دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب میں صحت کی بہتری سے متعلق اقدامات بارے اجلاس

عمران خان کو بتایا گیا کہ زیادہ سے زیادہ مستحقین کو ہیلتھ کارڈ کے ذریعے علاج  معالجے کی سہولت کی  فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت صوبہ پنجاب میں صحت کے شعبے میں سہولیات کی بہتری اور اصلاحات کے حوالے سے اجلاس ہواہے ۔

اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیر تعلیم شفقت محمود، معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان،  صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری پنجاب نسیم یوسف کھوکھر اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

صحت  کے شعبے  میں سہولیات کو بہتر بنانے کے ضمن میں نئے اقدامات کے تحت پانچ بڑے ہسپتالوں کے شعبہ حادثات میں فراہم کی جانے والی سروسز کو مزید بہتر بنانے بارے بریفنگ دی گئی ۔

ہسپتالوں کی او پی ڈیز  کی مرمت و تزئین ، مددگار کاونٹرز کا قیام اور ہسپتالوں کے انتظامی و مالی امور کو بہتر بنانے کی غرض سے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی ۔

ہسپتالوں کے انتظامی امور میں سزا اور جزا کے نظام اور غریب مریضوں کو بہتر اور بروقت علاج کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات پر وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا ۔

وزیراعظم کو بتایا گیاکہ تیس  ضلعوں میں   ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کا کام مکمل  ہو چکا ہے۔ بقایا چھ اضلاع میں بھی جلد ہیلتھ کارڈ کا اجرا کردیا جائے گا ۔ ہیلتھ کارڈ سہولت کے ذریعے مستحقین کو علاج کی سہولیات کی فراہمی شروع ہو چکی ہے۔

عمران خان کو بتایا گیا کہ زیادہ سے زیادہ مستحقین کو ہیلتھ کارڈ کے ذریعے علاج  معالجے کی سہولت کی  فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔

مستقبل میں امراض قلب کے نئے ہسپتالوں کے  قیام کے منصوبوں اور صوبہ میں ڈینگی پر قابو پانے کےلئے اقدامات پر وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کیا گیا ۔

وزیراعظم عمران خان نے محکمہ اوقاف کے زیر انتظام زمینوں کی نشاندہی کر کے نجی شعبے کے ہسپتالوں کو  لیز پر دینے اور ہیلتھ کارڈ کے تحت ان نجی ہسپتالوں سے مستحقین کے علاج کو منسلک کرنے  کی ضرورت پر زور دیا ۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام الناس کو صحت کی بروقت اورمعیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ اس ضمن میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں ۔

عمران خان نے کہا کہ ماضی میں امیر کو تو معیاری علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اقدامات لئے گئے مگر غریب اور متوسط طبقے کو معیاری اور بر وقت علاج کی سہولیات کی فراہمی پر کوئ توجہ نہیں دی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اس ضمن میں ایک مربوط حکمت عملی کے تحت وضع کیے گئے روڈ میپ کی تکمیل پر عمل پیرا ہے جس سے طبقات کے فرق کے بغیر ہر شہری علاج معالجے کی بہترین سہولیات حاصل کر سکے گا ۔

About The Author