نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

کشمیری اپنی ہی سرزمین پر اجنبی بنادئیے گئے ہیں،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے دوست اور دشمن اس سے تقاضا کررہے ہیں، تنقید وملامت اوراس کی مذمت کررہے ہیں۔

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 72 سال قبل آج کے دن عالمی قانون اور اقدار کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی افواج سری نگر پرقبضے اور جموں وکشمیر کے معصوم وبے گناہ عوام پر جبر واستبداد کی سیاہ رات مسلط کرنے کے لئے اتری تھیں۔

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کشمیریوں کی حمایت میں 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر پیغام جاری کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ  5 اگست کو بھارت نے اس ظلم کو جاری رکھتے ہوئے اپنے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے عوام کی آزادی کی تڑپ اور امیدپر ڈاکہ مارنے کی ایک اورکوشش کی، ان کی آزادی و خودمختاری کے حق کو جعلی، غیرقانونی اور دھوکہ دہی کے ہتھکنڈوں سے چھیننے اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے غاصبانہ اقدامات کئے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تقریبا تین ماہ ہونے کو آئے ہیں کہ کشمیری اپنے گھروں میں قیدی اور اپنی ہی سرزمین پر اجنبی بنادئیے گئے ہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  اپنی ہی شاہراہوں اورراستوں پر انہیں آنے جانے کی اجازت نہیں۔ بھارت کے زیرقبضہ پورے کشمیر کو عملا ایک جیل میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کے جھوٹ گھڑنے کے ماہرین کے ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے باوجود دنیا نے مقبوضہ جموں وکشمیر میںاس ظالمانہ صورتحال کا نوٹس لیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے دوست اور دشمن اس سے تقاضا کررہے ہیں، تنقید وملامت اوراس کی مذمت کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  پورا عالمی میڈیامقبوضہ جموں وکشمیر میں درپیش صورتحال سامنے لاکر بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کررہا ہے کہ اس کی جمہوریت جعلی اورمساوی کثیرالشراکتی نظام کے دعوے سراسر جھوٹ ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو یاد رکھنا چاہئے کہ وہ دہشت گردی کے اپنے ہمیشہ دہرائے جانے والے گھسے پٹے الزامات سے دنیا کومزیدگمراہ نہیں سکتا اور اس طرح کے عالمی سطح پر مسترد ہونے والے اس کے واویلا سے اس کے جرائم چھپ نہیں سکتے کہ اس کے ہاتھ معصوم اور بے گناہ لوگوں کے خون میں رنگے ہوئے ہیں ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے عظیم جذبے کو بھی سلام پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے بھارت کے بہیمانہ اور انسانیت سوز مظالم، جبروتشدد اور عالمی برادری کی انہیں انصاف دلانے میں بے عملی کے باوجود جس عظیم صبرواستقلال کامظاہرہ کیا ہے وہ دنیا میں ایک مثال ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم نہ صرف ان کی تاریخی جرات وبہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں بلکہ اس یوم سیاہ کو مناتے ہوئے اس پختہ عزم کا اعادہ بھی کرتے ہیں کہ کشمیریوں کی بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق انہیں ان کا حق خودارادایت مل نہیں جاتا۔

About The Author