دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

زمینداروں کا معمولی رنجش پر دکاندار پر مبینہ تشدد

لودھراں (سٹی رپورٹر) تھانہ سٹی کی حدود سپر چوک سے چھ زمینداروں نے معمولی رنجش پر دکاندار کو مبینہ اغواء کرکے ڈیرے پر لے جا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، تین گھنٹے حبس بے جا میں رکھ کر نازک اعضاء کی کھال بھی ادھیڑ دی، برہنہ کرکے ویڈیو بنانے کے بعد حالت غیر ہونے پر سڑک کنارے پھینک دیا گیا ۔بستی دائم والہ موضع کوٹ لعل شاہ کے رہائشی پرچون فروش دکاندار محمد اجمل نے اپنے عزیز واقارب اور اہل علاقہ کے ہمراہ تھانہ سٹی لودھراں کے باہر بتایا کہ گزشتہ صبح اپنے بچوں کو سکول چھوڑ کر واپس گھر جارہا تھا کہ ایک کار اور دو موٹر سائیکلوں پر سوار 6 افراد نے اس کے موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر گرانے کے بعد اسے زبردستی کار میں ڈالا اور نامعلوم مقام پر ایک ڈیرے میں تین گھنٹے قید کرکے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناتے رہے، نازک اعضاء کی کھال ادھیڑنے پر چیخوں پر ملزمان قہقہے لگاتے رہے اور پھر برہنہ کرکے ویڈیو اور تصاویر بنانے کے بعد اسی برہنہ حالت میں سڑک کنارے پھینک کر فرار ہو گئے ۔اجمل کا کہنا تھا کہ ایک سال قبل ایک شادی کی تقریب میں ملزمان سے معمولی تلخ کلامی ہوئی جس کا انہیں رنج تھا اور اب اسی رنجش کا بدلہ لینے کیلئے یہ سب انسانیت سوز سلوک کیا گیا ۔مغوی اجمل نے اعلٰی حکام سے داد رسی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ ڈی پی او ملک جمیل ظفر نے وقوعے کے فوری بعد پولیس تھانہ سٹی لودھراں کے ذریعے متاثرہ اجمل کا طبی ملاحظہ کروا کر تین نامزد ملزمان ہاشم ارائیں، ظفر ارائیں نصیر ریحان اور تین نامعلوم ملزمان کے خلاف اغواء، تشدد اور ویڈیو بنانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرادیا ہے، ڈی پی او ملک جمیل ظفر نے کہا ہے کہ ملزمان چاہے کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں ان کے خلاف قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا اور انہیں قرار واقعی سزا میں کوئ دقیقه فرو گذاشت نہیں کیا جائے گا #

About The Author