مئی 19, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلے

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ غازی خان ،تونسہ شریف اور اردگردکے علاقوں سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں۔

ڈیرہ غازیخان: حکومت پنجاب کی ہدایت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے قائم پاکستان اوورسیز کمیٹی کا اجلاس کنوینر و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈیرہ غازی خان سمیع اللہ فاروق کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں درخواستوں کی سماعت کی گئی۔اسسٹنٹ کمشنرز محمد اسد چانڈیہ،ملک محمد شاہد کے علاؤہ متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔کمیٹی نے موصول 25 درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے 20 درخواستیں نمٹادیں اور پانچ درخواستوں پر پیشرفت رپورٹ ایک ہفتہ کے اندر طلب کرلی.

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں کے پاکستان میں مسائل کو فوری حل کرے گی ان کی جائیداد اور دیگر املاک کا تحفظ کیا جائیگا۔اوور سیز پاکستانیوں کو قانونی تحفظ فراہم کیا جائیگا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرنے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ غازی خان سے متعلق 12،اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ سے متعلق 3 اسسٹنٹ کمشنر تونسہ سے متعلق 2،ڈی پی او سے متعلق 6،میپکو اور میونسپل کارپوریشن ڈیرہ غازی خان سے متعلق ایک، ایک درخواست کی سماعت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے جائیداد پر قبضہ،لین دین میں فراڈ،بجلی بل زیادہ اور وراثتی جائیداد کی تقسیم کی پانچ درخواستوں پر متعلقہ افسران سے فریقین کی سماعت اورریکارڈ کی جانچ پڑتال کرکے ایک ہفتہ کے اندر رپورٹ طلب کرلی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے فیصلے ہونے پر متعلقہ فریقین سے رابطہ کرکے صورتحال تصدیق کرنے کی ہدایات جاری کیں۔


ڈیرہ غازیخان: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈیرہ غازی خان حسنین خالد سنپال نے سنٹرز آف ایکسی لینس کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سنٹرز آف ایکسی لینس میں نام سے بڑھ کر تعلیمی معیار قائم کرنا ہوگا۔حکومت پنجاب نے سٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگز تعمیر کرکے دانش اتھارٹی کے حوالے کردیں۔ادارے شہر کے نجی تعلیمی اداروں سے بڑھ کر معیاری تعلیم اور بچوں کی کردار سازی پر توجہ دیں اوراداروں کا ایسا معیار بنائیں کہ پرائیویٹ سکولوں کی بھاری فیسیں برداشت کرنے والے بھی اپنے بچوں کو سنٹرز آف ایکسی لینس جیسے حکومتی اداروں میں داخل کرائیں۔پرنسپلز اور اراکین بورڈ آف گورنرز نے کہا کہ سنٹرز آف ایکسی لینس میں داخلہ کیلئے سیٹوں سے زیادہ درخواستیں آتی ہیں تاہم میرٹ پر عملدرآمد کرایا جاتا ہے۔ادارہ نے نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کی ہیں۔اجلاس میں سنٹرز آف ایکسی لینس کے معاملات کا جائزہ لیا گیا اس موقع پر پرنسپل سنٹر آف ایکسی لینس گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر1 لیفٹینٹ کرنل(ر) اعجاز احمد۔پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول سٹی جمیلہ رحمان۔اراکین بورڈ آف گورنرز ملک احمد بخش بھاپا،پروفیسر سجاد حسین، پر وفیسر واجد حسین،پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ واجد اور دیگر موجود تھے.


ڈیرہ غازیخان: ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈیرہ غازیخان قیصر عباس کاظمی نے کہا ہے کہ یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2019میں بی اے، بی ایڈ، ایم اے، ایم ایس سی او رایم ایڈ پروگرام میں پہلے سے داخل طلباؤطالبات کی سہولت کیلئے داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ میں جمعرات 31اکتوبر تک توسیع کر دی گئی ہے. انہوں نے بتایاکہ پہلے سے جاری طلباؤطالبات بغیر کسی اضافی چارجز کے31اکتوبر تک نارمل داخلہ فیس جمع کراسکیں گے مزید معلومات کیلئے دفتر یا فون نمبر 0649260386پر رابطہ کیا جاسکتا ہے.


ڈیرہ غازیخان: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے وزراء،مشیر،معاون خصوصی اور دیگر پارلیمنٹیرینز کو اپنے اضلاع میں محکموں کی کارکردگی مانیٹر کرنے ساتھ عوامی مسائل کے حل کی ڈیوٹیاں تفویض کردی ہیں پارلیمنٹرینز ہر چودہ روز بعد وزیر اعلی کو کارکردگی رپورٹ پیش کریں گے۔مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف خان پتافی اور چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سردار احمد علی دریشک نے وزیر اعلی کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان میں اجلاس منعقد کیاجس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ عبدالغفارسمیت دیگر افسران شریک تھے۔

اجلاس میں پرائس کنٹرول،ترقیاتی سکیموں،کھلی کچہری،انسداد ڈینگی مہم،دفتری اوقات میں افسران و عملہ کی موجودگی اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیامشیر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد حنیف خان پتافی اور چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سردار احمد علی دریشک نے کہا کہ افسران دفاتر میں بروقت موجودگی یقینی بنائیں عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ معیاد کے اندر مکمل کرنے کیلئے کڑی مانیٹرنگ کے ساتھ تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں دفاتر میں اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد کرایا جائے کھلی کچہریوں میں عوام کے مسائل موقع پر حل کئے جائیں ضلع میں وزیر اعلی انیشیٹوز کے تحت ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر بروقت مکمل کئے جائیں۔


ڈیرہ غازیخان: وزیراعلی پنجاب سردار عثمان خان بزدار کے ہدایت پر مشیر صحت محمد حنیف خان پتافی سی او ہیلتھ ڈاکٹر خلیل کے ہمراہ ڈی جی خان کے مختلف بی ایچ یو اور آر ایچ سی کا دورہ کیا مشیر صحت نے مختلف بی ایچ یو اور آر ایچ سی میں میڈیسن کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیاآر ایچ سی شادن لنڈ اور آر ایچ سی کالا کوٹ میں ڈاکٹرز اور مریضوں کیلئے بہترین طبی سہولیات دستیاب ہیں اس موقع پر مشیر صحت محمد حنیف خان پتافی نے صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر ہسپتال کی انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا اور تمام تر انتظامات بہتر کرنے کی ہدایت جاری کیں۔

انہوں نے کہا کہ لاما، ریفر، اور ڈیتھ کی ہر ماہ رپورٹ ملنی چائیے اچانک دوروں کا مقصد مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کیلئے بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں دوردراز کے علاقہ جات میں مریضوں کیلئے ہرقسم کی طبی سہولت فراہم کر رہے ہیں وزیراعظم عمران خان کی ترجیحات میں شعبہ صحت میں بہتری سرفہرست ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔


ڈیرہ غازیخان: آج27 اکتوبر کو نو بجے صبح بمبئے ہوٹل چوک سے ہسپتال چوک تک یوم سیاہ ریلی نکالی جائے گی جس میں اراکین اسمبلی،ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر افسران اور شہری بھر پور شریک ہونگے۔


ڈیرہ غازیخان:آر پی او عمران احمر نے ریجنل پولیس آفس میں دفتری امور کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ہیڈ کنسٹبل محمد اقبال نائب ریڈر اورتنویر احمد جونیئر کلرک ریڈر برانچ کونقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹ دئیے۔

اس موقع پر آر پی او عمران احمر نے کہا کہ ہونہار اور محنتی اہلکار ادارے کے لئے فخر کا باعث بنتے ہیں جن کی حوصلہ افزائی کرنا اچھا لگتا ہے ہر اہلکار کو اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دینے چاہئے۔


ڈیرہ غازیخان:امت مسلمہ کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر نا ہو گا یہی پیغام آج سے چودہ سوسال پہلے نبی مکرم ؐ نے دیا تھا ان خیالات کا اظہار سینئر سیاستدان سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے اپنی رہائش گاہ کھوسہ ہاؤس میں معززین شہر سے بات چیت کر تے ہو ئے کیا سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ پر ہم عالم اسلام کی حمایت بھی حاصل نہ کر سکے جو ایک المیہ ہے یہی حالات رہے تو کشمیر بھی فلسطین کی طرح تنہا ہو جا ئے گا ۔

انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کی بقاء صرف اور صرف اللہ اور اس کے حبیب کے بتلائے ہوئے راستوں پر چلنے سے ہے ہم تمام پاکستانی کشمیر یوں کے ساتھ ہیں ان کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔


ڈیرہ غازیخان: ڈی جی خان وڈور پل کے نزدیک ٹریکٹر ٹرالی اور رکشہ میں تصادم، تصادم کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر جاں بحق پولیس نے نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈیرہ غازیخان کے قریب وڈور پل کے مقام پر تیزرفتار ریت سے بھری ٹریکٹر ٹرالی اور رکشہ کے درمیان تصادم ہوا ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی کے سبب ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہوکر مخالف سمت سے آنے والے رکشہ پر الٹ گئی حادثہ کے نتیجہ میں رکشہ میں سوار مسز غلام حسین اور فیض محمد ٹرالی کے نیچے دب جانے کی وجہ سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پرہی جاں بحق ہوگئے پولیس نے قانونی کاروائی کرنے کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔


ڈیرہ غازیخان(سپیشل رپورٹر) مشیر صحت پنجاب حنیف پتافی نے آر ایچ سی شادن لُنڈ کا دورہ کیا،ہسپتال میں ناقص انتظامات اور علاج معالجہ کی سہولیات نہ ہونے پر ایس ایم او کی سر زنش،سی او خلیل سکھانی بھی ہمراہ تھے،مریضوں کو تمام سہولیات مہیا کرنے اور ہسپتال سے کالونی جانے والے ڈائریکٹ بجلی کنکشن کاٹنے کا حکم۔تفصیلات کے مطابق مشیر صحت پنجاب حنیف پتافی نے شادن لُنڈ ہسپتال کا دورہ کیا سی او خلیل سکھانی بھی ان کے ہمراہ تھے حنیف پتافی نے ہسپتال کا مکمل وزٹ کیا ہسپتال میں مرہم پٹی اور صفائی کا انتظام نہ ہونے پر ایس ایم او ڈاکٹر وجاہت کی سرزش کی اور کہا کہ ہسپتال کے معاملات ٹھیک رکھیں وگرنہ روجھان جانے کی تیاری کریں صحت کے معاملہ میں کسی سے رعایت نہیں برتی جائیگی ۔

اسی طرح رہائشی کالونی میں عرصہ 40سال سے ہسپتال کی ڈائریکٹ بجلی استعمال کی جارہی تھی مشیر صحت نے فوری طور پر کالونی کا کنکشن کاٹنے اور میٹر لگوانے کے احکاما ت جاری کئے ہسپتال میں تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا اور سست روی کا شکار منصوبہ کو فوری مکمل کرانے کی ہدایات کیں اور ایس ایم او سے کہا کہ چند دنوں بعد دوبارہ میں ہسپتال کا وزٹ کروں گا اگر کسی قسم کی کوتاہی پائی گئی تو میں اسے برداشت نہیں کروں گا اس کے بعد سردار منظور خان کی وفات پر پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔


تونسہ شریف (نامہ نگار) خطرناک مرض میں مبتلا غریب شہری کا سرکاری اخراجات پر علاج کرانے کی ہدایت، لعل خان سکنہ بیروٹ نے وزیر اعلی پنجاب سے امداد کی اپیل کی تھی۔تفصیلات کے مطابق نواحی علاقہ بیروٹ مندوانی کے رہائشی لعل خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان کو درخواست کی تھی کہ وہ خطرناک مرض میں مبتلا ہیں جن کا اپنے طور پر علاج کرانا ممکن نہیں جس وزیر اعلی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے لعل خان کے علاج کے لیے انتظامیہ کو ہر ممکن مدد کے احکامات جاری کیے جس پر اسسٹنٹ کمشنر تونسہ چوہدری نوید حسین دیرتھ،ڈی ایس پی تونسہ سعادت علی اور ایس ایچ او تھانہ سٹی تونسہ رانا محمد اقبال نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ میں لعل خان کی عیادت کی جہاں لعل خان کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال تونسہ شریف میں علاج کے لئے لایا گیاتھا۔

ایم ایس تونسہ سمیت ڈاکٹروں کی ماہر ٹیم نے علاج شروع کردیااورچیک اپ کے بعد مزید علاج کیاجائیگا اور رپورٹ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کو بھجوائی جائے گی۔

%d bloggers like this: