دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

سابق وزیراعظم نواز شریف کو لگائے جانیوالے پلیٹ لیٹس بیماری کے باعث ضائع ہو گئے

نواز شریف کے علاج معالجے سے متعلق وزیر صحت نے وزیراعلی کو بھی آگاہ کیا، ملاقات میں پروفیسر ایاز محمود،ڈاکٹر طاہر شمسی بھی شریک تھے۔

لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف کو لگائے پلیٹ لیٹس بیماری کے باعث ضائع ہو گئے،تاہم میڈیکل بورڈ کے سربراہ نے  ادویات کے جلد مثبت اثرات سامنے آنے کی امید ظاہر کر دی ہے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے مطابق  ن لیگی قائد نے علاج پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، ن لیگی رہنما عطاءللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ٹیسٹ رپورٹس بیرون ملک ماہرین کو بھجوا دی ہیں۔

مسلم لیگ ن کے قائد کا تین روز سے سروسز اسپتال میں علاج جاری ہے،  میڈیکل بورڈ کے سربراہ نے نواز شریف کو آئی ٹی پی یعنی امیون تھرمبو سائیٹوپینیا مرض کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس کا علاج پاکستان میں ہی موجود ہے۔

ڈاکٹر ایاز محمود کے مطابق  ن لیگی قائد کو شیو اور دانت برش کرنے سے روک دیا ہے، انہیں  پی کے ایل آئی لے کر جانے کا پروگرام بھی  منسوخ کردیا گیا،، تاہم  پی ای ٹی اسکین کی تجویز زیر غور ہےجس کا حتمی فیصلہ طبیعت کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ادویات کے نتائج چار سے پانچ روز میں مثبت آئیں گے۔

دوسری طرف وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو میں دعوی کیا ہے کہ میاں صاحب نے باہر جانے کا ذکر نہیں کیا وہ پاکستان ہی میں اپنے علاج سے مطمئن ہیں۔

نواز شریف کے علاج معالجے سے متعلق وزیر صحت نے وزیراعلی کو بھی آگاہ کیا، ملاقات میں پروفیسر ایاز محمود،ڈاکٹر طاہر شمسی بھی شریک تھے۔

سردار عثمان بزدار نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو  سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی کی ۔

About The Author