دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

کوٹ ادو سے تحصیل رپورٹر اظہر فاروق کی ڈائری

کوٹ ادو سے دن بھر کی خبریں

اظہر فاروق

اظہر فاروق


کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر) پاکستان سمیت دنیا بھر میں سیاحت کا یہ عالمی دن آج منا یا جائے گا،اس دن کومنانے کا مقصد سیاحت کے فروغ، نئے سیاحتی مقامات کی تلاش، اثار قدیمہ کو محفوظ بنانے، سیاحوں کے لئے جدید سہولیات پیدا کرنے سمیت دیگر متعلقہ امور کو فروغ دینا ہے،پاکستان کے قدرتی مناظر میں ساحل سمند ر سے لے کر آسمان کو چھوتی برف پوش چوٹیاں، خوبصورت آبشاریں، چشمے و جھرنے، سرسبز گھنے جنگلات، وادیاں، جھیلیں اور صحرا شامل ہیں،پاکستان میں قدیم مذہبی مقامات بدھ مت کی تاریخی نشانیاں ٹیکسلا اور گندھارا کی قدیم تہذیبوں کے کھنڈرات موجود ہیں۔ پاکستان کا سوئٹرز لینڈ کہلانے والی وادی سوات کے علاوہ رومان پرور وادی کاغان، گلیات،وادی کیلاش، وادی ہنزہ،شنگر یلا ملکی وغیر ملکی سیاحوں کی خاص توجہ کا مرکز ہیں، حکومت کو ملک میں سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے کیلئے سیاحوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ دیگر اقدامات کرنا ہوں گے،سیاحت کا یہ عالمی دن ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کی ایگزیکٹیو کونسل کی سفارشات پر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی قرارداد کے مطابق 1970ء سے منایا جا تاہے،

کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر)کوٹ ادو وگردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل فورس لوڈ شیڈنگ،دائرہ دین پناہ فیڈرفالٹ کے نام پر کئی کئی گھنٹے بند،کاروبارٹھپ ہو گئے،صارفین وشہریوں کا شدید احتجاج،تفصیل کے مطابق کوٹ ادو وگردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل فورس لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روزصبح 7بجے اچانک دائرہ دین پناہ فیڈر نمبر 1سے بجلی بند کر دی گئی جو کہدوپہر 2بجے چلائی گئی جبکہ4بجے دوبارہ فیڈر کو بند کردیا گیا جو کہ ایک گھنٹے بعد چلایاگیا، 8گھنٹوں کی مسلسل طویل بندش سے کاروبار مکمل ٹھپ ہو کر رہ گئے، واپڈا کی ہیلپ لائن کے رابطہ پر خرابی کا بہانہ بنایا گیا، اس بارے شہریوں نے کہا کہ کہ آئے روزخرابی کے نام پر لائن لاسز پورے کرنے کیلئے خود ساختہ بجلی کی طویل بندش شہریوں کیلئے عذاب بن گئی ہے،شہریوں نے طویل فورس لوڈ شیڈنگ فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے،

کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر) نادرا آفس مذبحہ خانہ میں تبدیل، گارڈ اور عملہ کی طرف سے خواتین کے ساتھ ناروا سلوک معمول کا حصہ بن گیا، صارفین کو بے عزت کرنے میں نادرا تمام محکموں سے نمبر لے گیا،اس بارے تفصیل کے مطابق کوٹ ادو میں نادرا آفس جو کہ شہریوں کو ان کی شناخت کا کارڈ دینے کے عوض اپنی فیس وصول کرتا ہے وہ سہولیات دینے کی بجائے قصاب گھر میں تبدیل ہو گیا ہے،ان دنوں نادرا آفس کوٹ ادومیں تعینات عملہ اور سیکورٹی گارڈ شناختی کارڈ کے حصول اور رجسٹریشن کے لیے آنے والے صارفین سے انتہائی توہین آمیز رویہ اختیار کیے ہوئے ہے، خواتین کی لمبی لمبی لائینیں لگا دی جاتی ہیں اور لائنوں میں لگی خواتین سے نہ صرف نادرا کا مقامی انچارج بلکہ سیکورٹی گارڈ بھی دھکے تک دے کر بازاری زبان استعمال کرنے سے گریز نہیں کرتے جبکہ ایجنٹ مافیا کے کام پرچی کے ذریعے ترجیحی بنیادوں پر ہو رہے ہیں،گزشتہ کچھ دنوں سے نادراکوٹ ادو میں اندھیر نگری چوپٹ راج چل رہا ہے ایک طرف تو صارفین سے زائد وصولی کے الزامات سامنے آئے ہیں تو دوسری طرف رجسٹریشن کے لیے آنے والے صارفین سے عملہ کی طرف سے توہین آمیز رویہ کی شکایات بڑھتی جا رہی ہیں، شہر میں صرف ایک رجسٹریشن سینٹر ہونے کی وجہ سے رش زیادہ ہوتا ہے اس کا فائدہ اٹھا کر ایجنٹ مافیا سرکاری فیس سے چار گنا زائد وصول کر کے مک مکا کر کے لائنوں کے بغیر عملہ کے پاس مخصوص چٹوں کے ذریعے بھجوا دیتے ہیں اور ان کا کام لائنوں میں لگنے کے بغیر ہی ہوجاتا ہے جبکہ نادرا آفس میں رش ہونے کی وجہ سے صارفین صبح سویر ے ہی ناشتہ کیے بغیر لائنوں میں آ کر لگ جاتے ہیں اور شام تک ان کی باری بمشکل آتی ہے، اکثر صارفین نے بتایا کہ انہیں یوں محسوس ہوتا ہے کہ وہ نادرا دفتر کی بجائے مذبحہ خانہ میں آ گئے ہیں اور ہم انسان کی بجائے جانور اور عملہ قصائی نظر آتا ہے جبکہ پہلے تو پولیس کا محکمہ لوگوں کو بے عزت کرنے میں مشہور تھا اب نادرا آفس کے اہلکار اس معاملہ میں پولیس سے بھی بازی لے گئے ہیں، صارفین نے وزیر داخلہ، نادرا کے ڈی جی اور دیگر حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ نادرا آفس سے رشوت کا بازار ختم اور عوام کو بلاوجہ پریشان کرنے والے سیکیورٹی گارڈ اورعملے کے خلاف کارروائی کی جائے(تصویر ای میل کر دی ہے)

کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر) میونسپل کمیٹی کوٹ ادو کے عملہ کی غفلت لاپرواہی وعدم توجہی،مین ہول منہ کھولے شہریوں کو موت کی دعوت دینے لگے،ڈھکن نہ ہونے سے متعدد شہری ان مین ہولوں میں گر کر حادثات کا شکار ہوکر زخمی،شہریوں نے کئی بار مین ہول کے ڈھکنوں کیلئے درخواست بھی گزاری،افسران نے درخواستیں ردی کی ٹوکری میں ڈال دیں، بزدار ٹاون کے رہائشیوں کا احتجاج،اس بارے تفصیل کے مطابق بزدار ٹاون کے رہائشیوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کوٹ ادو شہر کے سیوریج سسٹم کے مین ہول جن میں اکثر کے ڈھکن نہیں ہیں عرصہ درراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکے ہیں،بزدار ٹاؤن کے سامنے گلی میں پڑا مین ہول مکینوں کیلئے موت کا پروانہ بنا ہوا ہے، ان مین ہولوں میں دن اور رات شہری اور طلبہ حادثات کا شکارہو چکے ہیں، ان مین ہولوں کے ڈھکنے لگانے کیلئے کئی بار اسسٹنٹ کمشنر کو درخواست بھی گزاری، اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر نے درخواست میونسپل کمیٹی میں بھجوا دی جس پر میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر رانا محبوب عالم سمیت دیگر عملے نے ان پر کوئی کاروائی کی زحمت نہ کی بلکہ درخواست گزار کو دفتر کے چکر لگوانے کے سوا کچھ نہ دیا،انہوں نے کہا کہ چیف آفیسر سمیت دیگر عملے کی مجرمانہ غفلت لاپرواہی کی وجہ سے کئی گاڑیاں ان مین ہولوں میں پھنس چکی ہیں جبکہ کئی موٹر سائیکل سوار، مرد و عورتیں اور بچے ان ان مین ہولوں میں گر کر حادثات کا شکار ہو چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ کوئی شہری ان مین ہولوں میں گر کر حادثات کا شکار ہوا تو تمام ذمہ داری چیف آفیسر سمیت دیگر عملے پر ہو گی،متاثرین نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، صوبائی وزیر بلدیات، چیفسیکرٹری، سیکرٹری بلدیات، ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انور، اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو ڈاکٹرفیاض علی جٹیالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیوٹی سے غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کر کے انہیں معطل کرتے ہوئے یہاں سے تبدیل کیا جائے۔

کوٹ ادو (تحصیل رپورٹر)منتخب نمائندوں کی عدم دلچسپی کے باعث طارق چوک تا بستی پرہاڑ لنک روڈ انتہائی خستہ، روڈ پر گڑھے پڑ گئے،گڑھوں کی وجہ سے گاڑیاں کٹارہ ہونے لگ گئی،اس بارے تفصیل کے مطابق کوٹ ادو میں منتخب نمائندوں کے عوام سے وعدے وفا نہ ہوپائے، نمائندوں کی عدم دلچسپی کے باعث جدید دور میں بھی طارق چوک تا بستی پرہاڑ لنک روڈ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکارہے، روڈ پر گڑھے پڑ گئے جس کے باعث حادثات میں اضافہ ہونے لگا،روڈ خستہ حال ہونے کی وجہ سے گاڑیاں بھی کٹارہ ہورہی ہیں،اہل علاقہ کا کہنا تھا عرصہ 10 سال سے سینکڑوں بستیوں کے مکین روڈ مرمت نہ ہونے پر شدید پریشان ہیں، روڈ خستہ حال ہونے کی وجہ سے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے،ایمرجنسی کے مریضوں کیلئے کافی مشکلات کا سامنا ہے،اہل علاقہ غلام رسول،ریاض حسین،محمد رمضان،خادم حسین،ناللہ بخش،نبی بخش،علی وارث،شرافت علی،ربانی پرہاڑ،وحید حسین ودیگرنے منتخب نمائندوں سے لنک روڈ کو مرمت کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مظفرگڑھ عطاالحق نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے عوام کو صاف ماحول اور صحت و صفائی کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا عزم کیا ہوا ہے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں کے تعاون سے حفظان صحت کیلئے اقدامات کررہے ہیں، یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ واش کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ صحت و صفائی کی عادات کو مستقل طور پر اپنانے کیلئے ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے سکولوں کی سطح طلبا وطالبات کو صحت و صفائی اور حفظان صحت کے بارے میں مستقل طور پر لیکچر دئیے جائیں، انہوں نے مزید کہا کہ عوام بالخصوص دور دراز کے دیہی علاقوں کی عوام کو صحت و صفائی کی آگاہی کیلئے غیر سرکاری تنظیموں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، جس کی بدولت ہم نہ صرف اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف بنا سکیں گے بلکہ ایک صحت مند معاشرے کی تکمیل بھی ممکن ہو سکے گی، اجلاس میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان کی منشور کے مطابق سرسبز پاکستان کے تحت ضلع مظفرگڑھ واٹر ایڈ اور آگاہی کی معاونت سے کھلے میں لیٹرین سے پاک بنایا جارہا ہے انہوں نے بتایا کہ اس سال نومبر تک ضلع مظفرگڑھ کو کھلے میں لیٹرین سے پاک بنا دیا جائے گا، ضلع کے ہر گھر میں علیحدہ لیٹرین ہوگی، پاکستان بھر میں ضلع مظفرگڑھ
پہلا ضلع ہو گا جو کھلے میں لیٹرین سے پاک ہوگا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عطاالحق نے کہا کہ پہلے کسی غیر جانبدار ادارے سے اس کی تصدیق کرائی جائے گی پھر ضلع کو کھلے میں لیٹرین سے پاک قرار دیا جائے گا، اجلاس میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سے ایکسین شیخ سلیم، پروگرام منیجر حسنین کاظمی، فرخ رضا، سی ڈی او مقبول احمد، واٹر ایڈ سے فراقت علی، آگاہی سے فاروق احمد، سوشل ویلفیئر سے ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری اظہر، لوکل گورنمنٹ سے ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالحمید، محکمہ صحت سے ڈاکٹر شاہد ریاض، محکمہ تعلیم سے ڈی ای او محمد منیر، محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سے عبدالقیوم نے شرکت کی،

About The Author