دسمبر 19, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

الیکشن کمیشن کی پنجاب اور سندھ میں انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری

میں الیکشن کمیشن کو انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی پر جاری کام پر بریفنگ دی گئی

آج الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت جناب سکندر سلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر نے کی ۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن کو انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی پر جاری کام پر بریفنگ دی گئی ۔ الیکشن کمیشن نے اس کام کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام صوبائی الیکشن کمشنر وں کو ہدایات جاری کیں کہ نظر ثانی کے کام کی مکمل نگرانی اور مانیٹرنگ کی جائے تاکہ تما م اہل افراد کے ووٹوں کے اندراجات کو یقینی بنایا جائے ۔

الیکشن کمیشن کو مزید بریف کیا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی حلقہ بندی کا شیڈول الیکشن کمیشن نے دوبارہ جاری کر دیا ہے جس کےمطابق وفاقی دارالحکومت میں ابتدائی حلقہ بندیاں مورخہ 15اپریل 2022کو شائع کی جائیں گی اور حتمی اشاعت مورخہ19مئی 2022 کو ہوگی ۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ حلقہ بندی کی تکمیل کے فورا ً بعد الیکشن کمیشن وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے گا۔

الیکشن کمیشن نے صوبہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کےشیڈول کی بھی منظوری دی ہے جس کےمطابق ضلع کوئٹہ ، اور لسبیلہ کے علاو ہ تمام اضلاع میں انتخابات مورخہ 29مئی 2022کو کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ضلع کوئٹہ اور لسبیلہ میں صوبائی حکومت کی طرف سے حلقہ جات کی تعداد

بڑھانے کی وجہ سے حلقہ بندی دوبارہ کی جا رہی ہے اور حلقہ بندی کی تکمیل کے بعد ان اضلاع میں انتخابات کا شیڈول بعد میں دیا جائے گا۔الیکشن کمیشن ، الیکشن شیڈول کا نوٹیفکیشن ایک دو روز میں جاری کر دے گا۔

-2-

الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ کے انتخابات کے انعقاد کو جلد ازجلد یقینی بنانے کے لئے صوبائی الیکشن کمشنروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ فوری طور پر الیکشن میٹریل کے حصول ، بیلٹ پیپر وں کی پرنٹنگ سے متعلق پاکستان پرنٹنگ کارپوریشن کے متعلقہ افسران سے رابط کریں اور صوبائی حکومتوں سےبھی فوری رابطہ کریں تاکہ الیکشن کمیشن مذکورہ بالا صوبوں میں الیکشن کا شیڈول بھی فوری طور پر جاری کرئے ۔

مزید برآں الیکشن کمیشن کو خیبرپختونخوا ہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلےجس کی پولنگ 31مارچ 2022 کو منعقد ہو رہی ہے اس کے انتظامات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی ۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہےاور اس میں کسی قسم کی بے ضابطگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کسی بھی بے ضابطگی کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ پولنگ کے اختتام پر پریز یذائیڈنگ افسران یقینی بنائیں گے کہ امیدواروں اور پولنگ ایجنٹوں کی موجودگی میں رزلٹ مرتب کیا گیاہے اور پولنگ اسٹیشن پر اسکی کاپیاں تمام امیدواروں اور پولنگ ایجنٹوں کے حوالے کر دی گئی ہیں اور رزلٹ کی کاپی متعلقہ ریٹرنگ آفیسر کو وٹس ایپ پراور بروقت مہیا کر دی گئی ہے تاکہ انتخابی عمل کی شفاف تکمیل کو یقینی بنایا جائے ۔

About The Author