نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

21اپریل۔ علامہ اقبال کا یوم وفات||ظہور دھریجہ

اسی طرح 13 مارچ 1928ء کے میجر شمس الدین کے نام علامہ اقبال نے لکھا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ نواب آف بہاولپور کو قانونی مشیر کی ضرورت ہے تو اس کیلئے میں حاضر ہوں ۔

ظہور دھریجہ 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ کے تذکرے سے پہلے یہ عرض کرنا چاہتا ہوں کہ ملک کی موجودہ صورتحال پر پوری قوم تشویش اور اضطراب میں مبتلا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے اپنے خطاب میں کہاکہ حکومت اور تحریک لبیک یا رسول اللہ کا نقطہ نظر ایک ہے صرف طریقہ کار کافرق ہے ۔ اگرواقعی اس قدر ہم آہنگی ہے تو طریقہ کار کو بھی مکالموں کے ذریعے طے کیا جا سکتا تھا۔
عجب بات ہے کہ تحریک کو کالعدم قرار دینے کے بعد اُس سے مذاکرات ہوئے ،کیا یہ کام پہلے نہیں ہو سکتا تھا ؟ہم بات کریں گے اُس شخص کے حوالے سے جس نے پاکستان کا خواب دیکھا تھا تو معاف کیجئے آج ملک میں جس انتہا پسندی ،عدم برداشت اور دہشت گردی کا دور دورہ ہے ، علامہ اقبال نے اس کا خو اب نہیں دیکھا تھا۔ علامہ اقبال انسان دوست تھے۔
ان کی تاریخ پیدائش 9 نومبر 1877ء سے لے کر تاریخ وفات 21اپریل 1938ء تک اُن کی پوری زندگی انسان دوستی اور خیر خواہی سے عبارت ہے۔بلاشبہ علامہ اقبال ایک شخص نہیں ایک عہد کا نام ہے ۔ آپ کی شخصیت کے مختلف حوالوں پر بہت کام ہوا ہے ، سینکڑوں کتب مارکیٹ میںآ چکی ہیں ، البتہ سرائیکی وسیب کا پہلو تشنہ ہے ۔ اسی کمی کو پورا کرنے کیلئے ’’ علامہ اقبال اور سرائیکی وسیب ‘‘ کے عنوان سے میں نے سرائیکی میں کتاب لکھی ، جسے بہت پذیرائی حاصل ہوئی ، میں نے لکھا کہ اپنے وقت کے دو عظیم شعراء خواجہ فرید (1845-1901) اور علامہ اقبال (1877-1938) کے درمیان ملاقات کا کہیں تذکرہ موجود نہیں لیکن علامہ اقبال کے صاحبزادے ڈاکٹر جاوید اقبال 1990ء کے عشرے میں کوٹ مٹھن تشریف لے گئے اور دربار فرید پر حاضری دی ۔ اس موقع پر انہوں نے فرمایا کہ آخری عمر میں میرے والد کے سرہانے خواجہ فرید کا دیوان ہوتا اور وہ دیوان پڑھتے اور خواجہ فرید کی کافیاں پڑھتے ہوئے ان کی آنکھوں سے آنسو رواں ہو جاتے ۔ ایک مرتبہ صوفی غلام مصطفی تبسم نے ذکر کیا کہ علامہ اقبال خواجہ فرید کی شاعری کو بہت پسند کرتے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ وہ چاچڑاں جیسے ایک دور افتادہ علاقے میں محدود ہو کر رہ گئے ۔
یہ بھی حقیقت ہے کہ علامہ اقبال اور نواب آف بہاول پور کی تعلیمی حوالے سے سوچ مشترک تھی ‘ دونوں زعماء طلبہ کی اعلیٰ تعلیم کے آرزو مند تھے ‘ ریاست بہاول پور کی طرف سے جہاں علی گڑھ سمیت دوسرے تعلیمی اداروں کی مالی مدد کی جاتی وہاں علامہ اقبالؒ نواب آف بہاول پور سے لاہور کے علمی ادارے ’’انجمن حمایت اسلام‘‘کیلئے فنڈز حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ لاہور کے دیگر اداروں کی اعانت کی طرف بھی توجہ مبذول کراتے رہتے تھے چنانچہ ریاست بہاول پور کے فرمانروا سر صادق محمد خان عباسی اس وقت جبکہ ریاست میں چار آنے سیر چھوٹا گوشت ملتا تھا ‘ لاہور کے تعلیمی اداروں کو کتنی مقدار میں سالانہ مالی امداد دیتے تھے ؟
اس کا جواب اس تفصیل سے سامنے آتا ہے کہ کنگ ایڈورڈ ایجوکیشن فنڈ ایک لاکھ پچاس ہزار ‘ اسلامیہ کالج لاہور تیس ہزار ‘ انجمن حمایت اسلام و انجمن حمایت اسلامیہ ایک لاکھ سات ہزار ‘ ایچی سن کالج و پنجاب یونیورسٹی چودہ ہزار ‘ انجمن ہلال احمر و ایس ایس پی ایسوسی ایشن چودہ ہزار اور پنجاب مینٹل ہسپتال پانچ ہزار سالانہ ملتے تھے۔ سالانہ گرانٹ کے علاوہ پنجاب یونیورسٹی کا سینٹ بلاک ‘ کنگ ایڈورڈ کالج کا آدھا حصہ (جسے آج بھی بہاول پور حصہ کہا جاتا ہے)‘ ایچی سن کالج لاہور کی شاندار توسیع بھی نواب آف بہاول پور نے کرائی ‘ یہ سب کچھ نواب آف بہاول پور اور علامہ اقبال کی مشترکہ سوچ اور دوستی کا نتیجہ تھا مگر قیام پاکستان کے بعد محکمہ تعلیم پنجاب کی کسی نصابی کتاب میں نواب آف بہاول پور کا ذکر نہیں ‘
حکمرانوں نے لوٹ مار کے ریکارڈ توڑ دئیے ۔میں نے تاریخی حوالے سے لکھا کہ وسیب کی مردم خیز دھرتی عیسیٰ خیل سے تعلق رکھنے والے معروف شاعر جگن ناتھ آزاد ، ملتان کے علامہ عنایت اللہ مشرقی اور سید عطا اللہ شاہ بخاری ؒ سے بھی آپ کے گہرے مراسم تھے ۔ ڈیرہ غازی خان سے بھی تعلق تھا ، ایک مرتبہ مولوی صالح محمد کو ایک خط میں علامہ اقبال نے لکھا ’’ جس قوم میں سلیمان تونسوی ، شاہ فضل الرحمن گنج مراد آبادی اور خواجہ فرید چاچڑاں والے پیدا ہو سکتے ہیں تو سمجھ لیجئے کہ یہ علاقہ روحانیت سے خالی نہیں ۔ ‘‘ ایک تاریخی واقعہ یہ ہے کہ علامہ اقبال اور مولانا حسین احمد مدنی کے درمیان علمی تنازعہ پیدا ہوا ۔ علامہ اقبال مسلمانوں کیلئے قوم کا لفظ استعمال کرتے تھے جبکہ مولانا حسین احمد مدنی کا موقف تھا کہ قومیں ادیان سے نہیں اوطان سے بنتی ہیں ۔
اس مباحثے نے خاصی طوالت اختیار کی تو اس سلسلے میں ملتان کے علامہ نسیم طالوت نے مصالحانہ کردار ادا کر کے اس تنازعے کو ختم کرایا۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ قیام پاکستان سے پہلے اور قیام پاکستان کے بعد جس شخصیت نے اقبالیات پر سب سے زیادہ کام کیا اور درجنوں کتابیں تصنیف کیں ، اس کا نام جگن ناتھ آزاد ہے اور وہ 5 دسمبر 1918ء کو مردم خیز خطے عیسیٰ خیل ضلع میانوالی میں پیدا ہوئے ۔ علامہ اقبال نے 5 مئی 1929ء کو نواب آف بہاولپور کے مشیر میجر شمس الدین کو خط لکھا کہ میں شکر گزار ہوں مجھے آپ کا بھیجا ہوا الاؤنس برابر مل رہا ہے۔
اسی طرح 13 مارچ 1928ء کے میجر شمس الدین کے نام علامہ اقبال نے لکھا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ نواب آف بہاولپور کو قانونی مشیر کی ضرورت ہے تو اس کیلئے میں حاضر ہوں ۔ علامہ اقبال کو ریاست بہاولپور سے بہت محبت تھی ‘ انہوں نے ریاست کی شان میں طویل نظم لکھی ‘ جو کہ نواب آف بہاولپور کی جشن تاج پوشی کے موقع پر پڑھی گئی ، نظم کا ایک شعر اس طرح ہے : زندہ ہیں تیرے دم سے عرب کی روائتیں اے تاجدار سطوتِ اسلام زندہ باد

 

 

یہ بھی پڑھیں:

ایک تاریخ ایک تہذیب:چولستان ۔۔۔ظہور دھریجہ

ذوالفقار علی بھٹو کا بیٹی کے نام خط ۔۔۔ظہور دھریجہ

سندھ پولیس کے ہاتھوں 5 افراد کی ہلاکت۔۔۔ظہور دھریجہ

ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ۔۔۔ظہور دھریجہ

میرشیرباز خان مزاری اور رئیس عدیم کی وفات ۔۔۔ظہور دھریجہ

ظہور دھریجہ کے مزید کالم پڑھیں

About The Author