دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے۔

پولیس کانسٹیبلز کی بھرتی میرٹ کے مطابق عمل میں لائی گئی ہے ۔ڈی پی او ڈیرہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈسٹرکٹ پولیس ڈیرہ دلاور خان بنگش کی نگرانی میں پولیس کانسٹیبلز کی بھرتی کا عمل مکمل ، این ٹی ایس کے ذریعے تمام 186 کامیاب امیدواروں کو پولیس کانسٹیبل کے عہدے پر

بھرتی کرلیاگیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کی نگرانی میں ضلعی پولیس میں کانسٹیبلز کی بھرتی کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے ، ابتدائی طور پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے سکونت رکھنے والے امیدواروں کا دوڑ کا ٹیسٹ لیا گیا ، دوڑ سے پاس ہونے والے امیدواروں نے این ٹی ایس کے ذریعے تحریری امتحان میں حصہ لیا جن میں سے 186 امیدوار کامیاب قرار پاگئے ۔ضلع ڈیرہ اسماعیل خان پولیس میں 186 نئی اسامیوں پران تمام کامیاب امیدواروں کو ان اسامیوں پربھرتی کرلیاگیا ہے ۔ سیکورٹی کلیئرنس اور میڈیکل فٹنس کے بعد امیدواروں کو بیلٹ نمبر جاری کردیئے جائیں گے ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹپولیس آفیسر ڈیرہ دلاور خان بنگش نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ڈیرہ پولیس میں بھرتی کا عمل مکمل کیاگیا ہے جس میں کسی قسم کی رشوت یا سفارش کا کوئی عمل عمل دخل نہیں ہے اور تمام بھرتیاں مکمل میرٹ کے مطابق عمل میں لائی گئی ہیں ۔ان کا کہناتھا کہ ڈیرہ پولیس ضلع بھر میں قیام امن کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ٹارگٹ کلنگ ،دہشت گردی ،اغواءبرائے تاوان ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر حملوں سمیت دیگر منظم جرائم کے خاتمے کے لئے فرنٹ لائن پر جواں مردی کے ساتھ دہشت گردوں کے سامنے سینہ سپر ہوکر جانیں قربان کرکے دہشت گردوں اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نئے بھرتی ہونے والے جوانوں نے پیشہ وارانہ اوصاف پر پورا اترتے ہوئے شہر کے حالات کو مدنظر کراپنے خدمات سرانجام دینا ہیں ،ملک بھر کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی امن وامان کے کئی چیلجز درپیش ہیں لیکن دہشت گردی کے خلاف ہم سب پاکستانی ایک ہیں ، پولیس کے جوان ڈیرہ پولیس کی ناموس کی علامت ہیں جن سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں ۔


نوجوان کو قتل کرنے کے مقدمہ میں ملزم بری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ محمد یونس خان کی نگرانی میں قائم ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ ڈیرہ کے جج محمد یونس خان نے تھانہ یارک کی حدود علاقہ بہادری میں28 سالہ نوجوان کو قتل کرنے کے اہم مقدمہ میں ناکافی شہادتوں کے باعث مقدمہ کے تیسرے اہم ملزم کو زیر دفعہ 265K ض ف کے تحت بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ،مقدمہ میں نامزد دیگردو ملزمان ایک سال قبل عدالت سے بری ہونے میں کامیاب ہوئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ یارک کی حدود علاقہ بہادری میں مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے 28 سالہ نوجوان محمد حنیف ولد جہانگیر قوم مدہ خیل سکنہ بہادری کو اس کے گھر کے قریب بیٹھک میں فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔مقتول کے بھائی محمد زبیر کی رپورٹ پر تین ملزمان محمد زبیر ولد جہانگر،جاویدولد سیدغلام اور اس کے باپ سید غلام ساکنان بہادری کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا،وجہ عداوت اراضی پر تنازع بیان کیاگیا۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے دو ملزمان محمد زیبر اور سید غلام کو گرفتارکرلیا جنہیں گزشتہ سال عدالت نے شک کا فائدہ دیتے ہوئے مقدمہ سے بری کردیا ۔تیسرے ملزم محمد جاوید کے گرفتار ہونے پر ملزم کے خلاف مقدمہ کی سماعت کے دوران دو چشم دید گواہوں سمیت دس سے زائد شہادتیں عدالت میں پیش کی گئی لیکن چشم دید گواہوں کے زبانی بیانات دستیاب ریکارڈ اور پوسٹمارٹم رپورٹ میں واضح تضاد پایاگیا ۔ ملزم کے خلاف ناکافی شہادتوں کے باعث وکیل صفائی کی جانب سے عدالت میں زیر دفعہ 265k ض ف کی درخواست دائر کرکے ملزم کو بری کرنے کی استدعا کی گئی ۔عدالت نے بحث مکمل ہونے پر ملزم کے خلاف جرم ثابت ہونے میں ناکامی کے باعث ملزم کو زیر دفعہ 265k ض ف کے تحت بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔


پرائس ریویو کمیٹی کا اہم اجلاس ایک بار پھرطلب کرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پرائس ریویو کمیٹی کا اہم اجلاس ایک بار پھر سرکٹ ہاﺅس ڈیرہ میں طلب کرلیاگیا۔ عوامی شکایات پر پرائس ریویو کمیٹی کا اہم اجلاس زیر صدارت ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر جمعرات 14 نومبر کو صبح دس بجے سرکٹ ہاﺅس ڈیرہ میں طلب کیاگیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ عون حیدر علی ،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محمود الرحمٰن اور دیگر سٹاف شرکت کرے گا۔اجلاس میں اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کا تعین کیاجائے گا جس میں عام شہریوں اور صارفین سے شرکت کی بھرپور استدعا کی گئی تاکہ من پسند دکاندروں ،درباری اور خوشامندی افراد کے دباﺅ پر نرخ نامہ طے ہونے سے بچا جاسکے اور دکانداروں کو من مانے ریٹ مقرر کرنے سے روکا جائے ۔ دوسری جانب شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ آئے روز پرائس ریویو کمیٹی کے ا جلاس طلب کرنے کی بجائے عام غریب صارفین کی مشکلات کو مدنظر رکھ کر نرخ نامہ میں ریٹوں کا تعین کیاجائے ۔پندرہ روز قبل پرائس ریویوکمیٹی کے اجلاس میں پہلی دفعہ مٹن اور چکن گڑہائی گوشت ،سبزی ،دال ،گوشت سمیت گوشت پلاﺅ اور دیگر کھانوں کے ریٹوں کو نرخ نامہ میں شامل کرکے ان کا ریٹ مقرر کیاگیا ۔اس احسن اقدام پر شہری حلقوں کی جانب سے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ فوڈ کے حکام کو خراج تحسین پیش کیاگیا ۔ تاہم ذرائع کے مطابق بااثر ہوٹلز مالکان ان ریٹوںکے نرخ نامہ میں

شامل نہ کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ فوڈ کے حکام پر مسلسل دباﺅ ڈالنے کی سرتوڑ کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں جس کی بھرپور مذمت کی گئی ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مٹھائی اور بیکری کی اشیاءکے سابقہ ریٹ بحال کرکے گزشتہ اجلاس میں طے کیے گئے ہوٹلز کے کھانوں کے انہی ریٹوں کو نرخ نامہ میں شامل کیاجائے۔


ملزم کے قبضہ سے غیر قانونی اسلحہ برآمد کرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)بند کوارئی پولیس کی کاروائی ، ایک کلاشنکوف، ایک پسٹل 30بور اور مختلف بور کے 70کارتوس برآمد کرکے ملزم کوگرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق یارک عطاءاللہ نے علاقہ کچہ راستہ وانڈہ خجی میں کاروائی کے دوران ملزم سعادت خان داوڑ ولد قریب خان سکنہ میرانشاہ حال وانڈہ خجی کے قبضہ سے ایک کلاشنکوف اور 60کارتوس، ایک پستول30بور اور 10کارتوس برآمد کرکے اسے گرفتار کر لیا ۔پولیس نے ملزم کیخلاف زیر دفعہ15AAکے تحت مقدمہ درج کرلیا۔


کھوئی بہارہ کے مقام پر کسان مارکیٹ کا افتتاح کر دیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں صوبائی حکومت کے احکامات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر تحصیل سب ڈویژن درازندہ سمیع اﷲ خان نے تحصیل سب ڈویژن درازندہ حسین زئی چوک کھوئی بہارہ کے مقام پر کسان مارکیٹ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت بھی انکے ہمراہ تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ اس مارکیٹ کے قیام سے نہ صرف کسان بلکہ عوام بھی مستفید ہوں گے کیونکہ کسان اپنی پیداوار کو براہ راست اور بغیر کسی مارکیٹ ادائیگی اور کمیشن کے بیچ سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر سمیع اﷲ نے مختلف تعلیمی و طبی مراکز کا دورہ کیا اور وہاں پر فراہم کردہ سہولیات کا جائرہ لیا جبکہ انسداد پولیو سے متعلق شعور اجاگر کرنے کی تقریب میں بھی شرکت کی اور علاقےمیں جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ بھی کیا۔


عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)مرکزی انجمن تاجرن کے جنرل سیکرٹری اور کیمسٹ اینڈڈرگسٹ ایسوسی ایشن ڈیرہ کے چیئر مین الحاج محمد رمضان خان کے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پی سی ڈی اے خیبر پختونخوا کےسینیئر وائس چیئر مین لطیف الرحمٰن ،جناح سنٹر کے صدر عبدالمنان خان گنڈ ہ پور ،ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن ڈیرہ کے سنیئر نائب صدر ہنر خان بیٹنی نے انہیں خصوصی مبارکباد پیش کی ہے۔


ملزم کی مخالف کے گھر پر فائرنگ
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)، ملزمان کی مخالف کے دورازے پر فائرنگ،مخالف بال بال بچ گیا، پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کلاچی کے علاقہ محلہ ہارون آباد کے رہائشی روزی خان ولد عبدالحنان شخی نے رپورٹ درج کرائی کہ ملزمان عبدالرشید ولد لال خان، کامران، عدنان پسران عبدالرشید ساکنائے محلہ رانا زائی کلاچی نے اس کے گھر کے دروازے پر آکر فائرنگ کیجس سے وہ بال بال بچ گیا ہے۔۔ وجہ عداوت عاق نامہ کا سٹامپ پیپر درج کرنے پر تنازع بیان کیاگیاہے۔ کلاچی پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔


تحصیل ہیڈ کوارٹر آفس بلڈنگ کا انتخاب قبائل کے مشورے سے کیا جائیگا کمشنر ڈیرہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت نے کہا ہے کہ تحصیل ہیڈکوارٹر آفس بلڈنگ کیلئے مکین/شوال میں سائٹ کا انتخاب قبائل کے مشورے سے کیا جائیگا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے یہ یقین دہانی آج سابق وزیر مملکت عبد القیوم کی زیر صدارت ملنے والے محسود قبائل کے وفد سے ملاقات کے دوران کرائی۔ وفد نے جو کہ علاقہ مکین اور شوال کے مشران پر مشتمل تھا نے دو مقامات تبّہ اور پٹ زیارت کی نشاندہی کی جبکہ انہوں نے ایکسین سی اینڈ ڈبلیو ٹرائبل ڈسٹرکٹ جنوبی وزیرستان کی طرف سے 60فیصد سے کم پر سرکاری بلڈنگ کی تعمیر کا ٹھیکہ دینے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا کہ اتنی کم لاگت پر معیاری قومی تنصیبات کی تعمیر ممکن نہیں ۔کمشنر نے وفد کو یقین دلایا کہ تمام تر فیصلے عوامی خواہشات اور توقعات کو مدنظر رکھ کر کیے جائیں گے کیونکہ قبائلی علاقے میں تعمیر نو کے حکومتی فیصلے کا مقصد ہی اس دورافتادہ اور آپریشن سے متاثرہ علاقے کی عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ہے تاکہ وہ ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے لوگوں کے ساتھ ترقی کی اس دوڑ میں قدم ملا کر چل سکیں۔


زرعی فیکلٹی میں روزیل پودے کی کاشت کے حوالے سے تقریب

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سرور چوہدری نے کسانوں کے عالمی دن کے موقع پر گومل یونیورسٹی کی زرعی فیکلٹی میں روزیل پودے کی کاشت کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں خطاب کے دوران کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اگر میں یہ کہوں کہ ہمارے ملک میں اگر کسی نے قربانی دی ہے تو وہ کسان ہیں تو شاید غلط نہیں ہوگا۔ کیونکہ ان کسانوں کی دن رات کی محنت اور محدود وسائل ہونے کے باوجود کسانوں نے پاکستان کی زمین سر سبز و شاداب کرنے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔۔ اس موقع پر رجسٹرار گومل یونیورسٹی طارق محمود،ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر سلیم جیلانی،ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر ستار بخش اعوان، ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر، ڈائریکٹر ٹانک کیمپس احسان اللہ دانش،ایگریکلچر ریسرچ آفس کے سینئر ریسرچ آفیسر عمران اللہ ،ایگریکلچر ایکسٹینشن کے محمد عامر سمیت پرووسٹ گومل یونیورسٹی،زرعی فیکلٹی کے تمام شعبہ جات کے چیئر مین ، اساتذہ اور طلباءشریک تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سرور چوہدری نے کہا کہ آج کے دن مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ ہارٹیکلچر فیکلٹی نے روز یل کے بیج لگا کر دن رات محنت کی آج اس کی کاشت ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ

صدام نامی طالب علم نے جس طرح خود اپنی ریسرچ پر کام کیا اور اپنے ہاتھوں سے اس بیج کو لگایا اور اس کےلئے دن رات محنت کی اس پر وہ اور اس کے اساتذہ مبارک باد کا مستحق ہیں۔پاکستان کو اللہ پاک نے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے اور ہمارے خطے کے طلباءنہایت ہی ذہین ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں آپ طلباءسے بھی یہی کہتاہوں کہ اپنے ہاتھ سے اپنے کام کرنا عبادت ہے لہٰذا تمام طلباءاپنے کام خود کریں ۔بنی بنائی چیزوں پر مت جائیں کیونکہ جب آپ خود اپنی ریسرچ پر کام کریں تو آپ دنیا میں کہیں اورکبھی بھی ناکام نہیں ہو سکتے ۔ کامیاب کےلئے محنت شر ط ہے۔ تقریب میں ہارٹیکلچر فیکلٹی کے اسسٹنٹ پروفیسرڈاکٹر حبیب الرحمن نے کہا کہ روزیل پودے کی کاشت پوری دنیا میں ہے مگر پاکستان میں اس کی کاشت نہیں ہے۔ مختلف ممالک میں اس کے مختلف نام ہیں۔ اس میں ویٹامن Aبہت زیاد ہ ہے جو بہت ہی مفید ہے۔ یہ ہائی بلڈ پریشر‘ کلسٹرول و دیگر بیماریوں کےلئے انتہائی مفید ہے ۔ اس کو جون میں لگایا جاتا ہے ۔ اس کی حفاظت بہت ضروری ہے کیونکہ اس سے مختلف ادویات بھی بنائی جاتی ہیں۔ڈاکٹر حبیب الرحمن نےروزیل پودے کے بارے میں ایوان کو تفصیلی سے بریفنگ بھی دی ۔ تقریب سے ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹرسلیم جیلانی نے بھی خطاب کیا ۔تقریب کے اختتام پر واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔


رحمت اللہ خان اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کے تعینات

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) رحمت اللہ خان مروت کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر (جونیئر)لوکل گورنمنٹ (بلدیات ودیہی ترقی )ڈیرہ اسماعیل خان تعینات کردیاگیا ہے ۔انہوں نے چارج لے کر کام شروع کردیا ،رحمت اللہ خان مروت کا شمار محکمہ بلدیات میں نیک نام بے داغ ماضی اور انتہائی قابل افسروں میں ہوتا ہے ۔ان کی تقرری کے موقع پر سعداللہ خان ایڈوکیٹ،خیر محمد خان ایڈوکیٹ ،ٹی ایم او تحصیل کلاچی عارف خان ،سنیئر صحافی صلاح الدین گنڈہ پور اور گوہر غنچہ نے ان کے دفتر میں ان کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی تقرری کا خیر مقدم کیااور توقع ظاہر کہ وہ اپنی خداداد صلاحیتوں کی بناءپر شہری ودیہی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی موثر نگرانی کے ساتھ بروقت سکیموں کی تکمیل میں اہم کردار ادا کریں گے ۔ اس موقع پر رحمت اللہ خان نے شرکاءسے گفتگو کے دوران کہا کہ صوبائی حکومت اور حکام بالا لوکل گورنمنٹ بلدیات ودیہی ترقی خیبر پختونخوا نے انہیں بحیثیت اسسٹنٹ ڈائریکٹر جونیئر لوکل گورنمنٹ ڈیرہ اسماعیل خان تعینات کرکے جو ذمہ داریاں تفویض کی ہیں انہیں لوکل گورنمنٹ ایکٹ ،مروجہ پالیسی کے تحت کماحقہ پورا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہوئے ان پر عمل کیاجائے گا ۔انہوںنے کہ محکمہ بلدیات ودیہی ترقی کا شہر بھر کے پسماندہ علاقوں کی تعمیر وترقی اہم کردار ہے جس کے لئے وزارت بلدیات ودیہی ترقی خیبر پختونخوا نے وقتاًفوقتاًخطیر رقم مختص کرکے پسماندہ شہر کو ترقی یافتہ شہر بنانے کا سلسلہ جاری کررکھا ہے ۔جس کے لئے سابقہ ناظمین ،کونسلر ز نے بھی اپنی دستوری ذمہ داریاں پوری کیں ۔ انہوںنے کہا کہ میرے دفتر کے دروازے ہر خاص وعام کے لئے کھ لے ہیں جو بھی شکایات ومسائل محکمہ سے متعلق ہوں گے انہیں قانون اور مروجہ پالیسی کے تحت حل کرنےکی پوری کوشش کی جائے گی ۔


دلبرداشتہ افراد موت کو گلے لگانے لگے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محبت میں ناکامی ،بیروزگاری سے تنگ ،گھریلو ناچاقیوں سے دلبرداشتہ افراد موت کو گلے لگانے لگے ،خودکشی کرنے والوں کی اوسطً عمریں 17 سے 25 کے درمیان ،تفصیلات کے مطابق بیروزگاری ،ذہنی دباﺅ ،گھریلو جھگڑوں ،عشق وامتحانات میں ناکامی کے باعث روزانہ کی بنیاد پر ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ضلع بھر میں خودکشی کرنے کی اطلاعات موصول ہوتی ہیں ۔زندگی سے بیزار ہوکر موت کو گلے لگانے والے خواتین ومرد کی اوسط!عمریں 17 سے 25 سال کے درمیان ہوتی ہیں۔اعدادوشمار کے مطابق صنف نازک خصوصاًشادی شدہ خواتین کی بڑی تعداد بھی انتہائی قدم اٹھانے میں پیش پیش ہوتی ہیں ۔ضلع بھر کے مختلف ہسپتالوں سے موصول ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق مختلف وجوہات کی بناءپ رموت کو گلے لگانے کی کوشش کرنے والے افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر ضلع بھر میں خودکشی کرنے کی کوشش کے باعث روزانہ ایک یادو مریض آتے ہیں جن میں زیادہ تر جواں سال لڑکوں اورلڑکیوں کی ہوتی ہے ۔نوے فیصد زہریلی ادویات استعمال کرتے ہیں جن میں چوہے مار گولیا کھانے والوں کی اموات کی شرح ساٹھ فیصدجبکہ گندم میں رکھنے والی گولیاں نگلنے سے دس میں آٹھ افراد موت کی وادی میں چلے جاتے ہیں ۔زہر نگل کر موت کو گلے لگانے والے افراد کی آخری سانسیں آپریشن تھیٹر میں معدہ صاف کرتے ہوئے ختم ہوجاتی ہیں ۔عملے کا کہنا ہے کہ جذباتیت اور جلد بازی میں خودکشی کی کوشش کرنے کے بعد ہسپتال پہنچنے والے افراد میں سے 95 فیصد بھیانک موت کو قریب دیکھ کر سانسیں تھمنے سے قبل اپنی غلطی کا اعتراف کرلیتے ہیں اور زندگی کی بھیک مانگتے نظر آتے ہیں لیکن اس وقت تک بہت دیر ہوچکی ہوتی ہے ۔اس حوالے سے ماہر نفسیات ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ خودکشی کی کوشش کے بڑھتے ہوئے واقعات کی سب سے بڑی وجہ ذہنی دباﺅ ،کم عقلی ،ضرورت اور شوق کے مطابق آسائشوں سے محرومیاں اور خواتین میں خودکشیوں کا بڑھتا ہوا رجحان گھریلو حالات ،لڑائی جھگڑوں کی وجہ سے ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ میڈیکل سٹورز ،جنرل سٹور سمیت غلہ منڈیوں ،کریانہ سٹوروں پر زہریلی ادویات ،چوہے مار گولیاں ،گندم میں رکھنے والی گولیوں کی سرعام فروخت سے بھی ان واقعات میں روز بروز اضافہ ہورہاہے۔انہوںنے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ زہریلی ادویات فروخت کرنے والوں کو باضابطہ لائسنس جاری کریں جو کہ شناختی کار ڈ کی کاپی اور استعمال کی وجہ دریافت کرنے کے بعد زہریلی گولیاں فروخت کریں جس کے لئے زہریلی ادویات فروخت کرنے والوں کو پابند کیا جائے کہ وہ زہریلی ادویات دیتے وقت صارف کا نام ،پتہ ،شناختی کارڈ نمبر باقادہ رجسٹر کریں تاکہ خودکشیوں کے واقعات میں کمی واقع ہوسکے ۔


سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آپے سے باہر

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سبزیوں اور پھلوںکی قیمتیں آپے سے باہر ،دکانداروں کی لوٹ مارجاری ،غریب اور متوسط طبقے کے افراد بھاﺅ پوچھنے تک محدود ،انتظامیہ نے چپ سادھ لی ۔ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی وغفلت کی وجہ سے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ ہونے سے غریب اورمتوسط طبقہ کے افراد صرف بھاﺅ پوچھنے تک ہی محدود ہوکر رہ گئے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کی ناک کے نیچے دکانداروں کی جانب سے سبزیوں اور پھلوں کی فروخت کی آڑ میں لوٹ مار کا بازار بلاخوف وخطر جاری ہے ۔اگر کوئی صارف سبزی اور پھل مہنگے داموں فروخت کیے جانے پر احتجاج کرتا ہے تو اسے دکاندار بے عزت کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے اور اس دوران عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والے مرد وزن میں تمیز بھی بھلا دیتے ہیں ،آئے روز سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ ہونے سے غریب طبقہ کے افراد بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں ۔شہریوں نے کمشنر ڈیرہ ،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔


بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے بابری مسجد کی جگہ پر مندر بنانے کا فیصلہ انتہائی افسوسناک ہے ۔پیر صدام زکوڑی ایڈوکیٹ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ممتاز ماہر قانون پیر صدام حسین زکوڑی ایڈوکیٹ کا کہنا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے بابری مسجد کی جگہ پر مندر بنانے کا فیصلہ انتہائی افسوسناک ،باہمی مذہبی احترام، سیکولرازم اورانصاف کا قتل اورتعصب کی بدترین مثال ہے۔بھارتی منفی سوچ، منفی کردار اور تعصب کے باعث مسلمان غم میں مبتلا ہیں اور بھارت اعلیٰ عدالتی فیصلے کے باعث مسلمانوں کی عزت نفس کو مجرح کیاگیاہے ۔.انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی سپریم کورٹ کی طرف سے مندر کی تعمیر کے فیصلے کی وجہ سے مسلمانوں کے دل کو ٹھیس پہنچی ہے اور ان حالات میںستم یہ کہ مسلمانوں سے احتجاج کاحق بھی چھین کر انپر سیکیورٹی مزید سخت کردی ہے جو انتہائی انسانیت سوز امرہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انڈین چیف جسٹس رنجن گوگیی کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ کے متفقہ فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔


اینٹی بائیوٹک ادویات کے بے دریغ اور از خود استعمال خطرناک صورتحال اختیار کر گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) طبی ماہرین کے مطابق ڈیرہ سمیت وطن عزیز میں اینٹی بائیوٹک ادویات کے بے دریغ اور از خود استعمال خطرناک صورتحال اختیار کر گیا ہے اینٹی بائیوٹک ادویات کے غلط استعمال اور نامکمل ڈوس سے جراثیم مزید طاقتور ہو رہے ہیں جبکہ بیشتر بیکٹیریا اور وائرس اپنی شکل اور ہئیت بھی مسلسل تبدیل کر رہا ہے سیلف میڈیکشن سے انسانی صحت کو بھی سنگین طبی مسائل کا سامناکرنا پڑ رہاہے اینٹی بائیوٹک دوا کو طب کی دنیامیں انقلابی ایجادسمجھا جاتا ہے تاہم اس کا زیادہ ،غیر ضروری اور غلط استعمال ایسی بیماریوں کا باعث بن رہے ہیں جس پر قابو پانا مشکل ہوتا جا رہا ہے ماہرین کے مطابق ملک میں اس وقت پچاس ہزار سے زائد غیر رجسٹرڈ شدہ دوائیاں موجود ہیں عطائیوں کی تعداد6لاکھ سے زائد ہیں اور 70فیصد مریضوں کو اینٹی بائیوٹک دی جاتی ہیں خود سے دوائی کے استعمال کی شرح 50فیصد، کاونٹرپر دی جانے والی دواﺅں کی شرح 70فیصد ہے عالمی ادارے صحت نے اینٹی بائیوٹک دواﺅں کے از خود غیر ضروری استعمال کو انتہائی مہلک قرار دیا ہے ۔ڈیرہ میں اینٹی بائیوٹک ادویات بغیر کسی نسخہ کے فروخت ہو رہی ہیں۔


ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ میں ڈاکٹروں کے حوالے سے اوپی ڈیز کی رونقیں بحال ہوگئیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ میں ڈاکٹروں کے حوالے سے اوپی ڈیز کی رونقیں بحال ہوگئی ہیں 48 روز کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے بھر کے سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم حکومت اور ڈاکٹر کے مذاکرات کامیاب ہونے سے ہسپتالوں میں اوپی ڈیز کھل گئے ہیں سرکاری ہسپتالوں کے کھلنے کے بعد مریضوں کی بڑی تعداد بھی ہسپتال پہنچ گئے ہیں ہڑتال ختم ہونے کے بعد معطل ہونے والے بیس میڈیکل افسران کو بھی بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ڈاکٹرں کی ہڑتال کے باعث ڈیرہ سمیت صوبے بھر کے سرکاری ہسپتال بری طور پر متاثر ہو ئے تھے جبکہ مریضوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوا تھا ا و پی ڈیز کی بندش کے باعث مریضوںکو شدید ترین مشکلات درپیش آئی او پی ڈی ایز کی بندش کے باعث 48دنوں کے دوران مریضوںکا علاج معالجہ بھی نہیں ہو سکاجبکہ تین روز قبل ڈاکٹروں نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیاتھا ہڑتال کے ختم ہونے کے ساتھ ہی سرکاری ہسپتالوں کی رونقیں ڈاکٹروں کے حوالے سے بحا ل ہو گئی ہیں ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل کی بڑی تعداد ڈیوٹی پر آ گئی ہے ڈاکٹروں کے 48دن ہڑتال کے باعث سرکاری ہسپتالوں کو لاکھوں روپے کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ہڑتالی ملازمین نے تنخواہ پوری وصول کی ہے ۔


جمعرات سے بارش کا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ موسمیات نے جمعرات سے خیبر پختونخوا کے میدانی اور بالائی اضلاع میں بارش، برفباری اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق محکمہ موسمیات نے جمعرات 14 نومبر سے خیبر پختونخوا کے میدانی اوربالائی اضلاع میں تیز بارش، برفباری اور ڑالہ باری کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے، یہ سلسلہ ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے۔پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو تیز بارشوں، برفباری اور ڑالہ باری کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات کردی ہے۔ سیاح دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ پی ڈی ایم اے کا ایمر جنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے۔ عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700پر دیں۔


موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی مچھلی کے گوشت کی قیمتوں کو پر لگ گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی مچھلی کے گوشت کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں اور ناجائز منافع خور ، خود غرض ، مفاد پرست فش مافیا نے رہو، سنگھاڑا ، سول مچھلی سمیت دیگر اقسام کی قیمتوں میں 200 سے 300روپے فی کلو کا اضافہ کردیا ہے مگر متعلقہ اداروںکا کسی بھی طرح چیک اینڈ بیلنس اور قیمتوں پر کنٹرول نہ ہونے کے باعث مچھلی فروش شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، موسم سرماکے آغاز کے ساتھ ہی مچھلی کی فروخت بھی بڑھ گئی۔شہریوں نے حکومتی ارباب اقتدار سے مطالبہ کیاہے کہ وہ شہریوں کو تاجر مافیا سے نجات دلانے کیلئے مناسب اقدامات کرے تاکہ انہیں موزوں نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

About The Author