لاہور:پاکستان مسلم لیگ ن نے نوازشریف کے بیرون ملک علاج کیلئے مشروط حکومتی فیصلہ مسترد کردیاہے ۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب ن وزیر قانون اور معاون خصوصی احتساب کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کو مشروط کرنے کا حکومتی فیصلہ عمران صاحب کے متعصبانہ روئیے اور سیاسی انتقام پر مبنی ہے۔ ضمانت کے وقت تمام آئینی و قانونی تقاضے پورے اور ضمانتی مچلکے جمع کرائے جاچکے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کو مشروط کرنا ناقابلِ فہم حکومتی فیصلہ ہے،آئینی اور قانونی تقاضے پہلے ہی پورے کئے جاچکے ہیں
عدالت کے اوپر ایک حکومتی عدالت نہیں لگ سکتی،فیصلہ عمران صاحب کے متعصبانہ رویے اور سیاسی انتقام پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کو مشروط کرنے کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، سیکیورٹی بانڈ جمع کرانے کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنا واضح موقف پیش کر چکی ہے۔سکیورٹی بانڈ جمع کرانے کا حکومتی فیصلہ منظور نہیں ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک طرف حکومت محمد نوازشریف کی صحت کی سنگینی کا اعتراف کر رہی ہے اور دوسری جانب انتہائی ریاکاری اور بد نیتی سے ان کے بیرونِ ملک فوری علاج میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے، پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سیاسی محاسبت میں کبھی کسی کی زندگی کے اِس طرح نہیں کھیلا گیا۔
انہوں نے کہا نواز شریف کے علاج میں ہر لمحہ انتہائی قیمتی اور اسے تاخیری حربوں کی نظر کرنا بدترین ظلم اور زیادتی ہے۔
دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پارٹی کی سینیئر قیادت کا اہم اجلاس کل طلب کرلیاگیا ہے۔ اجلاس میں اپنی نوعیت کے منفرد حکومتی فیصلے کے بعد کی حکمت عملی پر سینئر قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
اجلاس کے بعد قائد حزب اختلاف شہباز شریف کل سہہ پہر تین بجے اہم پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہا نواز شریف کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار بے حس اور سنگ دل حکومت ہو گی۔حکومت تاخیری حربوں کے ذریعے محمد نوازشریف کی زندگی اور صحت کے ساتھ خطرناک کھیل کھیل رہی ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان زاہد خان نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ فروغ نسیم، شریف الدین پیرزادہ کا چربہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف الدین پیرزادہ حکمرانوں کو ریلیف دینے کے لیے ایسے قانونی نکات نکال لیتے تھے، جو آئین سے ماورا ہوتے تھے۔
اے این پی کے ترجمان نے کہا کہ فروغ نسیم جنرل پرویز مشرف کے وکیل رہے ہیں جن پرغداری کا کیس ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کو کچھ ہوا تو یہ داغ عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر لگے گا۔
زاہد خان نے کہا کہ فروغ نسیم جو کام کررہے ہیں وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ اگر کل کو کچھ ہوگیا تو یہ لوگ کہاں بھاگ کر جائیں گے؟
اے وی پڑھو
سیت پور کا دیوان اور کرکشیترا کا آشرم||ڈاکٹر سید عظیم شاہ بخاری
اشولال: دل سے نکل کر دلوں میں بسنے کا ملکہ رکھنے والی شاعری کے خالق
ملتان کا بازارِ حسن: ایک بھولا بسرا منظر نامہ||سجاد جہانیہ