٹ کلب بمقابلہ نیو آئیڈیل کر کٹ کلب کے درمیان کھیلا گیا۔

کھوسہ کر کٹ کلب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کر تے ہوئے مقررہ سات اوورز میں وقاص 15رنزاورنوید 12رنز کی اننگز کی بدولت صرف 54رنز بنا سکی۔نیو آئیڈیل کر کٹ کلب کی طرف سے نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کر تے ہوئے

حمزہ الیاس نے اپنے مقررہ اوورز میں 12رنز کے عوض 03کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

بعد میں بیٹنگ کر تے ہوئے نیو آئیڈیل کر کٹ کلب محمد شعیب کے 25رنز اور محمد طاہر کے 17رنز کی اننگز کی بدولت چھٹے اوور میں ٹارگٹ حاصل کر لیا اور یہ میچ آسانی سے جیت کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔

ٹورنا منٹ کاگرینڈ فائنل بروز اتوار نیو آئیڈیل کر کٹ کلب بمقابلہ ینگ سٹار کر کٹ کلب کے درمیان کھیلا جا ئے گا۔


ڈیرہ غازی خان

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ساتھ سیاسی اختلافات ختم، آئندہ ایک ساتھ ملکر الیکشن میں حصہ لیں گے سردار اکرم خان ملغانی نے اپنے بیٹے سردار اعظم خان ملغانی انکے بھتیجے سردار حماد خان کے ساتھ سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ ہاوس لاہور میں ملاقات کے دوران اتحاد کا فیصلہ کر لیا ہے

علاقہ کے عوام کی خدمت اور وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی بہتر پالیسی کی بدولت متاثر ہو کر آئندہ الیکشن مشاورت کے ساتھ لڑینگے ان خیالات کا اظہار سابق وائس چیئرمین ضلع کونسل سردار اکرم خان ملغانی اور صاحبزادے سابق چیئرمین سردار اعظم خان ملغانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا

انہوں نے کہا وزیراعلیٰ سردار عثمان خان بزدار ایک شریف سیاسی شخصیت اور بڑے بلوچ قبائل بزدار کے چیف بھی ہیں جن کے ساتھ سیاسی اختلافات ہمیشہ کے لیے ختم کر کے آئندہ ملکر باہمی مشاورت سے ہر فیصلہ کریں گے

اور ہر فیصلہ پر عمل کرنے کے لیے تیار ہیں سردار اکرم خان ملغانی نے کہا کہ انہوں نے بحیثیت مسلمان ہمیشہ کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ ملکر سیاست کرنے کا فیصلہ کیا اور ساتھ ہی ایک دوسرے کے احترام کرنے کا عہد کیا ہے

سردار عثمان خان بزدار کے ہر فیصلے پر لبیک کہیں گے کیونکہ انہوں نے تونسہ اور ٹرائیبل ایریا کے دھرتی میں گزشتہ ایک سال میں جو حق ادا کیا

اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی انہوں نے اربوں روپے کے مختلف قسم کے پراجیکٹ دیکر حلقے کے عوام کی دل جیت لیے جس کی وجہ سے انہوں نے سردار عثمان خان بزدار کے ترقیاتی ویژن سے متاثر ہو کر سیاسی اتحاد کا اعلان کیا

اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدارکے ہر فیصلے کا احترام کرکے ان کی مکمل حمایت کا اعلان کرتا ہوں اور اُمید رکھتا ہوں کہ جو ترقی کا تسلسل ہمارے علاقہ میں شروع ہوا ہے وہ قائم رہے گا۔


ڈیرہ غازی خان

امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر اور مرکزی ناظم اعلیٰ و سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبد الکریم نے جماعت کے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ

سعودی عرب میں امام الحرمین الشریفین الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس سے خصوصی ملاقات کی اس موقع پر سینئر نائب امیر مرکزیہ الزیخ علی محمد ابو تراب،علامہ ابتسام الٰہی ظہیر،نائب امیر الشیخ قاری صہیب احمد اور میر محمد ی و دیگر بھی موجود تھے

ملاقات میں امام الحرمین الشیخ عبد الرحمن السدیس کو مذکورہ رہنماؤں نے جماعت کی دعوت و تبلیغ کے حوالے سے کاوشوں سے آگاہ کیا جبکہ اس موقع پر امام الحرمین نے معزز مہمانوں کو شیلڈز بھی پیش کیں۔


ڈیرہ غازیخان

وطن اور عوام کے تحفظ کے لئے جان قربان کرنے والے شہید محمد سلیمان کے ایصال ثواب کے لئے پولیس لائن میں قرآن خوانی کرائی گئی

اس دوران شہید محمد سلیمان کے درجات بلند کرنے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرنے کے لئے دعا کی گئی قرآن خوانی میں ڈی پی او اسد سرفراز، شہید کے لواحقین سمیت

دیگر ملازمان نے شرکت کی قرآن خوانی کے بعد خیرات بھی تقسیم کی گئی اس موقع پر ڈی پی او اسد سرفراز نے کہا کہ شہیداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور انکی قربانیاں کبھی بھی رائیگاں نہیں جائیں گی

عوام کے جان ومال کے تحفظ کے دوران شہادت کا رتبہ حاصل کرنے والوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا وہ ہمارے ہیرو ہیں اور رہتی دنیا تک زندہ رہیں گے۔


ڈیرہ غازیخان

آر پی اوڈیرہ غازیخان عمران احمر کا ریجنل پولیس آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفس ڈی جی خا ن میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا

آر پی او عمران احمر نے کھلی کچہری میں سائلین کی درخواستوں کی سماعت کی اور مسائل کے فوری حل کے لیے احکاما ت جاری کئے

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے مدنظررکھتے ہوئے عوام کی افسران بالا تک رسائی کو ممکن بنانا گیا ہے

جس کا مقصد انصاف کی فراہمی مظلوم کی دادرسی ہے بہتر کمیونٹی پولیسنگ اور باہمی تعاون سے معاشرے کو امن کا گہوارہ بنائیں گے

معاشرتی برائیوں کے خاتمہ کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیںپنجاب پولیس اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کوبروئے کا رلاکر اپنے فرائض منصبی ایمانداری اور خوش اسلوبی سے سرانجام دے رہی ہے

عوام النا س کو چاہیے جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لئے پولیس کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیںکھلی کچہری میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرڈیرہ غازیخان اسد سرفراز بھی موجود تھے۔

%d bloggers like this: