اسلام آباد: پاکستان کی تمام اہم تجارتی شاہراہیں کل سے مکمل طور پر بند کردی جائیں گی۔ یہ فیصلہ جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے اہم اجلاس میں کیا گیا۔
انتہائی ذمہ دار ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کل بروز بدھ سے پلان بی پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آزادی مارچ کے لیے طے کردہ پلان اے کے تحت پشاور موڑ پر دھرنا جاری رہے گا۔ جے یو آئی (ف) کے اجلاس میں طے کیا گیا کہ پلان بی پرکامیاب عمل درآمد کے بعد پشاور موڑ پر جاری آزادی مارچ مؤخر کردیا جائے گا۔
اس ضمن میں انتہائی ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ پلان بی کے فیز ایک کے تحت ملک کی تمام اہم تجارتی شاہراہیں بند کی جائیں گی جب کہ پلان بی کے فیز ٹو کے تحت تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز بھی بند کردیے جائیں گے۔
ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں تمام صوبائی عہدیداران کو پلان بی پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے نہ صرف ہدایات جاری کردی گئی ہیں بلکہ اہم ٹاسک بھی تفویض کردیے گئے ہیں۔
آزادی مارچ میں جمعیت العلمائے اسلام (ف) کا ساتھ دینے والی پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ کے سربراہ وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے واضح طور پر کہا ہے کہ بحیثیت پارٹی ہمارا شروع دن سے مؤقف ہے کہ کسی بھی دھرنے کا حصہ نہیں بنیں گے۔
امیر جے یو آئی (ٖف) مولانا فضل الرحمان کو پاکستان مسلم لیگ (ن) بھی کہہ چکی ہے کہ وہ آزادی مارچ میں ساتھ ہے لیکن کسی بھی دھرنے کا حصہ بننے کے لیے آمادہ نہیں ہے۔
اے وی پڑھو
سیت پور کا دیوان اور کرکشیترا کا آشرم||ڈاکٹر سید عظیم شاہ بخاری
اشولال: دل سے نکل کر دلوں میں بسنے کا ملکہ رکھنے والی شاعری کے خالق
ملتان کا بازارِ حسن: ایک بھولا بسرا منظر نامہ||سجاد جہانیہ