نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے چین اور برطانیہ کی یونیورسٹیوں کے ساتھ معاہدے

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کی رجسٹرار، بی بی یاسمین نے کہا کہ بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے مابین تعلیمی معاہدے عالمی معیار کی ترقی کے لئے سنگ میل ثابت ہونگے۔

چین کی جیانگسو یونیورسٹی ہر سال اوپن یونیورسٹی کے 5 فیکلٹی ممبرز کوپی ایچ ڈی کے لئے سکالرشپس فراہم کرے گی، مشترکہ ڈگری پروگرامز بھی پیش ہونگے
اوپن یونیورسٹی نے فیکلٹی ڈیولپمنٹ کے لئے برطانیہ کی لیسٹر یونیورسٹی کے ساتھ بھی معاہدہ کیا

اسلام آباد:علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے چین کی جیانگسو یونیورسٹی اور لیسٹر یونیورسٹی برطانیہ کے ساتھ فیکلٹی ممبرز اور پی ایچ ڈی / ایم ایس سی سطح کے طلباء و طالبات کو سکالرشپس فراہم کرنے،اُن کی پروفیشنل ڈیولپمنٹ اور جائنٹ ڈگری پروگرام شروع کرانے کے لئے معاہدوں پر دستخطوں کی تقریب کا انعقاد کیا۔تقریب میں چین کی جیانگسو یونیورسٹی اور لیسٹر یونیورسٹی برطانیہ نے ویڈیو کانفرنسنگ سسٹم کے تحت آن لائن شرکت کی۔چین کی یونیورسٹی کے ساتھ معاہدے پر جیانگسو یونیورسٹی کے صدر، ڈاکٹر یان ژاؤونگ(Dr. Yan Xiaohong)جبکہ اوپن یونیورسٹی کی جانب سے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے دستخط کئے۔

 دوسرے معاہدے پر لیسٹر یونیورسٹی برطانیہ کے وائس چانسلر، پروفیسر نشان کینگراج(Prof. Nishan Canagarajah)اور اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے دستخط کئے۔چین کی جیانگسو یونیورسٹی کے ساتھ دو معاہدے ہوئے،پہلے معاہدے میں فیکلٹی ممبرز کی پروفیشنل ڈیولپمنٹ کے لئے بیلٹ اینڈ روڈ جس کے تحت ہر سال اوپن یونیورسٹی کے5فیکلٹی ممبرز کو پی ایچ ڈی کے لئے سکالرشپس فراہم کئے جائیں گے جس میں ٹیوشن فیس اور رہائشی اخراجات شامل ہونگے۔دوسرے معاہدے کے تحت دونوں جامعات4سالہ جائنٹ ڈگری پروگرامز شروع کرائینگے جس کے تحت پاکستانی طلبہ دو سال چین کی جیانگسو یونیورسٹی اور دو سال پاکستان کی اوپن یونیورسٹی میں پڑھیں گے، طلبہ چین کی یونیورسٹی کو انکی اور پاکستان کی اوپن یونیورسٹی کو انکی فیس دینگے۔ لیسٹر یونیورسٹی برطانیہ 30 ایم ایس سی، پی ایچ ڈی اور پوسٹ ڈاکٹوریٹ سکالرشپس فراہم کرے گی جس میں 50%اوپن یونیورسٹی کے طلبہ جبکہ 50فیصد دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ کا کوٹہ مختص ہوگا۔

لیسٹر یونیورسٹی کے ساتھ معاہدے کے مطابق اوپن یونیورسٹی کے اکیڈمیاں، انتظامی و مالی مینجمنٹ اور دیگرسینئر مینجمنٹ کے لئے پروفیشنل ڈیولپمنٹ کے کورسسز بھی منعقد ہونگے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی بین الاقوامی طلبہ کو بھی تعلیم فراہم کررہی ہے۔ ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ چین کی جیانگسو یونیورسٹی سے ہمارے فیکلٹی ممبرز پی ایچ ڈی کرانے کے بعدپاکستانی طلبہ کو عالمی معیار کے مطابق درس و تدریس دے سکیں گے۔انہوں نے فیکلٹی ایکسچینج پروگرام کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ فیکلٹی ایکسچینج پروگرام سے دونوں یونیورسٹیوں کی تعلیمی و تحقیق سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔لیسٹر یونیورسٹی کے ساتھ معاہدے پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب میں وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے جائنٹ ڈگری پروگرام شروع کرانے کی تجویز دی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کی رجسٹرار، بی بی یاسمین نے کہا کہ بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے مابین تعلیمی معاہدے عالمی معیار کی ترقی کے لئے سنگ میل ثابت ہونگے۔

About The Author