نومبر 21, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو بے بنیاد قراردیکرمسترد کردیا

اسلام آباد:پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو بے بنیاد قراردیکرمسترد کردیاہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بالا کوٹ میں دہشتگردی کے کیمپ کو فعال کرنے کا بھارتی آرمی چیف کا الزام بے بنیاد ہے،بالاکوٹ میں شدت پسندوں کا کوئی کیمپ موجود نہیں

ترجمان دفترخارجہ  نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان مقبوضہ کشمیرمیں انسانیت سوزمظالم سے بین الاقوامی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے،بھارت منفی ہتھکنڈوں سے ریاستی دہشتگردی کو چھپا نہیں سکتا۔

ترجمان کے مطابق بھارت ایسے ہتھکنڈوں سے عالمی برادری کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا،رواں سال بھارت نے فائر بندی کی متعدد بارخلاف ورزی کی۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارتی فائرنگ سے 26بے گناہ شہری شہید اور 124زخمی ہوئے،بھارت نےاقوام متحدہ کے فوجی مبصرگروپ کو بھی کام سے روکا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات خطے میں امن وسلامتی کے لئے شدید خطرہ ہیں،عالمی برادری بھارت کو کشمیریوں پرظلم وبربریت سے روکے ۔

ترجمان نے پاکستان کی جنیوا مہم سے متعلق سوشل میڈیا پرچلنے والے پیغامات کو بھی بے بنیاد قرار دے دیاہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق انسانی حقوق کمشنر نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔پاکستان کو انسانی حقوق کونسل چلے؟ مشترکہ بیان کی صورت میں وسیع علاقائی تعاون حاصل ہوا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ انسانی حقوق کونسل کے اس اہم دور میں کوئی ووٹنگ نہیں ہوئی، مفروضوں پر مبنی قیاس آرائیاں بے بنیاد اور فرضی ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی غاصبانہ اقدامات نے قانون، انسانی حقوق اور اقدار کی تمام حدیں پھلانگ لیں، پاکستان،کشمیریوں کی مشکلات میں کمی کیلئے ہرممکن انداز میں اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے دعوی کیا کہ پاکستان کی کاوشوں کے باعث آج دنیا میں مسئلہ کشمیر کی اہمیت کا ادراک ہوا، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی المیہ کو انسانی حقوق کونسل اور جنرل اسمبلی تشویش کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

About The Author