دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نمائندگان اور نامہ نگاروں کے مراسلے

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ غازی خان اور اسکے اردگرد کے علاقوں سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں۔

ڈیرہ غازیخان: ڈیرہ غازی خان کچہری کی رابطہ سڑکوں سمیت ضلع کے چار ترقیاتی منصوبوں کی مشروط منظوری دے دی گئی ہے۔منصوبوں پر تقریبا دس کروڑ 90 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔منصوبوں کی منظوری ڈپٹی کمشنر وقاص رشید نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسنین خالد سنپال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ عبدالغفار، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی، ایگزیکٹو انجینئرز جواد کلیم اللہ، خلیل احمد کھوسہ اور دیگر افسران شریک تھے ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو جلد شروع کر کے مقررہ معیاد کے اندر مکمل کیا جائے تاہم مٹیریل کے معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔ منصوبوں کی کڑی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی اجلاس میں جن ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی ان میں دس کروڑ 30 لاکھ روپے سے بی ایم پی سرائے کی از سرنو تعمیر، ایک کروڑ 75 لاکھ روپے سے ڈیرہ غازی خان کچہری کی پانچ رابطہ سڑکوں کی تعمیر، تین کروڑ 70 لاکھ روپے سے کلمہ چوک تا محلہ شیخاں والا روڈ اور تین کروڑ 69 لاکھ روپے سے ڈی جی خان آفیسرز کلب میں کمیونٹی سنٹر تعمیر کیا جائے گا۔


ڈیرہ غازی خان : ڈیرہ غازی خان میں زرعی ادویات کے لائسنس کے حصول اور تجدید کےلئے درخواستوں کی وصولی کے لئے 28 اکتوبر آخری تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول پیسٹی سائیڈز ڈیرہ غازی خان الیاس رضا کلاچی کے مراسلہ کے مطابق زرعی ادویات کے لائسنس کےلئے درخواستیں مجوزہ فارم پر ان کے دفتر میں 28 اکتوبر تک دفتری اوقات میں وصول کی جائیں گی۔

فریش لائسنس ہولڈرز کی تربیت چار نومبر سے 18 نومبر تک اور تجدید کرانے والوں، بی ایس سی آنرز ایگریکلچر الائیڈ سائنسز اور فیلڈ اسسٹنٹ کے ڈپلومہ ہولڈرز کی تربیتی ورکشاپ 19 نومبر سے 21 نومبر تک ضلعی سطح پر ہوں گی۔


ڈیرہ غازی خان :پرنسپل دانش سکول گرلز ونگ ڈیرہ غازی خان شبنم حسیب نے کہاہے کہ ڈے سکالرز کے تحت ادارہ میں بچیوں کے داخلے کا آغاز کردیا گیا ہے۔داخلہ میرٹ کی بنیاد پر ہوگا جس کے لیے تحریری ٹیسٹ اتوار 27 اکتوبر کو 9 بجے سے صبح دانش سکول میں منعقد ہوگا۔داخلہ فارم سکول سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

پرنسپل شبنم حسیب نے بتایا کہ ششم، ہفتم اور ہشتم کلاس میں میں داخلہ کیلئے دس ،دس سیٹیں رکھی گئی ہیں۔ڈے سکالرز طالبات کےلئے ماہانہ فیس 2000 روپے مقرر کی گئی ہے۔ بچیاں روزانہ کی بنیاد پر سکول آئیں گی اور چھٹی کے وقت گھر چلی جائیں گی۔ طالبات کے والدین سٹیشنری،یونیفارم اور دیگر اشیاءکے اخراجات خود برداشت کریں گے۔


ڈیرہ غازی خان:کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن و ڈیمارکیشن اتھارٹی مدثر ر یاض ملک نے ڈیرہ غازیخان او رمظفرگڑھ اضلاع کی حدبندیوں سے متعلق درخواستیں نمٹا دی ہیں انہوں نے گزشتہ روز مظفرگڑھ تحصیل سے متعلق 70اعتراضات ،تجاویز پر مشتمل درخواستوں کی سماعت کی اس سلسلے میں تحصیل علی پور سے متعلق کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ۔ شیڈول کے مطابق کمشنر ڈیمارکیشن اتھارٹی مدثرریاض ملک 25اکتوبر تک مختلف اضلاع کے حد بندیوں سے متعلق کیسز کی سماعت کریں گے 26اکتوبر سے یکم نومبر تک درخواستوں پر فیصلے کیے جائیں گے او رحد بندی کی حتمی فہرست دو نومبر کو جاری کی جائے گی۔

ڈیرہ غازی خان : علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل کیمپس ڈیرہ غازیخان کے ڈائریکٹر قیصر عباس کاظمی نے کہا ہے کہ اوپن یونیورسٹی کے تحت سمسٹر خزاں 2019 میں پیش کیے گئے بی ایڈ(ڈیڑھ،اڑھائی اور چار سال دورانیہ) پروگرام ۔ ایسوسی ایٹ ڈگری سطح پرایجوکیشن (ADE )کامرس (ADC ) اور بزنس(ہیومن ریسورس مینجمٹ اور مارکیٹنگ) اور بیچلر آف بزنس ایڈمنسٹریشن پروگرام اور چار سالہ بی ایس پروگرام جس میں لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنسز،جنیڈر اینڈویمن سٹڈیز ، اسلامک سٹڈیز، عربی، ماس کمیونیکیشن، اردو، انگلش، پاکستان سٹڈیز، اکاونٹنگ اینڈ فنانس اور انسٹرکشنل ڈیزائن اینڈ ٹیکنالوجی پروگرا کے داخلہ فارمزاور مقررہ فیس جمع کرانے کی تاریخ میں 25اکتوبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔

قیصر عباس کاظمی نے مزید بتایا کہ سمسٹر خزاں 2019 میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ایم ایس سی سطح پر اکنامکس ، مطالہ پاکستان، جینڈر اینڈ ویمن سٹڈیز، پبلک نیوٹریشن اور ایڈمنسٹر یٹیو سائنسز جبکہ ایم اے سطح پر اردو، عربی، اسلامک سٹڈیز اور ایم کام(اکاونٹنگ اینڈ فنانس) پروگرامز کے داخلے بھی کر رہی ہے۔ نئے سمسٹر میں فرنچ آن لائن پروگرام کے داخلے بھی جاری ہیں۔


شادن لنڈ(عبدالغفار بلوچ) تھانہ شاہصدردین اور تھانہ کالا میں ڈاکو راج پھر سے قائم ہونے لگا عوام اور تاجر پریشان۔ تفصیلات کے مطابق علاقہ میں ہونے والی وارداتوں سے تاجروں اور شہریوں میں شدید خوف و ہراس پیدا ہونے لگا اسی حوالہ سے معززین علاقہ نے علاقہ میں ہونے والی وارداتوں کی مذمت اور بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ جس میں انہوں نے کہاکہ ڈی جی کینال پر جو پکٹس بنائی گئی تھیں جس کی وجہ سے علاقہ میں جرائم کی شرح میں کافی حد تک کمی آ گئی تھی ان پولیس پکٹس کو ختم کرنے سے علاقے میں جرائم پیشہ افراد پھر سے سر گرم ہو گئے۔ اہل علاقہ نے ڈی پی او ڈی جی خان اور حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ ان پولیس پکٹس کو فوری بحال کیا جائے اور تھانوں میں عملہ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور لنک روڈز پر پولیس گشت کو موثر کیا جائے تاکہ علاقہ میں امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کیا جاسکے۔


ڈیرہ غازیخان: عبدالغفار نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ ڈیرہ غازی خان کا چارج سنبھال کر کام شروع کردیا ہے۔


ڈیرہ غازیخان: مشیر صحت پنجاب محمد حنیف خان پتافی، سی او ہیلتھ ڈاکٹر خلیل کے ہمراہ ہیپاٹائیٹس سکریننگ کیمپ کا جائزہ لینے کے لئے ٹی ایچ کیو کوٹ چھٹہ ہسپتال کا دورہ کیا مشیر صحت پنجاب محمد حنیف خان پتافی نے ٹی ایچ کیو میں ہیپاٹائیٹس سکریننگ کیمپ کا افتتاح کیا۔ایم ایس ٹی ایچ کیو ڈاکٹر ارشاد نے مشیر صحت کو سکریننگ کیمپ اور ہسپتال میں دی جانے والی مریضوں کو طبی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی ۔

مشیر صحت نے ہسپتال کے مختلف وارڈزکادورہ کرکے مریضوں کی عیادت کی انہوں نے نیو گائنی وارڈ، لیبررومز،بچوں کے وارڈکا دورہ کیا صفائی کا بھی جائزہ لیا اس موقع پر مشیرصحت پنجاب محمد حنیف خان پتافی نے کہا کہ پنجاب بھرکے سرکاری ہسپتالوں کے گائنی وارڈزکواپ گریڈکیاجارہاہے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کوصحت کے شعبہ میں معیاری سہولیات دینے کیلئے کوشاں ہیں۔

ڈیرہ غازیخان: چھ سال قبل سنٹرل جیل روڈ پر ہو نے والے حادثہ کے نتیجہ میں زخمی ہو کر کومہ میں جانے والا شہری تاحال صحت یاب نہ ہو سکا، تاحال وہ نہ بول سکتا ہے اور نہ ہی چل سکتا ہے،والدین کی اعلیٰ حکام سے علاج کے لئے بیرون ملک بھجوانے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق نجی سکول کے مالک و پرنسپل سہیل رضادرانی نے صحافیوں کو بتایا کہ میرے علیل بیٹے محمد سائبان خان درانی جو کہ 22اکتوبر 2013 کو ضلعی انتظامیہ کی سنٹرل جیل ڈیرہ میں موجود خطرناک اسیران کی حفاظت کے لئے جیل کے سامنے کی دورویہ روڈ کی ایک سڑک کو ہرقسم کی ٹریفک کے لئے بند کر رکھا تھا جسکی وجہ سے محمد سائبان کی کار سامنے سے آنے والے موٹرسائیکل کو بچاتے ہوئے کھمبے سے ٹکرا کر گئی تھی خوفناک حادثہ کے نتیجہ میں شدید نوعیت کی ہیڈ انجری آنے کے سبب وہ کومہ میں چلا گیا اور ایک سال تک آئی سی یو وارڈ نشتر ہسپتال ملتان میں زیر علاج رہا اور اس کے بعد مختلف شہروں کے نامور ڈاکٹرز نے اس کے مختلف اوقات میں چھ آپریشنزکیے مگر تاحال وہ نہ بول سکتا ہے اور نہ ہی چل سکتا ہے ور اس کا ابھی تک علاج جاری ہے۔

سائبان درانی

وہ راولپنڈی کے اے ایف آئی آر ایم میں زیر علاج ہے والدین نے دوستوں اور رشتہ داروں سے اسکی کامل صحت کے لئے دعا کی اپیل اور وزیراعظم عمران خان، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعلی پنجاب سردار عثمان خان بزدار، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، مشیر برائے صحت وزیراعلی پنجاب محمد حنیف پتافی سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ محمد سائیبان درانی کو سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج کے لئے بھیجا جائے۔


ڈیرہ غازیخان: معروف قانون دان سید طاہر عباس بخاری کے والد اور سیکرٹری تعلیم،وومن ڈیویلپمنٹ محترمہ ارم بخاری کے سسر سید اللہ ڈتہ شاہ بخاری گدائی والے بقضائے الٰہی انتقال کر گئے ان کی نماز جنازہ گزشتہ آبائی علاقہ جامع مسجد سیداں والی گدائی میں ادا کی گئی جس میں سینکڑوں شہریوں کے علاوہ منتخب عوامی نمائندوں،سرکاری،نیم سرکاری اداروں کے سربراہان،تاجر نمائندوں اور وکلاء نے بڑی تعداد میں شرکت کی مرحوم سید اللہ ڈتہ شاہ بخاری کو نماز جنازہ کے بعد آبائی قبرستان جتی شاہ گدائی میں سپر د خاک کر دیا گیا مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے رسم قل خوانی آج بروز بدھ صبح 8بجے بخاری ہاؤس خیابان سرور ڈیرہ غازی خان میں ادا کی جا ئے گی۔


ڈیرہ غازی خان: محکمہ انٹی کرپشن کی کوٹ چھٹہ میں کاروائی، رشوت لیتے ہوئے موضع بیٹ والا کا پٹواری صفدر رنگے ہاتھوں گرفتار، مقدمہ درج۔ تفصیلات کے مطابق اللہ ڈیوایا پتافی بیٹ والا کے رہائشی نے ڈائریکٹر انٹی کرپشن کو درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اس کا علاقہ میں ساڑھے سات بیگھے رقبہ ہے جس کی حدبراری نشان دہی کے لیے اس نے حلقہ کے پٹواری صفدر سے رابطہ کیا جس نے دس ہزار رشوت وصول کی اور اس کے بعد مزید دس ہزار کا مطالبہ کر رہا ہے۔

پٹواری گرفتار

ڈائریکٹر انٹی کرپشن نے مدعی کی جانب سے دی گئی درخواست سماعت کرنے کے بعد سرکل آفیسر انٹی کرپشن کو کاروائی کی ہدایت کی سرکل انسپکٹر نے علاقہ مجسٹریٹ اور انٹی کرپشن ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مارتے ہوئے پٹواری صفدر کو کام کرنے کے عوض دس ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا اور پٹواری کے خلاف مقدمہ نمبر 13/19 درج کر کے اسے تھانہ میں بند کر دیا۔ آج ملزم کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔


ڈیرہ غازی خان :واجبات کی عدم ادائیگی پر واپڈا نے میو نسپل کارپوریشن ڈی جی خان کی تمام واٹر سپلائی سکیموں کے کنکشن منقطع کر دیئے شہر میں پانی کے شدید بحران سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تفصیلات کے مطابق واپڈا نے کروڑوں روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر ایک بار پھر میو نسپل کارپوریشن ڈی جی خان کی تمام واٹر سپلائی اسکیموں کے کنکشن منقطع کر دیئے جس کے باعث شہریوں کو گزشتہ دو روز سے پانی کی فراہمی بند ہو گئی ہے اور پانی کے شدید بحران کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس سلسلہ میں ایگزیکٹو انجینئر واپڈا ممتاز احمد سولنگی کا کہنا ہے کہ میو نسپل کارپوریشن گزشتہ کئی عرصہ سے واپڈا کی نادہندہ ہے اب ایک کروڑ 71لاکھ روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر میپکو حکام کی ہدایت پر کنکشن کاٹے گئے ہیں اور جب تک واجبات کی ادائیگی نہیں کی جا تی کنکشن بحال نہیں کئے جا ئیں گے شہریوں نے کمشنر و ایڈمنسٹریٹرمدثر ریاض ملک،ڈپٹی کمشنر وقاص رشیدسے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کو پانی کی فراہمی کے لئے فوری طور پر اس مسئلہ کو حل کیا جا ئے۔

About The Author