دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلے

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ غازی خان ،تونسہ شریف سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے۔

ڈیرہ غازیخان: کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن مدثر ریاض ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر چاروں اضلاع میں اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے۔مصنوعی مہنگائی اور قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے۔گرانفروشی اور ملاوٹ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کو ملکر کام کرناہوگا۔کوتاہی،ناقص کارکردگی اور عدم دلچسپی پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی انہوں نے یہ بات گزشتہ شب ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی کمشنر وقاص رشید،ایڈیشنل کمشنر اظفر ضیاء،اے سی محمد اسد چانڈیہ اور دیگر افسران موجود تھے۔دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا کہ آٹا، چینی،گھی،دال اور دیگر 18 اشیائے ضروریہ کی سرکاری نرخوں پر وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائی جائے۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں نکلیں اور سرکاری نرخ سے زائد قیمت وصول کرنے والے دکانداروں کی گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالا جائے مقدمات کے ساتھ بھاری جرمانے کئے جائیں۔ کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا کہ حکومت پنجاب غریب عوام کو معاشی ریلیف دلانا چاہتی ہے مطلوبہ مقاصد کے حصول کیلئے ٹیم ورک کی ضرورت ہے۔


ڈیرہ غازیخان: حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں ہر جمعتہ المبارک کو یک جہتی کشمیر کے طور پر منایا جائیگا۔افسران کو اپنے بازوں پر سیاہ پٹیاں "میں کشمیری ہوں ” باندھ کر بھارتی جارحیت کی مذمت کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر وقاص رشید کی ہدایت پر تمام افسران کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے


ڈیرہ غازیخان: وفاقی محتسب آفس ملتان کے مشیر چوہدری عبد الحمید نے ڈیرہ غازی خان میں وفاقی محکموں سے متعلق عوام کی 32 درخواستوں پر کیسز کی سماعت کرتے ہوئے فیصلے جاری کئے۔زیادہ کیسز میپکو سے متعلق تھے۔ایڈوائزر وفاقی محتسب چوہدری عبد الحمید نے ریجنل دفتر صوبائی محتسب ڈیرہ غازی خان میں میپکو کوٹ چھٹہ سے متعلق 14،میپکو راجنپور کے تین،میپکو ڈی جی خان کے چار اور میپکو تونسہ سے متعلق وصول عوام کی درخواستوں کی سماعت کی درخواست دہندگان کے ساتھ وفاقی محکموں کے افسران بھی موجود تھے ایڈوائز وفاقی محتسب چوہدری عبد الحمید نے کہا کہ وفاقی محتسب پاکستان سید طاہر شہباز کی ہدایت پر کیسز کا فیصلہ ہرصورت 60 روز کے اندر کرنا ہوتا ہے تاہم تحصیل اور ضلعی سطح پر سماعت کئے گئے مقدمات کا فیصلہ 30 روز کے اندر کیا جاتا ہے۔وفاقی محتسب نے گزشتہ سال تقریبا 70 ہزار کیسز کے فیصلے کیے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کے پاس درخواست دائر کرنے کیلئے کسی وکیل اور فیس کی ضرورت نہیں۔آن لائن کے ساتھ سادہ کاغذ پر تحریر درخواست علاقائی اور ھیڈ آفس میں بھجوائی جاسکتی ہے۔وفاقی محتسب کے افسران عوام کی دہلیز پر آکر ان کی درخواستوں کی سماعت کرکے فوری اور سستا انصاف فراہم کرتے ہیں۔عوام بلا جھجک وفاقی محتسب سے رجوع کریں۔ ایڈوائزر چوہدری عبد الحمید نے کہا کہ سال 2019 کو وفاقی محتسب سے متعلق عوامی آگاہی کے سال کے طور پر منایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کے فیصلوں کے خلاف ایک ماہ کے اندر نظر ثانی درخواست دائر کرنے کے ساتھ صدر پاکستان کو بھی اپیل کی جاسکتی ہے۔


ڈیرہ غازیخان: محکمہ اوقاف ڈیرہ غازی خان کے زیر اہتمام زونل سیرت کانفرنس 21 نومبر کو 11 بجے دن رائل سٹی ہوٹل نزد جنرل بس سٹینڈ ڈیرہ غازی خان میں منعقد ہوگی۔یہ بات زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف کے مراسلہ میں کہی گئی ہے۔


ڈیرہ غازیخان: عطاء الرحمن نے ڈویژنل و ڈسرکٹ سپورٹس آفیسر ڈیرہ غازی خان کاچارج سنبھال کر کام شروع کردیا ہے جبکہ ان کے پیشرو ملک غلام مرتضی کا تبادلہ بطور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر حافظ آباد کردیا گیا ہے۔


ڈیرہ غازیخان: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان شہر کے 13 چوکوں کی تزئین و آرائش کی جائے گی جس کیلئے 20 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن مدثر ریاض ملک نے ڈیرہ غازی خان شہر کے اہم چوکوں کا دورہ کیا اور خوبصورتی کی ہدایات جاری کیں۔

اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اقبال فرید اور دیر افسران ہمراہ تھے کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا کہ منتخب نمائندوں،انتظامی افسران اور سول سوسائٹی کے ساتھ ملکر شہر کو خوبصورت بنایا جائیگاپارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور کی طرز پر چوکوں کو خوبصورت بنائے گی۔کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا کہ افسران منصوبوں کو مانیٹر کریں۔غیر معیاری کام ہونے پر ریکوری کرائی جائے گی۔


ڈیرہ غازیخان: ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں کھیت سے منڈی تک کی 173 کلومیٹر لمبی 28 سڑکوں کی مرمت و بحالی کی منظوری دے دی گئی ہے۔منصوبوں پر دو ارب 22 کروڑ 48 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔منصوبوں کی منظوری کمشنر مدثر ریاض ملک نے نیا پاکستان منزلیں آسان فیز ٹو کے تحت ڈی سی سی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز وقاص رشید،علی شہزاد،افضل ناصر اور دیگر موجود تھے۔

کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر”نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام” کے تحت فارم سے مارکیٹ تک کی کم سے کم چار سال پرانی اور پانچ کلومیٹرطویل ایسی دیہی سڑکوں کو شامل کیا گیا ہے جس کے دونوں حصوں پر آبادی موجود ہے۔انہوں نے کہا سڑکوں کی تعمیرمیں معیاری مٹیریل کا استعمال یقینی بنایا جائے۔منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔منصوبوں کی مختلف ذرائع سے جانچ پڑتال کرائی جائے گی۔کمشنر مدثر ریاض ملک نے احکامات جاری کئے کہ ڈپٹی کمشنرز سر ٹیفکیٹ فراہم کریں گے کہ انہوں نے قواعد وضوابط پر پورا اترنے والی دیہی روڈز کو شامل کیا ہے.اجلاس میں 62 کروڑ 51 لاکھ روپے سے آٹھ،ضلع راجنپور میں 59 کروڑ 14 لاکھ روپے،ضلع مظفرگڑھ میں 62 کروڑ 48 لاکھ روپے سے دس اور ضلع لیہ میں 38 لاکھ 33 لاکھ روپے سے چار سڑکوں کی منظوری دی گئی۔اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وفنانس عبید الرشید،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عدیل،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ عبدالغفار اور دیگر افسران شریک تھے۔


ڈیرہ غازیخان:کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن مدثر ریاض ملک کی "اب چمکے گا ڈیرہ غازیخان”مہم میں شہریوں کا مثبت رد عمل سامنے آنا شروع ہو گیا ہے اور شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنے محلے اور گلیوں کی صفائی شروع کردی ہے۔کمشنر مدثر ریاض ملک افسران کے ہمراہ صفائی کرنے والے شہریوں کے پاس چل کر گئے اور انہیں شاباش دی۔

کمشنر نے کہا کہ خوشی ہوئی ہے کہ عوام میں ذمہ داری اور صفائی کا شعور اجاگر ہورہاہے۔حکومت صفائی اور سیوریج کے مسائل کے حل کیلئے تمام ممکنہ وسائل استعمال میں لارہی ہے تاہم سول سوسائٹی کے تعاون سے شہر میں جلد صفائی کی صورتحال بہتر ہوجائے گی کمشنر نے پرانی غلہ منڈی میں کچرا صاف کرنے والے محمد عدیل ملک،فرید آباد کالونی میں محمد اسماعیل سیال اور خیابان سرور میں قاضی سعد کے پاس جاکر بہتر صفائی کرنے اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر اظفر ضیاء،ایمبیسیڈر آف ڈی جی خان کے عہدیدار محبوب حسین، عمران لودھی،حذیفہ قاسمی،محمد نبیل اور دیگر موجود تھے.


ڈیرہ غازیخان:مرکزی میلاد کمیٹی ضلع ڈیرہ غازی خان کے صدر صاحبزادہ انور حسن قریشی ایڈووکیٹ نے اپنے آفس میں دیگر عہدیداروں کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا ہے کہ حضو ر نبی اکرم ؐ کی والادت کائنات کی سب سے بڑی خوشی اور نعمت ہے حضور پاک ؐ کی ولادت کی خوشی منانا ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور حضور ؐ کی آمد دونوں جہانوں کے لئے باعث رحمت ہے حضور ؐ کی دنیا میں آمد سے کفر و شرک کے بادل چھٹ گئے صاحبزادہ انو ر حسن قریشی ایڈووکیٹ سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ 1942سے مرکزی جامع مسجد سے عید میلاد النبی ؐ کے سلسلہ میں مرکزی جلوس شروع ہو تا ہے جو شہر کے اہم راستوں سے ہوتا ہو ا پاکستانی چوک پر اختتام پذیر ہوتا ہے سات دہائیوں سے جاری اس روایت کے مطابق اس سال بھی 12ربیع الاول کا جلوس صبح دس بجے مرکزی جامع مسجد بلاک نمبر 3سے شروع ہو گا

مرکزی جلوس کے انتظامات اور کمیٹیوں کی تشکیل کے لئے اجلاس آج برو ز جمعتہ المبارک 10ربیع الاول کی شام مغرب کی نماز کے بعد منعقد ہو گا اجلاس میں انتظامات کو حتمی شکل دی جا ئے گی جس کے بعد لنگر کا بھی انتظام ہو گا انہوں نے مزید کہا کہ درگزر اور حسن اخلاق سے بہترین معاشرہ تشکیل پاسکتاہے،حضو رؐ کی تعلیمات تمام عالم کیلئے بھلائی کامظہر ہیں نبی پاکؐ کی حیات طیبہ مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہے بنی پاکؐ کے احکامات پر عمل کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے آج مسلمان اس وجہ سے بے راہ روی کا شکار ہیں کیونکہ ہم نے سیرت نبیؐ پر عمل کرنا چھوڑ دیا ہے نئی نسل کے بھٹکنے کی وجہ بھی یہی ہے کہ انہیں اسلام اور رسول مقبولؐ کی ہدایت کا علم نہیں ہے دنیاوی کاموں میں مگن ہوکر دین کی باتوں کو چھوڑ بیٹھے ہیں جس کی وجہ سے ہم خسارے میں جا رہے ہیں عید میلادالنبیؐ کو پورے جوش وجذبے سے مناکر دنیا و آخرت میں کامیابی مل سکتی ہے۔


ڈیرہ غازیخان: ڈی پی او اسد سرفراز کی تھانہ میں تعینات سینئر اسٹیشن اسسٹنٹ، پولیس اسٹیشن اسسٹنٹ اور محرران تھانہ سے خصوصی میٹنگ دوران میٹنگ ڈی پی او اسد سرفراز نے کہا کہ تھانہ جات کا ریکارڈ روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کرنے اور آن لائین کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیںانہوں نے کہا کہ فرنٹ ڈیسک پر آنے والے سائلیں کی درخواستوں پر فوری قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اور ان پر روزانہ کی بنیاد پر احکامات جاری کئے جائیں فرائض میں غفلت، سستی اور لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ سائلین کی درخواست کو داخل دفتر نہ کیا جائے

انہوں نے مزید کہا کہ تھانہ میں آنے والی عوام الناس سے بہتر اور مہذب طریقے سے برتاﺅ کریں محرران تھانہ اور فرنٹ ڈیسک پر تعینات ملازمین کو سائلین کی ریفریشمنٹ کے لئے اضافی کیش بھی دیا گیاڈی پی او نے سرکل آفیسران کو ہدایا ت دیتے ہوئے کہا کہ آپ پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ آپ فرنٹ ڈیسک کے دورے کر کے کار کردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات کریںمیٹنگ کے آخر میں ڈی پی او اسد سرفراز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں نقد انعام بھی تقسیم کئے۔


ڈیرہ غازیخان: ڈی پی او اسد سرفراز کی عید میلادالنبی 12 ربیع الاول کے حوالے سے پولیس لائن کے شہداءہال میں امن کمیٹی و بین مذاہب ہم آہنگی کے ممبران سے میٹنگ ،ترجمان پولیس کے مطابق ڈی پی او اسد سرفراز نے عید میلادالنبی 12 ربیع الاول کے حوالے سے پولیس لائن کے شہداءہال میں امن کمیٹی و بین مذاہب ہم آہنگی کے ممبران سے میٹنگ کی۔

دوران میٹنگ ڈی پی او اسد سرفراز نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر دہشت گردانہ کاروائیوں کو ناکام بنانے کے لئے تمام مکاتب فکر کے لوگ اور شہریوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ملکر تعاون کرنا چاہیے۔ بھائی چارہ، امن، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کی فضاءقائم کریں اور آپس میں رواداری سے رہیںتمام مکاتب فکر کے لوگ ربیع الاول کے بابرکت مہینے میں اپنی اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے بھائی چارے کی فضاءقائم کرنے کے لئے خصوصی کردار ادا کریںمیٹنگ کے آخر میں ملک وقوم کی بھلائی کے لئے دعا بھی کی گئی۔


ڈیرہ غازیخان : ڈیرہ، ملتان روڈ پر تیز رفتار کار اور ٹرک میں تصادم، ایک شخص جاں بحق، تین افراد زخمی، ریسکیواہلکاروں نے نعش اور زخمیوں کو ٹراما سنٹر منتقل کر دیا تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازیخان کے قریب غازیگھاٹ کے مقام پر نجی ھوٹل کے سامنے ڈیرہ کی جانب سے آنے والی تیز رفتارکار ڈرائیور کی غفلت اورلاپرواہی کے سبب بے قابو ہوکر سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی حادثہ کی نتیجہ میں کار میں سواربستی لشاری محمد پور کا رہائشی 36سالہ نوجوان اعجاز موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ محمد پور کے ہی رہائشی غلام مصطفی راشداورامجد حسین زخمی ہوگئے

ریسکیو اہلکاروں نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر پہنچ کر نعش اور زخمیوں کو ٹیچنگ ہسپتال کے ٹراما سنٹر منتقل کر دیا جبکہ دراہمہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر قانونی کاروائی شروع کر دی ہے ۔


ڈیرہ غازیخان: نیب ملتان کی ڈی جی خان میں کارروائی ،مبینہ 63 کروڑ روپے کے غبن میں ملوث دو ملزمان گرفتار، آج ریمانڈ کے لئے احتساب عدالت پیش کیاجائے گاتفصیلات کے مطابق نیب ملتان نے 600 شہریوں کی شکایت پر کاروائی کرتے ہوئے تقریبا ً63 روپے غبن کرنے کے مبینہ الزام میں کارروائی کرتے ہوئے سپیڈ موٹر سائیکل اور نیشنل ٹریڈر کے مالکان کو گرفتار کر لیا ہے شہریوں نے الزام عائد کرتے ہوئے نیب ملتان میں درخواستیں دائر کی تھیں کہ ملزمان نے سپیڈ موٹر سائیکل کمپنی کے نام پر دھوکہ دہی کرتے ہوئے شہریوں سے رقم لی اور بعد ازاں موٹر سائیکل دینے کی بجائے کمپنی بند کرکے بھاگ گئے جس پر نیب نے کاروائی کرتے ہوئے ملزمان محمد اسلم ،محمد اکرم کو شہریوں کے 63کروڑ روپے غبن کرنے کے جرم میں گرفتار کیاملزمان کی گرفتاری 600شہریوں کی شکایات پر عمل میں لائی گئی ملزمان کو آج جسمانی ریمانڈ کے لیے احتساب کورٹ پیش کیا جائے گا۔

About The Author