نومبر 25, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

یقین مانیں: معیشت آخری سانسیں لے رہی ہے!!||علی احمد ڈھلوں

اس دورانیے میں جس ڈرامائی انداز میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں بنی اور ٹوٹی ہیں، اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ عجب صورتحال ہے کہ سیاسی بحران ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ ایک کے بعد دوسرا سیاسی بحران تیار کھڑا ہوتا ہے۔ لانگ مارچ کے بعد اب قومی و صوبائی اسمبلیوں سے استعفے زیرِ بحث ہیں۔ گو کہ اس پر فوری عمل درآمد ہونا اور ممبرانِ اسمبلی کے لیے یہ فیصلہ کرنا آسان نہیں لیکن چیئرمین تحریک انصاف کی مقبولیت کے پیشِ نظر پارٹی اراکین سرِ تسلیم خم کرسکتے ہیں۔

علی احمد ڈھلوں

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

فرض کیا کہ ایک شخص قرض پر زندگی گزار رہا ہے، اس کے اخراجات کا پھیلائو اس قدر ہے کہ وہ چاہ کر بھی اپنے اخراجات کم نہ کر پا رہا۔ جبکہ قرض دینے والے اْس پر ہر حربہ استعمال کر چکے ہیں کہ شاید وہ کسی طرح اپنے پائوں پر کھڑا ہو جائے لیکن وہ ہر صورت ناکام رہے۔ دن گزرتے جا رہے ہیں اور اب موصوف کی حالت یہ ہو چکی ہے کہ وہ پچھلا قرض اور سود چکا نے کے لیے اگلا قرض لینے پر مجبور ہے اور اس کے لیے گھر کی چیزیں تک گروی رکھوارہا ہے جو ایک ایک کرکے ختم ہوتی جا رہی ہیں۔ لہٰذااب وہ قرض لینے کے لیے نئی نئی ترکیبیں استعمال کر رہا ہے، اور اس بار بھی اسے ایک نئی ترکیب سوجھی۔ وہ ترکیب یہ تھی کہ اْس نے اپنے منیجرز کو تبدیل کرنا شروع کردیا، پہلا منیجر جب پچھلے منیجر پر ساری غلطیاں ڈال دیتا تو قرض دینے والا سر پکڑ کر بیٹھ جاتا۔ پھر قرض دینے والے کو بھی ترکیب سوجھی اور اْس نے اپنے ’’منیجرز‘‘ دینا شروع کر دیے۔جس کے بعد اْن کے اپنے منیجرز نے رپورٹ دی کہ سر! اسے مزید قرض دے دیں تاکہ یہ سود سمیت ہمیں ہمارا پیسہ واپس لوٹا سکے۔ ایسا کرنے سے قرض خور کو وقتی افاقہ تو ہوا مگر اْس شخص پر قرض کا مزید بوجھ بڑھنے لگا اور پھر ایک دن آیا کہ قرض دینے والوں نے ہاتھ کھڑے کر دیے۔ پھر وہ ہمسایوں کے پاس گیا، وہ پہلے ہی اْس شخص کے ’’لچھن‘‘ جانتے تھے، اس لیے اْنہوں نے صاف انکارکیا، لیکن منت سماجت اور گھر کے ’’بڑوں‘‘ کو بیچ میں ڈال کر ہمسایوں نے ترس کھایا اور تھوڑے بہت پیسے دیے اور کہا کہ خرچ نہیں کرنے، بس اپنے پاس رکھو، تاکہ ’’پرچون والا‘‘ یا ’’سبزی والا‘‘ تمہیں سودا سلف دے سکے، جس سے تمہارا روز مرہ کا گزارہ چل سکے۔ لیکن اْس شخص کے گھر والے ’’امپورٹڈ‘‘ اشیاء استعمال کرنے اور کھانے پینے کے عادی بن چکے تھے، اس لیے اْسے سارا قرض ’’امپورٹڈ‘‘ بلز کی ادائیگی میں دینا پڑتا۔ قصہ مختصر کہ وہ شخص قرض میں اتنا پھنس گیا ہے کہ اب کسی کرامتکے انتظار میں ہے، اور گھر کے رہائشی آپس میں اس قدر لڑائی میں مصروف ہیں کہ اْنہیں فکر ہی نہیں کہ اْن کا گھر کس نے اور کیسے چلانا ہے۔ اور پھر شاید یہ معجزوں کا دورنہیں بلکہ کچھ کرنے کا دور ہے ورنہ اْس شخص کا Survivalتقریباََ ختم ہوچکا ہے۔ جی ہاں! یہ پاکستان ہی کی مثال ہے! وہ قرض خور کوئی اور نہیں پاکستان ہی ہے، جہاں آج کل ہر طرف قرضوں کے ڈیفالٹ کے خطرے پر گفتگو ہو رہی ہے۔اور پھر جس ڈیفالٹ کی بات ہو رہی ہے، وہ کوئی عام ڈیفالٹ نہیں۔ قانونی زبان میں اسے ’’ساورن ڈیفالٹ‘‘ کہا جاتا ہے۔ یہ ساورن یعنی خود مختار ڈیفالٹ کیا ہے؟ سادہ الفاظ میں ایک خود مختار ملک کی جانب سے واجب الادا قرض کی ادائیگی میں ناکامی یا اس ادائیگی سے انکار کو ساورن ڈیفالٹ کہا جاتا ہے۔ اس ادائیگی میں ناکامی کی دو شکلیں ہیں۔ایک اعلانیہ شکل ہوتی ہیں۔اس شکل میں حکومت واجب الادا قرضوں کی ادائیگی میں ناکامی کا باقاعدہ حکومت کی طرف سے رسمی اعلان کر سکتی ہے کہ وہ اپنے سارے قرضوں یا کچھ واجب الادا قرضوں کی ادائیگی نہیں کرے گی۔ ڈیفالٹ کی دوسری شکل غیر اعلانیہ ہوتی ہے،جس میں حکومت عدم ادائیگی کا با قاعدہ اعلان تو نہیں کرتی مگر عملی طور پر وہ واجب الادا قرض یا قرضے ادا کرنے میں ناکام رہتی ہے۔ ڈیفالٹ کی ایک تیسری شکل بھی ہوتی ہے جس میں قرض کی ادائیگی سے رسمی انکار نہیں کیا جاتا، نہ ادائیگی میں ناکامی کا اعتراف کیا جاتا ہے لیکن کچھ ایسے طریقے اختیار کیے جاتے ہیں جن کی وجہ سے وہ ممالک بعض اوقات اپنے قرضوں کے حقیقی بوجھ سے بچ جاتے ہیں۔ یہ عام معنوں میں ڈیفالٹ نہیں ہے کیونکہ قرض کا احترام کیا جاتا ہے مگر کم حقیقی قدر کی کرنسی کے ساتھ ادائیگی کی جاتی ہے۔ اس مقصد کے لیے حکومتیں بعض اوقات اپنی کرنسی کی قدر میں کمی کرتی ہیں۔ یا پھر وہ مزید رقم چھاپ کر یا اپنی کرنسیوں کی قیمتی دھاتوں یا مقررہ شرحوں پر غیر ملکی کرنسی میں تبدیلی کو ختم یا تبدیل کر کے ایسا کر سکتی ہیں۔ ڈیفالٹ کی ان سب شکلوں کو بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیاں اپنے ریکارڈ میں دکھاتی ہیں جس سے کسی ملک کے اچھے یا خراب کریڈٹ کا تعین ہوتا ہے۔ ان ایجنسیوں کی ان رپورٹس سے اس ملک کی مستقبل میں مزید قرض لینے کی صلاحیت کا اظہار ہوتا ہے۔جن ملکوں یا اداروں نے قرض دیا ہوتا ہے یا بانڈز خریدے ہوتے ہیں، اگر ان کو یہ شک ہو کہ حکومت اپنا قرض واپس کرنے میں ناکام ہو سکتی ہے تو وہ ڈیفالٹ کے خطرے کے پیش نظر بلند شرح سود کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔ یہ ایک قرض دار ملک کے لیے خطرناک صورت حال ہوتی ہے۔ سود کی شرح میں ڈرامائی اضافہ جس کا سامنا کسی حکومت کو اس خوف سے کرنا پڑتا ہے کہ وہ اپنے قرض کو ادا کرنے میں ناکام ہو جائے گی، اسے خود مختار قرضوں کا بحران کہا جاتا ہے۔ بہرحال پاکستان پچھلے تقریباً ایک سال سے مستقلاً سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے۔ اس دورانیے میں جس ڈرامائی انداز میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں بنی اور ٹوٹی ہیں، اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ عجب صورتحال ہے کہ سیاسی بحران ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ ایک کے بعد دوسرا سیاسی بحران تیار کھڑا ہوتا ہے۔ لانگ مارچ کے بعد اب قومی و صوبائی اسمبلیوں سے استعفے زیرِ بحث ہیں۔ گو کہ اس پر فوری عمل درآمد ہونا اور ممبرانِ اسمبلی کے لیے یہ فیصلہ کرنا آسان نہیں لیکن چیئرمین تحریک انصاف کی مقبولیت کے پیشِ نظر پارٹی اراکین سرِ تسلیم خم کرسکتے ہیں۔ صوبائی اسمبلیوں سے فوری مستعفی ہونے پر کھربوں روپوں کے بجٹ ایم پی ایز کے ہاتھوں سے نکل سکتے ہیں۔ الیکشن مہم چلانے کے لیے ترقیاتی کام کرانا ضروری سمجھا جاتا ہے۔ ایک طرف ایم پی ایز ترقیاتی بجٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں اور دوسری طرف اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا حکم مل رہا ہے۔ یہ معاملہ چند دنوں میں ختم ہوتا دکھائی نہیں دے رہا، بلکہ اگلے کئی ماہ تک بہ آسانی کھینچا جا سکتا ہے۔ حتمی فیصلے کے لیے ایک مرتبہ پھر عدالتوں کا رخ کیا جا سکتا ہے۔ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ حکومتیں بننے اور توڑنے کا یہ سلسلہ ابھی یونہی چلتا رہے گا اور ہمارے نصیبوں میں وہی چور لٹیرے ہی آئیں گے! جبکہ اس دوران حد تو یہ ہے کہ کوئی بھی ملک کے بارے میں سوچنے سے قاصر ہے! لہٰذاجب حالات یہ ہوں تو یقینا ہمیں قیادت بدلنے کی ضرورت ہے، اور مقتدر حلقوں کو اس حوالے سے سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے کہ فوری طور پر الیکشن کی طرف جائیں تاکہ شفاف قیادت میسر آسکے۔ پھر اس کے ساتھ ساتھ ملک پر چیک اینڈ بیلنس کو بڑھانے کی ضرورت ہے، اور جو آج کل کرپشن ہو رہی ہے اْس پر بھی نظر رکھنے کی ضرورت ہے، ورنہ تو ہم مزید ایک اور گڑھے میں گر جائیں گے اور اسی کو ایک بار پھر سمندر سمجھ کر گھومنا شروع کر دیں گے اور پھر جب ہمیں ہوش آئے گا تو بہت دیر ہو چکی ہوگی اور مزید اربوں ڈالر بیرون ملک منتقل ہو چکے ہوں گے!

 

 

 

 

 

 

یہ بھی  پڑھیں:

پڑھتاجا شرماتا جا!۔۔۔ علی احمد ڈھلوں

دوسری ہلاکت خیز لہر۔۔۔ علی احمد ڈھلوں

اسرائیل کو تسلیم کرنے سے کیا ہو گا؟۔۔۔ علی احمد ڈھلوں

ملک مقروض :اشرافیہ کی پانچوں انگلیاں گھی میں! ۔۔۔ علی احمد ڈھلوں

About The Author