دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

بلدیاتی انتخابات میں اپنے امیدوار اتاریں گے،ذیشان گورمانی

کوٹ ادو :سابق ممبر صوبائی اسمبلی محمدذیشان گورمانی نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت ہمیں ورثے میں ملی ہے اور کبھی بھی عوام کے حقوق پر ہم نے سودے بازی نہیں کی، اپنے 5سالہ دور اقتدار میں عوام کے جتنے مسائل حل کئے اور جتنے ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ماضی میں اسکی مثال نہیں ملتی،آئندہ بلدیاتی انتخابات کیلئے سیاسی اتحادیوں سے مشاورت جاری ہے، ویلج کونسل سے لیکر تحصیل کونسل تک اپنے امیدوار کھڑے کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد عوام کی بے لوث خدمت کرنا ہے، ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ قومی مسائل اور معاملات میں بھی کبھی قوم کو تنہا نہیں چھوڑا،ہم نے ایک خادم کی حیثیت سے حلقہ کی نمائندگی کی ہے، آئندہ بھی عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور قوم کی پسماندگی اور محرومیوں کا خاتمہ کرکے ہی دم لیں گے۔

محمدذیشان گورمانی نے کہا کہ عہدہ عارضی چیز ہے ہمارے لئے قیمتی چیز عوام کا اعتماد ہے ہم اپنے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہر موڑپر ہم پر اعتماد کیا ہے اور ہمارا سر فخر سے بلند کیا ہے یہی وجہ ہے کہ ہم نے بھی کسی بھی مشکل میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم خدمت کو عبادت سمجھتے ہیں، ہمارا جینا مرنا حلقہ کی عوام کے ساتھ ہے اور انشا ء اللہ جب تک ہم زندہ ہیں حلقہ کی عوام کو کسی اور کے سامنے جھکنے نہیں دیں گے۔

محمد ذیشان گورمانی نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنے دور اقتدار میں ہمیشہ خدمت،عاجزی،انکساری اور محبت کی سیاست کی ہے، عوام کی محبتوں نے ان جذبوں کو مزید جلا بخشی ہے اور ہم انشاءللہ پہلے سے زیادہ محنت اور جذبے سے اپنے علاقے کی محرومیوں کا ازالہ اور عوامی خدمت کا جذبہ لے کرآئندہ بلدیاتی انتخابات میں اتریں گے

About The Author