دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

19اکتوبر2019:ڈیرہ غازی خان کے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلے

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ غازی خان اور ارد گرد کے علاقوں سے ڈیلی سویل کے نمائندگان اور نامہ نگاروں کے مراسلے ۔

ڈیرہ غازیخان:ضلع ڈیرہ غازیخان میں مختلف پروگرام کے تحت 114 ارب،54 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 947 منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن مدثر ریاض ملک نے اجلاس طلب کیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔افسران فیلڈ میں نکلیں اور ترقیاتی منصوبوں کی کڑی مانیٹرنگ کریں۔کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ اے ڈی پی کے تحت ضلع میں 210 جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے جن میں سے 17 مکمل کرلئے گئے ہیں۔

منصوبوں پر 30 ارب 81 کروڑ 30 لاکھ روپے خرچ ہوں گے اسی طرح اے ڈی پی کے 57 نئے منصوبے تجویز کئے گئے اور 34 کی منظوری دی جاچکی ہے نئے منصوبوں پر 25 ارب 88 کروڑ 90 لاکھ روپے لاگت آئے گی ضلع میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 74 منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے اور چار منصوبے مکمل کرلئے گئے ہیں ضلع کے سات صوبائی حلقوں میں سی ڈی پی کے منصوبوں پر 70 کروڑ روپے خرچ ہوں گے نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام کے تحت ضلع کے دیہی علاقوں میں 9 سڑکوں پرکام کیا جائیگا جن کیلئے 61 کروڑ 80 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔سیپ پروگرام کے تحت ضلع ڈیرہ غازی خان کے چار قومی اور ایک صوبائی حلقہ میں 75 کروڑ روپے کے ترقیاتی کام کرائے جائیں گے۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وفنانس عبید الرشید،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عدیل، ایس ایز شفقت بخاری،وسیم احمد باجوہ،ایکسئن عمیر لطیف،ڈی بی اے شہزاد قدیر اور دیگر افسران موجود تھے۔


ڈیرہ غازیخان: حکومت پنجاب کی طرف سے ڈائریکٹر سول ڈیفنس محمد الطاف بلوچ کو ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں انسداد ڈینگی مہم کی مانیٹرنگ کا ٹاسک دے دیا گیا ہے انہوں نے کمشنر مدثر ریاض ملک کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ڈینگی کی صورتحال اور کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیاایڈیشنل کمشنر اظفر ضیاء،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسنین خالد سنپال اور دیگر موجود تھے متعلقہ اضلاع کے انتظامی اور ہیلتھ افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی

کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا کہ ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں 586 وکٹر سرویلنس ٹیمیں انسداد ڈینگی مہم میں شریک ہیں۔ڈویژن میں 1225 ہاٹ سپاٹ رجسٹرڈ،993 کلئیر کرلئے گئے۔چاروں اضلاع میں 10353 گھر اور 4136 آؤٹ ڈور چیک کرلئے گئے ڈینگی مچھر کے حملہ سے بچاؤ کیلئے احتیاطی اور حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے کمشنر نے ڈیرہ غازی خان اور لیہ اضلاع میں ہاٹ سپاٹ بروقت کلئیر کرانے پر افسران کو شاباش دی ڈائریکٹر سول ڈیفنس محمد الطاف بلوچ نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم میں مشنری جذبہ سے کام کیا جائے۔


ڈیرہ غازیخان: حکومت پنجاب کی ہدایت پر بلدیاتی اداروں کی حدبندیوں سے متعلق اعتراضات اور تجاویز کی درخواستوں کی سماعت کا سلسلہ شروع کردیا گیا کمشنرز کو ڈیمارکیشن اتھارٹی کے اختیارات تفویض کئے گئے ہیں کمشنر ڈیرہ غازی خان مدثر ریاض ملک نے درخواستوں کی سماعت کی۔پہلے روز تحصیل ڈیرہ غازی خان کی 23 اور تحصیل کوٹ چھٹہ سے متعلق 51 درخواستوں کی سماعت کی گئی۔

سابق وزیر اعلی پنجاب سردار دوست محمد خان کھوسہ سمیت دیگر درخوست گزار،اعتراض اور تجویز کنندگان شریک تھے۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن،اسسٹنٹ کمشنر جنرل،اے ڈی سی آر،اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو کا متعلقہ عملہ ریکارڈ اور نقشوں سمیت موجود تھا. کمشنر و ڈیمارکیشن اتھارٹی مدثر ریاض ملک 25 اکتوبر تک حد بندیوں سے متعلق درخواستوں پرسماعت کریں گے شیڈول کے مطابق ڈیمارکیشن اتھارٹی 26 سے یکم نومبر تک درخواستوں پر قانون کے تحت فیصلہ کرے گی اورحد بندی کی حتمی فہرست دونومبر کو جاری کی جائے گی.


ڈیرہ غازیخان: ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان وقاص رشید کی زیر صدارت شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا جس میں مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف خان پتافی، ڈی پی او اسد سرفراز، افسران اور امن کمیٹی کے اراکین موجود تھے ڈپٹی کمشنر وقاص رشید نے کہا کہ کہ محرم الحرام کی طرح چہلم کے موقع پر بھی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضاء برقرار رکھی جائے۔ خطبات او بیانات سے کسی کی دل آزاری نہ کی جائے۔

معمولی تنازعات مل بیٹھ کر حل کیے جائیں۔انتظامیہ اورپولیس ملکرسکیورٹی اور سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی.مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد حنیف خان پتافی نے کہا کے کہ دین اسلام صبر وتحمل، اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتاہے اس پر عمل کرتے ہوئے دنیاوی مسائل سے نجات ممکن ہے.ڈی پی او اسد سرفراز نے کہا کہ پولیس فورس عوام کی جان کے تحفظ کے لیے ہر ممکن وسائل استعمال میں لائے گی۔عوام ارد گرد کے ماحول پر پر نظر رکھیں اور شرپسند عناصر کی نشاندہی کے ساتھ ان کے عزائم خاک میں ملانے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسنین خالد سنپال، ندیم حیدر نقوی، صاحبزادہ انور حسین قریشی، حافظ احمد حسن اور دیگر موجود تھے.


ڈیرہ غازیخان: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان وقاص رشید نے تحصیل کو سلیمان کا دورہ کیا انہوں نے بارتھی میں قبائلیوں کو شجرکاری کی ترغیب دی اور مختلف اقسام کے پودے تقسیم کیے "ایک شہری، ایک پودا” کے نعرہ کے تحت قبائلی علاقوں میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر وقاص رشید نے کہا کہ زیادہ پودے لگا کر علاقہ کو سرسبز و شاداب بنایاجاسکتاہے اس سے ماحول پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اس موقع پر دیگر افسران موجود تھے.


ڈیرہ غازیخان: ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر تحصیل کوہ سلیمان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرایا جائے گا جس کے لئے کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے انہوں نے یہ بات آج قبائلی علاقہ کے دورہ کے دوران کہی۔

ڈپٹی کمشنر نے زین بارتھی روڈ کا جائزہ لیا۔سائٹ انجینئر اور تعمیراتی کمپنی نے منصوبہ کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ منصوبہ میں مٹیریل کے معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔تیز رفتاری سے کام کرتے ہوئے ہوئے منصوبہ مقررہ معیاد کے اندر مکمل کرایا جائے۔


ڈیرہ غازیخان: وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر تونسہ شہر میں ترقیاتی پیکج کے تحت کے روڈ کے گرد ٹف ٹائلز اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب جاری ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر تونسہ نوید حسین نے بتایا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔تونسہ شریف کے روڈز اور چوک پر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب جلد مکمل کر لی جائے گی۔ ترقیاتی منصوبوں میں کوالٹی اور رفتار کار کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔


ڈیرہ غازیخان: ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرول ڈیرہ غازیخان ریجن ملک طاہر مصطفی نے اردل روم کے دوران 21ملازمین کو سزائیں سنائیں. ریجنل آفس میں منعقدہ اردل روم میں کرپشن پر ایک ہیڈ کانسٹیبل مختیار حسین کو سروس سے برخاست، ایک ملازم کو دو سال انکریمنٹ روکنے، 18ملازمین کو جرمانہ جبکہ ایک ملازم کو سن شور کی سزا دی گئی. ایس پی نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فرائض میں کوتاہی اور کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی.


ڈیرہ غازیخان: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان میں دوران سروس وفات پانے والے گریڈ 16کے اسسٹنٹ عبدالستار کے وارثان میں 25 لاکھ روپے کی امداد کے چیک تقسیم کردے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈپٹی کمشنر وقاص رشید اور مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف خان پتافی نے وزیراعلی کی طرف سے امدادی چیک تقسیم کئے۔

متوفی کے بیٹے امان اللہ کو 16 لاکھ 66 ہزار 667 روپے اور ان کی بیٹی قرۃالعین کو آٹھ لاکھ33 ہزار 333 روپے کا چیک دیا گیاڈپٹی کمشنر وقاص رشید اور مشیر وزیراعلی پنجاب محمد حنیف پتافی نے کہا کہ ہر انسان نے موت کا ذائقہ چکھنا ہے حکومت پسماندگان کے دکھ اور تکلیف میں برابر کی شریک ہے۔انسان کا کوئی نعم البدل نہیں تاہم مالی امداد سے متوفی کے خاندان کی معاشی حالات بہتر ہو سکتے ہیں۔


ڈیرہ غازیخان: وزیر اعلی پنجاب کے انیشیٹوز کے تحت تحصیل کوہ سلیمان میں سیاحت کو فروغ دیا جائے گا جس کیلئے سات اونچے مقامات مبارکی، یکبائی، گلکی، مٹ چانڈیہ، اناری، بارتھی اور سنگھڑ میں ٹورسٹ ریزارٹ قائم کیے جائیں گے جس کیلئے کام شروع کر د یاگیاہے.

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید نے کہا کہ قبائلی علاقو ں میں سیاحتی مقامات کے قیام کوہ سلیمان رینج کو دنیا میں روشناس کرانے میں مدد ملے گی اس سے مقامی افراد کو روزگار کے مواقع ملنے کے ساتھ علاقہ میں ترقی ممکن ہو گی. بیشتر ٹورسٹ ریزارٹ پر کام شروع کر دیا گیا ہے جسے مقررہ معیاد کے اندر مکمل کرایاجائے گا.


ڈیرہ غازیخان:پولیس تھانہ دراہمہ کی کاروائی دوہرے قتل کے ملزمان گرفتار،ملزمان نے رقبہ کے تنازع پر سگے باپ اور بیٹے رحمت اللہ اور غلام یٰسین کو قتل کر دیا تھاجس پر تھانہ دراہمہ میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی گئی تھی لرزہ خیز واردات پر ڈی پی او اسد سرفراز کی ہدایت پر ملزمان جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا ہے ملزمان کی گرفتاری پر مقتول کے بیٹے نے پولیس کو خراج تحسین پیش کیااس موقع پر مقتول کے بیٹے کا کہنا تھا کہ پولیس تھانہ دراہمہ نے ملزمان کو گرفتار کر کے ہمیں انصاف فراہم کیا جس پر میں ان کی کارکردگی کو سہراتے ہیں۔


ڈیرہ غازیخان: عوام الناس کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے سٹی ٹریفک پولیس ڈیرہ غازیخان کی طرف سے ڈرائیونگ سکول کا آغاز کر دیا گیا ہے ڈی پی او اسد سرفراز کی ہدایت پر تجربہ کار سٹاف کی زیر نگرانی خواہشمند حضرات کو سکول میں ڈرائیونگ سیکھائی جائے گی جہاں پر LTV ڈرائیونگ کورس کا دورانیہ 30 یوم جبکہ موٹر سائیکل کار جیب ڈرائیونگ کورس کا دورانیہ 15 یوم مقرر کیا گیاہے خواہشمند حضرات مرد و خواتین کو ٹریفک قوانین کے مطابق ٹریفک اشارے و مکمل ڈرائیونگ کی ٹریننگ دی جارہی ہے۔

ڈی پی او اسد سرفراز نے آج پولیس لائن میں قائم ڈرائیونگ سکول کا دورہ کیادوران وزٹ زیر تربیت ڈرائیونگ ٹرینی سے سوال جواب بھی کئے اور انہیں ہدایت دی کہ کورس کرنے والوں کو مکمل آگاہی فراہم کرتے ہوئے مکمل تربیت دی جائے۔


ڈیرہ غازی خان :ڈسڑکٹ بار ڈیرہ غازی خان فرینڈز لائرز گروپ کا پہلا اجلاس، ایڈوائزری کمیٹی کی تشکیل،عاطف خان مستوئی ،محمد یوسف جروار ایڈوکیٹ ،مصدق فرید خان ایڈوکیٹ اور شیخ سلمان ایڈوکیٹ ترجمان مقرر تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان بار کے نوجوان وکلاءکا اجلاس عاطف خان مستوئی ایڈوکیٹ کے چیمبر میں منعقد ہواجس میں نوجوان وکلاءکی کثیر تعداد نے شرکت کی اجلاس میں باقاعدہ طور پر ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی گئی اور آئندہ جملہ امور پر باہمی مشاورت سے طے کرنے کا عہد کیا گیا۔

اجلاس میں متفقہ طور پر گروپ کا نام فرینڈزلائرز گروپ تجویز کیا گیااور محمد عاطف خان مستوئی ایڈوکیٹ،محمد یوسف جروار ایڈوکیٹ،مصدق فرید خان ایڈوکیٹ اور شیخ سلمان کو گروپ کو ترجمان مقرر کیا گیا جبکہ دیگرگروپ ممبران میں محمد اسحاق خان گاڈی ایڈوکیٹ ،غلام حسن خان گاڈی ایڈوکیٹ ،سید محمد یوسف شاہ ایڈوکیٹ ،جابر خان وڈانی ایڈوکیٹ ،وقار عظیم خان کھتران ایڈووکیٹ ،عمر فاروق بلوچ خان ،احمد علی گشگوری ایڈوکیٹ ،محمد عمران ایڈوکیٹ ،فرخ رفیق ایڈوکیٹ ،اسامہ خان شیروانی ایڈوکیٹ ،فضل خان دستی ایڈوکیٹ ،ناصر خان لودھی ایڈوکیٹ ،سجاول خان بھٹہ ایڈوکیٹ ،اعظم خان بزدارایڈوکیٹ ،محمد اقبال خان ایڈوکیٹ ،سلمان خان لاشاری ایڈوکیٹ ،ابو بکر خان ایڈوکیٹ، ملک صہیب خان ایڈوکیٹ ،یاسرعمار ایڈوکیٹ ،لقمان خان ایڈوکیٹ ،عمران خان قریشی ایڈوکیٹ ،ارسلان اشرف خان ایڈوکیٹ ،جواد احمد خان ایڈوکیٹ ،ندیم خان قریشی ایڈوکیٹ ،سلمان خان ایڈوکیٹ شامل ہیں ۔


ڈیرہ غازیخان: تیز رفتاری کے سبب بارات کی بس چوٹی زیریں پل 14 کے قریب حادثہ کا شکار، 13 مرد و خواتین سمیت دو بچے زخمی، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا تفصیلات کے مطابق بارات لے کر جانے والی بس نمبرLZR-1837 کو پل 14 کے قریب ڈرائیور کی غفلت اور تیز رفتاری کے سبب حادثہ پیش آیا،

حادثہ کے نتیجہ میں بس میں سوار 13 مرد و خواتین زینب بی بی، ثمرین،اریشہ ، محمد فہیم ،حلیم بی بی ،مسز محمد بلال ،مسز محمد اکرم وغیرہ زخمی ہو گئے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو انچارج حسنین عباس رمدانی اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور عملے نے بروقت طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زخمیوں کو ٹیچنگ ہسپتال کے ٹراما سنٹر منتقل کر دیا جبکہ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی علاقہ تھانہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور گاڑی کو قبضہ میں لیکر کاروائی شروع کر دی۔


ڈیرہ غازی خان :نجی کمپنی کے فلاحی فلٹریشن پلانٹ پر اچانک کرنٹ لگنے سے نوجوان موقع پر جاں بحق تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں نجی کمپنی کے فلاحی فلٹریشن پلانٹ پر کام کرنے والا لنگر سرائے کا رہائشی 22 سالہ شہزاد حسین اچانک کرنٹ لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا۔پلانٹ پر کام کرنے والے ملازمین سے معلوم ہوا کہ موٹر شارٹ تھی جس کی وجہ سے شہزاد حسین اپنی زندگی گنوا بیٹھا۔شہزاد حسین کے کمپنی میں کام کرنے والے دیگر عزیز واقارب حادثہ پر کسی قسم کی قانونی کارروائی نہ کرتے ہوئے میت لیکر گھر کو روانہ ہوگئے۔


ڈیرہ غازی خان :ڈی پی او اسد سرفراز کا جلوس کے روٹس کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ترجمان پولیس کے مطابق ڈی پی او اسد سرفرازنے چہلم حضرت امام حسین کے سلسلہ میں نکالے جانے والے جلوس کے روٹس کا دورہ کر تے ہو ئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور ہدایات دیں اس موقع پر خطاب کر تے ہو ئے ڈی پی او اسد سرفراز نے کہا کہ جلوس کے راستوں میں سکیورٹی کے فل پروف انتظامات کیے جائیں گے تھری لیئر میں جلوس میں داخل ہونے والوں کی چیکنگ کی جائے گی ۔

19

انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں پانچ جلوس اور 20 مجالس منعقد ہوں گی اپنے ارد گرد مشکوک افراد پر نظر رکھتے ہوئے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

About The Author