دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

بہاولنگر:پنجاب حکومت نے ڈینگی کے خاتمے کا تہیہ کررکھا ہے، شوکت علی لالیکا

شوکت علی لالیکا نے مزید کہا کہ میڈیا ، سول سوسائٹی اور کمیونٹی کی اس مہم میں شمولیت بیحد ضروری ہے تاکہ ڈینگی سے بچاو کیلئے آگے بڑھا جا سکے۔

بہاول نگر(صاحبزادہ وحیدکھرل) :صوبائی وزیر زکو ۃ وعشر پنجاب میاں شوکت علی لالیکا  نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے ڈینگی کےخاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے اور انسداد ڈینگی کے لیے کی گئی کوششیں کارگر ثابت ہو رہی ہیں۔

یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس بہاول نگر کے کمیٹی روم میں انسداد ڈینگی سے متعلق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی کمشنر بہاول نگر محمد شعیب خان جدون ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیف اللہ ساجد، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم ، سی ای او ایجوکیشن محمد اسلم ،ماحولیات ، زراعت،سوشل ویلفئیر، پاپولیشن ویلفئیر اور دیگر تمام محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب میں مزید کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کو قومی ذمہ داری اور تحریک کی صورت میں سب ملکر کام کریں تو اس سے بچاو اورنجات ممکن ہے اجلاس میں انسداد ڈینگی سے متعلق تمام محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم نے بتایا کہ ضلع میں ڈینگی کا کوئی مقامی کیس نہیں ہے اور ضلع بھر میں ڈینگی کے ٹریول ہسٹری کے 33 کنفرم کیس میں سے 24 مریض ضلع کے ہسپتالوں میں داخل ہوئے جبکہ 8 دیگر اضلاع کے ہسپتالوں میں تھے اور ان 33 مریضوں میں سے 32 صحت یاب ہوکرگھر وں کو جا چکے ہیں اور صرف ایک مریض تحصیل ہسپتال چشتیاں میں داخل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں علاج و ٹیسٹ کی مفت، بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ
انسداد ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پرمانیٹر کیا جا رہا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ صوبائی وزیر شوکت علی لالیکا نے اس موقع پر ہدایت کی کہ ویکٹر سرویلینس اور ضلع بھر میں انسداد ڈینگی کی ان ڈور اور آوٹ ڈور ٹیموں سمیت اینڈرائیڈ یوزرز سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں اور دیہاتوں میں آگاہی مہم کو مزید موثر بنایا جائے۔

شوکت علی لالیکا نے مزید کہا کہ میڈیا ، سول سوسائٹی اور کمیونٹی کی اس مہم میں شمولیت بیحد ضروری ہے تاکہ ڈینگی سے بچاو اور احتیاطی تدابیر کو مربوط انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔

اسکے بعد صوبائی وزیرزکوۃ و عشر میاں شوکت علی لالیکا نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی مہنگائی اور پرائس کنٹرول پر زیرو ٹالرینس ہے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ گراں فروشوں کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کریں اور گرانی و اوورچارجنگ کے مرتکب عناصر کے خلاف مقدمات کا اندراج کروایا جائے۔

یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس کی صدارت کے دوران کہی جس میں ڈپٹی کمشنر بہاول نگر محمد شعیب جدون ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو  سیف اللہ ساجد اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر شوکت لالیکا نے سختی سے کہا کہ ناپ تول میں کمی اور ملاوٹ کرنے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں اور انکے خلاف قرار واقعی سزا ہونی چاہئیے۔ صوبائی وزیر نے خبردار کیا کہ پرائس کنٹرول میکانزم میں ناقص کارکردگی پر پرائس مجسٹریٹس کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائے گی اور اس ضمن میں غفلت اور کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس موقع پراجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ یکم ستمبر سے اب تک ضلع بھر میں 51 مجسٹریٹس نے 4135 ریڈ کیے اور 1481 مارکیٹس کا دورہ کرکے 1442 خلاف ورزیوں پر 9 لاکھ 80 ہزار300 روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ 19 ایف آئی آرز درج کروا دی گئی ہیں اور 5 گراں فروشوں کو گرفتار کرلیا گیاہے-

صوبائی وزیر شوکت علی لالیکا نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کو زیادہ سے ریلیف فراہم کرنے اور لوگوں کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنے کے اقدامات کررہی ہے اور میرٹ وشفافیت کے اصول پر کاربند ہے تاکہ نچلے اور پسماندہ طبقوں کو انصاف ملے۔

یہ بات انہوں نے ڈونگہ بونگہ ٹاون کمیٹی کے سبزہ زار میں ایک کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی کمشنر شعیب خان جدون،ڈی پی او محمد انور کھیتران ، اسسٹنٹ کمشنرز اور تمام محکموں کے ضلعی سربراہان موجود تھے۔

صوبائی وزیر شوکت لالیکا نے مزید کہا کہ ہم انشااللہ ملک میں افراتفری پیدا کرنے والے عناصر کے عزائم کو عوام کی مدد سے خاک میں ملا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ملکی خزانے کو بیدردی سے لوٹا گیا لیکن اب پی ٹی آئی کی حکومت عمران خان کے ویژن کے مطابق سادگی ، کفایت شعاری کے کلچر کو فروغ دے رہی ہے اور عوام کے ٹیکس کے پیسوں کو قومی امانت سمجھتی ہے۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر لوگوں کے مسائل سنے اور درخواستیں بھی وصول کیں انہوں نے متعلقہ محکموں کو شکایات کے ازالہ کے احکامات بھی جاری کیے۔

About The Author