مئی 17, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے

پرائس ریویو کمیٹی کااجلاس ایک بار پھربے نتیجہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) نشستن ،گفتن ،برخاستن،پرائس ریویو کمیٹی کااجلاس بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا ،نیا نرخ نامہ ایک بار پھر طے نہ کیا جاسکتا ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ کے ساتھ مشاورت کے لئے مزید وقتمانگ لیاگیا۔ ڈسٹرکٹ پرائس ریویو کمیٹی کا اجلاس سرکٹ ہاوس میں منعقد ہوا اجلاس کی صدارت ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محمود الرحمٰن نے کی، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر دیگر مصروفیات کے باعث اجلاس میں شرکت نہ کرسکے ۔اجلاس میں انجمن تاجران ،تاجر ایکشن کمیٹی، ہوٹل اور بیکری مالکان کے علاوہ آٹا ڈیلر نان بائیوں کے علاوہ دکاندار اور معززین شہر موجود تھے ۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محمود الرحمٰن نے اجلاس میں اشیا ء خوردنوش کے بڑھتے نرخوں اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل کے حوالے سے شرکاءکے ساتھ گفتگو کی ۔تاہم اجلاس کے دوران نرخ نامہ ایک بار پھر طے نہ ہوسکا اور اس پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ کے ساتھ مشاورت کے لئے مذید وقت مانگ لیاگیا۔واضح رہے کہ پندرہ روز قبل پرآئس ریویو کمیٹی کے منعقدہ اجلاس کے دوران بااثر دکاندار مختلف اشیاءکے ریٹوں میں اضافہ کروانے میں کامیاب ہوگئے جس کے مطابق اسپیشل مٹھائی 320 روپے سے بڑھاکر 360 روپے ، اسپیشل حلوہ 290 سے بڑھا 330 روپے کردیاگیاہے۔پرائس ریویو کمیٹی کے اسی اجلاس میں پہلی بار ہوٹلوں کے کھانوں کو بھی ریٹ لسٹ میں شامل کیاگیا جس کے تحت مٹن کڑھائی 1100 روپے فی کلو،چکن کڑھائی 550 روپے فی کلو ، فل چکن بروسٹ 500 روپے,مرغی سالن فی پلیٹ بمع روٹی 80 روپے،سبزی دال فی پلیٹ بمع روٹی 60 سے 80 روپے مقرر کیے گئے اس طرح پلاﺅ کو بھی پہلی بار نرخ نامہ میں شامل کیاگیا جس کے تحت گوشت پلاﺅفی کلو  00روپے اورمرغ پلاﺅ 280 روپے مقرر کیے ۔ دوسری جانب شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پندرہ روز قبل پرائس ریویوکمیٹی کے اجلاس میں پہلی دفعہ مٹن اور چکن گڑہائی گوشت ،سبزی ،دال ،گوشت سمیت گوشت پلاﺅ ، اور مچھلی سمیت دیگر کھانوں کے ریٹوں کو نرخ نامہ میں شامل کرکے ان کا ریٹ مقرر کیاگیا ہے جسے ہر صورت برقرار رکھا جائے جبکہ ان کے نرخوں کو طے کرنے کے لئے دیگر قریبی اضلاع کے نرخوں کے ساتھ موازنہ کرکے ریٹ مقرر کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔ ذرائع کے مطابق بااثر ہوٹلز مالکان کھانے کے ریٹ نرخ نامہ میں شامل نہ کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ فوڈ کے حکام پر مسلسل دباﺅ ڈا ل رہے ہیں جس کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے ۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اور محکمہ فوڈ کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مٹھائی اور بیکری کی اشیاءکے سابقہ ریٹ بحال کرکے ہوٹلز کے کھانوں کے طے شدہ ریٹوں کو فوری طور پر نرخ نامہ میں شامل کیاجائے۔


ہنڈی سمیت دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائیاں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈائریکٹر ایف آئی اے خیبر پختونخواہ اختر حیات خان گنڈہ پور کی ہدایات پر گذشتہ ماہ اکتوبر کے دوران مختلف کاروائیوں کے دوران ایکٹنگ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف، آئی اے ڈی آئی خان سرکل محمد نصیر آفریدی کی قیادت میں انسپکٹر ملک ساجد، سب انسپکٹر سعادت خان، سب انسپکٹر رضا خان، سب انسپکٹر علی گوہر ، ASIظفر خان ، ASIظہور خان، ASIخورشید خان پر مشتمل ٹیم نے خفیہ اطلاعات پر کامیاب چھاپہ مار کاروائیاںکرتے ہوئے حوالہ ہنڈی کی اطلاع پر سی ،آر ،بی ،سی چوک ڈیرہ کے قریب ملزم احسان اللہ ولد احمد گل سے حوالہ ہنڈی کے 2لاکھ 30ہزار روپے ، محلہ پھول شاہ سکنہ ضلع ٹانک میںملزم احمد خان ولد غلام بادشاہ سے دو لاکھ 97ہزار روپے اورحوالہ ہنڈی کے الزام میں علاقہ تتور تحصیل و ضلع ٹانک میں ملزم عید گل ولد گل محمد سے 2لاکھ روپے ، ملزم سیف الرحمن ولد مقبول احمد محسود سکنہ کار اکائی اول خیل تحصیل سرہ روغہ ضلع جنوبی وزیرستان ایجنسی سے 15لاکھ 39ہزار پچاس روپے بر آمد کر کے انہیں گرفتار کرلیا ۔ تمام ملزمان کے خلاف (523/FER ACT)فارن ایکسچینج ریگوریشن ایکٹ 1947ءکے تحت مقدمات درج کر کے مذید قانونی کاروائی و تفتیش شروع کر دی ہے ۔ علاوہ ازیں ایف آئی اے ڈیرہ سرکل نے اسلام آباد سے موصول ہونے والی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر اکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی سی ، ایس ، ایس امتحان کی جعلی نصابی بکس جنکی مالیت ہزاروں روپے ہے تیارو فروخت کرنے کے حوالے سے ڈیرہ اسماعیل خان کے دو بڑے و مشہور بکس سیلرز کی شاپس پر چھاپہ مارتے ہوئے ان سے بھاری مقدار میں جعلی نصابی کتابیں بر آمد کر کے ضبط کر لی ہیں اور بکس سیلرز شاپس مالکان کے خلاف کاپی رائیٹ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر دیئے گئے ہیں۔


سماج دشمن عناصر کے خلاف مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ پولیس اور حساس اداروں کے ہمراہ سماج دشمن عناصر کے خلاف مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز ، 3بندوق، 2پستول، 1رائفل، 1کلاشنکوف اور64مختلف بور کے کارتوس ،2.020کلو گرام چرس اور 553گرام ہیروئن برآمد کرکے 22مشکوک افراد گرفتار کرلئے، نواب شہید پولیس نے قتل کیس کے اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا،مشترکہ آپریشن کے دوران 2مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا، سنیپ چیکنگ کے دوران 43مقامات پر ناکہ بندیاں کی گئیں،11مشکوک افراد گرفتار کئے گئے جن سے1پستول اور10کارتوس برآمد ہوئے، ٹاﺅن پولیس نے جعلی چیک کیس کے اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا۔553گرام ہیروئن برآمد کی۔ اسی طرح 152گھروں ،43ہوٹلوں، 107تعلیمی اداروں،45 بس اڈوں اور 107حساس مقامات کی چیکنگ کی گئی۔


خاتون کو ہراساں کرنے کے مقدمہ میں گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت خارج

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ایڈیشنل سیشن جج ڈیرہ سید عارف شاہ نے موبائل فون کے ذریعے 43 سالہ خاتون کو جنسی طور ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار فارمیسی سیکنڈایئر کے 22 سالہ طالبعلم کی درخواست ضمانت خارج کردی ۔استغاثہ کے مطابق ماڈل ٹاﺅن ڈیرہ کے رہائشی فارمیسی سیکنڈ ایئر کے 22 سالہ طالبعلم پر الزام ہے کہ اس نے علاقہ کورائی ٹانک روڈڈیرہ کی رہائشی 43 سالہ خاتون کو موبائل فون پر ہراساں کیا۔خاتون نے تھانہ ایف آئی اے ڈیرہ میں درخواست دی کہ وہ ایک ورکنگ وومن ہے ملزم موبائل فون پر مجھ سے بہودہ باتیں کرنے کے علاوہ مجھے ملنے کا کہتا ہے جبکہ میرے انکار پر سنگین نتائج کی دھمکیاں اور میرے بھائیوں کے سامنے میری کردار کشی کرتا ہے ۔ ملزم نے اپنی انتہائی نازیبا برہنہ تصویریں بھی موبائل فون پر مجھے بھیجی ہیں ۔۔ایف آئی اے پولیس ڈیرہ نے ملزم کے خلاف3/21/24 پری وینشن آف الیکٹرانک ایکٹ 2016 اور 419ppc کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا۔ملزم نے عدالت میں ضمانت پر رہائی کی درخواست دائر کی جس پردونوں جانب کی بحث سننے کے بعد عدالت نے ملزم ضمانت پر رہائی مسترد کردی ہے۔


خاتون نے ساس کو لاتوں مکوں سے تشدد کا نشانہ بنادیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) میاں بیوی کا جھگڑا ،بیوی نے ساس کو لاتوں مکوں سے لہولہان کرکے ہسپتال پہنچا دیا ،ساس کی درخواست پر بہو کے خلاف رپورٹ درج کرلی گئی ۔تھانہ کینٹ کی حدود ضمیر آباد مریالی میں میاں بیوی کے درمیان گھریلو لڑائی جھگڑے پر شوہر نے علاوہ توصیف آباد میں رہائش پزیر اپنے ماں کو اپنے گھربلایا۔ماں جونہی بیٹے کے گھر پہنچی تو بہونے اسے آڑے ہاتھوں لیا اور گھر سے باہرنکل کر ساس کو وہیں گلی میں دبو چ لیا اور لاتوں مکوں سے اسے تشدد کا نشانہ شدید زخمی کردیا ،ساس کو زخمی حالت میںہسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔ میاں بیوی کے جھگڑے پر بیٹے کا ماں کو اپنے گھر بلانے پر تنازع بیان ہوا ۔ پولیس نے خاتون کی درخواست پر اس کی بہو کے خلاف رپورٹ درج کرلی۔


بھابھی کے ساتھ زیادتی کی کوشش ثابت نہ ہونے پر دیور بری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ محمد یونس خان نے بھابھی کے ساتھ زبردستی زیادتی کرنے کی کوشش کے الزام میں ملزم کو کمزور شہادتوں کے باعث 4Cii کی درخواست پر مقدمہ سے بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق درابن کلاں کی رہائشی 23 سالہ لڑکی نے تھانہ درابن میں رپورٹ درج کرائی کہ اس کی شادی چار سال قبل ہوئی اور اس کا شوہر ایف سی میں ملازمت کے باعث کوئٹہ میں تعینات ہے۔وقوعہ کے روز وہ اپنے شوہر کے گھر میں اپنے سسر اور دیور کے ساتھ موجود تھی ۔اس کا سسر سودا سلف خریدنے بازار چلا گیا اس دوران اس کے دیور سے اسے بدنیت سے اسے کمرے میں چلنے کو کہا لیکن میرے انکار پر اس نے مجھے بازو سے پکڑا اورزبردستی کمرے میں لے جاناچاہا ۔میرے شور شرابے پر اس نے مجھے چھوڑ دیا میں نے بھاگ کر کمرے میں داخل ہوکر اندر سےکنڈی لگادی ،فون پر نند کو اطلاع دی جس نے میری بہن کو بلایا اور وہ مجھے وہاں سے اپنے ساتھ والدین کے گھرلے گئی ۔ مقدمہ کی سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے کیس انتہائی کمزور قرار دے کر عدالت میں 4cii کی درخواست دائر کرکے مقدمہ خارج کرنے کی استدعا کی ۔عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے پر ملزم کو مقدمہ سے بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے


قتل کے مقدمہ میں ملزم گرفتار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تھانہ کینٹ کی حدود گرڈ روڈنزد گرین ٹاون کے قریب 54 سالہ شخص کو اندھادھندفائرنگ سے قتل کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔۔پولیس ذرائع کے مطابق گرڈ روڈ پر واقع گرین ٹاون کا رہائشی 54سالہ سحر اقبال ولد محمد اقبال قوم سدوزئی رواں سال 27 ستمبر کو جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ڈیڑھ بجے موٹرسائیکل پر گھر جارہا تھا کہ گھر کے قریب پہنچنے پر نامعلوم مسلح ملزمان نے اس پر اندھادھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوکر موقع پر جاں بحق ہوگیا ۔ کینٹ پولیس نے مقتول کے بھائی وسیم اقبال کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف قتل کامقدمہ درج کرکے ملزم شاہد ولد ظہور قوم کنڈی سکنہ گرین ٹاﺅن کو گرفتار کرلیا ہے۔


چلغوزے کی خریداری میں جعلی چیک دے دیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)چلغوزے کے کاروبار میں 45 لاکھ روپے کا جعلی چیک تھمادیاگیا ،پولیس نے ملزم کے خلاف جعلی چیک کا مقدمہ درج کرلیا۔ساﺅتھ وزیر ستان کے رہائشی نے تھانہ ٹاﺅن میں رپورٹ درج کرائی کہ چلغوزے کی خریدار ی کے عوض ملزم نے اسے پینتالیس لاکھ روپے کا جعلی چیک تھمادیا ہے۔پولیس نے ملزم کے خلاف جعلی چیک کا مقدمہ درج کرلیا۔


وائی فائرنگ کے الزام میں سات افراد کے خلاف مقدمہ درج

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کینٹ پولیس نے علاقہ مریالی میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔تھانہ کینٹ کی حدود میں شادی کی تقریب کے دوران شدید ہوائی فائرنگ کی اطلاع پر کینٹ پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی اور ہوائی فائرنگ کے الزام میں سات افراد ذیشان ،عمران ،حسنین ،نعمت ،پرویز ،بالا اور انس ساکنان مریالی کے خلاف ہوائی فائرنگ ایکٹ مقدمہ درج کرلیاہے۔


میاں بیوی نے خاتون کی لاتوں مکوں سے دھلائی کردی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کرایہ 30 ہزار روپے مانگنے پر میاں بیوی نے خاتون کی لاتوں مکوں سے دھلائی کردی ،خاتون کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ۔اسلامیہ کالونی ڈیرہ کی رہائشی 38 سالہ خاتون نے تھانہ کینٹ میں رپورٹ درج کرائی کہ وہ علاقہ عید گاہ میں ملزم کے گھر کرایہ مبلغ تیس ہزار روپے مانگنے گئی تواس دوران دونوں میاں بیوی میرے اوپر چڑھ دوڑے اور مجھے لاتوں مکوں سے زدو کوب کرکے تشدد کانشانہ بنایا اور مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی ہیں ۔وجہ عدوات کرایہ کی مد میں تیس ہزار روپے مانگنے پر جھگڑا بیان ہوا ہے۔پولیس نے خاتون کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔


سیکورٹی گارڈ تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)چشمہ شوگر ملز 2 رمک میں 52 سالہ سکیورٹی گارڈ پاﺅں پھسلنے سے پانی کے گہرے تالاب میں گر کر ڈوب گیا ،ریسکیو 1122 کی خوطہ خور ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تالاب سے باہر نکال لیا ،لاش لواحقین کے سپرد کردی گئی ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق چشمہ شوگر ملز 2 ڈیرہ میں 52 سالہ چوکیدار اللہ وسایا وضوکرنے کے لئے وہاں موجود پانی ذخیرہ کرنے والے گہرے تالاب پر گیا اور اچانک وہ پاﺅں پھسلنے سے تالاب کے اندر جا گرا اور ڈوب کر جاں بحق ہو گیا ،واقعہ کی اطلاع پر ریسکیو کی غوطہ خور ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور آدھے گھنٹے کی طویل جدوجہد کے بعد متوفی کی لاش کو تالاب سے باہرنکالا گیا ۔بعدازاں لاش لواحقین کے سپرد کردی گئی ہے۔


دکانداروں کا بل ڈسٹری بیوٹر کے خلاف شدید احتجاج

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)جناح میڈیکل سنٹر سرکلر روڈ ڈیرہ کے دکانداروں کا بل تاخیر سے موصول ہونے پر واپڈا سٹی ٹو سب ڈویژن کے بل ڈسٹری بیوٹر کے خلاف شدید احتجاج، بل ڈسٹری بیوٹر کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ۔ جناح میڈیکل سنٹر کے دکانداروں نے الزام لگایا کہ واپڈا کے بل ڈسٹری بیوٹرز بل دکانداروں میں تقسیم کرنے کی بجائے ایک دکان دار کے پاس پھینک کر چلے جاتے ہیں،گزشتہ چھ ماہ سے بل ڈسٹری بیوٹرز نے یہ وطیرہ بنارکھا ہے کہ چند مخصوص دکانداروں کو بل دے دیئے جاتے جبکہ دیگر بلوں کے بارے میں کبھی بھی معلوم نہیں ہوا کہ وہ کدھر چلے جاتے ہیں اور دکاندار اپنے بلوں سے متعلق دوسرے دکانداروں سے پوچھتے ہی رہ جاتے ہیں ۔بعدازاں دکاندار بازار میں رقم خرچ کرکے نیٹ کے ذریعے ڈوپلیکیٹ بل نکلو کر جمع کرانے پر مجبور ہوتے ہیں جس سے ان کا وقت اور رقم کاضیاع کے ساتھ ذہنی کوفت بھی اٹھانی پڑتی ہے جبکہ بار بار کی شکایات پر بھی کوئی شنوائی نہیں ہورہی ،جناح میڈیکل سنٹر کے دکانداروں نے واپڈا کے ایکسئین ،ایس ڈی او اور ریونیو آفیسر سے مطالبہ کیا ہے کہ جناح میڈیکل سنٹر میں بل ڈسٹری بیوٹرز کا قبلہ درست کرکے انہیں ایمانداری کے ساتھ ڈیوٹی سرانجام دینے کا پابند بنایا جائے ۔


کھاد کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ،کسانوں کی مشکلات بڑھ گئیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کھاد کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ،کسانوں کی مشکلات بڑھ گئیں ،کھادکی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے کسانوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے رواں سال گندم کی کاشت میں بھی کمی کا خدشتہ ہے ۔گزشتہ دس ماہ میں یوریا کی فی پچاس کلو گرام بوری 208 روپے مہنگی ہوئی ،صرف ستمبر اور اکتوبر کے دو ماہ میں یوریا کی بوری کی قیمت 144 روپے اضافہ کیاگیا۔کیمیائی کھاد کی کمپنیوں نے فی بوری کھاد کی قیمت میں ناقابل برداشت اضافہ کردیا ہے جس کی وجہ سے زراعت سے وابستہ طبقہ کے اخراجات پریشان کن بڑھ گئے ہیں ۔کھاد کی فی پچاس کلو بوری پر 916روپے منافع کمائے جانے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ وفاقی حکومت ،وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ خاموش تماشائی بن گئے ہیں ،غریب کسان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ذرائع کے مطابق جنوری تااکتوبر 2019 یعنی دس ماہ کے دوران مقامی مارکیٹ میں یوریا اور ڈی اے پی کی قیمتوں میں اضافہ 208 روپے اضافہ جبکہ صرف ستمبر اور اکتوبر کے دوماہ کے دوران یوریا کی بور ی 144 روپے مہنگی ہوئی ۔ذرائع کے مطابق یوریا کھاد کی تیاری پر پیداوری لاگت 1091 روپے آتی ہے جبکہ ڈی آئی ای سی کے 495 روپے ملاکر یہ لاگت 1496 روپے ہوجاتی ہے ۔مگر فرٹیلائزر کمپنیاں اکتوبر 2016 سے حکومت کو گیس کی مد میں جی آئی ڈی سی ادا نہیں کررہیں اس لئے جی آئی ڈی سی کی رقم نکال کر پیداواری لاگت 1091 روپے بنتی ہے ،یعنی یوریا کے فی بیگ پیداواری لاگت اور مارکیٹ میں اس کی فروخت قیمت میں 900 روپے سے زیادہ فرق آرہا ہے۔


رکشہ ڈرائیورز شہر بھر میں موت کا رقص کرنے لگے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ شہر و گردونواح میں ٹریفک پولیس کے افسران و اہل کاروں کی عدم دلچسپی ، نوعمر چنگ چی ، لوڈر ،رکشہ ڈرائیورز شہر بھر میں موت کا رقص کرنے لگے ، چنگ چی و لوڈرز رکشوں کے ڈرائیور تیز رفتاری کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر کرتب کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ان میں بیشتر ایسے رکشہ ڈرائیور موجود ہیں جن کے پاﺅں بھی ٹھیک طرح بریک تک نہیں پہنچتے جو مسافروں کو مختلف مقامات سے سوارکرکے موت کا رقص جاری رکھے ہوئے ہیں ، مزید براں نوعمر چنگ چی رکشہ و لوڈر ڈرائیورز اس انداز میں رکشے بھگاتے اور کراسنگ کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ پیدل چلنے والے بھی خوف سے سڑکوں سےبھاگ کر اپنی جانیں بچاتے ہیں، جبکہ رکشوں میں سوار مسافروں کے چہروں پر موت کے سائے منڈلاتے نظر آتے ہیں۔اسی وجہ سے روزانہ اکا دکا حادثات رونما ہو رہے ہیں، شہریوں نے ڈی پی او ، ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیاہے کہ ٹریفک پولیس کو انسانی جانوں سے کھلواڑ کرنے والے نوعمر چنگ چی و لوڈر رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا پابند بنایاجا ئے تاکہ شہر و گردونواح میں ہونےوالے حادثات میں کمی واقع ہو سکے۔


گاڑیوں میں غیر معیاری ایل پی جی سلنڈروں کی تنصیب

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ شہر و گردونواح میں طلباو طالبات کو پک اینڈڈراپ پر مامور گاڑیوں میں غیر معیاری ایل پی جی سلنڈروں کی تنصیب ،طلباءو طالبات کی زندگیوں کو خطرات لاحق، طلباءکے والدین کا ڈی پی او ، ڈی ایس پی ٹریفک، آرٹی اے سیکرٹری سمیت متعلقہ ذمہ داران سے نوٹس لینے کا مطالبہ ، تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر و گردونواح کے طلباءو طالبات کے والدین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف سکولوں اور کالجوں کے طلباو طالبات کو لانے اور لیجانے پر معمور ویگنوں، کیری ڈبوں میں مالکان نے پیسوں کی بچت کرنے کی غرض سے گاڑیوں میں ناقص و غیر معیاری ایل پی جی سلنڈر نصب کر رکھے ہیں ان پرائیویٹ گاڑی مالکان نے اپنے ذاتی منافع کی خاطر طلباو طالبات کی زندگیوں کو داﺅ پر لگا رکھا ہے ، جبکہ اس سے قبل کئی حدثات بھی رونما ہوچکے ہیں ، قیمتی جانوں کے ضائع ہونے میں ٹریفک پولیس ، سیکرٹری آر ٹی اے سمیت متعلقہ ذمہ داران کو نوٹس لیتے ہوئے طلباءو طالبات سمیت مسافروں کی گاڑیوں کی جانچ پڑتال کر کے غیر معیاری گیس سلنڈرز اتروائے جائیں اور گاڑی مالکان کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ طلباءو طالبات سمیت شہریوں کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔


لیزر لائٹس کا استعمال شہریوں کے لئے عذاب بن گئیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ شہر و گردونواح میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں میں لیزر لائٹس کا استعمال شہریوں کے لئے عذاب،حادثا ت روزانہ کا معمول بن گئے۔ شہری اور دیہی علاقوں میں لیزر لائٹس کے شوقین افراد نے اپنی کاروں،موٹر سائیکلوں،اور رکشوں پر لیزر لائٹس لگواکر رات کے وقت سفر کرنے والے شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رکھا ہے۔رات کے وقت لیزر لائٹس آنکھوں میں پڑنے سے حادثات کی شرح میں بھی خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ لیزر لائٹس کی روشنی اس قدر زیادہ اور تیز ہوتی ہے کہ سامنے سے آنے والے ڈرائیورز کو کچھ نظر نہیں آتا جس کے باعث حادثات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔اس حوالے سے شہریوں نے بتایا کہ لیزر لائٹس کی شدت اتنی زیادہ ہوتی ہے کہ رات کے وقت ایک بار آنکھوں میں پڑ جائے تو طویل دورانیے تک سامنے سے آنے والے ڈرائیور کی آنکھیں چندھیانے کے باعث نظر آنا بند ہو جاتا ہے اورایسے حالات میں حادثات بھی رونما ہوسکتے ہیں۔شہری اور عوامی حلقوں نے اس سے قبل بھی متعدد بارمتعلقہ افسران کی توجہ اس اہم مسئلہ پر مبذول کروائی ہے لیکن تاحال ٹریفک پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے ذمہ داران نے کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی، جس کیوجہ سے ایسے عناصر جو اپنا شوق پوراکرنے کی خاطر شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں اور بلا خوف و خطر لیزر لائٹس کا استعمال کرکے شہریوں کے لئے وبال جان بنے ہوئے ہیں، شہری، سماجی حلقوں نے ان افرادسمیت لیزر لائٹس فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کرنے کامطالبہ کیاہے


فضلہ اٹھانے والی گاڑیوں نے شہر بھر میں تعفن کی فضا قائم کر دی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ شہر میں مرغی فروشوں کی دکانوں سے فضلہ اٹھانے والی گاڑیوں نے شہر بھر میں تعفن کی فضا قائم کر دی۔ ضلعی حکومت اور محکمہ ماحولیات کے افسران نے فضلہ اٹھانے والوں کے سامنے بے بس، شہریوں کا ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر و گردونواح میں موجود سینکڑوں مرغی فروشوں نے مرغیوں کے فضلہ سے گھی و کوکنگ آئل بنانے والے ٹھیکیداروں سے رابطہ کر کے لاکھوں روپے کے عوض فضلہ فروخت کرنا شروع کر رکھا ہے جسکی وجہ سے فضلہ اٹھانے والی گاڑیوں کو چاروں اطراف سے ڈھانپے بغیر شام ہوتے ہی فضلہ اٹھانے والی گاڑیاں شہر کی سٹرکوں پر بد بوپھیلاتی اور جراثیم تقسیم کرتی نظر آتی ہیں گندگی سے بھری گاڑیوں کی وجہ سے اندرون شہر کی سڑکوں پر شدید قسم کی بدبو پھیل جاتی ہے، شہر سمیت گردونواح میں سینکڑوں سے زائد مرغی کا گوشت فروخت کرنے والی دکانیں موجود ہیں جن پردن بھرکا جمع ہونے والا فضلہ سرشام کھلی گاڑیو ں میں لوڈ کر کے اندرون شہر کے گلی محلوں میں گاڑیوں کو گھمایا جاتا ہے جسکی وجہ سے شہری خصوصاً خواتین بدبو کی وجہ سے گھروں میں چھپنے پر مجبور ہو جاتے ہیں دوسری جانب فضلہ اٹھانے والی گاڑیاں چاروں اطراف سے بند نہ ہونے کے باعث جراثیم اور بیماریاں بانٹتی نظرآتی ہیں،ضلعی حکومت اور محکمہ ماحولیات سب کچھ جاننےکے باوجود خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں اور اپنے فرائض سے غافل دکھائی دیتے ہیں، محکمہ ماحولیات کے افسران و اہلکار سب اچھا ہے کا راگ آلاپنے میں مصروف ہیں۔ ڈیرہ کے عوامی، سماجی، سیاسی اور صحافتی حلقوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا ہے تعفن پھیلانے والی گاڑیوں کو چاروں اطراف سے بند کرنے اور رات 11 بجے کے بعد فضلہ اٹھانے کی اجازت دی جائے تاکہشہری بدبو سے پھیلنے والی بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔


: اہم عمارتوں کے باہر پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ شہر کی اہم سڑکوں پر قائم میڈیکل سنٹر ،شاپنگ پلازوں، شادی ہالز و میرج گارڈنز، نجی تعلیمی اداروں، نجی ہسپتالوں، سمیت سکولوں و بنکوں کے باہر پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا،ٹریفک کا نظام درہم برہم،تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر میں قائم میڈیکل سنٹرز ،شاپنگ پلازوں ، شادی ہالز و میرج گارڈنز، نجی تعلیمی اداروں، نجی ہسپتالوں،سمیت سکولوں و بنکوں کے باہر باقائدہ پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے کھڑی ہونے والی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں رکشوں نے ٹریفک کا نظام درہم برہم کرکے رکھ دیا ہے، سرکلر روڈ اور شہر کی دیگر مصروف ترین سڑکوں پرشادی ہالز و میرج گارڈنز، نجی تعلیمی ادارے، نجی ہسپتالز، سمیت سکولز، کالجز اوربنکوں کی برانچیں قائم ہو چکی ہیں جن کی باقائدہ پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کوآمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، بالخصوص سرکلر روڈ ،شیخ یوسف روڈ ،درابن روڈ ،ملتان روڈ سمیت دیگر علاقوں میں قائم بڑے بڑے شادی ہالز و میرج گارڈنز کے باہر پارکنگ نہ ہونے کیوجہ سے شادی پر آئے ہوئے شہری اور باراتیوں کی چھوٹی بڑی گاڑیاں،سڑکوں پر ہی کھڑی کر دی جاتی ہیں،جس کی وجہ سے ایک طرف کی سڑکیں بند ہو جاتی ہیں اور دوسری جانب سیکورٹی کے مسائل بھی جنم لے رہے ہیں، شہر میں بیشترمقامات پر غیرقانونی چنگ چی رکشہ اسٹینڈقائم ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں بے جا خلل پیدا ہو تا ہے، شہریوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

%d bloggers like this: