نومبر 3, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

سابق وزیراعظم نواز شریف سروسز اسپتال لاہور سے رائیونڈ منتقل

مریم اورنگزیب کے مطابق آئی سی یو میں ڈاکٹرز 24 گھنٹے موجود رہیں گے،ڈاکٹرز کی ہدایت پر نوازشریف کو انتہائی نگہداشت میں رکھا جائے گا۔

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کو سروسز اسپتال سے رائیونڈ منتقل کردیا گیا۔

سروسز اسپتال سے روانگی کے وقت نواز شریف کی گاڑی پر کارکنوں کی جانب سے گل پاشی بھی کی گئی اور ان کے حق میں نعرے بھی بلند کئے گئے ۔

سابق وزیراعظم میاں نوازشریف مسلسل ناساز طبیعت کے باعث 16 روز سے سروسز اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ان کی دیکھ بھال کے لیے حکومت نے ڈاکٹر محمود ایاز کی سربراہی میں خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا۔

چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی رہائی کے بعد نوازشریف کو سروسز اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا جس کے بعد وہ اپنی صاحبزادی کے ہمراہ اسپتال سے روانہ ہوئے۔

اس موقع پر شریف میڈیکل سٹی کے ڈاکٹرز اور ان نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سمیت دیگر عملہ بھی سروسز اسپتال میں موجود تھا جہاں میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز نے نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس شریف میڈیکل سٹی کے ڈاکٹرز کے حوالے کیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت سے متعلق بیان میں کہاہے کہ محمد نوازشریف کے علاج کے لئے ان کی رہائش گاہ پر انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) قائم کردیاگیا ہے۔

نوازشریف کی صحت کی نازک صورتحال پرڈاکٹز نے ملاقاتوں پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ ڈاکٹرز نے مریم نوازشریف کو والد کی صحت کی بناءپر سخت حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے

آئی سی یو میں وینٹی لیٹر(مصنوعی تنفس) اور کارڈیک آئی سی یو کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

محمد نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کاؤنٹس کم ہونے کے باعث Hospital Acquired انفیکشن ہونے کا شدید خطرہ ہے۔ ڈاکٹرز نے طبی خطرات کے پیش نظر نوازشریف کے لئے گھر پر خصوصی میڈیکل یونٹ بنانے کی تجویز دی تھی۔

ڈاکٹر عدنان کی زیر نگرانی شریف میڈیکل سٹی ہسپتال نے نوازشریف کی رہائش گاہ پر انتہائی نگہداشت یونٹ قائم کیا ہے۔

مریم اورنگزیب کے مطابق آئی سی یو میں ڈاکٹرز 24 گھنٹے موجود رہیں گے،ڈاکٹرز کی ہدایت پر نوازشریف کو انتہائی نگہداشت میں رکھا جائے گا۔

About The Author