نومبر 3, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

گنے کی نئی قیمت کا اعلان نہ ہونا حکمرانوں کی بہت بڑی نا کامی ہے،کسان رہنما

کسان رہنماؤں نے کہا کہ کسانوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے. حکومت گنے کی نئی قیمت 300روپے من کرنے کا فی الفور اعلان اور نوٹیفیکیشن جاری کرے.

رحیم یار خان :کسان بچاؤ تحریک پاکستان کے چیئرمین چودھری محمد یسین،کسان رہنماؤں سید محمود الحق بخاری، جام ایم ڈی گانگا، سید مظہر الحق، چودھری جمیل ناصر، جام عمیر برڑا، چودھری عبدالصمد، زاہد شریف مہار نے کہا ہے کہ ابھی تک گنے کی نئی قیمت کا اعلان نہ کر سکنا حکمرانوں کی بہت بڑی نا کامی ہے.

انہوں نے کہاہے کہ چینی کی نئی قیمت کے نوٹیفیکیشن کے ساتھ ہی گنے کی نئی قیمت کا نوٹیفیکیشن ہونا چاہئیے تھا.ایسے لگتا ہے کہ حکمران مکمل طور پر شوگر مافیا کے نرغے میں آچکے ہیں.شوگر انڈسٹری میں اجارہ داری کے خاتمے کے لیے ضروری ہے ہو چکا ہے کہ شوگر انڈسٹری کی منظوری اور قیام کو اوپن کیا جائے.

کسان رہنماؤں نے کہا کہ کسانوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے. حکومت گنے کی نئی قیمت 300روپے من کرنے کا فی الفور اعلان اور نوٹیفیکیشن جاری کرے. نااہل وفاقی اور صوبائی کین کمشنرز کو ہٹایا جائے.حکمران اگر کسانوں کو انصاف اور حق نہیں دلا سکتے تو مستعفی ہو جائیں.۔

انہوں نے کہا کہ زراعت کو تباہ اور کسانوں کا معاشی قتل نہ کریں.گنے کی قیمت کے تعین کے حوالے سے خاصی تعداد میں اجلاس اور میٹنگز ہو چکی ہیں.یہ بیورو کریسی کی بد نیتی اور شوگر مافیا کے ساتھ ملی بھگت معلوم ہوتی ہے.ابھی تک گنے کی قیمت کا اعلان نہ کرنا کسانوں کو دھوکہ دے کر گزشتہ چھ سالوں کی طرح مل جل کر لوٹنے کا کوئی پروگرام لگتا ہے.

کسان رہنماؤں  نے کہا کہ اس سال کسان کسی ایسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے. بلاول بھٹو زرداری اور مخدوم احمد محمود کسانوں کی آواز بنیں.کسانوں کے ساتھ ہمدردی کریں.یکم نومبر کو رحیم یار خان کے جلسے عام میں اپنی شوگر ملوں کی جانب سے گنے کی قیمت بڑھانے کا اعلان کردیں اور حکومت سے بھی مطالبہ کریں.ان کے جلسے میں شریک ہونے والے زمیندار اور کسان جلسہ گاہ کے اندر کسانوں کے حق میں بھی ضرور نعرے لگائیں. حکمرانوں سے گنے کا ریٹ بڑھانے کا مطالبہ کریں.

انہوں نے کہا کہ کسان بھائیو اگر اپنے لیے خود نہیں بولو گے تو کوئی بھی تمہاری آواز نہیں اٹھائے گا. آؤ چپ دی وبا کوں ماروں، اپنے حق اچ نعرے ماروں

About The Author